محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میرے گھر والے ماہنامہ ’’عبقری‘‘ کو بہت پسند کرتے ہیں۔ میں ماہنامہ عبقری کے قارئین کیلئے ایک آزمودہ نسخہ تحریر کررہا ہوں جوکہ میرا بارہا کا آزمودہ ہے۔ ایک دفعہ میری والدہ محترمہ بیمار ہوگئیں شدید بیمار‘ بخار ایسا کہ جانے کا نام نہ لے‘ کوئی ڈاکٹر‘ کوئی حکیم ایسا نہ چھوڑا‘ جسے دکھایا نہ ہو۔ ایک معروف اسپیشلسٹ نے ٹی بی تجویز کی۔ دوا استعمال کرانے سے طبیعت اور بگڑگئی۔ ایک اور سپیشلسٹ جن کا طوطی آج بھی ہمارے علاقے میں بول رہا ہے انہوں نے بخار کا سبب ضعف بتلایا۔ ڈسپرین کے استعمال کا مشورہ دیا۔ ڈسپرین سے افاقہ ہوا لیکن جس دن ڈسپرین استعمال نہ کریں اسی دن بخار پھر عود کر آجاتا۔ میں نے ڈاکٹر صاحب سے پوچھا کہ ڈاکٹر یہ ڈسپرین کب تک استعمال کروانی ہے؟ بڑے تحمل سے کہا جب تک سانس ہےمیں نے کہا اس کا کوئی مستقل حل؟ کہنےلگے اس کا مستقل کھانا ہی مستقل حل ہے۔ میرے ایک محسن نے کشتہ سونا بنایا۔ سات خوراکیں مفت دیں۔ والدہ کو کھلائیں طبیعت میں چستی اور چہرے پر رونق آگئی۔ لیکن بخار تو شاید واپسی کا راستہ ہی بھول چکا تھا۔ اسی پریشان کے دوران اپنے ایک دوست کے ذریعے کراچی کے ایک طبی پروگرام میں مدرسہ تکمیل الطب لکھنو کے بالواسطہ فیض یافتگان حکیم مراد عظیم قاضی و حکیم احسان عظیم قاضی سےملاقات ہوئی۔ رات انہیں کے ہاں قیام تھا۔ ان سے اپنی والدہ کی بیماری کا تذکرہ کیا۔ مشت بھر برگ شجر اور ایک بالشت لکڑی کا جوشاندہ تجویز کیا۔ 20 یوم والدہ کو استعمال کروایا۔ آج تقریباً پانچ سال کا عرصہ ہوچکا ہے اب تک بفضلہ تعالیٰ صحت مند ہیں۔ نسخہ متبرکہ یہ ہے:۔ گلوتازہ ایک بالشت‘ جھاؤ کے تازہ پتے ایک کف دست‘ شربت بزوری معتدل 4 چمچ۔ ترکیب استعمال: گلو کو کوٹ کر چھوٹے چھوٹے پیس بنالیں۔ دو پیالے پانی میں گلو اور جھاؤ کے پتے ڈال کر خوب جوش دیں جب ایک پیالہ پانی رہ جائے چھان کر شربت بزوری ملا کر صبح نہار منہ پلائیں اسی طرح ایک خوراک دوپہر اور ایک رات کو ایک ماہ استعمال کروائیں۔ (اقتباس: عبقری فائل2)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں