نوکری پر دوبارہ بحالی کیلئے
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! بہت اچھے ادارے میں ملازم تھا‘ چند ماہ پہلے مجھے نوکری سےنکال دیا جس کی وجہ سے میں بہت پریشان تھا۔ عبقری رسالہ ملا‘ پڑھا بہت اچھا لگا۔ اس رسالہ میں سے میں نے علامہ لاہوتی پراسراری کے مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ پڑھا۔ جنات کے حوالے سے ایسے ایسے پراسرار راز کھلے کہ میں میری حیرانگی کی کوئی انتہا نہ رہی۔ علامہ صاحب کا بتایا ایک وظیفہ یَاقَہَّارُ میں نے نوکری کے حصول کی نیت سے پڑھنا شروع کردیا۔ صرف چند ہفتے ہی پڑھا تھا کہ مجھے دوبارہ اسی ادارہ کی طرف سے کال آئی کہ آپ کو دوبارہ آپ کی پوسٹ پر بحال کردیا ہے۔ لہٰذا آپ کل سے کمپنی جوائن کرلیں۔ خوشی سے میری آنکھوں سے آنسو نکل آئے۔ (نجم الدین‘ حیدرآباد)
کالے جادو کے اثرات
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! مجھ پر کالے جادو کے بائیس سال سے اثرات ہیں جو کہ ہر سال ڈیڑھ سال بعد زور پکڑ جاتے ہیں‘ میری 2011ء کو آپ سے ملاقات ہوئی تھی‘ آپ نے مجھے چند وظائف دئیے تھے جو کہ میں باقاعدہ کررہی ہوں اور مجھے آرام رہا۔ 2014ء میں میری طبیعت پھر بہت زیادہ خراب ہوگئی‘ میرے بھائی مجھے ایمرجنسی میں ایک اللہ والے کے پاس لے گئے انہوں نے عمل کیا‘ تو میری طبیعت کچھ سنبھلی مگر چند دن بعد ہی ان کی وفات ہوگئی اور میری طبیعت مزید بگڑ گئی‘ میں نے آپ سے ملاقات کیلئے موبائل نمبر بہت مرتبہ ملایا مگر رش بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے لائن نہ مل سکی۔ اب مجھے کوئی راستہ دکھائی نہ دے رہا تھا‘ طبیعت تھی کہ سنبھلنےکا نام ہی نہ لے رہی تھی‘سخت اعصابی تکلیف ہوتی‘ بالکل بستر کے ساتھ لگ گئی‘ کوئی کام نہیں کرسکتی تھی‘ ہر طرح کا ڈاکٹری علاج کرواتی مگر کوئی فرق نہیں پڑرہا تھا۔ پھر میں نے ماہنامہ عبقری رسالہ اٹھایا اس میں سے مجھے یَاقَہَّارُ کا وظیفہ ملا‘ میں نے وہ پڑھنا شروع کردیا اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ مجھے سی سے شفاء دے دے۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ چند دنوں بعد ہی میری طبیعت سنبھلنا شروع ہوئی اور سنبھلتے سنبھلتے مجھے مکمل آرام آگیا۔ (س۔ا، لاہور)
اور میرا12 اگست کو نکاح ہوگیا
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں ماہنامہ عبقری گزشتہ پانچ سال سے مسلسل پڑھ رہی ہوں‘ ماہنامہ عبقری میں سلسلہ ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میرا سب سے زیادہ پسندیدہ ہے‘ اس میں آنے والے وظائف ایسے تیربہدف ہوتے ہیں کہ ادھر پڑھے اور ادھر کا م ہوجاتاہے۔ میری زندگی میں کوئی مسئلہ آئے یا میرا کوئی جاننے والا رشتہ دار کسی وجہ سے پریشان ہے میں ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ کا بتایا وظیفہ انہیں بتاتی ہوں اورجو یقین ‘ توجہ اور دھیان سے پڑھتا ہے اس کا کام فوراً یا کچھ دیر بعد ضرور ہوجاتا ہے۔
میرے لیے جو سب سے بڑا مسئلہ تھا وہ تھا میری شادی کا‘ میں اور میرے والدین میری شادی کی وجہ سے بہت پریشان تھے‘ میری عمر 26 سال سے اوپر ہوچکی تھی اور کہیں بھی رشتہ کیلئے بات پکی نہ ہورہی تھی‘ میں نے اپنے پسندیدہ مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں سے پڑھ کر دو اعمال کرنا شروع کردئیے۔ ایک تھا پرندوں کو ہدیہ کرنے کا عمل وہ اس طرح ہے کہ: اول و آخر تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ ایک مرتبہ سورۂ فاتحہ اور تین مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھ کر جو بھی پرندہ نظر آئے اس کی روح کو اس کا ثواب ہدیہ کردیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ یااللہ اس پرندے کو میرے لیے دعا کرنے پر لگادیں۔ میں یہ عمل دن میں کئی مرتبہ کرتی۔ اس کے علاوہ اسم یَاقَہَّارُ کی صبح وشام گیارہ گیارہ تسبیحات اول و آخر سات مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے اپنے لیے نیک اور صالح جیون ساتھی کیلئے دعا کرتی۔ ابھی یہ عمل کرتے ہوئے مجھے چند ہفتے ہی ہوئے تھے کہ ہماری ایک دور کی رشتہ دار ہمارے گھر تشریف لائیں اور میری والدہ سے اپنے بیٹے کے رشتہ کیلئے بات کی‘ ہمارے گھر والے ان کو بہت اچھی طرح جانتے تھے‘ بس پھر کیا تھا؟ دو مرتبہ ہمارے گھر والے ادھر گئے اور تین سے چار مرتبہ وہ ہمارے گھر آئے‘ سارے معاملات خوش اسلوبی سے طے پاگئے اور 12 اگست کو ہماری منگی اور نکاح اکٹھا ہی بخیروعافیت ہوگیا۔ الحمدللہ!۔ میرے والدین اور میں اتنا اچھا اور نیک رشتہ ملنے پر بہت خوش ہیں۔ ان شاء اللہ نومبر میں میری رخصتی ہے۔ یہ سب ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں دئیے گئے اعمال پڑھنے کی برکت ہے۔ (فاخرہ حبیب‘ گجرات)
مالی حالات کی بہتری اور کلمہ طیبہ کا نصاب
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! امید ہے آپ خیریت سے ہوں گے‘ آپ کا شمارہ ماہنامہ عبقری ہم تقریباً دو سال سے پڑھ رہے ہیں۔ ماہنامہ عبقری بہت ہی اچھا ہے‘ اس سے ہمیں دین اور دنیا دونوں کاموں میں رہنمائی مل رہی ہے۔ اس میں آنے والے وظائف بھی ہم سب گھر والے کرتے ہیں۔ ہمارے مالی حالات دن بدن خراب ہورہے تھے‘ ہم سب گھر والوں نے علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا بتایا کلمہ کا نصاب کرنا شروع کردیا‘ ابھی چند نصاب ہی مکمل ہوئے تھے کہ ہمارے مالی حالات پہلے سے بہت اچھے ہوگئے ہیں۔ میرے والد اور بڑے بھائی کو عمرہ کی سعادت حاصل ہوئی ہے‘ یہ سعادت کلمہ طیبہ کا نصاب پڑھنے کی برکت سے ہی حاصل ہوئی ہے کیونکہ جیسے ہی انہوں نے کلمہ کا نصاب شروع کیا ایک تو کاروباری حالات بہترہونا شروع ہوگئے اور دوسرا عمرہ کیلئے غیبی اسباب پیدا ہونا شروع ہوگئے۔(م۔ش‘ ساہیوال)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں