(یہ صفحہ خواتین کے روز مرہ خاندانی اور ذاتی مسائل کے لیے وقف ہے۔ خواتین اپنے روز مرہ کے مشاہدات اور تجربات ضرور تحریر کریں۔ نیز صاف صاف اور مکمل لکھیں چاہے، بے ربط ہی کیوں نہ لکھیں۔ )
سر میں خشکی
مسز صادق نذیر بہاولپور سے لکھتی ہیں: سر کے بالوں کیلئے آملے وغیرہ بھگونے میں قباحت محسوس ہوتی ہے۔ روزانہ کون بھگوئے اور کون سر دھوئے۔ ایسا نسخہ بتائیے جو آسانی سے بنا کررکھ لیا جائے اور اس سے سر دھو لیا جائے۔
دوسری بات یہ کہ میری بیٹی کے سر میں بے حد خشکی ہے جو بعض دفعہ تھوڑی سی نمی لیے ہوتی ہے۔ اس کیلئے کچھ بتائیے۔ چہرے کے بھورے تلوں کیلئے بھی مشورہ چاہیے۔
جواب: آپ آملے بھگو کر تین چار دن رکھ سکتی ہیں۔ خراب نہیں ہوں گے۔ آسان طریقہ یہ ہے کہ آپ کوٹ چھان کر چیزیں رکھ لیجئے۔ سر دھونے سے آدھ گھنٹہ قبل ایک بڑا چمچ آملے کا سفوف گرم پانی میں بھگو دیجئے اور پھر سر دھو لیجئے۔ خشکی کے چھلکے بڑے ہوتے ہیں یا نہیں اور یہ خشکی بالکل سفید اور گول قطروں کی طرح ہوتی ہے یا معمولی سی نمدار ہے۔ کھجانے سے پانی تو نہیں نکلتا؟ چہرے کے بھورے تل کس جگہ ہیں؟ اور یہ کب سے ہیں؟ پیدائشی تو نہیں؟ یہ ساری باتیں لکھیں‘ پھر آپ کو جواب دوں گا۔
بعض دفعہ چھائیاں منہ پر ہو جاتی ہیں۔ آپ کے چھائیاں تو نہیں؟ یہ بھی باریک باریک تلوں کی طرح اکثر نظر آتی ہیں۔ آپ کسی اچھی لیڈی ڈاکٹر کو دکھا کر مشورہ حاصل کیجئے۔ اندرونی خرابی کی وجہ سے بھی چھائیاں پڑتی ہیں۔ بھورے تل مدت سے ہوں تو پھر ختم نہیں ہوتے‘ قدرے کم ہو جاتے ہیں۔
مسوڑھے خراب / سر کے بال سفید ہیں
سوات سے ام شفیق لکھتی ہیں: ”آٹھ بچوں کی ماں ہوں۔ وجود بھاری بھر کم ہے۔ سینے میں ٹیسیں اٹھتی ہیں۔ مسوڑھے خراب ہیں۔ سر کے بال سفید ہیں۔ جوئیں پڑ جاتی ہیں۔ پنڈلیوں کے بال دور کرنے کیلئے نسخہ مانگا ہے۔
جواب: ام شفیق صاحبہ! آپ نے تفصیل سے اپنی کیفیت بیان نہیں کی۔ سینے میں درد کیوں ہوتا ہے۔ ٹھنڈ کا اثر ہے یا انفیکشن ہے؟ بعض دفعہ بچوں کو دودھ پلاتے وقت بھی یہ کیفیت ہوتی ہے آپ براہ کرم کسی ماہر لیڈی ڈاکٹر سے اچھی طرح معائنہ کرا کے علاج کرائیے۔ آپ کا جسم بھی بھاری ہے‘ اس لیے آپ کو فوری طور پر معائنہ کرانا چاہیے تاکہ جلد سے جلد یہ تکلیف ختم ہو۔
مسوڑھوں کی خرابی کیلئے آپ دانتوں کے ڈاکٹر سے مشورہ کیجئے۔ دن میں دوبار دانت صاف کرنے چاہئیں۔ نیم کے پتے ابال کر اس سے غرارے کیجئے۔ آپ گھریلو طور پر منجن بنا سکتی ہیں۔ اس میں کالی مرچ‘ نمک‘ بادام کے جلے ہوئے چھلکے‘ پھٹکڑی وغیرہ شامل ہوتی ہے۔ تھوڑا سا نمک اور سرسوں کا تیل ملا کر مسوڑھوں پر ملنے سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔ معدے کی خرابی سے دانتوں پر اثر پڑتا ہے۔ آپ بڑا گوشت پالک نہ کھائیں۔ کباب‘ تکے‘ نقصان دہ ہیں۔ اپنی غذا میں سبزیاں پھل اور شہد شامل کیجئے۔ سوات میں خالص شہد مل جاتا ہے اور خوبانی بھی میسر ہے۔ آپ کیلئے لیموں کا رس مفید ہے۔ دن میں دو لیموﺅں کا رس پانی میں نچوڑ لیجئے‘ یہ سوجے ہوئے مسوڑھوں کا بہترین علاج ہے۔ لیموں کے ذرا سے رس میں نمک ملا کر مسوڑھوں پر ملیں۔ اس سے ورم دور ہو گا۔ مسوڑھے مضبوط ہوں گے‘ خون بھی نہیں بہے گا۔
مسوڑھوں پر آپ شہد ملیں۔ اس میں تھوڑا سا نمک ملائیے۔ سر کے بالوں میں جوئیں ہوں تو نیم کے پتوں کو پکا کر اس سے روز سر دھوئیے اور باریک کنگھی سے جوئیں نکالیے۔
پنڈلیوں کے بال آپ ویکس سے دور کر سکتی ہیں۔ مشین سے بھی بال صاف ہو جاتے ہیں۔
آپ حیاتین ج زیادہ استعمال کیجئے آج کل گوبھی کا موسم ہے۔ آپ پھول گوبھی‘ ہری مرچ‘ شملہ مرچ‘ آلو مٹر استعمال کیا کیجئے۔ کھٹے پھلوں میں بھی یہ حیاتین ملے گا۔
اپنی صحت کا خیال رکھیے۔ صبح شام پیدل چلنے کی عادت ڈالیے۔ گھر کے صحن ہی میں آپ چہل قدمی کر سکتی ہیں۔ اس عمر میں آپ کا وزن بڑھنا نہیں چاہیے۔
نظر نہیں آتا
ایک پریشان بہن:چند ماہ سے میں یہ محسوس کر رہی ہوں کہ معمولی اندھیرے میں کچھ نظر نہیں آتا۔ کیا یہ شب کوری کی بیماری ہے؟ اس کا کوئی علاج گھریلو طور پر ہو سکتا ہے؟ میرے حالات ایسے ہیں کہ ڈاکٹر کے پاس جا نہیں سکتی۔ براہ کرم مشورہ دیں۔ میرے سسرال والے بڑے سخت ہیں۔ وہ ڈاکٹر کے پاس کبھی نہیں جانے دیتے۔ میں کیا کروں؟
جواب: رات کو نظر نہ آنا ایک تکلیف دہ مرض ہے۔ اندھیرے میں ہماری آنکھیں چند منٹ بعد دیکھنے کے قابل ہو جاتی ہیں۔ کسی کو پندرہ منٹ تک نظر نہ آئے تو اسے شب کوری کا مریض کہا جاتا ہے۔ آپ اپنے شوہر سے کہہ کر حیاتین الف بطور غذا یا دوا ضرور استعمال کریں۔ دوسری آسان بات یہ ہے کہ بکرے کی کلیجی منگائیں۔ اس کے ٹکڑے سیخ میںکوئلوں پر سینک کر کھائیے۔ اس پر نمک اور کالی مرچ بھی چھڑک لیجئے۔ اس کے ساتھ آپ لیموں‘ گاجر‘ بند گوبھی کی سلاد کھائیے۔ کچی گاجریں یا گاجر کاجوس استعمال کیجئے۔ گاجر گوشت‘ گاجر ٹماٹر‘ گاجر میتھی‘ گاجر پالک‘ گاجر قیمہ‘ آلو گاجر مٹر کی سبزی کھائیے۔ دن بھر میں آپ گاجر کے جوس کے دو گلاس پیجئے۔ اس سے آپ کو فائدہ ہو گا۔ چھوٹی مکھی کا شہد مل جائے تو اپنی آنکھوں میں رات کو لگائیے۔ روزانہ استعمال سے سے فائدہ ہو گا۔(انشاءاللہ)
بچہ ہکلاتا ہے
میرا بچہ آٹھ سال کا ہے اور بہت ہکلاتا ہے میں اس کی وجہ سے بہت پریشان ہوں۔ اس کے لیے کچھ بتائیے۔(م ،س کراچی )
جواب: بچے عام طور پر شروع میں ہکلاتے ہیں‘ بارہ سال کی عمر تک وہ اپنی اس خامی پر تھوڑا بہت قابو پالیتے ہیں۔ آپ کو چاہیے بچے پر خاص توجہ دیں۔ جب وہ بات کرے تو ہنسیں مت‘غور سے اس کی بات سنیں۔ اس کی بات نہ کاٹیں۔ جب وہ بات کرے تو اس کی طرف خصوصی دھیان دیجئے۔ وہ بات ختم کر چکے تو آپ اطمینان سے اس کا جواب بڑی آہستگی سے دیجئے۔ آپ کو چاہیے رات کو سونے سے پہلے کم از کم پانچ سات منٹ پیار کے ساتھ بچے سے بات کریں تاکہ اسے احساس ہو آپ اس سے بہت محبت کرتی ہیں اور پوری توجہ سے بات سنتی ہیں۔بچے کو چیک کرائیے‘ کہیں بچے کی زبان کے نیچے ”تانتوا“ تو نہیں۔ اسے کاٹنے سے بھی بچہ آزادی سے بول سکتا ہے۔ بچے کو قرآن پاک پڑھائیے۔ کسی قاری کو گھر پر بلا کر تعلیم دلائیے۔ قرآن پاک پڑھنے سے بھی بہت فرق پڑے گا۔ زبان صاف ہو جائے گی۔
Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 532
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں