ہر ماہ توحید و رسالت سے مزین مشہور عالم کتاب کشف المحجوب سبقاً حضرت حکیم صاحب مدظلہٗ پڑھاتے ہیں‘ قارئین کی کثیرتعداد اس محفل میں شرکت کرتی ہے۔ تقریباًدو گھنٹے کے اس درس کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔
شکر بہت بڑی نعمت ہے جس کو یہ نعمت مل گئی اس کو تمام بھلائیاں اور خوبیاں مل گئیں‘ قرآن و احادیث میں شکر کی بہت ہی اہمیت بیان فرمائی گئی ہے۔ چند مقامات کا انتخاب کرکے میں آپ کی خدمت میں پیش کرتا ہوں:۔آپ ﷺ نے فرمایا جس نے لوگوں کا شکر ادا نہیں کیا اس نے اللہ کا شکر ادا نہیں کیا۔ (ابوداؤد)آپ ﷺ نے فرمایا: جس نے کسی کے احسان کا تذکرہ کیا گویا اس نے شکر ادا کردیا۔ (مجمع الزوائد) آپ ﷺ نے فرمایا: جس نے کسی چیز سے نوازا اور اس نے اسی کا تذکرہ کیا تو گویا کہ اس نے اس کا شکر ادا کردیا۔ جس نے چھپایا گویا اس نے ناشکری کی۔ (ابوداؤد)حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے مروی ہے کہ نعمتیں شکر سے متعلق ہیں اور شکر سے زیادتی نعمت کا تعلق ہے‘ شکرو نعمت دونوں ایک ہی رسی سے بندھے ہیں۔ جب بندے سے شکر ختم ہوجاتا ہے تو نعمت کی زیادتی کا سلسلہ بھی منقطع ہوجاتا ہے۔ (ابی ابن دنیا) ۔آپ ﷺ نے فرمایا: جس شخص کو شکر ادا کرنے کی توفیق ہوگئی وہ کبھی نعمتوں میں برکت اور زیادتی سے محروم نہ رہے گا۔ (ابن مردویہ‘ مظہری)۔آپ ﷺ نے فرمایا: جس آدمی میں یہ تین باتیں ہوں گی اللہ پاک اسے اپنی حفاظت میںرکھے گا‘ اپنی نعمت سے اس پر ستاری فرمائے گا اور اسے اپنی محبت سے نوازے گا۔1۔ نوازا جائے تو شکر کرے۔ 2۔ قدرت پالے (انتقام پر) تو معاف کردے۔ 3۔ غصہ آجائے تو اسے ختم کردے (یعنی پی جائے) اس کے تقاضہ پر عمل نہ کرے۔ (ترغیب وترہیب) ۔ آپ ﷺ نے فرمایا: جس کو چار چیزیں مل گئیں ان کو دنیا و آخرت کی بھلائی نصیب ہوگئی۔ 1۔ شکر گزار دل۔ 2۔ذاکر زبان۔ 3۔ مصیبت پر صابر بدن۔ 4۔ ایسی بیوی جو نفس اور مال کی خیانت سے محفوظ ہو۔ (ابن ابی الدنیا) میرے شیخ حضرت خواجہ سید عبداللہ ہجویری رحمۃ اللہ علیہ سالکین کو شکر کی بہت ترغیب دیا کرتے تھے جب بھی کوئی شخص آپ کے پاس اپنی پریشان زندگی کادکھڑا لے کر آتا آپ اسے شکر کی تلقین فرماتے اسی لیے میں بھی اپنے تمام متعلقین سے ایک بات بار بار عرض کرتا ہوں کہ صبح ایک تسبیح یااللہ تیرا شکر ہے کی پڑھا کریں اور شام کو ایک تسبیح یااللہ تیرا احسان کی پڑھاکریں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں