Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

روحانی بیماریوں کا روحانی علاج

ماہنامہ عبقری - فروری 2012

 

(قارئین! جب دینی زندگی پر خزاں آتی ہے تو بے دینی اور کالی دنیا کا عروج ہوتا ہے۔ اگر آپ کسی کالی دنیا، کالی دیوی یا کالے جادو سے ڈسے ہوئے ہیںتو لکھیں ہم قرآن و سنت کی روشنی میں اس کا حل کریںگے۔ جس کا معاوضہ دعا ہے۔ براہِ کرم لفافے میں کسی قسم کی نقدی نہ بھیجیں ۔توجہ طلب امور کے لئے پتہ لکھاہوا ، جوابی لفافہ ہمراہ ارسال کریں صفحے کے ایک طرف لکھیں۔خطوط لکھتے ہوئے اضافی گوند یا ٹیپ نہ لگائیں ۔خط کھولتے وقت پھٹ جاتاہے۔ رازداری کا خیال رکھا جائے گا۔ کسی فرد کا نام اور کسی شہر کا نام یا مکمل پتہ خط کے آخر میں ضرور لکھیں۔ جسمانی مسئلے کے لئے خط علیحدہ ڈالیں )

 

پسند کی شادی

میں ایک لڑکی کو پسند کرتا ہوں اور اس سے شادی کرنا چاہتا ہوں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے ہاں شادیاں خاندان ہی میں ہوتی ہیں۔ والدین نے میری بھی منگنی کردی ہے لیکن صرف زبانی بات طے ہوئی ہے۔ باقاعدہ رسم نہیں ہوئی۔ میں نے والدہ سے اپنی مرضی کا اظہار کیا تو انہوں نے صاف انکار کردیا کہ وہ کسی صورت غیرخاندان کی لڑکی کو بہو نہیں بنائیں گی۔ میں نے لڑکی سے کورٹ میرج کرنے کو کہا تو اس بات پر وہ راضی نہیں۔ کہتی ہے کہ میرے خاندان اور گھر والوں کی عزت کا سوال ہے۔ کوئی وظیفہ بتائیے کہ میری شادی پسند کی لڑکی سے ہوجائے۔ (خالد حسین‘ کراچی)

جواب: آپ کیلئے بہتر یہی ہوگا کہ کوئی وظیفہ وغیرہ پڑھنے کی بجائے آپ اپنے والدین کی منتخب کی ہوئی لڑکی ہی سے شادی کرلیں کیونکہ اگر دعائوں اور وظیفوں کے بعدآپ کی پسند کی لڑکی سے شادی ہو بھی گئی تب بھی اس لڑکی کو آپ کے گھر میں وہ عزت و احترام نہ مل سکے گا جس کی وہ مستحق ہے۔ آپ فجر کی نماز کے بعد ایک بار یٰسین شریف پڑھ کر دعا کریں کہ جس لڑکی کا رشتہ بھی بہتر ہو‘ اس سے آپ کی شادی ہوجائے۔

 

حاضری کی آرزو

میری شدید خواہش ہے کہ میں بھی حضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم کے روضہ پر حاضری دوں‘ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں نمازیں ادا کروں مگر گھریلو حالات اس خواہش کی تکمیل کی اجازت نہیں دیتے۔ شوہر بیمار رہتے ہیں‘ بیٹا کوئی ہے نہیں چار بیٹیاں ہیں وہ بھی غیرشادی شدہ.... مجھے کوئی دعا بتادیں کہ میرے لیے کوئی ایسا سبب پیدا ہوجائے کہ میں بھی درحبیب صلی اللہ علیہ وسلم کی چوکھٹ پر سر ٹیک سکوں۔ (حمیرا اشرف‘ چیچہ وطنی)

جواب: آپ درود شریف کی کثرت کریں‘ اس کی برکت سے انشاءاللہ آپ کی دلی مراد بہت جلد پوری ہوجائیگی۔

 

رزق میں کشادگی

میں ایک فیکٹری ملازم ہوں پہلے تو گزر بسر اس آمدنی میں ہوجاتی تھی مگر اب مہنگائی کے سبب خاصی پریشانی رہتی ہے۔ میں کسی جگہ پارٹ ٹائم جاب کرنا چاہتا ہوں مگر وہ بھی نہیں ملتی۔ رزق میں کشادگی کیلئے کوئی دعابتادیں۔ (محمد علی‘ راولپنڈی)

جواب: آپ مغرب کی نماز کے بعد اول آخر درود شریف کے بعد ایک بار سورہ واقعہ پڑھ کر دعا کیا کریں۔

 

شادی سے پہلے اختلافات

میں ایک لڑکے سے بہت محبت کرتی ہوں‘ وہ بھی مجھ سے محبت کرتا ہے۔ تقریباً ایک سال قبل اس کی والدہ اور دو بہنیں مجھے دیکھنے آئیں۔ اس کے بعد اس کے گھر والوں نے ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ لڑکے کی والدہ کی گفتگو سے اندازہ ہوا تھا کہ جیسے وہ رشتہ کرنے نہیں آئیں بلکہ اپنے بیٹے کو بہلانے کیلئے مجبوراً آگئی ہیں۔ میں نے لوگوں کے بتائے ہوئے بہت سے وظیفے اس لڑکے کیلئے پڑھے مگر اس پر اثر نہیں ہوا۔ براہ کرم کچھ پڑھنے کو بتائیے جس سے جلد اس کی والدہ راضی ہوجائیں۔ اس کی والدہ کا دل تو پتھر کا ہوگیا ہے۔ (ش۔ا۔کراچی)

جواب: لڑکے کے گھر والے ایک سال قبل آپ کو دیکھنے آئے۔ اس کے بعد ان کی طرف سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ لڑکے کی والدہ اور بہنوں نے آپ کو ناپسند کردیا ہے۔ شادی سے پہلے ہی اگر اختلافات سامنے آجائیں تو پھر ایسی شادی کبھی کامیاب نہیں ہوتی‘ خواہ اس کیلئے آپ کتنے ہی وظیفے پڑھ لیں‘ چلے کاٹ لیں۔ ویسے آپ اپنے دل کی تسلی کیلئے روزانہ تہجد کے بعد ایک تسبیح سورہ اخلاص پڑھ کر دعا مانگا کیجئے۔ اگر اس کا ساتھ آپ کے نصیب میں ہوگا تو بہتری کی کوئی نہ کوئی صورت نکل آئے گی۔

 

اولاد کی خواہش

میں سرکاری ملازم ہوں‘ بظاہر ہماری پُرسکون اور خوشحال زندگی ہے لیکن اولاد سے محرومی کے باعث مایوسی اور ناامیدی کی دلدل میں پھنس کر رہ گیا ہوں۔ شادی کو بھی دس سال گزر چکے ہیں‘ بظاہر امید بھی نظر نہیں آتی۔ ڈرتا ہوں کہ کہیں لاوارث نہ رہ جائوں‘ تب میرا روپیہ پیسہ جائیداد بھلا کس کام کی۔ یہی سوچ سوچ کر ڈیپریشن کا مریض بن کر رہ گیا ہوں۔ عمر کے ساتھ ساتھ میری ناامیدی بھی بڑھتی جارہی ہے۔ براہ کرم کوئی دعا‘ کوئی وظیفہ بتائیے جس سے میری بھی امید بَر آئے۔ (فرقان علی‘ نوڈیرو)

جواب: آپ اور آپ کی بیگم عشاءکی نماز کے بعد اول آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف پڑھ کر سورة الانبیاءکا رکوع نمبر6‘ اکیس بار پڑھ کر دعا مانگیں۔ یہ عمل کم از کم تین ماہ تک کیا جائے۔ یہ حضرت زکریا علیہ السلام کی دعا ہے۔ (دعا قرآن پاک میں دیکھ لیں۔) اس دعا کا ترجمہ یہ ہے: ” اور زکریا علیہ السلام کا ذکر کیجئے۔ جب انہوں نے اپنے رب کو پکارا۔ اے میرے رب مجھے لاوارث نہ چھوڑ (اور یوں تو) سب وارثوں سے بہتر اور حقیقی وارث آپ ہی ہیں۔“

 

خراب عادتوں سے چھٹکارا

دولت‘ روپے پیسے کی فراوانی‘ عیش و عشرت کی زندگی‘ لوگ ان چیزوں کی تمنا کرتے ہیں اور ان کے حصول کیلئے ہرجائز و ناجائز طریقہ اپناتے ہیں۔ مجھے یہ سب کچھ حاصل ہے مگر یہی چیزیں میرے لیے سوہانِ روح بن کر رہ گئی ہیں۔ شراب، جوا اور عورت.... یہ تکون ان کی زندگی کا محور ہے۔ میں سیدھی سادھی گھریلو عورت ہوں۔ شادی سے پہلے کبھی ایسے ماحول سے واسطہ نہیں پڑا۔ اب جب ایسی تقریبات میں جانا پڑتا ہے تو میں بے حد پریشان ہوجاتی ہوں۔ اس ماحول میں خود کو ایڈجسٹ نہیں کرپاتی۔ میں چاہتی ہوں کہ میاں صاحب اپنی خراب عادتیں ترک کردیں۔

جواب: آپ کے شوہر جس ماحول میں رہ رہے ہیں اسے آسانی سے ترک نہیں کرسکتے۔ دولت کی فراوانی اور آزادی انسان کو بھٹکا ہی دیتی ہے۔ آپ پانچوں وقت کی نماز باقاعدگی سے ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد اول آخر تین تین بار درود ابراہیمی پڑھ کر سورہ اعلیٰ کی آیت نمبر ایک گیارہ بار پڑھ کر دعا کریں۔ اس آیت کا ترجمہ یہ ہے:” بے شک بامراد ہوگیا وہ شخص جو برے اخلاق سے پاک ہوگیا اور اپنے رب کا نام لیتا رہا اور نماز پڑھتا رہا“ شوہرصاحب جب سوجائیں تو ان کے سرہانے کی طرف کھڑی ہوکر سورہ مائدہ کی آیت نمبر 90 تین مرتبہ اتنی آواز سے پڑھیں کہ سونے والے کی نیند خراب نہ ہو۔ یہ عمل نوے دن تک کریں۔ جن دنوں عمل نہ کرسکیں وہ دن بعد میں پورے کرلیں اس عمل سے شوہر کی بری عادتیں کسی حد تک ختم ہوجائیں گی۔ (فرزانہ شاہ‘ کوئٹہ)

 

سوتے میں بولنے کی عادت

میرا پندرہ سال کا بیٹا عجیب و غریب عادت میں مبتلا ہے۔ وہ سوتے میں خود سے باتیں کرتا رہتا ہے اور خوب زور زور سے۔ میں اس کی وجہ سے بے حد پریشان ہوں کیونکہ اس طرح سوتے میں وہ تمام باتیں بھی کرتا رہتا ہے جو گھرمیں ہوتی رہتی ہیں۔ ابھی تو خیر بچہ ہی ہے لیکن پانچ چھ سال بعد بھی اگر اس کی یہی کیفیت رہی تو بڑا مسئلہ ہوجائے گا۔

جواب: آپ آیة الکرسی روزانہ صبح سورج نکلنے سے پہلے ایک بار پڑھ کر پانی پر دم کریں اور بیٹے کو جب بھی پانی دیں یہی پانی دیں۔

 

آسیب کا اثر

میں شادی شدہ اور پُرسکون زندگی گزار رہی تھی‘ صحت بھی ٹھیک ٹھاک تھی مگر گزشتہ چند ماہ سے میری طبیعت خراب رہنے لگی ہے بظاہر کوئی بیماری نہیں لیکن اچانک بیٹھے بیٹھے مجھے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے میرے جسم پر منوں بوجھ لاد دیا گیا ہو میں ہلنے جلنے سے بھی مجبور ہوجاتی ہوں‘ دل تیزی سے دھڑکنے لگتا ہے اور یوں لگتا ہے جیسے سانس بند ہورہی ہو۔ ڈاکٹرز سے باقاعدہ چیک اپ کرایا۔ ان کو میرا مرض مرض نہیں لگتا۔ وہ کہتے ہیں کہ آپ جسمانی طور پر بالکل ٹھیک ہیں۔ آپ کو صرف وہم ہے۔ ڈاکٹری علاج سے مایوس ہوکر میں نے روحانی علاج پر توجہ دی۔ ایک صاحب نے کہا کہ مجھ پر آسیب کا اثر ہے۔ انہوں نے آسیب بھگانے کے بڑے جتن کیے۔ کئی ہفتوں تک ان کے آستانے پر حاضری دیتی رہی۔ جہاں وہ انگیٹھی میں کوئلے جلا کر لوبان اور پتہ نہیں کیا کیا جڑی بوٹیاں ڈال کر مجھے اس کے سامنے بٹھا کر دھونی دیتے‘ ساتھ میں کچھ عمل بھی پڑھتے جاتے۔ اس سے میری حالت سنبھلنے کی بجائے اور بگڑتی گئی لہٰذا مجبور ہوکر میںنے وہاں جانا چھوڑ دیا۔ اس حالت میںنماز اور تلاوت بھی نہیں ہوپاتی۔ ذہن میں عجیب و غریب خیالات آتے رہتے ہیں کبھی تو یوں لگتا ہے کہ جیسے میں کسی اندھیرے کنویں میں اتر رہی ہوں۔

جواب: آپ اپنے ذہن سے یہ بات نکال دیں کہ آپ پر سایہ ہے یا کسی بدروح کا اثر ہے۔ اگر اثر ہے تو صرف یہ کہ آپ نے اپنی غذا میں نمک اور کھٹی اشیاءاور گرم مصالحوں کا استعمال زیادہ کیا ہے جس کی وجہ سے جسمانی اور طبعی بے اعتدالی پیدا ہوگئی ہے لہٰذا پہلا کام تو یہ کریں کہ مندرجہ بالا چیزوں کا استعمال کم سے کم کردیں۔ اس کے علاوہ صبح و شام تین تین بار سورة الفلق‘ سورة الناس اور تین بار آیة الکرسی پڑھ کر پانی پر دم کریں اور دن بھر اسی پانی کو پئیں۔ وضو بے وضو جتنا بھی ہوسکے۔ یَاسَلَامُ پڑھ کر اپنے اوپر دم کرتی رہیں اس طرح رفتہ رفتہ آپ کی طبیعت میں اعتدال اور سکون آتا جائے گا۔ ہاں نماز کی پابندی کریں‘ دل چاہے نہ چاہے‘ خود پر جبر کرکے جوں ہی اذان ہو نماز کیلئے کھڑی ہوجائیں۔ اگر پوری نماز نہ پڑھ پائیں تو کم از کم فرض تو پڑھ ہی لیں۔

 

صحت اور عبادت

والدہ دائمی مریضہ ہیں‘ سر اور آنکھوں میں شدید درد ہوتا ہے اور تمام جسم پر سوجن رہتی ہے۔ پہلے ان کا شغف عبادت میں بہت تھا اور زیادہ وقت عبادت میں صرف کرتی تھیں لیکن اب ان کا دل اچاٹ ہوگیا ہے اور عبادت کے وقت بھول و نسیان بھی بڑھ گیا ہے۔(عرفانہ انجم‘ لاہور)

 

جواب: یَاحَیُّ قَبلَ کُلِّ شَیئٍ یَاحَیُّ بَعدَ کُلِّ شَیئٍ۔ یہ الفاظ صبح 66 مرتبہ پانی پر دم کرکے پلائیں۔ اسی طرح وَکَانَ البَحرُ مِدَادً الِّکَلِمٰتِ رَبِّی شام کو دم کرکے پلائیں۔ طبیب کی ہدایت کے مطابق دوا کے ساتھ ساتھ غذا کا پرہیز بھی پورا کیا جائے۔ کسی قسم کا وظیفہ یا ورد وغیرہ نہ پڑھیں۔ صرف نماز ادا کریں۔ انشاءاللہ شفائے کامل حاصل ہوگی۔

 

میاں بیوی اور گھر

شادی کو عرصہ بیت گیا ہے اور صاحب اولاد ہوں لیکن شوہر نے اول روز سے لیکر آج تک میرے وجود کو اہمیت نہیں دی۔ دفتر سے گھر آتے ہیں تو افراد خانہ خوفزدہ ہوجاتے ہیں۔ بس اپنی دانست میں ان کا ہر طرح کا خیال رکھتی ہوں لیکن اکثر اوقات ان کا طرز عمل ایسا ہوتا ہے کہ کوئی عورت اسے آسانی سے برداشت نہیں کرسکتی۔ غیرافراد کے سامنے میری خامیاں نکال کر خوش ہوتے ہیں۔ (افشاں افضل‘ راولپنڈی)

جواب: رات کو سونے سے پہلے بِسمِ اللّٰہِ اَلوَاسِعُ جَلَّ جَلَالَہ اکتالیس بار پڑھ کر ہاتھ پر دم کرلیں اور ہاتھ چہرے پر پھیر لیا کریں۔ آپ کا یہ فرض ہے اسے بخوبی پورا کردیں۔ اس سے نہ صرف گھریلو نظام کی بہتری ہوگی بلکہ اولاد کو بھی فائدہ ہوگا بصورت دیگر نقصانات زیادہ ہوں گے۔ انشاءاللہ آپ کا عمل رائیگاں نہیں جائیگا۔

 

عمل کی قوت

میں سخت دماغی کشمکش میں مبتلا ہوں ہم بہن بھائیوں کو والد بہت چاہتے ہیں۔ شاید زیادہ چاہنے سے دماغی طور پر بالیدگی حاصل نہیں ہوئی اور دماغ الٹے سیدھے خیالات کی آماجگاہ بنا رہتا ہے۔ بھائی بہن تعلیم کے معاملے میں ناکامی سے ہمکنار ہوئے۔ والد کو اس سے صدمہ ہوا۔ چاہتی ہوں کہ میری طرف سے والد کو دلی صدمہ نہ ہو۔ اللہ سے دعا کرتی ہوں کہ وہ میرے دماغ کو روشن و بیدار کردے کیونکہ میرا ارادہ عمل بہت کمزور ہے۔(رومانہ جاوید‘ کراچی)

جواب: آپ کا یہ خیال کہ والد کے زیادہ چاہنے سے ذہنی نشوونما پر منفی اثر پڑا‘ غلط فہمی پر مبنی ہے۔ اس طرح کی تمام باتوں سے ذہن ہٹا کر تعلیم کی طرف توجہ دیں۔ اگر آپ صرف سوچتی رہیں تو عملی طور پر پیچھے رہ جائیں گی۔ زیادہ تفکرات کی وجہ سے دماغی توانائی ضائع ہوتی ہے اور آدمی کے اندر عملی قوت کا فقدان ہوجاتا ہے۔ آپ روزانہ صبح و شام بسم اللہ الرحمن الرحیم کی ایک تسبیح پڑھیں اول آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف کے ساتھ۔انشاءاللہ آپ کے متام مسائل بہت جلد حل ہوجائیں گے۔

Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 735 reviews.