محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میں عبقری رسالہ سے دیکھ کر پچھلے تقربیاً ایک سال سے مراقبہ کررہی ہوں‘ پہلے پہل تو مراقبے کے دوران مجھے بہت پریشانی ہوتی تھی لاکھ کوشش کے باوجود بھی دھیان مراقبے کی طرف نہیں جاتا تھا لیکن اب اللہ کے فضل سے اور آپ کی دعاؤں سے مراقبے میں مجھے زیارت رسول اور دوسری برگزیدہ ہستیوں کی زیارتیں ہورہی ہیں۔ اب حال ہی میں مراقبہ کیا جس کا احوال درج ذیل ہے:۔میں نے دیکھا کہ میرے اوپر سنہری رنگ کا نور پڑرہا ہے‘میرا دل نور سے منور ہورہا ہے‘ پھر میں نے دیکھا کہ میں پانچویں آسمان پر ہوں‘ آسمان پر گہرے سرخ رنگ کے پھولوں سے اللہ ھو لکھا ہوا ہے۔ میں آگے جاتی ہوں توسامنے حضرت ابراہیم علیہ السلام اوربہت سے انبیاء علیھم السلام کے ساتھ تشریف لاتے ہیں وہ مجھے ایک پھول دیتے ہیں۔ یہ وہی پھول ہے جن سے آسمان پر اللہ ھو لکھا ہوا ہے۔ میں اس پھول کو سونگھتی ہوں
اس کی خوشبو پہلے ہلکی سے پھر تیز سے تیز تر ہوتی چلی جاتی ہے۔حضرت ابراہیم علیہ السلام ہمیں اپنے ساتھ لے جاتے ہیں سامنے بڑے سے تختہ پر نبی کریم ﷺ تشریف فرما تھے۔ ان کےدائیں ہاتھ حضرت حسین رضی اللہ عنہٗ بیٹھے اور انکے بائیں ہاتھ حضرت حسن رضی اللہ عنہٰ بیٹھے تھے۔آپﷺ حضرت حسن رضی اللہ عنہٗ سے فرماتے ہیں کہ ان کو اپنی والدہ کے پاس لے جاؤ۔ میں ان کے ساتھ چل پڑتی ہوں ایک پردہ کے پاس جاکر وہ رک جاتے ہیں اور مجھے جانے کا کہتے ہیں اور وہ واپس چلے جاتے ہیں۔ میں پردے کے اندر جاتی ہوں تو حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بڑے سے تختہ پر بیٹھی ہوتی ہیں۔ سادہ سفید لباس پہنے ہوئے۔ میں ان کے ہاتھ کا بوسہ لیتی ہوں اور ان کے پاس بیٹھ جاتی ہوں‘ ان کے ہاتھ میں ایک کالے رنگ کی تسبیح ہوتی ہے جس پر وہ کچھ پڑھ رہی ہوتی ہیں میں پوچھتی ہوں آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کیا پڑھ رہی ہیں تو وہ فرماتی ہیں کہ میں اللہ ھو پڑرہی ہو ں تم بھی یہ تسبیح پڑھا کرو پھر میں وہاں سے واپس آجاتی ہوں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں