حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا ارشاد ہے کہ کسی مسلمان کو زیبا نہیں کہ تلاش رزق میں بیٹھ جائے اور دعا کرے کہ اے اللہ مجھے رزق دے۔ تم جانتے ہو کہ آسمان سے سونا چاندی نہیں برستا‘ اس لیے اپنے رزق کو تلاش کرکے حاصل کیا کرو۔
کتابت رزق حلال ہے
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے کتابت قرآن مجید کے متعلق پوچھا گیا تو فرمایا کوئی مضائقہ نہیں‘ کیونکہ وہ الفاظ کی صورتیں بناتے ہیں اور بے شک وہ اپنے ہاتھوں کی کمائی کھاتے ہیں۔ (رزین)
رزق کی قدر کرو
حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا فرمان ہے کہ رزق کی قدر کرو‘ اللہ اس میں برکت دے گا۔ اللہ کے دئیے ہوئے رزق میں سے پاک صاف رزق کھائو اور اسی پر بھروسہ رکھو۔
رزق کی تلاش
حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا ارشاد ہے کہ کسی مسلمان کو زیبا نہیں کہ تلاش رزق میں بیٹھ جائے اور دعا کرے کہ اے اللہ مجھے رزق دے۔ تم جانتے ہو کہ آسمان سے سونا چاندی نہیں برستا‘ اس لیے اپنے رزق کو تلاش کرکے حاصل کیا کرو۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ کا ارشاد
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا ارشاد ہے کہ جہاں سے اجل آتی ہے وہیں سے رزق آتا ہے۔ صدقے کے ذریعے اپنے رزق کو اتارو۔ ایک اور مقام پر ارشاد فرمایا کہ اے فرزند آدم! آنے والے دن کی فکر نہ کر کیونکہ اس دن اگر تیری زندگی ہے تو خدا تیرا رزق بھی اسی کے ساتھ لائے گا۔
رزق دو طرح کا ہے
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ رزق دو طرح کا ہوتا ہے۔ طالب اور مطلوب‘ جو دنیا کو طلب کرتا ہے اس کو موت ڈھونڈتی ہے۔ یہاں تک کہ وہ دنیا سے نکل جاتا ہے اور جو آخرت کو تلاش کرتا ہے اسے دنیا ڈھونڈتی ہے حتیٰ کہ اس کی روزی اسے مل جاتی ہے۔
محتاجوں کی روزی
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ خدا نے سرمایہ داروں کے مال میں محتاجوں کی روزی رکھی ہے اگر کوئی فقیر بھوکا رہتا ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ دولت مند نے اسے محروم رکھا۔ خدائے بزرگ ان لوگوں سے اس کا جواب طلب کرےگا۔
کسب معاش میں اچھا راستہ
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ترغیب دی ہے کہ اللہ دنیا سے جو کچھ دے وہ لے لو۔ جو تم سے منہ پھیرے تم بھی ادھر نہ دیکھو۔ اگر یہ نہ کرو تو کسب معاش میں اچھا راستہ اختیار کرو۔
اللہ کی راہ کا اصول
حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا ارشاد ہے کہ جس شخص کو اللہ تعالیٰ جتنا زیادہ رزق عطا فرمائے اسے چاہیے کہ اللہ کی راہ میں اتنا ہی زیادہ رزق استعمال میں لائے۔
حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی نصیحت
حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے لوگوں کو نصیحت کی کہ لوگوں اللہ تعالیٰ سے ڈرو اور کثرت رزق کے فتنے میں پڑنے سے اپنے آپ کو بچائو۔ حقیقتاً دنیا اور دنیا کی دولت بیکار ہے۔
فکر روزی پر حضرت علی رضی اللہ عنہ کا قول
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کیا خوب فرمایا: (اے انسان) تو اللہ تعالیٰ کا رزق غیراللہ سے طلب کرتا ہے اور انجام کے خوف سے بے فکر ہے۔
تو ایک صراف یعنی دنیا دار‘ اگرچہ وہ مشرک ہو‘ کی ضمانت پر راضی ہے اور اللہ تعالیٰ کو ضامن ماننے پر راضی نہیں ہے۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا طرز عمل
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ زندگی کے اعمال و فرائض میں پاک روزی حاصل کرنے اور سچ بولنے کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ اگر کوئی عابد اس قدر عبادت کرے کہ اس کی پیٹھ مثل کمان کے جھک جائے اور اس قدر روزے رکھے کہ مانند تیر کے لاغر ہوجائے۔ قسم ہے اللہ رب العزت کی کہ نہ نفع دیگی اس کو اس قدر عبادت اور مشقت‘ جب تک کہ وہ حلال روزی تلاش نہ کرے اور جب تک وہ سچ بولنا اختیار نہ کرے۔ سوچنے کی بات یہ ہے کہ وہ شخص کس قدر فریب کار ہے جو لوگوں کو دکھانے کیلئے عبادت کرتا ہے اور مکروفریب اور جورو ستم کے ساتھ روزی حاصل کرتا ہے اور صبح سے شام تک بے دریغ جھوٹ بولتا ہے۔ کیا ایسے شخص کو کسی وقت بھی رضائے حق‘ اخلاص‘ لطافت‘ طبع‘ رقت قلب‘ لطافت روح اور اثر پذیری کی نعمت حاصل ہوسکتی ہے اور کیا اس شخص کی پندو موعظت‘ تعلیم و تربیت اور ارشاد و ہدایت میں کوئی اثر پیدا ہوسکتا ہے؟
Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 004
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں