Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

روحانی بیماریوں کا روحانی علاج

ماہنامہ عبقری - ستمبر 2012ء

دل و دماغ پر بوجھ
دل و دماغ پر ایک بوجھ سا رہتا ہے طبیب ذہنی سکون کی گولیاں تجویز کرتے ہیں‘ سرکاری ملازمت کرتا ہوں‘ دفتر میں کوئی شخص میری بات نہ مانے تو سربھاری ہوجاتا ہے اور جھٹکے سے لگتے ہیں‘ دماغی کیفیات قابو سے باہر ہوجاتی ہیں‘ طرح طرح کے خیالات ذہن پر یلغار شروع کردیتے ہیں سارا دن دماغی الجھن میں گزرجاتا ہے۔ آج سے دس برس قبل میں بالکل ٹھیک تھا لیکن پھر اس کیفیت کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی زمانے میں اور پھر بعد میں بعض گھریلو الجھنوں کا سامنا کرنا پڑا کبھی سوچتا ہوں کہ یہ سب کچھ میری وجہ سے ہوا ہے اور کبھی جادو و سحر کا خیال آتا ہے لوگوں سے اچھی طرح ملنے کی کوشش کرتا ہوں لیکن ذہنی دباؤ مجھے متوازن نہیں رکھتا۔ لوگوں سے اس طرح بات کرتا ہوں جیسے جذبات سے عاری کوئی شخص بات کرتا ہے خود کو تبدیل کرنا چاہتا ہوں لیکن تاحال کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔  (سہیل سرور‘ قصور)

جواب: صبح سورج نکلنے سے پہلے باوضو ہوکر یہ عمل کریں۔ ایک لوٹے یا گلاس میں پانی لے کر کسی کیاری یا گملے کے قریب بیٹھ جائیں چلو بھر پانی لیں ایک مرتبہ یَاوَدُوْدُ پانی پر دم کرکے پانی اس طرح ناک کے نتھنوں میں داخل کریں جیسے وضو کرتے وقت کیا جاتا ہے پانی اتنا داخل کریں کہ ناک کی جڑوں تک اوپر چلا جائے۔ پھر اس پانی کو کیاری یا گملے میں گرا دیں اس عمل کو سات مرتبہ کریں۔ رات کو سونے کیلئے لیٹیں توآنکھیں بند کرکے تصور کریں کہ بند آنکھوں سے آپ آسمان کو دیکھ رہے ہیں۔ اس تصور کو قائم رکھیں یہاں تک کہ نیند آجائے۔ اول الذکر عمل کو تین ہفتے اور آسمان کے تصور پر کم ازکم دو ماہ تک عمل کیا جائے انشاء اللہ جن ذہنی الجھنوں کا آپ نے تذکرہ کیا ہے وہ بہت جلد دور ہوجائیں گی۔
شدید خوف

غیر اہم اور اہم خیالات ذہنی الجھن بن جاتے ہیں پوری رات انہی خیالات میں کروٹیں بدل کر گزار دیتا ہوں‘ نیند آنکھوں سے کوسوں دور رہتی ہے‘ روز بروز قلبی اورجسمانی طور پر انحطاط سے دوچار ہوں۔ خوف کی یہ حالت ہے کہ قبرستان کے پاس سے گزرتے ہوئے دل تیز دھڑکنے لگتا ہے اور حلق میں کانٹے پڑجاتے ہیں محسوس ہوتا ہے کہ میرا کوئی واقف اس جگہ دفن ہے اور میں بھی جلد اس جگہ آنے والا ہوں۔ مختصر کہ ذہنی پریشانی اور جسمانی کمزوری کی منہ بولتی تصویر بن گیا ہوں امید کہ رہنمائی اور مشورے سے نوازیں گے۔(شفیق اکرم‘ راجن پور)
مشورہ: آپ پانچ وقت نماز کی پابندی لازمی کریں اور ہرنماز کے بعد ایک تسبیح استغفار اور ایک تسبیح درود شریف کی لازمی پڑھیں اور دیگر اوقات میں زیادہ سے زیادہ یَااَللہُ یَارَحْمٰنُ کا ورد کرتے رہا کریں۔ انشاء اللہ بہت جلد آپ کی یہ کیفیت ٹھیک ہوجائے گی۔
ناکامی ہی ناکامی

میں ایک دینی ادارے میں درس و تدریس کا کام کرتی ہوں‘ نماز کی پوری طرح پابند ہوں‘ لیکن مجھ مین اتنی صلاحیت اور طاقت نہیں کہ خواتین کے سامنے کھڑے ہوکر تقریر کرسکوں یا دین کی باتیں انہیں بتاسکوں۔ تقریر کرتے ہوئے دل میں کچھ ہوتا ہے اور زبان سے کچھ اور نکلتا ہے۔ الفاظ پر کنٹرول کھو بیٹھتی ہوں۔ گھبراہٹ اور پریشانی میں کانپنے لگ جاتی ہوں۔ کسی پر میرا اثر اور رعب طاری نہیں ہوتا۔ میری طبیعت تیزی اور چستی سے بھی محروم ہے جس سے بھی دوستی ہوتی ہے وہ مجھ سے دور ہوجاتی ہے۔ بہت کچھ بننے کا ارادہ رکھتی ہوں لیکن ناکامی کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آتا۔ (ثمینہ‘ کراچی)
جواب: رات کو سونے کیلئے لیٹیں تو وضو کرلیں۔ پشت کے بل لیٹ کر آنکھیں بند کرلیں اور اندازاً پانچ منٹ تک اس آیت کریمہ کو ذہن میں پڑھتی رہیں۔ انما امرہ (سے لے کر ) لہ کن فیکون تک۔ (سورۂ یٰسین) بعدازاں یہ تصور کریں کہ بند آنکھوںکے سامنے ایک سیاہ رنگ کا پردہ ہے اس پردے پر تصور کی قوت سے نورانی حروف میں بار بار یَافَتَّاحُ لکھتی رہیں۔ جس طرح قلم الفاظ لکھتا ہے اسی طرز پر ذہن کی قوت سے اسم یَافَتَّاحُ کو لکھتی رہیں۔ اندازاً دس منٹ کے عمل کے بعد سوجائیں۔ پہلے سات دن یہ عمل کرکے نتائج ملاحظہ کریں پھر مزید سات دن یہ عمل کریں۔ اگر ضرورت محسوس ہو تو دنوں کی تعداد بڑھا کر اکیس دن کردی جائے۔ اس عمل کے نتائج سے بذریعہ خط راقم کو مطلع کریں۔ انشاء اللہ تمام معاملات میں آپ کی خوابیدہ قوتیں متحرک ہوجائیں گی۔ تاہم چند باتیں مدنظر رکھیں۔ کسی پر رعب ڈالنے یا اثر ڈالنے کا خیال دل میں نہ لائیں جو باتیں آپ کہنا چاہتی ہوں ان کا مجموعی خلاصہ ذہن میں رکھیں اور ٹھہر ٹھہر کر اطمینان کے ساتھ بیان کریں۔
والد صاحب کا مسئلہ

والد صاحب کو عرصہ دو سال سے دورہ سا پڑتا ہے‘ اچانک کھڑے یا بیٹھے گرجاتے ہیں اور اس طرح تڑپنے لگتے ہیں جیسے کوئی پرندہ پھڑپھڑاتا ہے ایک گھنٹہ تک غنودگی کی حالت میں رہنے کے بعد ہوش میں آتے ہیں اور اس وقت ان کا رنگ زرد ہوتا ہے اور شدید کمزوری ہوجاتی ہے حتیٰ الوسع علاج اور دیگر طریقے آزمائے ہیں لیکن حالت بدستور وہی ہے۔ (ابراراحمد‘ لاہور)
جواب: کسی ماہر امراض و دماغ اعصاب سے معائنہ کرانا ضروری ہے تاکہ دورے کی وجہ سامنے آسکے۔ بعدازاں علاج کارگر ہوگا صبح پانی پر یَارَبَّ الرَّحِیْمْ سو مرتبہ دم کرکے پلائیں اور رات کو سونے سے پہلے سر پر تین مرتبہ یَاوَدُوْدُ دم کیا جائے۔ انشاء اللہ مرض کے خاتمے اور صحت میں یہ وظائف ممدومعاون ثابت ہوں گے۔
یوں تو میری زبان……!

میں ایک طالب علم ہوں۔ یوں تو میری زبان روانی سے چلتی ہے لیکن مخصوص حروف صحیح تلفظ کے ساتھ بولنے سے قاصر رہتا ہوں۔ بہت کوشش کرتا ہوں کہ زبان ٹھیک ہوجائے لیکن کامیاب نہیں ہوتا۔ اچانک غلط تلفظ ادا کرنے سے صورتحال مضحکہ خیز ہوجاتی ہے اور لوگوں کے سامنے شرمندگی اٹھانی پڑتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رشتہ داروں اور دوستوں سے حتی الامکان دور رہنے کی کوشش کرتا ہوں۔ (روشن‘ راولپنڈی)
جواب: اگر زبان کی ساخت میں کوئی مسئلہ نہیں ہے تو مندرجہ ذیل عمل سے انشاء اللہ ضرور فائدہ ہوگا۔ ایک مرتبہ کھٰیٰعصٓ پڑھ کر ایک کاغذ پر دم کریں اور کاغذ پر بھی حرف لکھ دیں۔ اس کاغذ کو اپنے تکیے کے اندر رکھ دیں۔ خیال رہے کہ آپ کا تکیہ کوئی دوسرا شخص استعمال نہ کرے۔ رات کو سوتے وقت بھی صرف ذہن میں آہستگی سے گیارہ بار دہرائیں اور سوجائیں جب بھی بات کریں رک کر اور آہستگی کے ساتھ کریں تاکہ زبان کی حرکت پر زیادہ سے زیادہ کنٹرول حاصل رہے۔
دماغ جکڑا ہوا ہے

جسمانی پر طور پر کوئی شکایت نہیں لیکن ذہنی یکسوئی ختم ہوکر رہ گئی ہے۔ یوں لگتا ہے جیسے کسی غیبی طاقت نے دماغ کو جکڑ رکھا ہے۔ گھر میں نہ ختم ہونے والے مسائل کا سلسلہ جاری ہے۔ خاندانی رنجشیں بڑھتی جارہی ہیں۔ گھر کا ماحول ایسا ہے کہ بعض اوقات گھر چھوڑ دینے کا خیال آجاتا ہے۔ ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی رائے اور مشورے سے نوازیں۔ (طاہرہ وقاص‘ جہلم)
جواب: آدمی اپنے گردوپیش کو بالکل نہیں بدل سکتا اور نہ قطعی طور پر اس سے لاتعلق ہوسکتا ہے۔ تاہم ان حالات میں اسے چاہیے کہ خود کو تفکرات سے اس طرح دور رکھے کہ اس کی ذہنی توانائی کم سے کم ضائع ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ کا ورد ہر اعتبار سے بہتر ثابت ہوگا۔ زیادہ سے زیادہ پڑھتی رہا کریں۔
عجیب کشمکش

ہمہ وقت دماغی الجھن میں مبتلا رہتی ہوں۔ اچانک مایوسی اور افسردگی طاری ہوجاتی ہے دل نہ پڑھنے کو چاہتا ہے اور نہ کسی کام کی امنگ باقی رہتی ہے کسی سے بات کرنا نہایت برا محسوس ہوتا ہے۔ اکثر مستقبل کے بارے میں سوچتی ہوں اور شدید ناامیدی گھیرلیتی ہے۔ اچانک رونا آجاتا ہے پہلے معمول کی تمام سرگرمیوں میں حصہ لیتی تھی لیکن اب حال برعکس ہے کبھی کوئی ارادہ کرتی ہوں اور کبھی دوسرا منصوبہ دل میں جگہ کرلیتا ہے۔ غرض عجیب کشمکش میں دماغ گرفتار رہتا ہے۔ (غزل‘لاہور)
جواب: انسان کی بنیاد وہم اور یقین پر ہے۔ مذہب کی اصطلاح میں اسی کو شک اور ایمان کہا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ دماغ میں شک کو جگہ دینے سے منع فرماتے ہیں اور ذہن میں یقین کو پختہ کرنے کا حکم دیتے ہیں۔ یہی شک اور یقین ہے جو دماغی خلیوں میں ہمہ وقت عمل کرتا رہتا ہے جس قدر شک کی زیادتی ہوگی اسی ہی قدر دماغی خلیوں میں ٹوٹ پھوٹ واقع ہوگی۔ انہی دماغی خلیات کے زیراثر تمام اعصاب کام کرتے ہیں اور اعصاب کی تحریکات ہی انسانی زندگی ہے۔ جب ذہن پر شک کا غلبہ ہوتا ہے تو آدمی مفروضہ خیالات کو حقیقت کا درجہ دینے لگتا ہے اور یہ خیالات ایسے ہوتے ہیں جن میں شکست و ریخت ہوتی ہے مثلاً عمل کے ضائع ہونے کا خدشہ‘ مستقبل کے متعلق ناامیدی وغیرہ۔ ان تمام باتوں کو بیان کرنے کا مقصد یہ ہے کہ آپ اپنے خیالات میں شک کو زیادہ سے زیادہ دور کرتے ہوئے یقین کو بیدار کریں مستقبل کے متعلق اندیشوں کو قطعی طور پر ذہن سے دور کردیں۔ کسی ایک کام کا ارادہ کریں تو اس کے علاوہ کسی دوسری طرف دھیان نہ دیں۔ نماز کی پابندی کریں اور نمازفجر اور نمازعشاء کے بعد اکیس اکیس مرتبہ سورۂ فاتحہ پڑھ کر اپنے قلب پر دم کردیا کریں انشاء اللہ بہت جلد دماغی کشمکش ختم ہوجائے گی۔
ایک وہم……

میری عمر سولہ سال ہے اور جماعت دہم کا طالب علم ہوں‘ حالت ایسی ہے کہ کچھ نہیں کرسکتا‘ تمام جسم درد کرتا ہے اور جسم میرے ارادوں کا ساتھ نہیں دیتا ہر وقت اپنی بیماری کے متعلق سوچتا رہتا ہوں‘ خیال آتا ہے کہ شاید اب زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھوں گا ایک وہم میرے دماغ سے چمٹ کر رہ گیا ہے دوست میرا مذاق اڑاتے ہیں جسم کی ہڈیاں نظر آتی ہیں دل گھبراتا ہے اور ہاتھ پاؤں ٹھنڈے ہوجاتے ہیں علاج کرارہا ہوں۔ (عثمان فاروق‘ ملتان)
جواب: رات کو ایک وقت مقرر کرکے بیٹھ جائیں پانچ منٹ تک ان الفاظ کو پڑھیں اَلْعَظْمَۃُ لِلہِ مَافِی السَّمٰوَاتِ بعدازاں دس منٹ تک خاموش بیٹھے رہیں اس عمل کو کم از کم دوماہ تک کیا جائے۔ علی الصبح پانی پر اکتالیس بار الٰرٰ تِلْکَ اٰیٰتُ الْکِتَابِ الْمُبِیْنِ اَلرَّحِیْمْ اَلرَّحِیْمْ اَلرَّحِیْمْ یَااَللہُ یَاحَفِیْظُ دم کرکے پی لیا کریں۔ یہ عمل نوے دن تک کیا جائے علاج اور وظیفہ روحانی سے انشاء اللہ آپ کی ذہنی و جسمانی صحت بحال ہوجائے گی۔
ڈراؤنے خواب

بچی کی پیدائش کے ایک ماہ بعد پڑوس میں کسی کے انتقال پر تعزیت کیلئے چلی گئی اس کے بعد سے میری حالت بہت خراب ہے‘ رات کو نیند نہیں آتی اور ڈراؤنے خواب دکھائی دیتے ہیں‘ ہروقت یہ خیال رہتا ہے کہ میں مرنے والی ہوں‘ کھانا کھانے کو بالکل دل نہیں چاہتا‘ بہت کمزور ہوگئی ہوں‘ گھر کا نظام تہہ وبالا ہوگیا ہے شوہر میری طرف سے بہت پریشان رہتے ہیں۔(عائشہ خان‘ لاہور)
جواب: کسی ماہر امراض نسواں سے اپنا معائنہ کرائیں اور ان کی ہدایت پر عمل کریں‘ صبح اور رات کو پانی پر یَااَللہُ یَارَحِیْمُ یَامُرِیْدُ سو سو مرتبہ دم کرکے پیا کریں انشاء اللہ تمام حالات و کیفیات ختم ہوجائیں گی۔
توانائی سے محروم

دو سال سے ذہنی دباؤ میں مبتلا ہوں۔ خیالات میں ثقل غالب رہتا ہے۔ خاص طور پر صبح بیدار ہونے کے بعد شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ذہنی و جسمانی توانائی کے زیاں سے صحت دن بدن گرتی جارہی ہے۔ جسم میں خون کی کمی ہے اور جسم توانائی سے محروم دکھائی دیتا ہے۔ دوست میرا مذاق اڑاتے ہیں جس سے میری ذہنی اذیت میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔ (مختار احمد‘ بہاولپور)
جواب: ہر نماز کے بعد گیارہ مرتبہ یَاسَلَامُ اَلْمُھَیْمِنُ اَلْقُدُّوْسُ پڑھ کر ہاتھوں پر دم کریں اور ہاتھ چہرے پر پھیر لیا کریں۔ اس ورد کو آنکھیں بند کرکے پڑھیں اور ذہن میں الفاظ کو واضح اور الگ الگ دہرائیں۔ نمازفجر کے بعد کسی کھلی جگہ چہل قدمی کریں۔ ذہن کو تمام خیالات سے خالی کرکے آہستگی کے ساتھ سانس اندر لیں اور باہر نکالیں۔ اس عمل کو مستقل کرتے ہوئے ذہن میں  یَاحَفِیْظُکا ورد جاری رکھیں۔ بعدازاں پانی پر اکیس مرتبہ الٰرٰ تِلْکَ اٰیٰتُ الْکِتَابِ الْمُبِیْنِ اَلرَّحِیْمْ اَلرَّحِیْمْ اَلرَّحِیْمْ یَااَللہُ یَاحَفِیْظُ  دم کرکے پی لیا کریں۔

Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 188 reviews.