سبز و سفید سانپ
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اور میری بڑی بہن سکول کا کام کررہے ہیں ۔پھر میں ایک لمبا سفید رنگ کا سانپ نما جانور دیکھتی ہوں جو کہ ایک صفحے (ورق) پر کچھ لکھ رہا ہوتا ہے اور مسکراتا ہے (سانپ) کی شکل بالکل ایسی ہوتی ہے جیسی کارٹون میں ۔ میں بھی ہنس رہی ہوں خوش ہوتی ہوں۔ اچانک ایک سبز رنگ کا سانپ دیکھتی ہوں جو سفید سانپ کی طرف جارہا ہوتا ہے مجھے لگتا ہے کہ سبز سانپ اسے کاٹ کر مار دے گا میںاسے بچانے کیلئے ڈرتے ڈرتے سبز رنگ کے سانپ کو گردن سے مضبوطی سے پکڑ لیتی ہوں تو سبز سانپ اپنی زبان باہر نکال لیتا ہے وہ تار جیسی کالی رنگ کی اور سخت ہوتی ہے مجھے اس کی زبان ہلکی سی چبھتی ہوئی محسوس ہوتی ہے تو میں اپنی والدہ سے کہتی ہوں کہ وہ سانپ پکڑ لیں وہ میرے ہاتھ سے سبز سانپ لیتی ہیں۔ سفید سانپ بدستور مسکرا رہا ہوتا ہے۔(ع ا ج، لاہور)
تعبیر: آپ کے خاندن یابرادری میں دو افراد ہیں جو خفیہ طور پر آپ لوگوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ایک دشمن تو نہایت فاسق فاجر اور بددین، بددیانت معلوم ہوتا ہے جس کو سفید سانپ کی شکل میں دکھایا گیا ہے ۔ دوسرا دیندار اور امانت دار دشمن ہے جس کو سبز رنگ میں دکھایاگیا ہے بہر کیف آپ حسب توفیق صدقہ دے کر حفاظت و عافیت کی دعا کریں۔ (واللہ اعلم)
قابل اعتبار رشتہ
خواب: میں نے دیکھا کہ اس کی کپڑے کی دکان ہے اور وہ بھی ہمارے چچا کے گھر کے ساتھ وہ میری امی اور دادی کو چادر دکھانے آتا ہے ۔پتہ نہیں انہوں نے کیا کہا مگر جاتے وقت وہ چادر مجھے بھی دکھاتا ہے اور میں سوچ میں پڑ جاتی ہوں۔ امی آئیں تو میں نے پوچھا کہ وہ چادر آپ نے کیوں نہیں لی تو وہ کہتی ہیں کہ ہم نے چادر کی قیمت 110 روپے لگائی ہے مگر وہ 150 روپے مانگتا ہے جائو اسے کہو کہ وہ چادر 110روپے میں دیدے۔ مگر جب میں جاتی ہوں تو کچھ لڑکے میرا راستہ روکتے ہیں مگر میں پھر بھی چلی جاتی ہوں۔ جب میں اپنے چچا کے گھر جاتی ہوں تو وہ مکان بنا رہے ہوتے ہیں اور وہاں سے میری چچی بہت پست سی جگہ میں بیٹھی ہوتی ہے اور وہاں انہوں نے چولہا بھی رکھا ہوتا ہے اور میں ان سے سالن مانگتی ہوں اور وہ دے بھی دیتی ہیں مگر میں ابھی گھر نہیںآتی ہوں کہ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ (نعیمہ خان، پشاور)
تعبیر: آپ کا خواب اس اندازے سے قابل اعتبار ہے کہ اس جگہ رشتہ کرنے میں بظاہر کوئی حرج نہیں ہے اور یہاں رشتہ کرنے سے مالی آسودگی ملے گی اور آپ کی عزت و مرتبہ میں اضافہ ہو گا۔ واللہ اعلم
ملت و وطن کی خدمت
خواب: میں نے ایک جگہ بم رکھ دیا اور وہ چل گیا۔ پھر میں نے دوسرا بم رکھا تو میرے کزن کو پتہ چل گیا۔ میں گھر آگیا اس کے بعد پولیس آئی اور اس کے ساتھ کئی آدمی ہوتے ہیں جب وہ دروازہ کھولتے ہیں تو میں سامنے بیٹھا ہوتا ہوں۔ سب کہتے ہیں کہ یہ تو گلوکار ہے پھر وہاں سے میں فرار ہو جاتا ہوں اور آنکھ کھل جاتی ہے۔ (اسلام الدین، راولپنڈی)
تعبیر: آپ گلوکار بننے کا ارادہ ترک کردیں اور کسی نیک کام کرنے پر توجہ دیں جو خاص طور پر وطن کی خدمت سے تعلق رکھتا ہو ورنہ پریشانی لاحق ہو سکتی ہے۔
پڑوسی کا حق باقی ہے
خواب: میں نے دیکھا کہ ہمارے پڑوسی کا چھوٹا بھائی جس کی عمر تقریباً 33یا34 سال ہے کسی بات پر جو مجھے اب یاد نہیں ناراض ہوکر ہاتھ میں پستول لیے باہر محلے میں جہاں کہ میں تقریبا40 سال پہلے رہتا تھا، میرا پڑوسی مجھے مارنے کیلئے آمنے سامنے آتا ہے۔ میں بے خوف ہوں جبکہ میرے ہاتھ میں رائفل ہے۔ میں نے اس کے مقابلہ کیلئے اسے ختم کرنے کے ارادے سے اس پر فائر کردیا۔ گولی اس کے سر کے اوپر سے گزر جاتی ہے۔ میں پھر دوسرا فائر کرتا ہوں جو کہ اس کے سینے میں لگتا ہے اور وہ مر جاتا ہے۔ محلے کے تمام لوگ اور عورتیں گھر میں اور پڑوسی (اس کے گھر) میں جمع ہوتے ہیں۔ میں مطمئن ہوں کہ پولیس مجھے پکڑ کر بھی لے جائے تو کوئی بات نہیں کیونکہ میرا عمل ٹھیک تھا کیونکہ میں نے ایسا اپنی عزت کی خاطر کیا ہے۔جبکہ حقیقت میں مذکورہ پڑوسی 40سال پہلے اپنی بیوی بچوں سمیت یہاںرہتا تھا اوراس کا کوئی چھوٹا بھائی نہ تھا۔ نیز اس پڑوسی کو فوت ہوئے بھی تقریباً 20سال ہو گئے ہیں۔ (سید شراکت علی،اسلام آباد)
تعبیر: آپ کے اس پڑوسی کا کوئی حق آپ پر باقی ہے وہ آپ ان کے بیوی بچوں کو پہنچائیں یا ان کی طرف سے صدقہ کر دیں خواہ آپ کو یاد آئے یا نہ آئے بہر حال آپ حسب توفیق ان کی طرف صدقہ ضرورکر دیں ممکن ہے اگر کوئی اور حق نہیں تو آپ کے کسی عمل سے ان کو تکلیف پہنچی ہو آپ کو اس کا احساس بھی نہ ہوا ہو اس لیے اس کام کو کریں انشاءاللہ فائدہ ہوگا۔
بڑی مصیبت کا اندیشہ
خواب: میں اور میری بڑی بہن دونوں دوسرے محلے کی مسجد کی ایک بہت اونچی دیوار پر کھڑے ہیں جس سے اترنے کا ہم دونوں کو کوئی راستہ نہیںمل رہا۔ دونوں ڈرے ہوئے ہیں اور مدد چاہ رہے ہیں تاکہ دیوار سے اتر سکیں لیکن کوئی صورت نظر نہیں آرہی اسی عالم میں آنکھ کھل جاتی ہے۔ تعبیر کیلئے بہت بے چین ہوں۔ (عدنان زبیر، کراچی)
تعبیر: آپ دونوں اپنی طرف سے فوراً صدقہ دیں ورنہ کسی بڑی مصیبت میں گرفتار ہونے کا قوی امکان ہے۔ خصوصاً وہ آفت لاعلاج مرض کی شکل میں آسکتی ہے اس لیے صدقہ دے کر خوب عافیت و صحت کی دعائیں کرتے رہیں۔ اللہ آسانیاں فرمائے۔ آمین
آسیبی اثرات
خواب: میں نے دیکھا کہ ہمارے سارے کمروں کے دروازے بند ہیں۔ ایک پاگل شخص گیلری میں کھڑا ہوا بہت زور زور سے میرا نام لے کر پکاررہا ہے۔ (میں اس شخص کو نہیں پہنچانتی) اور ہم سب بہت خوفزدہ سے نظر آئے جبکہ میں روئے جا رہی ہوں کہ اسے کھانا کھلا دیں لیکن سب مجھے منع کر رہے تھے۔ کافی دیر تک اودھم مچانے کے بعد وہ شخص بیٹھ جاتا ہے۔ میں ابوامی سے چھپ کر کھانا لے کر جاتی ہوں اسے کھلاتی ہوں اور نجانے اسے کیا سمجھاتی ہوں۔ وہ میری باتیں بالکل خاموشی سے سنتا ہے۔ پھر میں اٹھ کر جانے لگتی ہوں کہ اچانک دیکھتی ہوں کہ وہ میرے پیچھے آرہا ہے ۔میں تھوڑا سا تیز چلتی ہوں وہ بھی تیز چلنے لگتا ہے میں بھاگنا شروع ہو جاتی ہوں وہ بھی بھاگنے لگتا ہے اور میری آنکھ کھل جاتی ہے اور مجھے بہت ڈر لگتا ہے۔ (ش ر، کراچی)
تعبیر: آپ پر آسیبی اثرات مسلط ہو کر پریشان کرنا چاہتے ہیں۔ اس لیے آپ آیت الکرسی روزانہ اکتالیس دفعہ پڑھ کرپانی پر دم کریں وہ پی لیا کریں اورانشاءاللہ سب ٹھیک ہو جائے گا۔ واللہ اعلم
Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 750
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں