گزشتہ موسم سرما میں ہمارے شہر سرائے عالمگیر میں کہیں سے ڈاکوئوں کا ایک گروہ گھس آیا۔ انہوں نے شہر میں کئی وارداتیں کیں۔ ہر گھر میں گھستے اور امیر غریب کی پرواہ کیے بغیر سب کچھ چھین لیتے۔ مزید ستم یہ کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے تھے اور بعد میں پتہ چلا کہ پولیس بھی ان سے ملی ہوئی ہے اور باقاعدہ حصہ وصول کرتی ہے۔ سارے شہر کے لوگوں کا سکون غارت ہوگیا۔ ایسا لگتا تھا کہ اب بس اپنی باری کا انتظار ہورہا ہے۔ ہمارا گھر سڑک کے کنارے پر ہے اور سامنے قبرستان ہے اور خوبصورتی کے اعتبار سے آس پاس کے گھروں میں سے سب سے اچھا لگتا ہے۔ ہمارے گھر والے بھی پریشان تھے۔چنانچہ گھر والوں نے ایک رائفل کا بندوبست کیا۔ بندے نے عرض کیا کہ رائفل سے حفاظت نہیں ہوگی بلکہ سارے کوئی عمل کریں کہ اللہ ہماری حفاظت فرمائے اور مشورے کے بعد یہ طے پایا کہ حکیم صاحب کے ارشادہ فرمودہ دو انمول خزانے کا اہتمام کیا جائے۔ اپنی اپنی استطاعت کے مطابق کچھ نہ کچھ پڑھا۔ ایک رات ایسا ہو کہ گھر کی ایک عورت کو گھر کے باہر آہٹ محسوس ہوئی۔ تو اس نے اٹھ کر دوانمول خزانے کا ورد شروع کردیا۔ تھوڑی دیر بعد کتوں کے ایک ہجوم کے بھونکنے کی آواز آنے لگی اور وہ اس قدر زور سے بھونکے کہ گھر والوں کی بھی آنکھ کھل گئی۔ کسی نے کھڑکی ہلکی سی کھول کر آنکھ لگا کر باہر دیکھا تو دس گیارہ آدمیوں کا ایک ٹولہ اسلحہ سے لیس کتوں کے سامنے بدکتا ہوا محسوس ہوا۔ کتے بھونکتے بھونکتے آگے بڑھتے جارہے تھے اور یوں اس رات چوروں سے اللہ نے نجات دی۔ حالانکہ اس گلی میں آج تک اس تعداد میں کتے کبھی دیکھے ہی نہیں گئے۔
دوسری دفعہ چور ساتھ والے گھر کی چھت پر چڑھ گئے تاکہ وہاں سے ہمارے گھر آسکیں۔ پڑوس کی عورت نے دیکھ لیا تو شور مچادیا تو چور فائرنگ کرتے ہوئے بھاگ گئے۔ محلے کے سارے گھروں میں چوری ہوئی مگر صرف دو گھر محفوظ رہے ہم اور ہمارے پڑوسی۔
دو انمول خزانے کے علاوہ رات کو سوتے وقت آیت الکرسی‘ سورۀ فاتحہ اور سورۀ اخلاص پڑھنے کا بھی اہتمام ہے۔
یَامُسَبِّبَ الاَسبَابِ سَبِّب لِیَ الخَیرَ
میری اہلیہ کی ایک عزیزہ ہے مذکورہ بالا ذکر کا عمل مکمل کیا۔ عمل اس طرح کہ روزانہ رات کو 590 دفعہ اس کا اہتمام کیا۔ (اول آخر درود پاک 11 مرتبہ) یہ گیارہ دن کا عمل ہے۔ اس عمل کو مکمل کرنے کے بعد جب بھی کوئی مشکل آن پڑی کوئی پریشانی لاحق ہوئی تو اول آخر گیارہ دفعہ درود پاک کے ساتھ سات دفعہ اس ورد کو کیا تو اللہ نے پریشانی سے نجات عطا فرمائی اور مصیبت کو ٹال دیا۔
حضرت ابودردا رضی اللہ عنہ کی دعااور جھگڑا ( منصورہ سلطانہ‘ لالہ موسیٰ)
ایک آدمی کے گھر میں اکثر کسی نہ کسی بات سے لڑائی رہتی تھی۔ گھر میں دو تین فرد ایسے تھے کہ شاید ان کو لڑائی میں مزہ آتا تھا۔ بات تکرار کے بعد ہاتھا پائی تک پہنچ جاتی تھی۔ گھر کی ایک عورت دو انمول خزانے سے واقف تھی ایک دن لڑائی شروع ہوئی۔(یہ عورت مجبوری کے ایام میں تھی) اس لیے دو انمول خزانہ میں سے صرف دعائے ابودردا رضی اللہ عنہ (اَللّٰھُمَّ اَنتَ رَبِّی لَااِلٰہَ اِلَّا اَنتَ....(مکمل) پڑھنا شروع کردی اس دعا کی برکت سے لڑائی آگے نہ بڑھ سکی اور فریقین بہت جلد خاموش ہوگئے۔ یہ عورت کہتی ہے کہ جب بھی ایسے لڑائی ہوتی ہے میں صرف یہ دعا پڑھنا شروع کردیتی ہوں اور اللہ تعالیٰ کسی بہانے سے ٹال دیتے ہیں۔
Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 998
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں