Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

آپ كا خواب اور روشن تعبیر

ماہنامہ عبقری - فروری 2013

مبارک خواب

خواب: میں اور میری سہیلی ٹیوشن ختم کرکے گھر آرہے ہوتے ہیں کہ راستے میں کچھ کھجور کے درخت آتے ہیں۔ میں نے لال رنگ کا دوپٹہ پہنا ہوا ہے‘ اتنے میں پیچھے سے موٹرسائیکل کی آواز سنائی دیتی ہے۔ میں پیچھے مڑ کر دیکھتی ہوں تو (م) موٹرسائیکل پر سوار نظر آتا ہے اور اس کے پیچھے کوئی بیٹھا ہے شاید اس کا دوست ہو۔ (م) کے سر پر پگڑی ہے اور بڑی چادر جس کا رنگ ہلکا سبز اور کریم کلر ہے اوڑھ رکھی ہے۔ وہ جیسے ہی میرے قریب آکر موٹرسائیکل روکتا ہے اور اپنی پگڑی اتار کر وہ کھول دیتا ہے اور میرا لال دوپٹہ اتار کر اپنی پگڑی والی چادر میرے سر پر اوڑھا دیتا ہے اور مجھے الگ بلا کر کہتا ہے یہ تین قلمیں تمہارے لیے لایا ہوں ایک قلم کمپیوٹرائزڈ ہے۔ بہت خوبصورت قلمیں ہوتی ہیں (میں نے بھی سفید کپڑے پہنے ہوتے ہیں(م) نے بھی) وہ تینوں قلمیں مجھے دیتا ہے۔
تعبیر: ماشاء اللہ بہت مبارک خواب ہے اور اس بات کا اشارہ ہے کہ جس لڑکے کو آپ پسند کرتی ہیں آپ کا بہترین شریک حیات ثابت ہوسکتا ہے۔ بشرطیکہ مغربی انداز محبت کے بجائے خاندان کے بزرگوں کو اعتماد میں لے کر بات کو آگے بڑھایا جائے۔ آپ ہر نماز کے بعد ایک تسبیح درود شریف کی پڑھا کریں۔

موبائل کی بیٹری

خواب:(میں جہاں کام کرتا ہوں وہاں پر ایک لڑکی اسی گھر میں رہتی ہے جس سے میں محبت کرتا ہوں) وہ آتی ہے اور کہتی ہے کہ بلال تمہارے پاس موبائل کی بیٹری ہے تو میں اس سے کہتا ہوں کہ میرے پاس بیٹری تو نہیں ہے ہاں البتہ موبائل ضرور ہے وہ کہتی ہے کہ مجھے موبائل کی بیٹری چاہیے۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ (محمد عرفان‘ لاہور)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ جس لڑکی کو پسند کرتے ہیں اگر آپ جائز طریقے سے بات کو آگے بڑھائیں تو انشاء اللہ کامیابی ہوسکتی ہے اگرچہ کہ بعض لوگوں کی طرف سے مخالفت بھی ممکن ہے اس کیلئے آپ روزانہ ’’یَابَدِیْعُ‘‘ کثرت سے پڑھا کریں۔

تعلیمی معاملات میں پریشانی

خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنی سکول کی دو دوستوں کے ساتھ اپنے پرانے گھر (فلیٹ) کی بلڈنگ میں دوسری منزل پر نانی کے فلیٹ کی طرف ہوں۔ وہاں ہمارے سکول کی ٹیچر جو پہلے سے وہاں موجود ہوتی ہیں یا شاید بعد میں آتی ہیں اور ہم تین لڑکیوں میں سے مجھے بلاتی ہیں اور جانے وہ کس بات پر غصہ ہوتی ہیں اور مجھے مارنے لگتی ہیں۔ میری دونوں دوستوں میں سے کوئی مجھ کو نہیں بچاتی اور نہ ہی کچھ کہتی ہے مگر جانے کہاں سے میری تیسری دوست (ف) وہاں آتی ہے اور مجھ کو ٹیچر سے پٹتا دیکھ کر مجھے بچاتی ہے اور ٹیچر سے معافی بھی مانگتی ہے اور کہتی ہے جانے دیں۔ تو وہ مجھے چھوڑ دیتی ہیں۔ حالانکہ وہ مجھے بہت ہلکے سے انداز میں مارتی ہیں اور میں رونے لگتی ہوں اور کہتی ہوں کہ میں نے کسی وجہ سے چھٹی کی تھی (حالانکہ میں سکول کی پڑھائی مکمل کرچکی ہوں) تو میں وہاں سے روتی ہوئی دوسری طرف کی سیڑھیوں سے نیچے جانے لگتی ہوں تو میری دوست (ا) کی امی میرے پاس آتی ہیں (یہ وہی دوست ہے جو پہلے خواب میں میرے ساتھ تھی) اور مجھ کو دیکھ کر مسکراتی ہیں اور پیار کرتی ہیں۔ میں ان کو دیکھ کر سلام کرتی ہوں وہ مجھ سے کہتی ہیں کہ (ا) کہیں نہیں جاتی مگر تمہاری وجہ سے وہ گئی کیونکہ تم نے اس کو کہا تھا کہ اگر یہ نہیں جائے گی تو کوئی نہیں جائے گا۔ تو میں سوچ میں پڑجاتی ہوں کہ میں نے اسے کہاں جانے کا کہا تھا؟(س‘ اسلام آباد)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کے تعلیمی معاملات میں آپ کو کچھ پریشانیوں اور رکاوٹوں کا سامنا درپیش ہے لیکن انشاء اللہ جلد یہ کیفیت تبدیل ہوگی اور تعلیمی کامیابیاں آپ کوملیں گی۔ آپ کو اس بات کا بھی اشارہ ہے کہ خودغرض دوستوں سے اجتناب کریں اور تعلیم میں معاون دوستوں کا تعاون حاصل کرنے کی دعا کریں۔ نیز یَاعَلِیْمُ 150 بار اور یَانَصِیْرُ21 بار پانی پر دم کرکے روزانہ پی لیا کریں۔

چہرے کی جلد یا جانور کی کھال

خواب:میں نے دیکھا کہ میری چھوٹی پھوپھی میری بڑی بہن کے گھر آئی ہیں وہ اپنے بیٹے سے میری بھانجی کی شادی کرنا چاہتی ہیں۔ خواب ہی میں وہ اپنے بیٹے کی تاریخ طے کرنے آئی ہیں اور بہت خوش نظر آرہی ہیں۔ وہ لڑکے کو بھی ساتھ لائی ہیں اور اپنی لڑکیوں کو بھی ساتھ لائی ہیں۔ میں نے دیکھا کہ سب لوگ بہت خوش ہیں لیکن میری جیٹھانی جومیری پھوپھی کی بھانجی بھی ہیں وہ بالکل خوش نہیں ہیں بالکل چپ بیٹھی ہوئی ہیں۔ ان کا چہرہ بالکل سفید ہورہا ہے اور چہرے پر آنکھیں تو انسانوں جیسی ہیں لیکن چہرے کی جو جلد ہے وہ بالکل کسی جانور کی کھال جیسی ہے اور چہرے کی جلد کے اوپر جس طرح کسی پودے کی ننھی کونپلیں پھوٹتی ہیں اس طرح پورے چہرے پر ذرا ذرا سے فاصلے پر چھوٹی چھوٹی کونپلیں نظر آرہی ہیں اور ان کونپلوں کے اوپر کے حصے چھوٹی چھوٹی چھتری کی طرح ہیں ایسا لگ رہا ہے جیسے ان کے چہرے پر چھوٹی چھوٹی چھتریاں اگ رہی ہیں وہ بالکل خاموش اور اداس بیٹھی ہوئی ہے۔
تعبیر: آپ کے استخارے کے مطابق انشاء اللہ یہ رشتہ بہت مبارک ثابت ہوگا۔ اگرچہ آپ کی جیٹھانی کی طرف سے مخالفت ہوگی لیکن وہ اس سلسلے میں اپنی مخالفت کا اظہار نہ کرسکیں گی۔

غیبت کی تباہ کاریاں

خواب: میری امی کو خواب میں اکثر گوشت نظر آتا ہے‘ کبھی فریج گوشت سے بھرا ہوتا ہے تو کبھی باہر صحن میں گوشت ہے‘ مطلب یہ کہ ہر طرف گوشت ہی گوشت نظرآتا ہے‘ گوشت کبھی گائے کا ہوتا ہے توکبھی بکرے کا ہوتا ہے۔ منظر بدلتا ہے وہ گوشت پکارہی ہوتی ہیں سب کو گوشت دیتی ہیں مگر خود نہیں کھاتیں کیونکہ ان کا دل نہیں چاہتا اور پھر وہ باہر صحن میں آتی ہیں تو وہاں بکرے ذبح کرکے لٹکائے ہوتے ہیں جن کی کھال اتری ہوتی ہے اور دوسری طرف آدمی لٹکے ہوتے ہیں اور وہ سوچتی ہیں کہ بکروں کے نیچے والی جگہ تو بالکل صاف ہے آدمیوں کے نیچے والی جگہ اتنی گندی کیوں ہے ۔ (ساجدہ‘ کراچی)
تعبیر: آپ کی والدہ کے خواب کی تعبیر یہ ہے کہ ان کی مجالس ایسے لوگوں کے ساتھ رہتی ہے جہاں کثرت سے غیبت کی جاتی ہے۔ لہٰذ ا آپ کی والدہ کو چاہیے کہ ایسی جگہوں پر بیٹھنے سے اجتناب کریں اور اگر مجبوراً بیٹھنا پڑے تو موضوع کو تبدیل کرنے کی کوشش کریں اور اکثر استغفار اور درود شریف پڑھا کریں۔

Ubqari Magazine Rated 5 / 5 based on 484 reviews.