بحیثیت مسلمان ہم جس بااخلا ق نبیﷺ کے پیرو کا ر ہیںانکا غیر مسلموں سے کیا مثالی سلوک تھا‘ آپ نے سابقہ اقساط میں پڑھا اب ان کے غلاموں کی روشن زندگی کو پڑھیں۔ سوچیں! فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے
حضرت فضیل بن عیاض رحمۃ اللہ علیہ شروع میں ڈاکو تھے اور راہ زنی کیا کرتے تھے۔ آنے والے قافلوں کو لوٹنا آپ کا عام معمول تھا۔ عشق الٰہی نے قلب میں آگ لگائی‘ غرباء نوازی نے کشش پیدا کی‘ شب کے وقت ایک قافلہ ادھر سے گزرا ایک شخص اونٹ کی پشت پر بیٹھا قرآن پاک پڑھتا جارہا تھا کہ یہ آیت تلاوت فرمائی
اَلَمْ یَاْنِ لِلَّذِیْنَ اٰمَنُوا اَنْ تَخْشَعَ قُلُوْبُہُمْ لِذِکْرِ اللہِ وَمَا نَزَلَ مِنَ الْحَقّ (الحدید 16)
یعنی کیا ابھی وہ وقت نہیں آیا کہ ایمانداروں کے قلوب اللہ کے ذکر سے لرزنے لگیں‘ یہ آیت سننی تھی کہ ایک بجلی سی آپ کے دل میں کوندگئی اور جگر میں پیوست ہوگئی‘ ایک چنگاڑی تھی جس نے جی و جاں میں آگ لگادی‘ آپ بے ساختہ یہ کہنے لگے آگیا آگیا اور اپنی تمام گزشتہ زندگی سے تائب ہوگئے‘ پھر آپ کو یہ فکر ہوئی کہ کتنے ہی لوگوں کامیں نے مال لوٹا ہے ان میں مسلمان بھی ہیں اور غیرمسلم بھی‘ یہودی بھی ہیں اور عیسائی بھی۔ نجانے کتنے مذاہب کے لوگ ہیں جو میری راہ زنی کا شکار بنے۔ آپ نے ایک ایک شخص کے بارے میں معلوم کیا‘ چاہے وہ عیسائی تھا‘ یہودی تھا‘ بدھ مت تھا‘ مجوسی تھا یا کسی بھی مذہب و فرقے کا تھا۔ آپ ایک ایک شخص کے پاس جاکر یاتو اس کی لوٹی ہوئی رقم واپس لوٹاتے یا اُس سے معاف کرواتے۔ انہی لوگوں میں ایک یہودی جونہایت سخت دل تھا وہ کسی بھی طرح اپنی رقم معاف کرنے پر راضی نہ ہوا پہلے تو اس نے ایک بڑے ٹیلے کو اٹھاکر پھینک دینے کی شرط لگائی جو ایک ہوائے غیبی سے راتوں رات فنا ہوگیا‘ لیکن اُس کے بعد بھی اس نے آپ کو معاف نہ کیا‘ آپ اس کی منت سماجت کرنے لگے اور راتوں رات آپ کو یہ فکر کھانے لگی کہ کس طرح میں اس یہودی سے اپنے حق کو معاف کرواؤں۔ پھر اُس نے کہا میرے سرہانے کی طرف زمین میںروپیوں کی تھیلی )رکھی ہے وہ زمین سے نکال کر مجھے دے دیجئے ۔ آپ نے اسی وقت تھیلی نکال کردی‘ وہ تھیلی دیکھتے ہی یہودی مسلمان ہوگیا اور بولا میں نے تورات میں دیکھا ہے جو شخص سچی توبہ کرتا ہے وہ اگر مٹی پر بھی ہاتھ ڈالے تو سونا ہوجاتا ہے‘ میں نے اسی آزمائش کیلئے ایک تھیلی مٹی سے بھر کر وہاں رکھی تھی اب مجھے علم ہوگیا ہے کہ آپ کی توبہ اور دین سچا ہے۔ (ماخوذ ازکتب الدینیہ)۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں