معدہ خراب ہے
آج سے چند سال پہلے میرے معدے میں درد ہوا تھا جو اب بھی ہوتا ہے۔ اگر چاول‘ نان‘ سموسے یا پکوڑے کھالیتی ہوں تو آدھی رات کو درد شروع ہوجاتا ہے حلق میں انگلی ڈال کر قے کرتی ہوں تو سب کچھ نکل جاتا ہے پھر معدے کے مقام پر گرم استری سے سینکتی ہوں تو آرام آجاتا ہے‘ ورنہ ساری رات جاگ کر گزارنا پڑتی ہے۔ ایک ہومیو ڈاکٹر سے دوا کھانی شروع کی‘ اس سے درد ختم ہوگیا لیکن اجابت میں اضافہ ہوگیا۔ دس بارہ مرتبہ اجابت ہونا ایک عام سی بات ہوگئی۔ علاج کروایا لیکن آرام نہیں آیا۔ روٹی بھی ہضم نہیں ہوتی۔ ادھر روٹی کھاتی ہوں فوراً ہی باتھ روم جانا پڑتا ہے۔ پاخانے رکنے کا نام نہیں لے رہے کوئی تین سال ہوگئے علاج کرواتے ہوئے۔ بادی اور گیس بہت رہتی ہے۔ بعض حکیم معدے میں السر اور سوزش بتاتے ہیں۔ لیکن آرام کسی سے نہیں آتا۔ الٹی وغیرہ کبھی نہیں آئی ‘ سوائے حمل کے دوران۔ کوئی ایسی دوا دیں جس سے معدہ سخت ہوجائے۔ ہرچیز ہضم کرنے لگے اور بادی ریشہ وغیرہ ختم ہوجائے۔ ٹھنڈی چیزیں کھانے سے پٹھے اکڑ جاتے ہیں ہر وقت سردی لگتی رہتی ہے۔ (مسز رشید‘ گوجرانوالہ)
مشورہ: تیزپات‘ دیسی اجوائن‘ سونٹھ‘ نمک لاہوری ایک ایک تولہ کوٹ لیں‘ چھان کر غذا کے بعد دو رتی کھائیں‘ اگر طبیعت بہتر محسوس ہو تو دوسرے وقت بھی کھائیں‘ کوئی ناگوار کیفیت محسوس کریں تو دوسری خوراک نہ کھائیں۔ طبیعت ٹھیک محسوس ہو تو دن میں دو بار غذا کے بعد کھائیں۔ غذا میں بکرے کا گوشت‘ چکن وغیرہ پکا کر روٹی سے کھائیں۔ یہ دوا گویا کہ لیبارٹری ٹیسٹ ہے اسی سے مرض کا اندازہ ہوگا۔ دو دوائیں آپ کو موافق ہیں ادرک اور دیسی اجوائن۔ غذا نمبر 1 استعمال کریں۔
ہڈیوں کا ڈھانچہ
پچھلے چھ سال سے بڑی آنت میں السر کی شکایت ہے کبھی حالت بہتر ہوجاتی ہے اور کبھی بہت زیادہ خراب ہوجاتی ہے۔ اس دوران جسم کا تمام خون ختم ہوجاتا ہے‘ بیماری کے دوران جسم کا تمام خون ختم ہوجاتا ہے‘ بیماری کے دوران بالکل ہڈیوں کا ڈھانچہ بن جاتی ہوں اور دوسروں کی محتاج ہوجاتی ہوں‘ خود اٹھ کر باتھ روم تک نہیں جاسکتی۔ اس پر ستم یہ ہے کہ جس علاج سے پہلے آرام آتا ہے بعد میں وہ دوا جیسے اثر بھی نہیں کرتی۔ تھک ہار کر دوسرا معالج بدلنا پڑتا ہے۔ آخری مرتبہ جس حکیم سے علاج کروایا تھا تو انہوں نے کہا کہ آملہ کا مربہ روزانہ اپنے استعمال میں رکھیں۔ لہٰذا تقریباً سال بھر سے یہ استعمال میں ہے۔ ساتھ میں ثابت اسپغول یا اس کی بھوسی بھی لیتی ہوں یا پھر کبھی گوند کتیرا کا استعمال بھی کرتی ہوں۔ تقریباً سال بھر سے ٹھیک تو ہوں مگر درمیان میں اکثر و بیشتر سفید لیس دار مادہ شروع ہوجاتا ہے۔ کئی دفعہ باتھ روم جانا پڑتا ہے اور ہر لمحہ خوف رہتا ہے۔ آج کل بیماری پھر زوروں پر ہے اور لیس دارمادہ میں خون کی آمیزش بھی ہے اور دن میں کئی دفعہ باتھ روم جانا پڑتا ہے۔ جب طبیعت ٹھیک بھی ہو تو ہر وقت ناف کے نیچے بڑی آنت میں عین اس جگہ پیچھے کمر میں ہروقت درد رہتا ہے بیماری میں یہ درد اتنا بڑھ جاتا ہے کہ ناقابل برداشت ہوجاتا ہے۔ (ساجدہ‘ اوکاڑہ)
مشورہ: انارکا خشک چھلکا پیس کر ایک چٹکی غذا کے بعد کھاتی رہیں‘ باقی وہی تدبیر جس پر آپ عمل کررہی ہیں اسے جاری رکھیں‘ غذا کا خاص خیال رکھیں‘ بدپرہیزی نہ کریں کیونکہ بدپرہیزی سے مرض عود کرآتا ہے۔غذا نمبر 3استعمال کریں۔
نسوانی امراض
جب میں بالغ ہوئی تو بدپرہیزی کی وجہ سے مجھے نسوانی امراض لاحق ہوگئے اور پھر میرے چہرے پر کیل مہاسے بھی نمودار ہوگئے۔ کچھ سالوں کے بعد ذرا سمجھ دار ہوئی تو عناب کا نسخہ پڑھ کر عمل کیا تو کچھ دانے چلے گئے جبکہ کچھ رہ گئے پھر میں لاپرواہ ہوگئی۔ پھر کچھ سالوں کے بعد مجھے خارش کا مرض ہوگیا۔ خشک اور تر دونوں طرح کی خارش تھی‘ مختلف علاج سے کچھ کم ہوگئی لیکن یہ مکمل ختم نہیں ہوئی۔ آنکھوں‘ پلکوں اور بھنوؤں میں بھی خارش ہوتی ہے جس کے بعد پھر دوبارہ سے موٹے موٹے دانے کچھ مہینے سے نکل رہے ہیں‘ ماتھے اور بھنوؤں پر خارش کرنے کی وجہ سے جگہ ابھری ہوئی ہے۔ (پوشیدہ)
مشورہ: عناب والا نسخہ دوبارہ استعمال کریں۔ تین ہفتے کے بعد دوبارہ لکھیں۔ گوشت انڈا‘ مرغی‘ مچھلی‘ مرچ‘ گرم مصالحوں اور کھٹی چیزوں سے پرہیز بھی ضروری ہے۔غذا نمبر 1 استعمال کریں۔
دل کا دھڑکنا
اچانک بیٹھے بیٹھے یا چلتے سوتے دل کی دھڑکن تیز ہوجاتی ہے‘ کبھی تو دل کی دھڑکن تیز ہوجاتی ہے کبھی تو دل اتنی زور سے دھڑکتا ہے کہ جیسے باہر آجائے گا‘ پرندہ جس طرح خوف سے پنجرہ میں پھڑپھڑاتا ہے۔ (سامیہ‘ حیدرآباد)
مشورہ: حب مؤلف جواہر‘ عرق گاؤزبان کے ساتھ ایک عدد صبح و شام کھائیں۔ غذا کے بعد ایک عدد خوشبودار سرخ گلابی رنگ کا درمیانہ سائز والا سیب جو بہت میٹھا ہوتا ہے مگر تازہ ہو‘ کھائیں۔غذا نمبر 2 استعمال کریں۔
پھر زندہ ہوگیا
دل کی تکلیف ہوئی‘ بڑے پرائیویٹ ہسپتال میں انجیوگرافی ہوئی تو اللہ کی شان حرکت قلب بند ہوگئی۔ ڈاکٹروں نے الیکٹرک شاک دئیے اور جو کچھ ان کی سمجھ میں آیا انہوں نے کیا پھر ان کو میری موت کا یقین ہوگیا تو اللہ تعالیٰ نے مجھے زندگی دوبارہ دے دی اور میں زندہ ہوگیا۔ کافی کمزور ہوگیا‘ بستر پر رہا‘ کچھ چلنے پھرنے لگا اور اب میں پوری طرح صحت مند ہوں مگر میرا چہرہ کچھ کچھ سیاہی مائل ہوگیا جیسے جھلس گیا ہو اور ہاتھ بالکل پیلے زرد ہوگئے جیسے یرقان میں ہوجاتے ہیں خون کے ٹیسٹ نارمل ہیں ایل ایف ٹی نارمل ہے‘ الٹراساؤنڈ نارمل ہے۔ کاروبار یورپ میں بھی ہے‘ یورپ آنا جانا لگا رہتا ہے وہاں بھی ڈاکٹروں سے مشورے کیے وہ بھی تشخیص نہیں کرسکے‘ بالکل زردی ہلدی کی طرح کی جسم پر ہوگئی ہے۔ (زیڈ زیڈ‘ کوئٹہ)
مشورہ: مفرح شیخ الرئیس تین تین گرام مفرح بارد تین تین گرام دواء المسک معتدل جواہردار تین گرام صبح و شام کھائیں۔ مفرح شاہی چھ چھ گرام غذا کے بعد کھائیں۔ انڈا‘ مرغی‘ مچھلی‘ گوشت سے پرہیز کریں۔ تازہ پھل‘ انگور اور انار کھائیں۔غذا نمبر 1 استعمال کریں۔
پھر سے بواسیر
35سال پہلے بواسیرکا آپریشن کروایا تھا‘ اس سے خون کا آنا بند ہوگیا تھا مگر بواسیر کی دوسری تکلیفیں پیٹ گڑگڑانا‘ گیس‘ قبض وغیرہ ویسی ہی رہیں۔ تین سال کے بعد پھر سے خون آنے لگا ہے۔ (نوشین‘ لاہور)
مشورہ: حکیم محمودالحق صاحب کے نسخہ کے مطابق ناگکیسرچھ ماشہ‘ مغز تخم نیم‘ مغزتخم بکائن‘ ہلیلہ سیاہ‘ لڑکجور‘ ہر ایک دوا چھ چھ ماشہ‘ کالی مرچ تین ماشہ‘ چاکسو چھ ماشہ‘ کوٹ چھان کر لعاب بیدانہ میں جنگلی بیر کے بقدر گولیاں بنا کر سائے میں خشک کرلیں۔ سوتے وقت دو گولی نیم گرم پانی سے کھالیا کریں۔ مہینہ بھر کھائیں‘ ہفتہ بھر ناغہ کریں۔ بواسیر میں جن چیزوں سے پرہیز ہے ان سے پرہیز کریں۔ تین ماہ میں بواسیر سے مستقل شفاء یابی ہوجاتی ہے۔
شوگر کے نسخے
حکیم صاحب آپ سے گزارش ہے کہ شوگر کے علاج کیلئے چند مفید نسخے بتادیں تاکہ عوام کا بھلا ہوسکے۔
مشورہ: حسب ارشاد دو نسخہ جات پیش خدمت ہیں۔ مغز بادام قندھاری دو صد گرام‘ کلونجی میتھرے‘ اندرجو تلخ ہر دوا پچاس گرام سب کو مناسب طریقہ سے پیس کر ایک تا دو گرام دونوں وقت کھانے کے دوران کھائیں۔ دوسرا نسخہ تخم کاسنی‘ رسونت انڈیا‘ برگ تخم شاہترہ‘ گل افسنتین‘ ہر دوا صاف کرکے پچاس گرام لیں پھر ان کو پیس کر ڈبل زیرو کے کیپسول بھر کر ایک ایک دونوں وقت کھانے کے دوران کھلائیں۔ یاد رہے کہ دونوں نسخہ جات ایک ہی وقت میں مریض کو کھائیں۔ ان دونوں نسخہ جات کے استعمال سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہے۔ یہ بھی مناسب ہوگا کہ دوا کھانے کے بعد ایک ایک کپ دودھ پئیں تاکہ بعض افراد کے مزاج میں گرمی خشکی کا اثر نہ کرے۔غذا نمبر 4 استعمال کریں۔
شرمندگی
میری عمر بیس سال ہے‘ گزشتہ دو سال سے مجھے پسینہ معمول سے زیادہ آرہا ہے کبھی کبھار‘ پسینہ سے بو بھی بہت آتی ہے جس کی وجہ سے کسی قریب بیٹھے ہوئے شخص سے شرمندگی محسوس ہوتی ہے۔(جاوید علی‘ بہاولنگر)
مشورہ: صندل‘ گل نیلوفر‘ کاسنی کے بیج‘ تخم خیار ہر دوا صاف کرکے بیس بیس گرام پیس کر نصف نصف چمچی دن میں دو تین بار پانی سے کھائیں جوارش شاہی ایک چمچی رات کو سوتے وقت کھائیں۔غذا نمبر 1 استعمال کریں۔
دائمی قبض
مجھے دائمی قبض کی شکایت ہے‘ ضعف ہضم‘ ضعف قلب سردرد‘ جگر کا مسئلہ ہے۔ براہ مہربانی ان سب امراض کیلئے کوئی مفید نسخہ تجویز کردیں۔
مشورہ: آپ نے اپنے طویل خط میں کم و بیش درجن بھر عوارض کا ذکر کیا ہے۔ قبض‘ خرابی‘ معدہ‘ بقول آپ کے گزشتہ پندرہ برس سے ہے۔ آپ رات کو سوتے وقت ایک گلاس گرم دودھ میں دو تا تین چمچی روغن بادام ملا کر پئیں۔ دونوں وقت جوارش جالینوس ایک ایک چمچی کھانے کے درمیان میں کھائیں۔ فی الحال ایک ماہ تک یہ علاج کریں ۔غذا نمبر 3 استعمال کریں۔
ایام کا مسئلہ
میری عمر ستائیس برس ہے شادی شدہ ہوں۔ دو بچے ہیں اب کچھ عرصہ سے ایام صحیح طریقہ سے نہیں آتے ایک دو دن آتے ہیں پھر بند ہوجاتے ہیں۔ اس دوران درد بہت ہوتی ہے۔ براہ مہربانی کوئی مفید نسخہ بتادیں۔
مشورہ: برگ گاؤزبان‘ سونف تخم خربوزہ‘ تخم خرطم سب اشیاء ایک چھٹانک لے کر سب دواؤں کوایک کلو پانی میں جوش دیکر چھان کر چینی ملا کر صبح رات کو پئیں۔غذا نمبر 1 استعمال کریں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں