بچوں کا ذہن تیزی سے ترقی کرتا ہے‘ اس لیے وہ ہر قسم کے سوالات کرتے ہیں۔ والدین کا فرض ہے کہ وہ ٹھنڈے مزاج سے بچوں کے سوالات کے جوابات دیں اور ان کو سمجھائیں۔ نہ غصے ہوں‘ نہ جھنجھلائیں اور نہ ہی جھڑکیں۔
پروفیسر سید محمد سلیم
بچے گھر کی رونق: حضور نبی کریمﷺ نے ننھے منے بچوں کو جنت کے پھولوں سے تشبیہ دی ہے‘ جس طرح پھولوں کو دیکھ کر ہر آدمی خوش ہوتا ہے اسی طرح ننھے بچوں کو دیکھ کر ہر آدمی کا دل باغ باغ ہوجاتا ہے۔والدین کو اپنی اولاد سے بے اندازہ محبت ہوتی ہے اور اولاد کو دیکھ کرماں باپ کا جی خوشی سے پھولا نہیں سماتا۔ بچے والدین کیلئے سکون و راحت کا سبب ہوتے ہیں جب کام دھندے سے تھکا ہارا باپ گھر میں داخل ہوتا ہے اور چھوٹا بچہ اس کی ٹانگوں سے لپٹ جاتا ہے اور وہ اس کو اٹھا کر سینے سے چمٹا لیتا ہے اس وقت اس کی ساری کلفتیں اور ساری کوفت دور ہوجاتی ہے۔ خوشی اور مسرت کی ایک لہر اس کے سارے جسم میں دوڑ جاتی ہے اور مسرت و شادمانی سے اس کا خشک چہرہ کھلکھلا اٹھتا ہے۔
بچے آزمائش ہیں: اسلام کی تعلیمات کے مطابق اولاد محض سکون وراحت کا ہی ذریعہ نہیں ہیں بلکہ فی الحقیقت والدین کے پاس اللہ تعالیٰ کی طرف سے امانت ہیں جس طرح مال و دولت اور ہزار ہا نعمتیں اللہ تعالیٰ کی امانتیں ہیں اسی طرح اولاد بھی اللہ تعالیٰ کی امانتیں ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان امانتوں کے ذریعے انسان خلیفۃ اللہ کے حسن عمل اور حسن کارکردگی کا امتحان لینا چاہتا ہے۔ اگر کوئی شخص مال و دولت کو عیاشیوں اور فضول خرچیوں میں اڑا دیتا ہے تو وہ دنیا میں بھی بدنامی مول لیتا ہے اور آخرت میں بھی ناکامی کا منہ دیکھتا ہے۔ عذاب دوزخ کا مستحق قرار پاتا ہے۔ اولاد دے کر والدین کی آزمائش مقصود ہے کہ آیا والدین ان کی بہترین تعلیم وتربیت کرتے ہیں‘ بہترین زیور اخلاق و آداب سے ان کو اراستہ و پیراستہ کرتے ہیں یا نہیں۔ دنیا میں اولاد کے ذریعے اپنے لیے نیک نامی کماتے ہیں یا لاپرواہی برت کر ان کو بگاڑ دیتے ہیں اور اپنے لیے بدنامی چھوڑ جاتے ہیں۔ اولاد کو تعلیم یافتہ‘ بااخلاق‘ مہذب اور شائستہ اطوار بنا کرمعاشرے میں خیرخواہی اور صالح افراد کا اضافہ کرکے جاتے ہیں یا بدکردار اور فساد انگیز افراد کا اضافہ کرکے جاتے ہیں۔
بچہ ماں کی گود میں آنکھ کھولتا ہے آغاز ہی میں بچے کی ساری احتیاجات ماں کی ذات سے وابستہ ہوتی ہیں‘ زندگی خداوند تعالیٰ نے دی ہے مگر بچے کو پروان ماں چڑھاتی ہے۔ بات صرف اتنی سی نہیں ہے کہ ماں گندگی صاف کرتی ہے‘ دودھ پلاتی ہے‘ ماں کے سینے سے چمٹ کر بچہ دودھ پیتا ہے اور محبت کی سینک حاصل کرتا ہے‘ ماں اپنا دودھ پلا کر بچے کی نشوونما کا ذریعہ بنتی ہے۔ وہ محبت ایثار کے جذبات بھی اس دودھ کے ساتھ بچہ کے اندر انڈیل دیتی ہے۔ اس طرح اس کی ذہنی اور اخلاقی نشوونما بھی کرتی ہے۔ پھوہڑ سے پھوہڑ ماں اعلیٰ تعلیم یافتہ نرسوں سے کہیں افضل ہوتی ہے۔ ماں گھنٹوں اپنے گم صم بچے کے ساتھ بچگانہ لہجے میں بات کرتی رہتی ہے۔ وہ بچے کو اپنی آوازیں سناتی رہتی ہے۔ ان کو سن سن کر بچے کے کان ان آوازوں سے مانوس ہوجاتے ہیں۔ پھر وہ بھی ان آوازوں کی نقل کرنا شروع کردیتا ہے اور خود بھی بولنا شروع کردیتا ہے۔
ماحول سے اثر پذیری: والدین اور گھر کے افراد کی زبانی اور شعوری تعلیم سے زیادہ بچہ گھر کے افراد کی خاموش تلقین سے بہت زیادہ متاثر ہوتا ہے۔ گھر کے حالات سے اور گھر والوں کے معاملات سے وہ بڑی حد تک متاثر ہوتا ہے۔ بعض علمائے نفسیات نے بچے کے کردار پر ماحول کے اثرات کا جائزہ لیا ہے۔ ان کی تحقیقات کا خلاصہ یہ ہے کہ گھروں کا ماحول مختلف نوعیت کا ہوتا ہے۔
۔1۔ اگر بچہ محبت اور ہمدردی کے ماحول میں رہتا ہے تو وہ محبت اور ہمدردی سیکھتا ہے۔ 2۔ اگر بچہ تعریف کے ماحول میں رہتا ہے تو وہ قابل تعریف بننے کی کوشش کرتا ہے۔3۔ اگر بچہ ہمت افزائی کے ماحول میں رہتا تو وہ خود اعتمادی سیکھتا ہے۔4۔اگر بچہ تحفظ کے ماحول میں رہتا ہے تو وہ دوسروں پر بھروسہ کرنا سیکھتا ہے۔ 5۔ اگر بچہ تحمل مزاجی کے ماحول میں رہتا ہے تو وہ صبرو بردباری سیکھتا ہے۔ 6۔ اگر بچہ بے جا تعریف کے ماحول میں رہتا ہے تو وہ خودپسند اور مغرور بن جاتا ہے۔ 7۔ اگر بچے کی ہر خواہش پوری کی جاتی ہے تو وہ ضدی بن جاتا ہے۔ 8۔ اگر بچہ تنہائی کے ماحول میں رہتا ہے تو وہ اخوت ورفاقت سے ناآشنا رہتا ہے۔ 9۔ اگر گھر کی اشیاء بچے سے چھپا کر رکھی جاتی ہیں تو بچہ میں چوری کی عادت پیدا ہوجاتی ہے۔ 10۔ اگر بچہ کو ہروقت روک ٹوک اور گرفت ہوتی رہتی ہے تو بچہ ڈرا ہوا اور سہما سہما رہتا ہے۔ 11۔ اگر بچہ معاندانہ ماحول میں رہتا ہے تو بچہ لڑنا‘ جھگڑنا سیکھتا ہے۔ 12۔ اگر بچہ شرم دلانے اور تذلیل کے ماحول میں رہتا ہے تو بے حد شرمیلا بن جاتا ہے۔ 13۔ اگر ماں باپ کی باہمی لڑائی جھگڑے کے درمیان بچہ پرورش پاتا ہے تو اس کی ذہنی اور اخلاقی تربیت میں نقص رہ جاتا ہے۔ 14۔ اگر بچہ یتیمی کی حالت میں پرورش پاتا ہے تو خود اعتمادی پیدا کرکے محنت و مشقت کرتا ہے۔ یا بے سہارا محسوس کرکے آوارہ بن جاتا ہے۔
بچوں کی تعلیم وتربیت: والدہ کا فرض ہے کہ بچوں کو صاف ستھرا اور پاک رکھیں جب وہ بالکل چھوٹے ہوں تو خود ان کی صفائی کرے‘ اس میں ہرگز کسل مندی اور سستی کا مظاہرہ نہ کرے اور جب وہ بڑے ہوجائیں تو ان کے اندر پاکی اور صفائی کا احساس پیدا کرنا‘ ان کو صاف ستھرا رہنے کا حکم دینا چاہیے۔ صبح اُٹھتے ہی وہ کلمہ طیبہ پڑھیں‘پھر وہ صفائی کریں‘ منہ ہاتھ دھوئیں‘ کپڑوں کی صفائی کاخاص طور پر ان کے اندر احساس پیدا کرنا ‘ نماز فجر‘ قرآن پاک یا سپارہ پڑھیں اور بزرگوں کو سلام کریں۔ ‘ دانت صاف کرنے کی عادت ڈالنا‘ جسمانی طہارت ذہنی پاکیزگی کے لیے راستہ ہموار کرتی ہے۔ ان کو آداب اور سلیقہ سکھانا چاہیے۔ کھانا کھانے کے آداب‘ صاف اور صحیح زبان بولنے کی عادت ڈالنا‘ مہذب اور شائستہ زبان بولنے کی ہمت افزائی کرنا چاہیے۔
بچوں کا ذہن تیزی سے ترقی کرتا ہے‘ اس لیے وہ ہر قسم کے سوالات کرتے ہیں۔ والدین کا فرض ہے کہ وہ ٹھنڈے مزاج سے بچوں کے سوالات کے جوابات دیں اور ان کو سمجھائیں۔ نہ غصے ہوں‘ نہ جھنجھلائیں اور نہ ہی جھڑکیں۔ جب تک والدین تحمل اور بردبار نہ ہوں وہ بچوں کی اچھے طریقے سے تربیت نہیں کرسکتے۔ والدہ کو خاص طور پر بچے کے اندر ذہنی کیفیت سمجھنے کی کوشش کرنا چاہیے۔ مزید براں والدہ کو ہر بچے کا مزاج سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ایک گھر کے بچے بھی مزاجی کیفیات میں ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں۔ اس لیے سب کو ایک لاٹھی سے ہانکنا صحیح نہیں ہے۔ مزاج فہمی کے بعد والدین بچوں کی تربیت بہتر طریقے سے پر کرسکتے ہیں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں