ذی الحجہ اسلامی سال کا بارہواں مہینہ ہے۔ حضور نبی کریم علیہ الصلوٰة والسلام نے فرمایا کہ تمام مہینوں کا سردار رمضان المبارک کا مہینہ ہے اور تمام مہینوں میں حرمت والا مہینہ ذی الحجہ ہے۔
وظائف
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی کریم علیہ الصلوٰة والسلام نے ارشاد فرمایا کہ وقوف عرفہ میں اس دعا سے افضل اور کوئی قول یا عمل نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ اس دعا کو پڑھنے والے کی طرف توجہ فرماتا ہے۔ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور نبی کریم علیہ الصلوٰة والسلام عرفات میں قبلہ رو ہو کر دعا مانگنے والے کی طرح دونوں دستِ مبارک پھیلا کر تین مرتبہ لبیک فرماتے‘ پھر ایک سو مرتبہ یہ فرماتے‘ لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحدَہ لَا شَرِیکَ لَہ لَہُ المُلکُ وَلَہُ الحَمدُ یُحی وَ یُمِیتُ بِیَدِہِ الخَیرُ وَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَی ئٍ قَدِیر ۔ پھر ایک سو مرتبہ یہ (مبارک کلمات ارشاد) فرماتے۔
لَا حَولَ وَلَا قُوَّةَ اِلَّا بِاللّٰہِ العَلِیِّ العَظِیمِ اَشہَدُ اَنَّ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ شَی ئٍ قَدِیر وَ اَنَّ اللّٰہَ قَد اَحَاطَ بِکُلِّ شَی ئٍ عِلمًا ۔ اس کے بعد تین مرتبہ یہ فرماتے اِ نَّ اللّٰہَ ھُوَ السَّمِیعُ العَلِیمُ ۔ پھر تین مرتبہ سورہ فاتحہ پڑھتے۔ ہر مرتبہ سورہ فاتحہ بسم اللہ الرحمن الرحیم سے شروع فرماتے اور آمین پر ختم کرتے اس کے بعد پھر ایک سومرتبہ سورہ اخلاص پڑھتے۔ پھر ایک مرتبہ یہ پڑھتے۔ بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِ اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلَی النَّبِیِّ الاُمِّیِّ وَ رَحمَةُ اللّٰہِ وَ بَرَکَاتَہ۔ اس کے بعد آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم جو چاہتے دعا فرماتے۔ حضور نبی کریم علیہ الصلوٰة والسلام ارشاد فرماتے ہیں کہ جو شخص اس طرح دعا کرتا ہے فرشتوں سے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے‘ میرے بندہ کو دیکھو اس نے میرے گھر کی طرف رُخ کیا ۔ میری بزرگی بیان کی‘ تسبیح و تہلیل میں مشغول ہوا اور جو سورة مجھے سب سے زیادہ محبوب تھی وہی پڑھی اور میرے رسول پر درُود بھیجا۔ میں تم کو گواہ بناتا ہوں کہ میں نے اس کے عمل کو قبول کیا اس کے اجر کو واجب کر دیا ‘ اس کے گناہ بخش دیئے اور اس نے جو کچھ مانگا میں نے اس کی سفارش قبول کی۔( غنیتہ الطالبین)
عید الاضحی کی شب
جو کوئی عید الاضحی کی شب چار رکعت نفل نماز اس طرح سے پڑھے کہ ہر رکعت کے بعد ستر مرتبہ درُودِ پاک پڑھے تو اللہ تعالیٰ اس کے گناہوں کی معافی عطا فرمائے گا۔ جو کوئی عید الاضحی کے دن نمازِ عشاءکے بعد دس رکعت نفل نماز دو دو رکعت کر کے اس طرح سے پڑھے کہ ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد دس مرتبہ سورہ والضحیٰ اور تین مرتبہ سورہ اخلاص پڑھے اور نماز سے فارغ ہونے کے بعد ایک سو مرتبہ استغفار اور ایک سو مرتبہ درُودِ پاک پڑھے تو انشاءاللہ تعالیٰ ثوابِ عظیم حاصل ہو۔جو کوئی عیدالضحیٰ کی شب بارہ رکعت نفل نماز دو دو رکعت کر کے اس طرح سے پڑھے کہ ہر مرتبہ پہلی رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد ایک مرتبہ آیة الکرسی اور دوسری رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد تین مرتبہ سورہ اخلاص پڑھے۔ سلام کے بعد ایک مرتبہ سُبحَانَ اللّٰہِ وَالحَمدُ لِلّٰہ پڑھے پھر دس مرتبہ سورہ اخلاص ‘ ایک مرتبہ سورہ الناس پڑھے تو انشاءاللہ اس کو دس شہیدوں کا ثواب عطا ہوگا اور اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے اسے جنت الفردوس میں جگہ عنایت فرمائے گا۔ عید الاضحی کے دن:۔ جو کوئی عید الاضحی کے دن نماز عید کی ادائیگی کے بعد دو رکعت نفل نماز اس طرح سے پڑھے کہ ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد پانچ پانچ مرتبہ سورة الشمس پڑھے تو بفضلِ باری تعالیٰ اس کو حج کا ثواب عطا ہو گا۔ جو کوئی عید الاضحی کی نماز کے بعد چار رکعت نفل نماز اس طرح سے پڑھے کہ پہلی رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد سورہ اعلیٰ ایک مرتبہ پڑھے‘ دوسری رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد ایک مرتبہ سورہ والشمس ‘ تیسری رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد ایک مرتبہ سورہ والضحیٰ اور چوتھی رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد ایک مرتبہ سورہ اخلاص پڑھے۔ نماز پڑھنے کے بعد اللہ تعالیٰ سے دعا مانگے تو پروردگار عالم اس کے گناہوں کی معافی فرمائے گا۔ پھر جب عید گاہ سے نماز پڑھ کر گھر میں آئے تو دو رکعت نفل نماز پڑھے ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد تین تین مرتبہ سورہ الکوثر پڑھے اگر مفلس ہے تو انشاءاللہ تعالیٰ قربانی کرنے کا ثواب حاصل ہو گا۔عید الاضحی کے دن جو کوئی ظہر کی نماز کے بعد بارہ رکعت نفل نماز دو دو رکعت کر کے اس طرح سے پڑھے کہ ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد ایک مرتبہ آیة الکرسی ‘ گیارہ گیارہ مرتبہ سورہ اخلاص ‘ گیارہ گیارہ مرتبہ سورہ الفلق اور گیارہ گیارہ مرتبہ سورہ والناس پڑھے۔ نماز سے فارغ ہونے کے بعد گیارہ مرتبہ درُودِ پاک پڑھے اور پھر اللہ تعالیٰ سے دعا مانگے تو بفضل باری تعالیٰ اس کو قیامت کے دن آسانی ہو گی۔ اللہ تعالیٰ گناہوں کو معاف فرما دیگا اور نامہ اعمال میں نیکیاں لکھ دے گا۔
Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 535
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں