اپریل کے جوابات
1۔نکسیر کے لیے انتہائی آزمود اور بہترین ٹوٹکہ ہے جس سے جسمانی کمزوری بھی ختم ہوجاتی ہے خشک ناریل کا ایک چھوٹا ٹکڑا رات کو پانی میں بھگودیں اور صبح نہارمنہ کھالیں۔ صرف ایک ماہ ٹوٹکہ کریں ہمیشہ کیلئے نکسیر سے جان چھوٹ جائے گی اور کمزوری بھی ختم ہوگی۔ آپ ہر نماز کے بعد اپنی بیماری کی نیت کرکے تسبیحات فاطمہ یعنی 33 بار سبحان اللہ 33 بار الحمدللہ 34 بار اللہ اکبر پڑھیں۔ (جمشید بٹ‘ گوجرانوالہ)
2۔صبح اٹھنے کے بعد تازہ ہوا میں سورج نکلنے سے پہلے کم از کم آدھا گھنٹہ چہل قدمی اور ورزش کریں۔سرسوں کا تیل صبح و شام ناف میں ‘مقعد میں اور ناک کے دونوں نتھنوں میں لگائیں۔گرم اور تلی ہوئی چیزوں سے پرہیز کریں۔ نیم گرم دودھ میں دو چمچ شہد ملا کر رات کو سونے سے ایک گھنٹہ پہلے پی لیں۔ کوشش کریں کہ ہروقت باوضو رہیں ۔ انشاء اللہ کچھ عرصہ پابندی سے یہ کرنے سے صحت بحال ہوجائے گی۔(مسز نعیم‘ کراچی)
3۔وساوس کا بہترین علاج یہ ہے کہ ان کی طرف توجہ نہ کی جائے کچھ عرصہ آپ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن اس کے بعد آپ وساوس پر حاوی ہوجائیں گی۔ہر نماز کے بعد اکیس مرتبہ پارہ نمبر 13 پہلی آیت اکیس مرتبہ ہر نماز کے بعد دل پر ہاتھ رکھ کر پڑھیں اور ہاتھوں پر پھونک کر پورے بدن پر مل لیں۔(شان علی‘ لاہور)
ii۔یہ میراآزمودہ عمل ہے میں بھی وساوس سے بہت زیادہ پریشان رہتی تھی اور خودکشی تک پہنچ چکی تھی مجھے بھی عجیب عجیب خیالات آتے تھےپھر مجھے ایک فقیر نے از خود یہ عمل بتایا اور میری ان سے جان چھوٹ گئی۔ سورۂ ناس صبح و شام ایک تسبیح پڑھیں اول و آخر سات مرتبہ درود شریف۔ تین ماہ یہ عمل مسلسل کریں بہت زیادہ نفع ہوگا۔ اگر ہمیشہ کی پابندی کرلیں تو ہمیشہ کیلئے جان چھوٹ جائیگی۔(مصباح‘ ملتان)
4۔رات کو سونے سے پہلےآئینے کے سامنے دس منٹ کھڑے ہوکر اپنے آپ سے باتیںکریں لیکن الفاظ آہستہ آہستہ ادا کریں اس طرح کےالفاظ ٹوٹے نہیں اور سوتے ہوئے عبقری میں دیا گیا نورانی مراقبہ اپنی بیماری کی نیت کرکے پابندی سے کریں۔(عبدالرحمن‘ راولپنڈی)
مئی کے سوالات
1۔گھر میں پیار محبت سے رہنے کے لیے آپس میں اتفاق کیلئے اور بچوں کے اچھی جگہ رشتوں کے لیے اور اچھی جگہ نوکری کے لیے سب کیلئے کوئی وظیفہ عنایت فرمائیں۔ بالخصوص میرا بڑا بیٹا جس کی عمر 23 سال ہے بہت غصے والا ہے‘ اپنے چھوٹے بھائی سے بھی غصے سے بولتا ہے اور ہم دونوں ماں باپ سے بھی شدید غصے سے بولتا ہے‘ نماز نہیں پڑھتا ۔ اس وجہ سے ہم بہت پریشان ہیں۔اس کیلئے بھی کوئی وظیفہ عنایت فرمائیں۔ میں آپ کو اپنی دعاؤں میں ہمیشہ یاد رکھوں گی۔ (ن‘ ہری پور ہزارہ)
2۔محترم قارئین السلام علیکم! میرا مسئلہ یہ ہے کہ ایک تو میرا قد چھوٹا ہے اس کا کوئی حل بتائیں دوسرا میں نے الیکٹرک انجینئرنگ مکمل کی ہے ‘ مجھے باوجود کوشش کے ابھی تک نوکری نہیں ملی‘ کچھ عامل حضرات نے سخت جادو اور بندش بتائی ہے۔ براہ مہربانی مجھے کوئی ایسا وظیفہ بتایا جائے کہ جس کے پڑھنے سے مجھے میری تعلیم کے مطابق کسی اچھے گورنمنٹ ادارے میں نوکری مل جائے۔
(محمد عثمان ولد محمد یٰسین‘ راولپنڈی)
3۔ آج سے چار سال پہلے میرا ماہواری کا نظام خراب تھا‘ پرہیز بھی مکمل کرتی ہوں لیکن اس مسئلے کی وجہ سے میرے چہرے پر بہت زیادہ بال آگئے ہیں‘ خاص طور پرٹھوڑی کے نیچے مردوں کی طرح ڈاڑھی نما موٹے بال آگئے ہیں جس کی وجہ سے میں بہت زیادہ پریشان ہوں اور تھریڈنگ کرنے پر بھی تکلیف ہوتی ہے۔ براہ کرم مجھے کوئی مشورہ دیجئے جس سے میری یہ تکلیف ختم ہوجائے۔ (ماریہ‘ چکوڑہ)
4۔محترم قارئین! میری اہلیہ کی عمر 60 سال ہے‘ جسم فربہ ہے‘ اسکے پورے جسم میں تقریباً نو سال سے درد ہورہا ہے‘ ’’پین کلر‘‘ دوا کھاتی رہتی ہے جس سے درد میں کمی ہوجاتی ہے‘ کبھی مرض ختم نہیں ہوتا اگر تھوڑی دور پیدل چل لیتی ہے تو دردبہت زیادہ ہوجاتا ہے‘ براہ مہربانی کوئی ایسا نسخہ یا روحانی علاج بتائیں جس سے میری اہلیہ صحت یاب ہوجائے۔ (محمد نصیرالدین‘ کراچی)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں