عربی اور فارسی انناس
انگریزی Pineapple
اس کا رنگ باہر سے سرخ اور اندر سے زرد ہوتا ہے۔ اس کا ذائقہ شیریں ترشی مائل ہوتا ہے۔ اس کا مزاج سرد و تر درجہ دوم ہوتا ہے۔ اس کی مقدار خوراک دو تولہ سے پانچ تولہ تک ہوتی ہے۔ اس کے حسب ذیل فوائد ہیں۔
انناس کی خصوصیات
(1)انناس مفرح اور مقوی قلب ہوتا ہے۔ (2)جگر اور معدہ کو طاقت دیتا ہے۔ (3)انناس دیر ہضم ہوتا ہے۔ (4)گرم مزاج والوں کیلئے مفید ہوتا ہے اور پیشاب آور ہوتا ہے۔ (5)دافع خفقان ہوتا ہے۔ (6)صفرا کی گرمی کو تسکین دیتا ہے اور یرقان میں مفید ہے۔ (7)پختہ انناس میں وٹامن سی وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں کاربوہائیڈریٹس، وٹامن اے، کیلشیم اور پروٹین بھی پائے جاتے ہیں۔ اس کی غذائی طاقت اٹھاون کیلوری فی سو گرام ہے۔ (8)پیشاب آور ہے اور اسی وجہ سے گردہ و مثانہ کی پتھری کو خارج کرتا ہے۔ (9)لاغر اور سرد مزاج والوں کو قوت بخشتا ہے۔ (10)اس کے شیرے سے چاول پکائے جاتے ہیں جو بہت لذیذ ہوتے ہیں۔ (11)بند پیشاب کو جاری کرنے کیلئے انناس دو تولہ پانی میں رگڑ کر پلانا فوری فائدہ دیتا ہے۔ (12)شربت انناس بند حیض کو کھولتا ہے۔ (13)انناس پیاس بجھاتا ہے۔ (14)انناس کھانے سے دانت مضبوط ہوتے ہیں۔ (15)مصفی خون ہے۔ (16)بدہضمی دور کرنے کیلئے انناس کی دو پھانکوں پر نمک اور کالی مرچ چھڑک کر استعمال کرنا مفیدہوتا ہے۔ (17)گھبراہٹ دور کرتا ہے اور جسم کوموٹا کرتا ہے۔ (18)انناس بلغم بڑھاتا ہے۔ (19)انناس کے تازہ پھلوں کا رس نکال کر پینے سے خناق کا مرض دور ہو جاتا ہے، اگر گلا بند ہو تو اس کے پانی کو زبردستی منہ میں ڈال دینا چاہیے۔ (20)انناس پیچش اور مروڑ میں مفید ہوتا ہے۔ اس کے ٹکڑوں کو خالص شہد میں دو چار دن رکھ کر استعمال کیا جائے تو آنتوں کے سدے دور ہو جاتے ہیں۔ (21)گلے کے امراض میں انناس کو ہمراہ شربت توت سیاہ استعمال کرنا مفید ہوتا ہے۔ (22)بخار کی حالت میں انناس معدہ کی اصلاح کرتا ہے۔ (23)بچوں کی صحت و تندرستی کیلئے انناس کا کھانا زیادہ مفید ہے۔ (24)لیموں اور سکنجبین کے ہمراہ انناس کا استعمال یرقان کو بے حد مفید ہوتا ہے۔ (25)کچے انناس کا رس حاملہ عورتوں کیلئے نقصان دہ ہوتا ہے اس سے رحم سکڑ جاتا ہے اور پریشانی کا باعث ہوتا ہے۔ اس لیے حاملہ عورتوں کو ترش انناس بالکل استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ (26)انناس دل و دماغ کو طاقت دیتا ہے۔ (27)انناس کا شربت دل، دماغ، جگر اور معدہ کو طاقت دیتا ہے۔ اس کے بنانے کا طریقہ یہ ہے کہ انناس کا گودا ایک پائو، پانی تین پائو اور چینی تین پائو میں سب سے پہلے انناس کا گودا پانی میں پکائیں پھر چھان کر چینی ملا کر دوبارہ جوش دیں اور جب گاڑھا ہو جائے تو اتار لیں۔ بس شربت تیار ہے۔ (28)تازہ انناس کے پھل کا رس نکال کر پانچ تولے روزانہ استعمال کرنے سے حلق میں لٹکا ہوا گوشت کٹ جاتا ہے اور اسی طرح اس کا وقت پر استعمال حلق کی جملہ بیماریوں سے محفوظ ہوتا ہے۔ (29)شربت انناس دو تولے روزانہ پینے سے پیشاب کھل کر آتا ہے۔ (30)شربت انناس کو سونگھنے سے دماغ مضبوط ہوتاہے۔(31)اس کا رس پینے سے مسوڑھے مضبوط ہوتے ہیں اور مسوڑھوں کی دیگر بیماریاں درست ہوتی ہیں۔ (32)انناس کا رس گلاب اور مصری ملا کر رات شبنم میں رکھنا اور صبح نہار منہ پینا تپ ، درد سر صفراوی، گردے اور مثانے کی پتھری کو انتہائی مفید ہوتا ہے۔ (33)خراب خون کو درست کرتا ہے۔ (34)انناس کے پتوں کو رگڑ کر،چھان کر پلانے سے آنتوں کے کیڑے مر جاتے ہیں۔ (35) اسکے پتوں کے رس میں چینی ملا کر پلانے سے ہچکی بند ہو جاتی ہے۔ (36)خون حیض جو بے وقت بند ہو انناس کے پتوں کارگڑا ہوا پانی پلانے سے فوراً کھل جاتا ہے۔ (37)انناس کی جڑ کو رگڑ کر پلانے سے دکھتی آنکھیں ٹھیک ہوتی ہیں اور دستوں کو بھی مفید ہے۔(38)پیشاب کی جلن کو دور کرتا ہے، اس کیلئے پانچ تولہ انناس کا رس روزانہ پینا مفید ہوتا ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں