جسم کی کمزوری
خواب:میں نے خواب میں دیکھا کہ میں بالکل کمزور ہوگئی ہوں اور جس طرح تھک کر بیٹھتے ہیں، میں ایک دیوار کے سہارے تھک کر بیٹھ جاتی ہوں۔ میں اپنے ہاتھ پاﺅں کی طرف دیکھتی ہوں کہ میرے اعضاءمیں توطاقت ہی نہیں رہی، اب میں اپنا کام کیسے کروں گی؟ میرے سامنے کوئی چیز تھی جو اب مجھے یاد نہیں رہی اور میں سوچتی ہوں کہ میں اسے کیسے اٹھاﺅں کیونکہ میرے اعضاءمیں طاقت ہی نہیں رہی؟ اسی پریشانی میں میری آنکھ کھل گئی اور میں نے اپنے ہاتھ پاﺅں دیکھے کہ بالکل صحیح ہیں۔ مہربانی فرما کر اس خواب کی تعبیر بتادیں۔ (عالیہ بٹ ، اوکاڑہ)
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہے کہ اللہ نہ کرے، کوئی بیماری درپیش آسکتی ہے جس سے آپ کو اور آپ کے خاندان کو پریشانی ہوسکتی ہے۔ آپ پریشان نہ ہوں، اللہ تعالیٰ اپنی رحمت سے کرم فرمائیں گے۔ آپ ہر نماز کے بعد استغفار پڑھیں اور نماز پنجگانہ ادا کریں۔ بعد ازنماز عشاءاول تا آخرگیارہ گیارہ دفعہ درود شریف کے ساتھ 313 دفعہ یَاسَلاَمُ پڑھ کر دم کرلیا کریں۔ اس عمل کو 90 دن کریں گھر میں لوبان کی دھونی دیں۔ کسی غریب کو ایک وقت کا کھانا کھلا دیں۔
اونٹنی کا دودھ
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں صحرا میں جارہا ہوں اور بالکل اکیلا ہوں۔ مجھے پیاس لگ رہی ہے اور میں چلتا جارہا ہوں۔ پھر مجھے صحرا میں ایک کارواں نظر آتا ہے۔ ان کے ساتھ اونٹ اور بکریاں ہیں۔ وہ لوگ ایک جگہ رک کر کچھ پکارہے ہوتے ہیں۔ ان میں سے ایک آدمی مجھے پاس بلاتا ہے اور ایک پیالے میں اونٹنی کا دودھ دیتا ہے کہ اسے پی لو۔ میں دونوں ہاتھوں میں پیالہ پکڑ کر اونٹنی کا دودھ پی لیتا ہوں۔ اس کا ذائقہ اچھا تھا اور مجھے خواب ہی میں یہ احساس ہوتاہے کہ میں طاقتور ہوگیا ہوں۔ اس خواب کا کیا مطلب ہے؟ (محمد افضل ....ٹھٹھہ)
تعبیر: اچھا خواب ہے۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت سے آپ کے رزق میں اضا فہ ہوگا ۔ کام میں دل لگے گا اور اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے وسائل میں اضافہ ہوگا۔گھر میں سکون اور راحت ملے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے یَاشَکُورُ کا ورد بھی کیا کریں جب بھی اللہ آپ کے رزق میں اضا فہ کرے، شکرانے کے طور پر کسی مسکین کو کھانا کھلادیں۔
عمارت سے گرگیا
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کالج کی عمارت پر کھڑا سامنے دیکھ رہا ہوں۔ لڑکے کالج کی بلڈنگ کے اندر اور باہر آجارہے ہیں۔ میرے ساتھ میرا دوست بھی کھڑا ہے۔ میں دیکھتے دیکھتے آگے ہوتا ہوں تو میرا پاﺅں اچانک پھسلتا ہے اور میں کالج کی بلڈنگ سے نیچے گرجاتا ہوں۔ میرا دوست بہت چیختا اور مجھے بچانے کی کوشش کرتا ہے مگر میرا ہاتھ اس کے ہاتھ میں نہیں آتا۔ میں تیزی سے نیچے گرنے لگ جاتا ہوں اور میں خواب میں ہی چیختا ہوں۔ پھر خوف سے میری آنکھ کھل گئی۔ میں اس خوا ب کی وجہ سے پریشان ہوں۔ میرے لیے دعا بھی کردیں اور براہ مہربانی اس خواب کی تعبیربھی بتادیں۔ (رحیم ۔ ملتان )
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہے کہ اللہ نہ کرے مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ تعلیمی میدان میں کسی نقصان کا خطرہ ہے یا دوستوں یاعزیزوں میں عزت و وقار میں کمی آسکتی ہے۔ کالج میں کوئی مشکل پیش آسکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار کیا کریں۔ آپ کے لیے اسم اعظم کی روحانی محفل میں دعا کروا دی جائے گی۔ اپنی پڑھائی پر توجہ دیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حصولِ تعلیم پر بہت اصرار کیا ہے اس لیے خو ب دل لگا کر علم حاصل کریں۔
سرخ لباس کا تحفہ
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں کسی تقریب میں ہوتی ہوں۔ میری والدہ بھی میرے ساتھ ہیں۔ وہاں ایک خاتون بہت پروقار نظر آتی ہیں۔ میں انہیں نہیں جانتی مگر وہ مجھے جانتی ہیں۔ وہ دور سے میرے پاس آتی اور مجھے ایک گفٹ پیک دیتی ہیں۔ میں تحفہ لے کر بہت خوش ہوتی ہوں۔ اس ڈبے کو کھول کر دیکھتی ہوں تو اس کے اندر سے ایک سرخ جوڑا نکلتا ہے۔ میں اسے اپنے ساتھ لگا کر دیکھتی ہوں۔ میری والدہ بھی مجھے دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہیں اور ہم اپنے گھر آجاتے ہیں۔ اس کے بعدمیری آنکھ کھل گئی۔
(رضوانہ ....کوئٹہ)
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو کوئی خوشخبری عطا فرمائیں گے کوئی دلی مراد پوری ہوگی۔ گھر میں امن و سکون ملے گا۔ اللہ تعالیٰ رزق میں برکت عطا فرمائیں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ کا ورد کریں۔ رات کو سوتے وقت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پاک کا مطالعہ کریں اور اخلاق مبارک کو توجہ سے پڑھیں۔ حسبِ استطاعت اللہ کی راہ میں صدقہ دیں۔
سرمیں جوئیں
خوا ب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے گھر کے صحن میں کھڑی بال بنارہی ہوں اور میرے بالوں میں دو جوئیں ہیں۔ مجھے صرف یہ احساس ہوتاہے۔ میں زور زور سے کنگھی کرتی ہوں مگر وہ جوئیں نہیں نکلتیں۔ پھر میری بہن آتی اور میرے ہا تھ سے کنگھا لے کر میرے سر میں کنگھا کرتی ہے وہ دونوں جوئیںاپنے ناخن پر رکھ کر دوسرے ناخن سے مار دیتی ہے اور مجھے سکون کا احساس ہوتاہے ساتھ ہی میری آنکھ کھل گئی۔ (ریحانہ ۔ رحیم یار خان)
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے آپ کی صحت خراب رہے گی جس کی وجہ سے پریشانی اور خوف ہوسکتا ہے۔ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ کسی کام میں رکاوٹ پیدا ہوجائے۔ وسائل اور آمدن میں کمی کیوجہ سے قرض زیادہ ہوسکتا ہے۔ آپ نمازِ پنجگانہ ادا کریں اور ہرنماز کے بعد کثرت سے استغفار کریں۔ رات کو بعدازنمازِ عشاءکثرت سے درود شریف پڑھا کریں اور کچھ صدقہ وخیرات بھی کریں۔ اگر ہوسکے تو کسی غریب کو کھانا کھلا دیں۔
شاہین کی آمد
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے پا س کہیں سے ایک شاہین آتا ہے۔ اس کی آنکھوں میں ایک عجیب سی چمک ہوتی ہے۔ اس کی طرف دیکھنے پر عجیب سا احساس ہوتاہے۔ میں ایک ٹکٹکی باندھ کر اسے دیکھتا رہتا ہوں۔ براہ مہربانی اس خواب کی تعبیر بتادیں۔ (گل خان سوات)
تعبیر: ما شاءاللہ اچھا خواب ہے۔ اللہ تعالیٰ اپنی رحمت سے آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ فرمائیں گے۔ وقار میں اضافہ ہوگا۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کر یں۔ ہروقت وضو بغیر وضو یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ کا ورد کریں اور حسبِ استطاعت صدقہ کریں۔
Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 366
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں