ہر ماہ توحید و رسالت سے مزین مشہور عالم کتاب کشف المحجوب سبقاً حضرت حکیم صاحب مدظلہٗ پڑھاتے ہیں‘ قارئین کی کثیرتعداد اس محفل میں شرکت کرتی ہے۔ تقریباًدو گھنٹے کے اس درس کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔
شیخ المشائخ یحییٰ رازی رحمۃ اللہ علیہ نے کیا ہی خوب فرمایا کہ تین قسم کے لوگوں کی صحبت سے اجتناب کرو۔ 1۔ غافل اہل علم جاننے والوں سے۔ 2۔خوشامدی فقیروں سے۔ 3۔ جاہل صوفیوں سے۔ غافل اہل علم سے وہ لوگ مراد ہیں جنہوں نے دنیا کو اپنا قبلہ ظالم بادشاہوں کی پرستش کو اپنا وطیرہ بنارکھا ہے اور آئمہ دین اور استادوں کی شان میں زبان درازی کرکے دین کی شان میں گستاخیاں کرتے ہیں جبکہ علم ایک ایسی دولت ہے جس کی وجہ سے اس کے موصوف سے ہر قسم کی جہالت کی بات دور ہوجاتی ہے۔ چاپلوسی کرنے والے فقیر وہ لوگ ہیںکہ جب کوئی کام ان کی خواہش نفس کے مطابق کیا جائے اگرچہ وہ فعل باطل ہی کیوں نہ ہو یہ فقیر پھر بھی اس کی تعریف کریں اور اگر کوئی ایسا کام کیا جائے جو ان کی خواہش نفس کے مخالف ہو اگرچہ وہ فعل حق ہی کیوں نہ ہو یہ لوگ اس کی مذمت کریں اور وہ لوگوں سے عمل کرنے کے بعد کسی مرتبے اور لالچ کی طمع رکھیں اور جاہل صوفی وہ ہے جو نہ کسی مرشد کی صحبت میں رہے نہ کسی بزرگ سے ادب سیکھے اور نہ ہی زمانے کی مشکلات کو جھیلے‘ کھوکھلے باطن کے ساتھ فقیرانہ لباس پہن کر اپنے آپ کو نمایاں کرے ایسے تینوں قسم کے لوگوں سے پیرعلی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ اپنے ہر مرید کو اجتناب کا حکم دے رہے ہیں اور علم و عمل کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں کہ بایزید بسطامی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ میں نے تیس سال مجاہدہ کیا لیکن علم کے مطابق عمل کرنے سے زیادہ مشکل اور کسی چیز کو نہ پایا اور آپ کا یہ بھی فرمان ہے: آگ پر قدم رکھنا طبیعت کیلئے علم کے مطابق عمل کرنے سے زیادہ آسان ہےاور پل صراط سے ہزار بار گزرنا جاہل کے نزدیک علم کا ایک مسئلہ سیکھنے سے زیادہ سہل ہےاور فاسق کیلئے دوزخ میں رہنا علم کے ایک مسئلے پر عمل کرنے سے زیادہ محبوب ہےاور تیرے لیے علم سیکھنا اور اس میں کمال حاصل کرنا لازم ہے بندہ کے علم کا کمال بمقابلہ علم الٰہی کے جاہل ہوتا ہےاور تمہیں اس قدر جاننا چاہیےتم لوگ کچھ نہیں جانتے اور اس کا مطلب یہ ہے کہ بندہ بندگی کے علم کے سوا کچھ نہیں جانتا۔ کشف المحجوب کے متن سے یہاں تک خلاصتہً اقوال صوفیاء میں سے چند باتیں پیش کی گئی ہیں۔ اگلی قسط میں آپ ان کی تشریح ملاحظہ فرمائیں گے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں