قرآن کی دو آیتیں
:حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے دو آیتیں جنت کے خزائن میں سے نازل فرمائی ہیں جس کو تمام مخلوق کی پیدائش سے دو ہزار سال پہلے خود رحمن نے اپنے ہاتھ سے لکھ دیا تھا۔ جو شخص ان کو عشاءکی نماز کے بعد پڑھ لے تو وہ اس کیلئے قیام اللیل یعنی تہجد کے قائم مقام ہوجاتی ہیںاورمستدرک حاکم اور بیہقی کی روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے سورہ بقرہ کو ان دو آیتوں پر ختم فرمایا ہے جو مجھے اس خزانہ خاص سے عطا فرمائی ہیں جو عرش کے نیچے ہیں اس لیے تم خاص طور پر ان آیتوں کو سیکھو اور اپنی عورتوں اور بچوں کو سکھائو۔
اسی لیے حضرت فاروق اعظم اور علی المرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے فرمایا کہ ہمارا خیال یہ ہے کہ کوئی آدمی جس کو کچھ بھی عقل ہو وہ سورہ بقر کی ان دونوں آیتوں کو پڑھے بغیر نہ سوئے گا۔ وہ دو آیتیں سورة البقرہ کی آخری دو آیتیں ہیں۔ (معارف القرآن)
بے دین کو دیندار بنانے کا ایک عجیب فاروقی نسخہ
ابن کثیر نے ابن ابی حاتم کی سند سے نقل کیا ہے کہ اہل شام میں سے ایک بڑا بارعب قوی آدمی تھا اور فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس آیا کرتا تھا‘ کچھ عرصہ تک وہ نہ آیا تو فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے لوگوں سے اس کا حال پوچھا۔ لوگوں نے کہا کہ امیرالمومنین اس کا حال نہ پوچھئے وہ تو شراب میں مست رہنے لگا۔ فاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے اپنے منشی کو بلایا اور کہا یہ خط لکھو:”منجانب عمر بن خطاب بنام فلاں بن فلاں۔ سلام علیک اس کے بعد میں تمہارے لیے اس اللہ کی حمد پیش کرتا ہوں جس کے سوا کوئی معبود نہیں‘ گناہوں کو معاف کرنے والا توبہ قبول کرنے والا‘ سخت عذاب والا‘ بڑی قدرت والا ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں‘ اُسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔“
پھر حاضرین مجلس سے کہا کہ سب مل کر اس کیلئے دعا کرو کہ اللہ تعالیٰ اس کے قلب کو پھیردے اور اس کی توبہ قبول فرمائے۔ فاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے جس قاصد کے ہاتھ یہ خط بھیجا تھا اس کو ہدایت کردی تھی کہ یہ خط اس کو اس وقت تک نہ دے جب تک وہ نشہ سے ہوش میں نہ آئے اور کسی دوسرے کے حوالے نہ کرے۔
جب اس کے پاس حضرت فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کا یہ خط پہنچا اور اس نے پڑھا تو بار بار ان کلمات کو پڑھتا اور غور کرتا رہا کہ اس میں مجھے سزا سے ڈرایا بھی گیا اور معاف کرنے کا وعدہ بھی کیا ہے پھر رونے لگا اور شراب نوشی سے باز آگیا اور ایسی توبہ کی کہ پھر اس کے پاس نہ گیا۔حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کو جب اس اثر کی خبر ملی تو لوگوں سے فرمایا کہ ایسے معاملات میں تم سب کو ایسا ہی کرنا چاہیے کہ جب کوئی بھائی کسی لغزش میں مبتلا ہوجائے تو اس کو درستی پر لانے کی فکر کرو اور اس کو اللہ کی رحمت کا بھروسہ دلاو اور اللہ سے اس کیلئے دعا کرو کہ وہ توبہ کرلے اور تم اس کے مقابلے میں شیطان کے مددگار نہ بنو یعنی اس کو برا بھلا کہہ کر یا غصہ دلا کر دین سے دور کر دوگے تو یہ شیطان کی مدد ہوگی۔ (معارف القرآن)
صالح بیوی
ایک حدیث میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو عورت اپنے شوہر کی تابعدار و مطیع ہو اس کیلئے پرندے ہوا میں استغفار کرتے ہیں اور مچھلیاں دریا میں استغفار کرتی ہیں اور فرشتے آسمانوں میں استغفار کرتے ہیں اور درندے جنگلوں میں استغفار کرتے ہیں۔(معارف القرآن)
جب تک باوضو رہوگے فرشتے نیکیاں لکھتے رہیں گے
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا اے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ جب تم وضو کرو تو بسم اللہ والحمدللہکہہ لیا کرو (اس کا اثر یہ ہوگا کہ) جب تک تمہارا یہ وضو باقی رہے گا اس وقت تک تمہارے محافظ فرشتے (یعنی کتابیں اعمال) تمہارے لیے برابر نیکیاں لکھتے رہیں گے۔ (معارف الحدیث)
Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 550
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں