کاروبار
میرا بیٹا کافی عرصے سے امریکہ میں مقیم ہے ‘ وہ کاروبار کرتا ہے۔ شروع میں تو کام اچھارہتا ہے پھر آہستہ آہستہ صورتحال برعکس ہو جاتی ہے اور نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے معاشی معاملات میں برکت نہیں ہے۔ میں اس کیلئے کوئی وظیفہ و دعا کا ورد کرنا چاہتی ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس پر رحمت کریں اور وہ اس مشکل سے نکل آئے۔ میں ہر روز آیت الکرسی کا ورد کرتی ہوں اور بکثرت آیت کریمہ بھی پڑھ چکی ہوں روحانی محفل میں دعا بھی کرادیں۔( عالیہ‘کراچی)
مشورہ:آپ کے صاحبزادے اپنے کاروبار کا اچھی طرح جائزہ لیں اور اسے اصولوں پر استوار کریں اور وہ خود آیت کریمہ 101 بار اور آیت الکرسی 11 بار پڑھ کر روزانہ دعا کیا کریں اور ان وظائف پر 6 ماہ تک ضرور عمل کریں۔ کسی فلاحی کام میں پابندی کے ساتھ مالی طور پر امداددیا کریں‘ انشاءاللہ اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔
میرے گھر والے
مجھے ذہنی الجھنیں لاحق ہیں اور خوف اعصاب پر طاری رہتا ہے۔میرے اندر مستقل مزاجی اور قوت ارادی بہت کم ہے ‘ بے دلی طاری رہتی ہے اور کسی کام کو جی نہیں چاہتا۔ جس کے ساتھ اچھائی کرتی ہوں تو نتیجہ برائی کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ گھر میں میری وجہ سے اختلافات رہتے ہیں ۔ میں خود بھی پریشان ہو کر گھر والوں سے لڑ پڑتی ہوں۔ حالات کی وجہ سے بد مزاج ہو گئی ہوں اور کسی سے بات نہیں کرتی۔ گھر سے باہر بھی لوگوں کا سامنا نہیں کر سکتی۔ ہمارے گھر میں اختلافات زیادہ ہیں اور والد پر قرض بھی زیادہ ہے۔(ن‘ملتان)
مشورہ:روزانہ نماز فجر ادا کرنے کے بعد لکڑی کی کسی چوکی یا پیڑھی پر بیٹھ کر دوبارہ وضو کریں اور اسی چوکی پر بیٹھے بیٹھے ایک بار ” یَاوَدُو ±دُ“ پڑھ کر ہاتھوں پر دم کر کے ہاتھ چہرے پر پھیر لیں اس طرح تین بار کیا جائے‘ لکڑی کی چوکی کسی مناسب جگہ بچھائیں اور وضو کم پانی سے کیا جائے‘اس لئے کہ وضو اسی چوکی پر کیا جائے گا اور پھر ورد بھی اسی چوکی پر بیٹھے بیٹھے پورا کیا جائے گا۔ گھر والوں سے لڑنے جھگڑنے سے گریز کریں اور اپنے لئے کوئی اچھی مصروفیت تلاش کریں۔ مذکورہ بالا وظیفہ کم از کم دو ماہ تک کیا جائے اور جن دنوں میں ممکن نہ ہو وہ شمار کر کے بعد میں پورے کر لئے جائیں۔ والد صاحب سے کہیں وہ روزانہ 11 بار ” آیت الکرسی“ پڑھ کر دعا کریں‘ کم از کم 6ماہ تک۔
غم و خوشی
یوں لگتا ہے کہ میرے دل و دماغ پر بے حسی سی طاری ہو گئی ہے‘ خوشی یا غم بے معنی ہو گئے ہیں ‘ محسوس ہوتا ہے کہ میں کوئی کام نہیں کر سکتا۔ میں طب کی تعلیم حاصل کر رہا ہوں لیکن اپنے علم اور فیصلے پر اعتماد نہیں کہ جو اس میدان میں کامیابی کیلئے ضروری ہوتا ہے۔ دوست بنانا چاہتا ہوں لیکن دوستوں کے درمیان چپ بیٹھا رہتا ہوں اس لئے وہ مجھ پر توجہ نہیں دیتے اور دوستی قائم نہیں رہتی۔ آیات قرانی اور درود شریف پڑھتا ہوں تو لگتا ہے کہ زبان چل رہی ہے لیکن دل ساتھ نہیں ہے۔ کبھی گھر والوں سے محبت و تعلق بہت محسوس ہوتا ہے اور کبھی دل جذبات سے خالی ہو جاتا ہے۔ (عبداللہ‘فیصل آباد)
مشورہ:نماز فجر کے بعد تین سو بار ” یا وارث“ پڑھا کریں اور اس اسم مبارک کو کم از کم چار ماہ تک پڑھیں‘ رات سونے سے پہلے 11 بار ” یَاحَفِیظُ‘ یَابَدِیعُ‘یَابَدِیعَ العَجَائِبِ بِالخَیرِ یَابَدِیعُ“ پڑھ کر ہاتھوں پر دم کر کے ہاتھ چہرے پر پھیر لیا کریں اس طرح تین بار کریں۔ یہ عمل بھی کم از کم چار ماہ کیا جائے ۔
عہد
میں جماعت دہم کا طالب علم ہوں‘ چند سال قبل برے لڑکوں سے دوستی ہو گئی اور ان کے ساتھ رہنے سے برے اثرات مجھ پر بھی مرتب ہوئے۔ اخلاقی طور پر اور تعلیم کے میدان میں بھی پیچھے ہو گیا۔ بار بار عہد کرتا ہوں لیکن عہد پر قائم نہیں رہ سکتا۔ علاوہ ازیں میرے اندر غصہ بھی بہت ہے۔ کوئی درود وظیفہ یا عمل ایسا تلقین کر دیں کہ میرے اندر مطلوبہ قوت ارادی پیدا ہو جائے اور میں اپنے ارادے پر قائم رہ سکوں۔ (محمد ریحان‘ملتان)
مشورہ: روزانہ نماز فجر کے بعد دوبارہ وضو کر کے مصلے پر بیٹھ جائیں ‘ ایک بار اسم ” یَاوَدُودُ“ پڑھ کر ہاتھوں پر دم کریں اور ہاتھ چہرے پر پھیر لیں اس طرح پانچ یا سات بار کیا جائے‘ اس عمل کو کم از کم چالیس روز کر کے نتائج ملاحظہ کریں اور اگر ضرورت محسوس ہو تو مزید تین ہفتے کیا جائے۔ انشاءاللہ ہر قسم کے فیوض و برکات حاصل ہونگے اور مذکورہ مشکلات پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
سرد مہری
میرا ذہن پڑھائی میں نہیں چلتا‘ ریاضی کے مضمون میں تو بہت مشکل پیش آتی ہے۔ مجھے پڑھنے کا شوق ہے لیکن ذہن ساتھ نہیں دیتا‘ دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ لوگ میری ناقدری کرتے ہیں کوئی مجھے پسند نہیں کرتا‘ بیزاری کا اظہار ہو جاتا ہے‘ میں خواہ کتنا ہی دوستی کا ہاتھ بڑھاﺅں جواب سرد مہری ملتی ہے‘ میری ان الجھنوں کا کوئی حل تجویز فرمائیں۔ (عشرت‘سعودی عرب)
مشورہ: مضامین کے انتخاب میں اپنی پسند اور صلاحیت کو مد نظر رکھیں اور ذہنی الجھنوں سے خود کو دور رکھیں۔ آپ اپنے بارے میں لوگوں کے رویے سے شاکی رہتی ہیں اور یہ باتیں آپ کے ذہن میں گردش کرتی رہتی ہیں۔ آپ کو چاہیے کہ تمام باتوں سے صرف نظر کر کے اپنے کاموں میںمشغول رہیں اور اپنی توجہ صرف اپنے عمل پر قائم رکھیں۔ اچھی مصروفیات تلاش کر کے ذہن کو اس میں لگائیں۔ روزانہ رات کو سونے سے پہلے 100 بار ”بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیم “اور 100 بار ” یَاکَرِیمُ“ پڑھ کر ہاتھوں پر دم کر کے ہاتھ چہرے پر پھیر لیا کریں، کم از کم چار ماہ تک۔
جذباتی غلطیاں
میری زندگی الجھنوں اور مسائل میں گھِر کر رہ گئی ہے۔ شروع شروع میں ذہنی و جذباتی پختگی نہ ہونے سے کچھ غلطیاں سرزد ہو گئی تھیں جن کے نتیجے میں محرومیاں ہی ہاتھ آئیں۔ گھر میں کوئی فرد عزت نہیں کرتا‘کوئی میر ااعتبار نہیں کرتا۔ ایف اے کے بعد تعلیم کا سلسلہ ختم کر دیا لیکن اب دل چاہتا ہے کہ بی اے کر لوں۔ گھر والے شادی کرنا چاہتے ہیں‘ بھائی کی شادی ہوئی اور سال بعد طلاق ہو گئی‘ اکثر معاملات میں مجھے ہی ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے جبکہ میں سمجھتی ہوں کہ میرا قصور نہیں ہوتا۔(سارہ‘ لاہور)
مشورہ:روزانہ رات کو سونے سے پہلے وضو کر کے 66 مرتبہ یا 100 بار ” یَاحَبِیبَ المُحسِنِینَ“ پڑھ کر ہاتھوں پر دم کر کے ہاتھ چہرے پر پھیر لیں اور پھر بارگاہ الٰہی میں فضل و کرم کی درخواست کریں۔ اس وظیفے پر 90 دنوں تک عمل کیا جائے۔
جسم اور روح
میں بہت نحیف و نزار ہوں۔ ہڈیاںہی ہڈیاں ہیں‘ میں کسی کو متاثر نہیں کر سکا۔ خاص طور پر صنف مخالف سے بات کرنا میرے لئے ناممکن ہو جاتا ہے۔ کوئی شخص میری بات توجہ سے نہیں سنتا۔ کیا میں مراقبہ کر سکتا ہوں؟ اس کے بارے میں تفصیل سے بتائیں‘ کوئی مناسب حال طریقہ بھی میرے لئے تجویزکر دیں۔(محبوب عالم‘ سکھر)
مشورہ:نماز فجر کے فوراً بعد اور خالی پیٹ یہ عمل کیا جائے۔ آلتی پالتی مار کر یا دو زانو ہو کر بیٹھ جائیں ‘ سر اور کمر ایک سیدھ میں رکھیں۔ ایک نتھنے سے سانس آہستگی اور آواز کے بغیر اندر لیں اور پھر روکے بغیر دوسرے نتھنے سے آہستگی کے ساتھ نکال دیں۔ پھر دوسرے نتھنے سے سانس اندر لیں اور روکے بغیر پہلے نتھنے سے نکال لیں۔ اس طرح پانچ چکروں سے شروع کر کے گیارہ چکروں تک لے جائیں۔ مراقبہ رات سونے سے پہلے کریں۔ آنکھیں بند کر کے بیٹھ جائیں۔ ذہن کو تمام خیالات سے خالی کر کے یہ تصور کریں کہ آپ اپنے اندر یعنی باطن میں دیکھ رہے ہیں۔ اس تصور کو دس منٹ قائم رکھنے کے بعد سو جائیں۔ ان دونوں اشغال و مشقوں پر عمل کرنے سے انشاءاللہ جسمانی ‘ ذہنی دونوں دائروں میں آپ کو کثیر فوائد حاصل ہوں گے اور آپ کو اپنے اوپر مناسب کنٹرول حاصل ہوجائے گا۔
عزت و وقار
میری عمر اٹھارہ سال ہے اور عا م لڑکوں سے میرے خیالات اور معمولات بھی مختلف ہیں لیکن پھر بھی ہر جگہ مجھے نظر انداز کر دیا جاتا ہے اور لوگ عزت نہیں دیتے ۔ کوئی ایسا اسم بتائیں کہ لوگ مجھے توجہ دیں اور میں لوگوں پر اثر انداز ہو سکوں۔(شیر علی‘راجن پور)
مشورہ:اپنے کام اور اپنے فرائض خوش اسلوبی سے ادا کیا کریں اس سے اللہ تعالیٰ بھی خوش ہوں گے ۔ آپ روزانہ رات سونے سے پہلے سو بار یَارَحِیمُ پڑھ کر ہاتھوں پر دم کر کے چہرے پر پھیر لیا کریں۔ یہ عمل تین ماہ کیا جائے۔
مشورے
ہمارے تین گھرانوں کا کاروبار مشترک تھا۔ ہمارے چچا کوبعض لوگوں نے کچھ ایسے مشورے دیئے کہ انہوں نے نیا کام شروع کیا اور نقصان اٹھایا۔ ہم لوگ قرض کے بوجھ تلے دب کر رہ گئے ہیں۔ گھر تک گروی رکھا ہوا ہے۔ چچا تو باہر چلے گئے ہیں اور یہ قرض میرے والد ادا کریں گے۔ والد صاحب کاروبار بحال کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ کوئی ایسی دعا بتائیں کہ اللہ رحم و کرم فرمائیں اور ہم مالی مشکلات سے نکل آئیں۔ (سائرہ بانو‘گجرات)
مشورہ:نماز عشاءکے بعد تین سو بار یَاوَہَّابُ اور نماز فجر کے بعد اسی تعدا د میں یَابَاسِطُپڑھا کریں۔ کم از کم چھ ماہ ان اسماءکا ورد کیا جائے۔ اللہ تعالیٰ نے جس قدر بھی استطاعت دی ہے اس میں سے ایک مقرر حصہ ضرورت مندوں کو پابندی سے دیا کریں۔ کاروباری معاملات میں سچائی اور دیانت کو ہمیشہ ملحوظ رکھیں۔
شادی کی عمر
میری تین بیٹیاں ہیں۔ میرا رشتہ غیروں میں ہوا اور سسرال والے سخت مزاج ہیں۔ بیٹیاں شادی کی عمروں کو پہنچ گئی ہیں۔ پڑھی لکھی ہیں لیکن موزوں رشتے نہیں آ رہے۔ ان کی ہم عمر لڑکیوں کے رشتے طے ہوتے جا رہے ہیںلیکن ان کیلئے رشتے نہیں آ تے۔ رشتے دار طرح طرح کی باتیں بناتے ہیں۔ شوہر بہت اچھے انسان ہیں لیکن صحت اچھی نہیں ہے۔ کبھی بیٹھے بیٹھے بے ہوش ہو جاتے ہیں۔ ان کی صحت کی طرف سے بھی متفکر ہوں۔ اپنے درمیان لوگوں کو حسد میں مبتلا دیکھتی ہوں اور تعویذات وغیرہ کا بھی بہت عمل دخل رہتا ہے۔ (ج۔ جگہ نامعلوم)
مشورہ: صاحبزادیوں سے کہیں کہ وہ نماز عشاءکے بعد اول و آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف کے ساتھ تین سو بار سورہ ¿ فاتحہ پڑھ کر بارگاہ الٰہی میں دعا کیا کریں۔ کم از کم چھ ماہ تک اس کو جاری رکھیں اور جو ایام درمیان میں مجبوراً رہ جائیں وہ آخر میں پورے کر لیں۔ شوہر کو صبح وشام پانی پر گیارہ بار آیت الکرسی دم کر کے پلایا کریں۔ مرض کی نوعیت کے پیش نظر مناسب پرہیز بھی ضروری ہے۔ اس کیلئے طبیب سے مشورہ کریں۔
ناسازگار حالات
ہمارا تعلق ایک متوسط گھرانے سے ہے۔ ان دنوں ہمارے حالات کئی اعتبار سے اچھے نہیں ہیں۔ معاشی طور پر حالات ناسازگار ہوتے جا رہے ہیں ہم ایک جائیداد فروخت کرنا چاہتے ہیں ۔ لوگ دیکھنے آتے ہیں لیکن کوئی فیصلہ نہیں ہوتا۔ دوسری طرف کافی قرض بھی ادا کرنا ہے۔ دوسرا مسئلہ ہمارے ماموں کی شادی کا ہے۔ ہم نے کئی لڑکیاں دیکھی ہوئی ہیں لیکن وہ مسلسل انکار کر رہے ہیں۔اپنی مرضی سے بھی کوئی رشتہ نہیں بتاتے۔ دوستوں‘ رشتہ داروں پر فضول خرچی سے پیسہ ضائع کرتے رہتے ہیں۔ ان کی عمر بڑھتی جا رہی ہے۔ (ف‘ ایبٹ آباد)
مشورہ: صاحب خانہ کو چاہیے کہ نماز عشاءکے بعد اول و آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف کے ساتھ اکیس بار آیت الکرسی اور نماز فجر کے بعد اول آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف کے ساتھ تین بار سورہ فاتحہ پڑھ کر دعا کیا کرے۔ انشاءاللہ معاشی مسائل کے حل کا کوئی راستہ سامنے آ جائے گا۔ ماموں کی شادی کیلئے ان کی مرضی کو اولیت دیں۔ اس معاملے میں زبرستی صحیح نہیں ہے۔ شادی سے انکار کی وجوہات سامنے ہونی چاہئیں۔ اور اس کے مطابق کوئی فیصلہ کیا جائے۔ کسی وجہ کاذکر آپ نے خط میں نہیں لکھا۔
تنگی ترشی
والد بے روزگار ہیں۔ کہیں کام نہیں ملتا اور جو کام شروع کرتے ہیں حالات ساتھ نہیں دیتے۔ سخت پریشانی اور مشکل کا سامنا ہے ۔ تنگی ترشی نے پریشان کیا ہوا ہے۔ بمشکل گزارہ ہو رہا ہے۔ اگر کہیں ملازمت ملتی ہے تو مہینے دو مہینے بعد ختم ہو جاتی ہے۔ کوئی ایسی دعا بتائیں کہ اللہ تعالیٰ معاشی فراخی عطا فرما دیں۔
مشورہ:۔ والدہ صاحب سے کہیں کہ وہ نماز عشاءکے بعد تین بار سورة الناس پڑھ کر اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دست دعا دراز کیا کریں۔ اول و آخرگیارہ گیارہ بار درود شریف بھی پڑھا جائے۔ انشاءاللہ ایسے حالات جلد سامنے آئیں گے کہ آپ کا مسئلہ حل ہو جائے۔ بعد ازاں جس قدر بھی استطاعت ہو ہر ماہ پابندی سے مستحق افراد کی مالی مدد کیا کریں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں