Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔ --

قارئین کی خصوصی اورآزمودہ تحریریں

ماہنامہ عبقری - جون 2012

گردے کی پتھری کا لاجواب نسخہ
(حکیم مہتاب حسین دہلوی‘ نوشہرہ)
قارئین کرام السلام علیکم! نہایت آداب کے بعد گزارش ہے کہ گردے کی پتھری کا ایک لاجواب نسخہ حاضر خدمت ہے امید ہے آپ اسے پسند فرمائیں گے اور مستفید بھی ہوں گے۔ نسخہ حاضر خدمت ہے:۔ھوالشافی: نمک پوست خربوزہ 5 تولہ‘ نمک حنظل (تمہ) 5تولہ‘ نمک مولی 5تولہ‘ جوکھار 5تولہ‘ قلمی شورہ 5تولہ‘ نوشادر 5تولہ‘ ریوند چینی 5تولہ‘ سنگ سرماہی 5تولہ‘ دال کلتھی5تولہ‘ تمام کوٹنے پیسنے والی ادویہ کو کوٹ کر کپڑچھان کرلیں اور خوب اچھی طرح ملالیں اور شیشے کے جار میں بند کرکے محفوظ کرلیں کہ ہوا کی نمی جار میں داخل نہ ہو۔طریقہ استعمال: تین ماشے دوا 2تولہ جوراش زرعونی میں لپیٹ کر کھالیں۔ اوپر سے کچی لسی تقریباً تین پاؤ پی لیں یہ عمل آپ صبح ناشتے کے ایک گھنٹہ بعد اور شام 4بجے کریں۔ پیشاب کھل کر سفید رنگ کا تیزی سے آئے گا اور اس میں پتھری کے ذرات بھی نکلنے شروع ہوجائیں گے۔
نمک پوست خربوزہ: خربوزے کے دس کلو سوکھے ہوئے چھلکوں کو جلالیں کہ سفید راکھ بن جائے اس راکھ کو 10 کلو پانی ایک ٹین میں ڈال کر راکھ ڈال دیں اور دن میں تین چار بار پانی کو ہلا دیا کریں چوتھے دن صاف نتھرے ہوئے پانی کو ایک برتن میں ڈال کر آگ پر خشک کرلیں نیچے نمک برآمد ہوگا اسے کھرچ کر محفوظ کرلیں اور استعمال میں لائیں۔
نمک حنظل: تازہ تموں کو لے کر سیب کا جوس نکالنے والی جوسر میں سے تموں کا پانی نکالیں یہ تقریباً دس کلو کے قریب ہو۔ یہ پانی ایک برتن میں ڈال کر آگ پر رکھیں جب تمام پانی خشک ہوجائے تو نیچے نمک حنظل برآمد ہوگا اسے کسی تیزدھار آلے سے کھرچ لیں یہی نمک حنظل ہے۔
نمک مولی: نمک مولی بھی نمک حنظل کی طرح حاصل کریں۔
یہ تقریباً ایک مریض کو 21دن تک کروائیں سات دن کے بعد پیشاب سفید شیشے کی بوتل میں کریں اور ایک گھنٹہ کے بعد ملاحظہ کریں اسی طرح یہ عمل دن میں تین دفعہ کریں آپ کو پتھری کے ذرات نظر آنا شروع ہوجائیں گے۔
میرے آزمودہ نسخے
(صوبیدار(ر)اللہ بخش‘ جھنگ)
پاؤں کے تلوے میں موہری کا شرطیہ علاج
میری پوتی کے پاؤں کے تلوے میں انگوٹھے کے نیچے موہری نکل آئی وہ چلنے پھرنے سے رہ گئی کیونکہ موہری کے باعث درد ہوتا تھا‘ ڈاکٹروں سے رجوع کیا تو انہوں نے ’’دل روز‘‘ لگانے کیلئے دی مگر فائدہ نہ ہوا پھر ہم نے ڈاکٹر سرجن سے رجوع کیا تو سرجن نے ڈوفلم (DUO FILM) دوائی دی کہ اس کو پاؤں کے متاثرہ حصہ پر صبح و شام لگاؤ اور ساتھ یہ بھی کہا کہ اگر اس سے ٹھیک نہ ہوا تو پھر آپریشن کرنا پڑیگا۔ بہرحال ہم نے میڈیکل سٹور سے دوائی لی جو کہ آئرلینڈ کی بنی ہوئی تھی۔ الحمدللہ! ایک ہفتہ لگانے سے اس کے پاؤں کی موہری ختم ہوگئی تقریباً چار ماہ گزرنے کے بعد میرے اپنے دائیں پاؤں کے پنجے میں انگلیوں کے قریب نکل آئی مجھے چلتے وقت درد ہوتا اور اگر نماز پڑھتے ہوئے پنجوں کے بل جب کھڑا ہوتا تو سخت درد ہوتا میںنے یہی دوائی استعمال کرنا شروع کردی اور ساتھ ہی دو موہکے گردن پر تھے ان پر بھی لگاتا رہا کسی نے کہا کہ موہکے پر گھوڑی کے بال سے گانٹھ دو توکٹ جائیگی مگر میں نے موہری پر اور ان دو موہکوں پر بھی صبح و شام لگانا شروع کردیا الحمدللہ! موہری بھی ختم ہوگئی اور موہکے بھی ختم ہوگئے اور ان کا نشان تک نہ رہا‘ دوائی کا نام ہے ڈوفلم (DUO FILM)میڈیکل سٹور سے مل جاتی ہے۔
چہرہ یا جسم کے کسی حصہ پر پھنسی دانوں کا نکلنا: ناریل کا تیل 50گرام‘ سٹیپٹو مائی سین پاؤڈر کی شیشی 6عدد۔ مندرجہ بالا دونوں چیزوں کو ملا کر اچھی طرح مکس کرکے شیشی کو دھوپ میں رکھیں سارا دن شیشی دھوپ میں پڑی رہے سایہ نہ آنے پائے ایسی جگہ رکھیں جہاں سارا دن دھوپ لگے‘ عصر کے وقت اٹھا کر رکھ لیں دوائی تیار ہے کوئی پھنسی نکلنے لگے یہ تیل لگاتے رہیں وہ وہیں ختم ہوجائے گی حتیٰ کہ اگر گڑھ نکل آئے جسکو پنجابی میں وال تروڑ کہتے ہیں اس پر لگانے سے اس کی ٹکیہ تحلیل ہوجاتی ہے یہ مجرب آزمودہ ذاتی عمل ہے۔
پاؤں کی ایڑی کا پھٹ جانا
ویزلین سفید بڑی شیشی ایک عدد‘ ایوی آن کیپسول دس عدد‘ ڈسپرین سادہ دو گولی۔ ڈسپرین کو پیس کر سفوف بنالیں اس کے بعد ویزلین میں ڈسپرین کا سفوف اور کیپسول 10عدد ڈال کر اچھی طرح مکس کریں‘ لیجئے دوائی تیار ہے۔ ترکیب استعمال: رات کو سوتے وقت پاؤں کو گرم پانی سے دھوکر تولیہ وغیرہ سے خشک کرلیں اب متاثرہ جگہ پر ویزلین لگائیں اور جراب پہن لیں تاکہ کپڑے خراب نہ ہوں چند دن لگانے سے آپ کے پاؤں صاف ستھرے ہوجائیں گے اور ایڑی پھٹ جانے کے باعث جو خون نکلتا تھا وہ نہیں نکلے گا پاؤں صاف اور ملائم ہوجائیں گے۔
میرا ذاتی آزمودہ دانتوں کا منجن
اگر آپ کے دانتوں سے خون آتا ہے‘ مسوڑھے سوج گئے ہوں‘ دانت ہلتے ہوں تو آپ مندرجہ ذیل نسخہ تیار کرکے صبح و شام دانتوں پر انگلی یا برش سے لگائیں انشاء اللہ تعالیٰ دانتوں سے خون آنا بند ہوجائیگا اور مسوڑھوں کو فائدہ ہوگا اور ہلتے دانت مضبوط ہوں گے۔ یہ میرا ذاتی آزمودہ ہے اور عرصہ پندرہ سال سے استعمال کررہا ہوں اور کئی لوگوں کو بتلایا جنہوں نے اس سے فائدہ حاصل کیا۔
پھٹکڑی سفید 100گرام‘ سمندر جھاگ 100گرام
پھٹکڑی کو توے پر کھل کرلیں اور سمندر جھاگ سے سخت تہہ کو چاقو سے کھرچ کر سفید مادہ اکٹھا کرکے دونوں کو الگ الگ پیس کر سفوف بنائیں پھر دونوں کو ملائیں منجن تیار ہے۔ حسب ضرورت استعمال کریں اگر زیادہ تکلیف ہو تو ہر نماز کے وقت وضو کرتے وقت منجن استعمال کریں جب سکون ملے تو جب چاہیں دن میں صبح کو استعمال کریں سستا اور لاجواب منجن ہے۔
ننانوے نام پڑھنے سے دیدار رسول ﷺ
(پرنسپل (ر)غلام قادرہراج‘ جھنگ)
میں 1963ء سے اللہ تعالیٰ اور حضور نبی کریم ﷺ کے ننانوے نام روزانہ پڑھ رہا ہوں اور آج تک کبھی ناغہ نہیں ہوا ہے اور ساتھ یہ پڑھا تھا کہ جو کوئی رسول کریم ﷺ کے ننانوے نام روزانہ پڑھے گا تو اس کو زیارت رسول ﷺ ہوگی تو یہ بھی کئی مرتبہ ہوچکا ہے۔
ایک واقعہ لکھتا ہوں میں ان دنوں گورنمنٹ کالج سمندری میں اسلامیات کا لیکچرار تھا میں اور میرے ایک ساتھی پروفیسر نذر حسین صبح کالج شروع ہونے سے پہلے درس قرآن دیتے تھے‘ ایک دن میری باری تھی میں ڈاڑھی کے عنوان پر بولا‘ درس کے بعد ایک پروفیسر مجھے لیبارٹری میں لے گیا اور میری بہت بے عزتی کی‘ کہنے لگا کہ ڈاڑھی رکھنا ثواب ہے اور نہ رکھنا کوئی گناہ نہیں‘ تم نے ایسی باتیں کیوں کیں؟ میں بار بار کہتا رہا کہ میں نے اپنے پاس سے کچھ نہیں کہا جو کچھ بڑوں‘ بزرگوں سے سنا تھا وہی بیان کیا ہے۔ وہ میری بات نہ مانے اور بہت بے عزتی کی۔ میں وہاں سے بوجھل کیفیت کے ساتھ ہوسٹل چلا آیا۔ میں بار بار کہنے لگا کہ اے اللہ میں نے بات تو سچی کہی ہے میری بے عزتی کیوں کی گئی‘ ایک عجیب سی کیفیت طاری ہوگئی‘ پہلی رات‘ دوسری رات اور پھر تیسری رات بھی یہی کیفیت تھی کہ خواب میں دیکھتا ہوں رسول کریم ﷺ نے مجھے سینہ مبارک سے لگایا ہوا ہے اور میرے آنسو جاری ہیں اور دل میں یہ بات ہے کہ جس ہستی کیلئے یہ کائنات بنائی گئی ہے انہوں نے مجھے سینے سے لگایا ہوا ہے اس سے بڑھ کر میری خوش قسمتی اور کیا ہوسکتی ہے پھر میرے دل میں یہ بات آئی کہ جن لوگوں نے اللہ کی راہ میں جانیں قربان کی ہیں ان کا مقام کتنا اونچا ہوگا میرے تو صرف اتنا کرنے پر اتنا بڑا انعام تو جنہوں نے اپنا گھر بار چھوڑا بال بچے اور ہجرت کی ہے ان کا مقام کیا ہوگا؟
میں فیصل آباد میں لیکچرار تھا چھٹی پر گھر گیا تو اپنے حجام کے گھر گیا‘ اس کا بیٹا دوسری جماعت میں پڑھتا تھا۔ مجھے کہنے لگا کہ دیکھیںتو میرا بیٹا پڑھائی میں کیسا ہے؟ میں نے کہا کتاب لے آؤ‘ وہ کتاب لایا تو اس میں حضرت عمر رضی اللہ عنہٗ کے دور میں دودھ میں پانی ملانے والا قصہ لکھا تھا اور ساتھ صحابیات رضی اللہ عنہم اجمعین کی فرضی تصاویر بنی ہوئی تھیں۔ میرے ذہن میں یہ بات آئی کہ قیامت کے روز حضرت عمر رضی اللہ عنہٗ سوال کریں گے کہ تم لوگوں نے میری بہو کی فرضی تصویر کیوں بنائی؟ جواب دینے والوں میں میں بھی شامل ہوں کیونکہ مجھے پتہ تو چل گیا ہے یہ فکر مجھے لگ گئی‘ مختلف جگہوںپر خط لکھتا رہا کبھی پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کو کبھی ریڈیو پاکستان پر ان دنوں نظام دین کا پروگرام آتا تھا۔ کبھی کہیں‘ کبھی کہیں… خط لکھتا رہا لیکن مسئلہ حل نہ ہوا۔ ایک رات میں سویا تو میں نے خواب میں دیکھا کہ مجھےمدینہ منورہ لیجایا گیا‘ پھر روضہ رسول ﷺ پر حاضری ہوئی‘ پھر میرے لیے دروازہ کھلا اور اندر جانے کاموقع ملا‘ میں نے دیکھا کہ اندر تین قبریں ہیں۔ پھر رسول کریم ﷺ کی قبرمبارک کھلی میں چہرہ مبارک نہ دیکھ پایا مجھ پر بہت زیادہ ہیبت طاری تھی۔
 حضور ﷺ نے اپنے ساتھ والی قبر والوں سے اسی موضوع پر کچھ فرمایا میں سمجھ نہیں سکا۔ البتہ دل میں یہ بات بٹھا دی گئی کہ اس کا ذکرایک دیندار ایم پی اے سے کرو۔ میں نے ان کو خط لکھا۔ میری ان سے واقفیت نہیں تھی اس لیے پہلے قسم کھائی کہ یہ آپ کے نام پیغام ہے اور بالکل سچ ہے۔ اب آگے جیسا مناسب سمجھیں وہ کریں۔ چند دن بعد میں ان کے پاس  بھی گیا‘ انہوں نے اسمبلی میں یہ مسئلہ اٹھایا اور سیکرٹری تعلیم یا چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ کو بلایا گیا‘ انہوں نے دیکھا اور معذرت کی اور کہا کہ اگلے سال سے یہ تصویر نہیں چھپے گی اورواقعی ہی اگلے سال اس جگہ روضہ رسول ﷺ کی تصویر تھی۔  ایک دفعہ ان دیندار ایم پی اے سے میری ملاقات ہوئی میں نے انہیں بتایا کہ میں وہی ہوں جس نے آپ کو خط لکھا تھا‘ انہوں نے مجھے سینے سے لگایا اور ماتھا چوما مجھے اپنے پاس آنے کی دعوت دی۔ میں اس وقت تو نہ جاسکا ان کی وفات کے بعد گیا‘ فاتحہ پڑھی۔ کچی قبر تھی ان کی ایک عام سے قبرستان میں۔مجھے یقین ہے کہ مجھے یہ سعادت صرف اسمائے حسنہ اور اسمائے محمدﷺ پڑھنے کی برکت کی وجہ سے نصیب ہوئی ہے۔
استقبال رمضان المبارک
(مولانا حسین احمد اعوان)
رمضان نہایت عظمت اور برکت والا مہینہ ہے۔ یہ مہینہ اپنے چلو میں رحمتیں اور مغفرتیں لیے نازل ہوتا ہے۔ اس انتیس یا تیس دن کے مہمان کی مہمان نوازی سے اللہ تبارک وتعالیٰ کی رضا نصیب ہوتی ہے۔ اپنے بندوں کو رزق دینے والا رب العلمین اپنے بندوں سے یہ امتحان لینا چاہتا ہے کہ سارا سال میری نعمتیں کھانے والے کیا صرف تیس دن میرے لیے ان کو چھوڑ بھی سکتے ہیں یا نہیں ؟چونکہ اس کا تعلق براہ راست اللہ تعالیٰ سے ہوتا ہے اس لیے امتحان لینے والا ہی جانتا ہے کہ وہ امتحان میں کامیاب ہوا ہے یا نہیں۔ اس لیے اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں کہ روزہ میرے لیے ہے اور اس کی جزا میں خود دیتا ہوں۔قرآن مجید میں مختلف مقامات پر ارشاد ہے کہ جو بھی میری رضا کیلئے اچھے کام کرے گا اسے جنت ملے گی مگر روزہ وہ عبادت ہے کہ جس کے کرنے سے جنت والا ملتا ہے۔پہلی امتوں میں سے بھی روزے ہر امت پر فرض کیے گئے تھے مگر اس کی صورت ہمارے روزوں سے مختلف تھی۔ کتابوں میں آتا ہے کہ حضرت آدم علیہ السلام ہمیشہ روزہ دار رہتے تھے اور حضرت داؤد علیہ السلام ایک دن چھوڑ کر دوسرے دن روزہ رکھتے تھے۔
روزہ کی قسمیں1:۔ عوام کا روزہ۔ 2۔ خواص کا روزہ۔ 3۔ اخص الخواص کا روزہ۔عوام کا روزہ یہ ہے کہ صبح پوپھٹنے سے لیکر سورج کے غروب ہونے تک کھانے پینے سے پرہیز کریں۔ خواص کا روزہ یہ ہے کہ تمام دن یادالٰہی میں ان کی زبان مشغول رہے اور اخص الخواص کا روزہ یہ ہے کہ روزے کی حالت میں غیرخدا کا خیال بھی نہ آئے۔ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ روزہ دار کو دو خوشیاں نصیب ہوتی ہیں۔ ایک اپنے رب سے ملاقات کے وقت اور دوسری افطار کے وقت…حضور سرور کائنات ﷺ ارشاد فرماتے ہیں کہ رمضان المبارک وہ عظمت والا مہینہ ہے کہ جس کی ابتدا میں رحمت‘ درمیان میں مغفرت اور آخری عشرہ میں دوزخ سے نجات ہے۔ احادیث کی کتابوں بخاری‘ مسلم‘ ترمذی اور ابن ماجہ میں ہے کہ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص بغیر شرعی عذر رمضان المبارک کا ایک روزہ بھی ترک کرے گا تو ساری عمر کا روزہ رکھنا بھی اس کا متبادل نہیں بن سکتا۔
حضرت سلمان رضی اللہ عنہٗ فرماتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے شعبان کی آخری تاریخ میں ہم لوگوں کو وعظ فرمایا کہ تمہارے پاس ایک مہینہ آرہا ہے جو بہت بڑا اور مبارک مہینہ ہے۔ اس میں ایک رات ہے شب قدر جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس کے روزہ کو فرض فرمایا اور اس رات کے قیام یعنی تراویح کو ثواب کی چیز بنایا۔ جو شخص اس مہینہ میں کسی نیکی کے ساتھ اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرے۔ ایسا ہے جیسا کہ غیررمضان میں اس نے فرض ادا کیا ہو۔ یہ مہینہ صبر کا ہے اور صبر کا بدلہ جنت ہے۔اس مہینہ میں مومن کا رزق بڑھا دیا جاتا ہے جو شخص کسی روزہ دار کا روزہ افطار کرائے‘ یہ اس کیلئے گناہوں کی معافی اور آگ سے خلاصی کا باعث ہوگا مگر اس روزہ دار کے ثواب سے کچھ کم نہیں کیا جائے گا۔
رمضان المبارک کا مہینہ ہر سال ہمیں دعوت اصلاح بھی دیتا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھالنے کیلئے اپنی تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔  افسوس کہ ہمارے ملک میں بعض مفاد پرست‘ ذخیرہ اندوز اور لالچی عناصر رمضان المبارک میں عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کیلئے مصنوعی مہنگائی پیدا کردیتے ہیں اور روزہ داروں کو ناقص اشیاء مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں کیا ان لوگوں نے یہ نہیں سوچا کہ یہ دنیا صرف چند روزہ ہے اصل زندگی آخرت کی باقی رہ جانے والی زندگی ہے۔ دنیا کی دولت اور سرمایہ یہیں رہ جائے گا جبکہ نیک اعمال‘ خدمت دین کیلئے کوششیں اور انسانیت کی خدمت کا صلہ ہی ساتھ جائے گا۔

Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 944 reviews.