حضرت محمد بن واسع کہتے ہیں کہ میں مکہ مکرمہ میں حاضر ہوا تو دیکھا کہ حضرت سالم بن عبداللہ کے بھائی اپنے دادا حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد نقل کررہے تھے کہ جو کوئی بازار میں داخل ہوکر چوتھا کلمہ پڑھتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کیلئے دس لاکھ نیکیاں لکھتے ہیں اور دس لاکھ برائیاں مٹا دیتے ہیں اور دس لاکھ درجے بلند فرماتے ہیں۔ تسبیحات کا بیان: فقیہ رحمة اللہ اپنی سند کے ساتھ حضرت ابوہریرہ سے حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد نقل کرتے ہیںکہ دو کلمے ایسے ہیں جو زبان پر بہت ہی ہلکے اور میزان میں بہت ہی بھاری ہیں اور رحمن کو بہت ہی پسند ہیں وہ یہ ہیں سبحان اللہ وبحمدہ سبحان اللہ العظیم۔ حضرت معاذ بن جبل سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ تین چیزیں دنیا میں اجنبی ہیں۔ 1۔ قرآن ظالم کے سینے میں ۔ 2۔ نیک آدمی برے لوگوں میں۔ 3۔ قرآن پاک کا نسخہ ایسے گھر میںجہاں اس کی تلاوت نہ ہوتی ہو۔
قرآن کا حق
امام ابوحنیفہ رحمة اللہ علیہ کا قول ہے کہ جو شخص سال میں دو مرتبہ قرآن پڑھ لے تو اس نے قرآن کا حق ادا کردیا کیونکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم ہر سال جبرائیل علیہ السلام کو ایک دفعہ قرآن سناتے تھے لیکن وصال والے سال میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو دو دفعہ قرآن مجید سنایا۔
بدترین لوگ
حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے کسی نے پوچھا کہ بدترین لوگ کون ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا عالم لوگ جب کہ وہ بگڑ جائیں اور مشہور ہے کہ جب عالم بگڑتا ہے تو اس کے بگڑنے سے ایک عالم (جہان) بگڑ جاتا ہے۔
چار مصیبتیں
ابویحییٰ وراق فرماتے ہیں مصائب چار ہیں۔ 1۔ تکبیر اولیٰ کا فوت ہونا۔ 2۔ مجلس ذکر کا فوت ہونا۔ 3۔ دشمن کے مقابلہ کا فوت ہونا۔4۔ وقوف عرفات کا فوت ہونا یعنی جبکہ حج کیلئے نکلا ہو۔
ایک دانا کا قول
کسی دانا کا قول ہے کہ عقلمند کو کسی ایسے شہر میں پڑائو نہیں کرنا چاہیے جہاں پانچ چیزیں نہ ہوں‘ ایک بااختیار بادشاہ‘ دوسرے عادل قاضی تیسرے کامیاب بازار‘ چوتھے جاری رہنے والی نہر‘ پانچویں دانا طبیب۔حضرت علی رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ سورہ انعام جس مریض پر پڑھی جائے تو اللہ تعالیٰ اس کو شفاءدیتے ہیں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں