مراقبے سے علاج
مراقبے کے جب کمالات کھلیں گے تو حیرت کا انوکھا جہان اور مشکلات کا سو فیصد حل خود آپ کو حیرت زدہ کر دے گا۔
Meditation یعنی مراقبہ جہاں ازل سے روحانیت کی ترقی اور مشکلات کے حل کا علاج رہا ہے وہاں جدید سائنس نے اسے امراض کا یقینی علاج بھی قرار دیا ہے۔ ہزاروں تجربات کے بعد عبقری کے قارئین کے لئے مراقبے سے علاج پیش خدمت ہے۔
سوتے وقت اگر با وضو اور پاک سوئیں تو سب سے بہتر ورنہ کسی بھی حالت میں صرف 10 منٹ بستر پر بیٹھ کر بلا تعداد یَافَتَّاحُ یَا وَاسِعُ کا ورد اول و آخر 3 بار درود شریف پڑھیں پھر لیٹ جائیں۔ جس مرض کا خاتمہ یا الجھن کا حل چاہتے ہوں اس کو ذہن میں رکھ کر یہ تصور کریں کہ ” آسمان سے سنہرے رنگ کی روشنی میرے سر سے سارے جسم میں داخل ہو کر اس مرض کو ختم یا الجھن کو حل کر رہی ہے اور اس وظیفے کی برکت سے میں سو فیصداس پریشانی سے نکل گیا/گئی ہوں“ یہاں تک کہ اس تصور کو دہراتے دہراتے نیند آ جائے۔ شروع میں تصور بناتے ہوئے آپ کو مشکل ہو گی لیکن بعد میں آپ پر جب اس کے کمالات کھلیں گے تو حیرت کا انوکھا جہان اور مشکلات کا سو فیصد حل خود آپ کو حیرت زدہ کر دے گا۔ مراقبے کے بعد اپنی کیفیات فوائد اور انوکھے تجربات ہمیں لکھنا نہ بھولیں۔
مراقبے سے فیض پانے والے
ماہ اکتوبر کے شمارے میں یاباری کا مراقبہ تھا۔ میری بڑی بہن بہاولپور سے آئیں تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے یاباری کا مراقبہ کیا تو خواب میں دیکھا کہ بہت بڑا درخت ہے اس پر نور کی روشنی ہر پتے سے نمودار ہورہی ہے اور میں اس درخت کے نیچے بیٹھ جاتی ہوں تو وہ روشنی بارش کی طرح ہر پتے سے مجھ پر گر رہی ہے۔ خواب سنا تو مجھے خوشی ہوئی اور میں نے بھی ارادہ کیا رات کو میں ضرور مراقبہ کروں گی۔ میں نے عشاءکی نماز کے بعد بستر پر بیٹھ کر یاباری کا مراقبہ کیا اور سو گئی خواب میں دیکھا ایک کمرہ ہے بہت روشن ہے اس میں دیکھا سفید کپڑوں میں ملبوس دو بزرگ ہیں۔ میں ان کے پاس جاکر بیٹھ گئی ان میں ایک بزرگ جو عمر میں دوسرے بزرگ سے بڑے تھے۔ انہوں نے میرے سر پر ہاتھ پھیرا اور میری پیشانی پکڑ کر کچھ پڑھا اور پھر پھونک ماری۔ ایسا لگتا تھا جیسے وہ بزرگ مجھ پر دم کررہے ہیں۔ میں بیمار رہتی ہوں۔ اس رات بھی میری کافی طبیعت خراب تھی لیکن جب صبح سو کر اٹھی تو ایسا لگتا تھا جیسے کوئی تکلیف نہیں ہے۔ دل اندر سے خوشی محسوس کررہا تھا۔ دوسرے رات پھر یَابَارِیُ کا مراقبہ کیا تو دیکھا کہ بہت روشن کمرہ ہے۔ سامنے تین دروازوں والی کھڑکی ہے۔ اس کے اوپر شیلف میں بہت سی کتابیں دو رجسٹر رکھے ہوئے ہیں۔ میں سوچ رہی ہوں کہ ان سب کو اٹھا کر دوسری طرف رکھ دوں تا کہ کھڑکی کھول دوں ابھی سوچ رہی تھی اچانک نظر اٹھاکر دیکھتی ہوں کہ تمام دینی کتابیں دوسری طرف شیلف پر رکھی ہوئی ہیں۔ ایک بڑا رجسٹر میں زمین پر لے کر بیٹھی ہوں۔ دونوں بزرگ میرے ساتھ بیٹھے ہیں۔ میں ان کو نسخے پڑھ پڑھ بتارہی ہوں اور وہ مسکرارہے ہیں جب آنکھ کھولی تو تہجد کا وقت تھا۔ میں نے تہجد ادا کی اور نفل شکرانے کے ادا کئے۔ (پوشیدہ)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں