والدہ کا نازیبا سلوک
ایم اے انگریزی کے امتحان سے فارغ ہوئی ہوں۔ خوشحالی کا زمانہ دیکھا ہے۔ گاڑیاں کارخانہ سب کچھ تھا۔ والد کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے۔ چھوٹا بھائی میٹرک میں ہے۔ 45,40 لاکھ کا مکان ہے لیکن وہ بھی ایک قسم کا گروی ہے۔ والدہ کا سلوک ہمارے ساتھ نازیبا ہے۔ سب لوگ کہتے ہیں کہ مکان بیچ کر قرضہ ادا کردو اور چھوٹا مکان لے لو مگر امی کو صرف بیٹے کی فکر ہے‘ جوان بیٹیوں کی نہیں۔ وہ تو ہماری شادی بھی ایسے گھروں میں کرنا چاہتی ہیں جو بغیر جہیز کے ہمیں ساتھ لے جائیں۔ میرے والد کہتے تھے ”میرا قرضہ ادا کردینا ورنہ میری بخشش نہیں ہوگی۔“ امی نے ان کی اس وصیت پر کوئی توجہ نہیں دی۔ وہ ہمارے بارے میں کچھ سوچنے کی زحمت گوارہ نہیں کرتیں۔ میں خلاف بولوں تو کہتی ہیں مجھے اپنے بیٹے سے محبت ہے یہ سب کچھ اسی کا ہے۔ بہنوں کا نہیں۔ وہ اپنے شوہر کا قرض ادا کرنے کو تیار نہیں۔ ہر وقت کوسنے دیتی ہیں۔ مجھے صرف اتنا بتائیے کہ اپنا حق نہ مانگ کر اپنی زندگی تباہ کرلوں یا چپ چاپ ساری بلائیں سہہ لوں۔ (پریشان حال)
مشورہ: بی بی! آپ کا خط ملا۔ سارے حالات معلوم ہوئے۔ آپ کی والدہ کو جائیداد یا اپنے بیٹے سے محبت ہے لہٰذا مکان بیچ کر مرحوم شوہر کا قرضہ اتارنا نہیں چاہتیں نہ آپ بہنوں کو جہیز دینا چاہتی ہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ انہیں شوہر کی وفات کے بعد اپنے مستقبل کی اتنی فکر پڑگئی کہ اب انہیں سوائے جائیداد کے کچھ نظر نہیں آتا۔ یہ ان کی کمزوری ہے آپ بہنیں پڑھی لکھی اور بالغ ہیں۔ ماں کے حق کو جانتی اور پہچانتی ہیں پھر کیوں ماں کے سامنے زبان چلاتی ہیں؟
والدہ کی خدمت کرکے ان کا دل موم کرنے کی کوشش کریں‘ باتوں باتوں میں انہیں بتائیے کہ قرض کتنی بری بلا ہے‘ قرض دار کی بخشش بھی نہیں ہوتی۔ کسی طرح مرحوم والد کا قرضہ ادا کرنے کی بات کیجئے۔ بڑے مکان سے چھوٹے مکان میں جانا عیب نہیں۔آپ کی باتوں سے والدہ سمجھ جائیں گی‘ لڑائی جھگڑے سے بات نہیں بنتی۔ آپ صبر اور تحمل سے کام لیں۔ ماں تو ماں ہے‘ اس کی عزت اور وقعت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ پیار سے بات کیجئے۔ آپ دونوں بہنیں نماز پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے دعا کیجئے۔ آپ کے دل میں جو بے قراری اور درد ہے وہ دعا کرنے سے دور ہوجائے گا۔ اللہ بڑا مسبب الاسباب ہے وہ یقینا آپ کی دعا سنے گا۔
جارجٹ سکڑ جاتی ہے
میرے پاس بہت خوبصورت جارجٹ کی پرنٹڈ ساڑھیاں ہیں ایک ساڑھی میں نے دھوئی تو وہ بالکل سکڑ گئی۔ بہت ا کھینچ تان کر استری کی مگر وہ اپنی اصل حالت پر نہیں آتی۔ مجھے ساڑھی دھونے کا طریقہ بتائیے جس سے جارجٹ بالکل نہ سکڑے اور وہ صحیح حالت میں رہے۔ (دینہ بی بی‘ سعودیہ)
مشورہ: آپ کی بات ٹھیک ہے‘ جارجٹ کے دوپٹے اور ساڑھیاں سکڑ جاتی ہیں۔ آپ کوئی موٹا سا ڈنڈا لیجئے جس کی لمبائی ساڑھی کے آنچل کے برابر ہو یا کسی دکاندار سے بات کرکے وہ ڈنڈا خریدئیے جس پر وہ کپڑے کا تھان لپیٹتے ہیں۔ آپ اس پر سادہ پلاسٹک بھی لگاسکتی ہیں۔ پہلے سرف کے جھاگ میں ساڑھی دھوئیے پھر پانی میں سے کھنگال کر گیلی ساڑھی اس ڈنڈے پر آہستہ آہستہ لپیٹ دیجئے۔ اس طرح ساڑھی کی لمبائی چوڑائی برقرار رہے گی اور وہ بالکل نہیں سکڑےگی۔
چھوٹا قد‘دبلا جسم
میں احساس کمتری کا شکار ہوں۔ چاہے جتنا خوبصورت لباس پہن لوں‘ ذرا نہیں سجتا۔ سہلیاں مذاق اڑاتی ہیں۔ مجھے مشورہ دیجئے۔ (سارہ اویس‘ کراچی)
مشورہ: سارہ بی بی! ہر انسان کے جسم کی ساخت مختلف ہوتی ہے۔ آپ اپنے کھانے پینے پر توجہ دیجئے۔ روزانہ غذا میں دودھ‘ پھل اور شہد استعمال کیجئے۔ زیتون کے تیل کی مالش آپ کیلئے مفید ہے۔ ابھی آپ کا قد بڑھ سکتا ہے‘ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ لٹکنے والی ورزش کیجئے۔ اس عمر میں دوا کے بجائے آپ کو غذا پر زور دینا چاہیے۔
بڑے گوشت سے مسوڑھے خراب
ہمارے ہاں صرف بڑا گوشت استعمال ہوتا ہے کیونکہ ہم لوگ بکری کا گوشت خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ لیکن گوشت مسلسل کھانے سے میرے اور شوہر کے مسوڑھے پھول گئے ہیں اور خون نکلتا ہے۔ ہمارے پڑوس میں ”عبقری“ آتا ہے میں نے سوچا‘ آپ یقینا میری مدد کرسکتے ہیں کوئی گھریلو ٹوٹکہ بتائیے۔ (نائمہ‘ ملیرکراچی)
مشورہ: ہمارے ذہنوں میں یہ بات بیٹھ گئی ہے کہ گوشت سے توانائی آتی ہے حالانکہ اللہ تعالیٰ نے سبزیوں اور دالوں میں بھی بے پناہ خواص رکھے ہیں۔ ان میں بھی طاقت موجود ہے۔ آپ ہفتے میں ایک دو بار سے زیادہ گوشت نہ پکائیے اور گوشت میں موسمی سبزی ضرور ملائیے۔
ملیر میں نیم کے درخت ضرور ہوں گے۔ دو چار ٹہنیاں منگوالیجئے‘ مٹھی بھر پتے چار پانچ گلاس پانی میں پکالیں۔ برتن سٹیل کا ہو تو بہتر ہے۔ ابلا ہوا پانی احتیاط سے رکھئے۔ ایک گلاس پانی میں پسی ہوئی پھٹکڑی ایک چٹکی ملائیے اور رات کو سوتے وقت اس کے غرارے کیجئے۔ صبح وشام یہ غرارے کرنے سے مسوڑھے صحیح ہوجائیں گے۔ نیم کی ٹہنیوں کو باریک تنکوں کی شکل دیں۔ کھانا کھانے کے بعد ان سے دانت صاف کیا کریں۔ اس سے بہتر خلال آپ کو کہیں نہیں ملے گا۔ سرسوں کے تیل میں تھوڑا سا نمک ملا کر آپ اس سے بھی دانت صاف کرسکتی ہیں۔ بعد میں کلی نہ کیجئے۔
پیشاب کی تکلیف
میری عمر بیس سال ہے۔ پیشاب بار بار آتا ہے جس سے پریشان ہوں۔ رپورٹ ٹھیک ہے دوسری بات یہ کہ پیٹ میں گیس بہت بنتی ہے‘ اس کا ازالہ بتائیے۔ (ش۔ ہ)
مشورہ: بعض دفعہ یہ خلل ہوجاتا ہے۔ آپ عبقری کے دفتر سے دوا منگوا کر صبح و شام کھائیے۔ اس سے فرق پڑجائے گا۔ پودینہ کی چٹنی بنا کر کھائیے۔ پودینے کا قہوہ بھی ہاضمہ کیلئے اچھا ہوتا ہے۔ کھانا کھانے کے بعد تین انجیر کھالیجئے‘ پیٹ کا مسئلہ حل ہوجائےگا۔
Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 798
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں