Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

قارئین کی خصوصی اور آزمودہ تحریریں

ماہنامہ عبقری - نومبر2013ء

عبقری قارئین کیلئے تحفہ خاص

(عائشہ حامد‘ اسلام آباد)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! آپ نے فرمایا تھا کہ اپنی زندگی کے تجربات عبقری کو لکھیں یہ عبقری کی امانت ہیں۔ یہ چند تجربات میرے آزمائے ہوئے ہیں جو میں عبقری قارئین کی نذر کررہی ہوں۔ یقیناً اس سے لاکھوں لوگ مستفید ہوں گے۔
حصول رزق کیلئے وظیفہ
یہ وظیفہ میری بہن کو اس کے ایک کالج کی ٹیچر نے دیا تھا اور یہ میں نے بھی آزمایا اور بہت کارگر ثابت ہوا۔ مجھے نوکری کی تلاش تھی‘ اس نسبت سے میں نے یہ عمل کیا اور کچھ عرصے بعد مجھے بہت اچھی جگہ نوکری بھی مل گئی اور تنخواہ بھی بہت اچھی تھی لیکن شادی کے بعداب میں یہ جاب چھوڑ چکی ہوں۔ عمل کچھ یوں ہے کہ آپ ایک پاؤ شکر اور ایک پاؤ چاول لیں دونوں کو گرائنڈ کرکے مکس کرلیں اور 40 دن تک بغیر ناغہ کیے یہ شکر اور چاول کالے کیڑوں کو ڈالنی ہے۔ دن کے یا رات کے کسی بھی وقت یہ عمل کیا جاسکتا ہے۔ وقت کی پابندی نہیں‘ بس ناغہ نہیں کرنا اور پورے چالیس دن مکمل کرنے ہیں۔ کالے کیڑے جن کو پنجابی میں پیلے بھی کہتے ہیںیا چونٹیاں بھی کھاسکتی ہیں۔ کالے کیڑے چونٹیوں سے تھوڑے سے سائز میں بڑے ہوتے ہیں اور گھروں میں عام پائے جاتے ہیں۔ حصول رزق کیلئے بہت ہی مجرب عمل ہے۔ اگر چاول اور شکر چالیس دن سے پہلے ختم ہوجائیں تو اور بھی بناسکتے ہیں۔
گردوں میں پتھری یا سوجن کیلئے لاجواب نسخہ
یہ دوائی میری امی نے استعمال کی انہیں بہت افاقہ ہوا ان کے گردوں میں پتھری تھی اور ہاتھوں پیروںمیں بہت سوجن ہوجاتی تھی تو ان کے کسی جاننے والی نے ان کویہ ترکیب بتائی امی نے بنائی اور بہت فائدہ ہوا۔
ھوالشافی: کلتھی کی دال‘ چھلی (بھٹے) کے بال اورخربوزے کے خشک چھلکے ہم وزن لے کر چھ کلو پانی میں ابالیں‘ جب پانی آدھا رہ جائے تو اتار کر ٹھنڈا کرکے روزانہ کچھ دن ایک یا دو گلاس پانی کے پئیں بہت افاقہ ہوتا ہے۔
اگر تین چار خربوزے کے چھلکے لیں تو چھلکوں کے وزن کے برابر کلتھی کی دال اور چھلی کے بال لیں اگر خربوزے کے چھلکے نہ ہوں تو خربوزے کے بیج بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
انمول خزانہ نمبر 2 کے کمالات
میرا چھوٹا بیٹا سکول داخل ہوا تو مجھے اس کی سکول وین کی بہت پریشانی تھی‘ کوئی بندوبست نہیں ہورہا تھا اور مجھے روزانہ اسے خود سکول چھوڑ کر آنا پڑتا تھا جو میرے لیے بہت تکلیف دہ تھا۔ پلے گروپ میں داخلہ ہوا تو سارے سکول سے اس کی ٹائمنگ مختلف تھی‘ کوئی وین والا اسے لے جانے کو تیار نہیں تھا اور میں روزانہ سکول چھوڑ کر نہیں آسکتی تھی‘ گھر پر کام بہت زیادہ ہوتے تھے۔ میں نے انمول خزانہ نمبر 2 کی نیت کی کہ بیٹے کی وین کا انتظام جو وقت ہم چاہتے ہیں اسی وقت کے مطابق ہوجائے‘ اللہ تعالیٰ جل شانہٗ کا ایسا کرم ہوا کہ جس دن میں نے انمول خزانہ نمبر2 کی سو دفعہ پڑھنے کی اس نیت سے پڑھنا شروع کیا توشام کو بیٹے کی وین کا انتظام ہوگیا اور میں بہت خوش ہوئی کہ اعمال سے اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی بہت جلد مدد کرتے ہیں۔محترم قارئین! یہ اپنی زندگی کے تجربات میں نے ٹوٹے پھوٹے الفاظ میں آپ کے سامنے پیش کردئیے ہیں۔ بس اللہ تعالیٰ ان کو قبول فرمائے‘ مجھے اور عبقری کی پوری ٹیم کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔

سردرد‘ نزلہ زکام وغیرہ فوری ختم

(نصیراحمد‘ ایبٹ آباد)
کافی عرصہ ہوا‘ہمارے شہر میں ایک ضعیف العمر حکیم صاحب تشریف لائے‘ مکان کرائے پر لیا‘ ہماری طرف سردرد اور معدہ کے مریض کافی ہوتے ہیں۔ کھانا کھا کر بیٹھ جاتے ہیں یا لیٹ کر آرام سے دن رات گزارتے ہیں۔ محنت مشقت اور پیدل چلنا مناسب نہیں سمجھا جاتا‘ یہ ڈیوٹی غرباء اور مزدوروں کی سمجھی جاتی ہے۔ حکیم صاحب گرمیاں گزارنے چند ماہ کیلئے آئے۔ لوگوں کو پتہ چلا کہ پنجاب سے حکیم آئے ہیں‘ بڑے قابل ہیں‘ سردرد کیلئے دوائی سنگھاتے ہیں‘ فوراً آرام آجاتا ہے۔ برسوں کا سردرد منٹوں میں کافور ہوجاتا ہے۔ گھریلو خواتین زیادہ تر ان بیماریوں میں مبتلا ہوتی ہے اور خیر پھیلانے کا بھی سب سے اعلیٰ ذریعہ ہیں۔ مجھے بھی خبر ہوئی‘ میں بھی حکیم صاحب کی ملاقات کیلئے گیا۔ میری اہلیہ کے بھی سر میں درد ہوتا تھا۔ حکیم صاحب عمررسیدہ اور دبلے پتلے تھے۔ ایک شیشی دس روپے میں فروخت کرتے تھے۔ میں بھی ایک شیشی لے آیا۔ واقعی سونگھتے ہی آرام آگیا‘ چند چھینکیں آئیں درد غائب۔
میں دوبارہ گیا‘ حکیم صاحب کے پاس مریضوں کا رش تھا‘ خاص کر خواتین زیادہ تھیں‘ بڑی دیر کے بعد میرا نمبر آیا۔ میں نے عرض کیا کہ میں آپ کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں اور ساتھ دعوت دینے آیا ہوں کہ شام کا کھانا میرے ساتھ کھائیں۔ رات میرے پاس ہی قیام کریں۔ انہوں نے کچھ آہستہ سے نفی میں جواب دیا۔ میرے اصرار پر آگئے۔ شام کا کھانا کھایا‘ قہوہ وغیرہ پلایا‘ کچھ رہنمائی بھی چاہی‘ جو نسخے میں بنایا کرتا تھا۔ وہ بھی بتائے‘ کچھ کتابیں دکھائیں۔ ان سے عرض کیا کہ آپ کا نسخہ بڑا کارآمد ہے۔ جو سونگھنے سے شفاء کا ذریعہ بنتا ہے۔ یہ کیا جادو کی شیشی ہے؟ فرمانے لگے کوئی خاص چیز نہیں‘ آپ کے شوق اور محبت نے مجھے مجبور کیا ہے‘ اس لیے بتادیتا ہوں‘ روز یہ بنانے کی چیز ہی نہیں ہوتی۔ میں دس روپے کی دوائی سے سینکڑوں کماتا ہوں اورمیرا خرچہ پورا ہوتا ہے‘ اگر نسخہ عام کردیا جائے تو پھر مجھ سے کون لے گا ؟ لیجئے نسخہ لکھ لیں:۔
نوشادر ایک تولہ اور کافور ایک ماشہ والی ایک ٹکیہ اگر دونوں وزن برابر ہوں تو نفع زیادہ ہوتا ہے۔
ترکیب: الگ الگ کوٹ کر سفوف بنالیں‘ پھر شیشی میں ڈال کر ڈھکن مضبوطی سے بندکریں اور خوب ملا کر یکجان کرلیں۔
ترکیب استعمال: جب نزلہ زکام یاسردرد والا مریض آئے تو ڈھکن کھول کر فوراً سنگھائیں اور ڈھکن بند کردیں‘ سونگھانے سے قبل شیشی کو ہلا دیا کریں۔ شیشی کو کھلا نہ رکھیں۔ انہوں نے یہ بھی فرمایا کہ چائنا سے نوشادر آتی ہے جو بہت عمدہ ہوتی ہے اور انگریزی دواخانوں سے صرف 6 روپے میں ملتی ہے‘ وہ لیا کرو‘ میں بڑا خوش ہوا‘ دوائی تیار کی اور کئی لوگوں کو مفت تقسیم کی۔
ان کے پاس سفید گولیاں بھی تھیں‘ جو ایک ہی قسم کی سفید رنگ کی تھیں بعض گولیوں پر چاندی کے ورق تھے‘ مختلف امراض کیلئے مختلف ذریعہ سے لینے کا فرماتے تھے۔ میں نے جب ان کو پوچھا تو فرمانے لگے یہ موم کی گولیاں ہیں جو طریقہ انہوں نے بتایا تھا۔ میں نے لکھا تھا مگر گم ہوگیا۔ مندرجہ بالا نسخہ حکیم محمدعبداللہ صاحب مرحوم نے اپنی کتاب کنزالمجربات میں تحریر فرمایا ہے۔ مرحوم ایک پایہ کے حکیم تھے اور بخل نام کی کوئی چیز ان کے پاس نہ تھی اللہ تعالیٰ ان کو بلند مقام عطا فرمائے۔ آمین۔شہد کی موم: شہد کی موم میں تھوڑی سی ہینگ ملا کر گردے کا شدید سے شدید درد گرم پانی سے گولی کھائیں درد کو فوراً آرام آجاتا ہے۔ دس پندرہ منٹ کے بعد پھر دیں اس طرح دو یا تین گولیاں دیں‘ میری بیوی کو بہت فائدہ ہوا۔ بیس پچیس سال سے بنارہا ہوں۔

سورۂ رحمٰن پڑھیں جنات سے بچیں

(طاہر محمود‘ عارف والہ)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! مجھے عرصہ پندرہ سال سے جنات کی شکایت تھی‘ میں بہت سے عاملوں کے پاس گیا انہوں نے مجھے نقش پینے کیلئے دئیے اور کچھ تعویذ گلے میں ڈالنے کیلئے دئیے مگر ان سب سے مجھے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ پھر میں لاہور میں ایک عامل صاحب کے پاس گیا انہوں نے مجھے عشاء کی نماز کے بعد سورۂ جن ایک بار روزانہ پڑھنے کیلئے کہا جسے پڑھنے سے مجھے کافی فائدہ ہوا۔ دوسرا عمل سورۂ رحمٰن معہ سورۂ فاتحہ کے پرھنے کا تھا۔ سب سے زیادہ جو مجھے فائدہ ہوا وہ سورۂ رحمٰن سے ہوا۔ اس سورۂ کو پڑھنے کی ترتیب یہ تھی۔ سورۂ رحمٰن شروع کرنے کے بعد جب فَبِاَیِّ اٰلَآءِ رَبِّکُمَا تُکَذِّبَانِ پر پہنچنا ہے تو سورۂ فاتحہ معہ بسم اللہ کے پوری پڑھنی ہے اس کے بعد اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ تین بار کہنا ہے۔ اسی ترتیب سے سورۂ رحمٰن پڑھنی ہے۔ محترم حکیم صاحب! مجھے سورۂ رحمٰن سے اتنا فائدہ ہوا کہ میں بتا نہیں سکتا ‘ میری پندرہ سال پرانی جنات کی شکایت بالکل ختم ہوگئی ہے۔ اس کے ساتھ آیۃ الکرسی کا عمل 141 بار چالیس دن اور تیسرا کلمہ کا عمل 33 بار چالیس دن کیا ہے۔ مجھے اس سے بھی کافی فائدہ ہوا ہے۔

نسخہ برائے الرجی ہرقسم

(غزالہ شیرعلی‘ شرقپور شریف)
جسم پرخارش ہوتی ہو‘ تپھڑ بن جاتے ہوں‘ جسے عام طور پر لوگ چھپاکی کا نام دیتے ہیں ایسی الرجی کیلئے اکسیر نسخہ ہے۔
نسخہ نمبر1: تھوڑا سا پودینہ لے کر اس میں پانچ سات چھوٹی الائچی ڈال کر دو پیالے قہوہ بنالیں۔ ایک پیالہ خالی پیٹ نیم گرم شکر ڈال کر پئیں اور دوسرا پیالہ شام کو جبکہ پیٹ خالی ہو پی لیں‘ چینی کے بجائے دیسی شکر استعمال کریں۔
نسخہ نمبر 2: شربت توت سیاہ دن میں تین بار کھانے والا چمچ شہد کی طرح چاٹ لیں‘ یہ دونوں علاج سات دن تک کریں۔ انشاء اللہ الرجی ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے گی۔ یہ نسخہ حکیم اشہر صاحب کا ہے جو بھی استعمال کرے ان کیلئے اور تمام امت مسلمہ کیلئے دعائے مغفرت کرے۔
نسخہ برائے ککرے یا آنکھ کے دانے
آنکھوں میں جو ککرے پڑجاتے ہیں ان کیلئے اکسیر سرمہ خود تیار کریں۔ طریقہ : دو کلو آملے لے کر ان کے اندر ایک سیر پانی ڈال کر انہیں ابال لیں۔ جب پانی چوتھائی حصہ رہ جائے تو آملوں کا گودا اور گٹھلیاں نکال کر پھینک دیں۔ پانی کو خشک کریں حتیٰ کہ وہ رُب بن جائے۔ اب اس رُب کو خشک کرکےکپڑچھان کرلیں۔ رات کو ایک ایک سلائی آنکھوں میں ڈال کر سوجائیں ۔ انشاء اللہ شفاء ہوگی۔
یرقان کیلئے لاجواب نسخہ
ھوالشافی: ست گلو20 گرام‘ طباشیر 20 گرام‘ ست پودینہ 5 گرام‘ چھوٹی الائچی 20 گرام‘ کوزہ مصری ان سب کے ہم وزن لیں۔ ان سب چیزوں کو باریک پیس کر رکھ لیں۔ صبح نہار منہ اورظہر کے بعد کھانا کھانے کے بعد کچھ نہ کھائیں اور عصر کے بعد پھر یہ دوائی کھائیں۔ بڑوں کیلئے ایک چائے والا چمچ اور بچوں کیلئے آدھی چمچ۔ سردیوں میں پتلے دودھ کے ساتھ استعمال کریں اور گرمیوں میں دودھ سوڈے کے ساتھ اور کچی لسی کے ساتھ۔ بخار میں بھی مفید ہے اور آنکھیں بھی خراب نہیں ہوتیں۔

دنیا کی عجیب مثال

(عبداللہ سلیم‘ گوجرانوالہ)
امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ نے یہ بات بڑے اچھے انداز میں سمجھائی‘ وہ فرماتے ہیں کہ ایک آدمی جارہا تھا کہ شیر اس کے پیچھے بھاگا ‘ اسے ایک کنواں نظر آیا اس نے چھلانگ لگادی اس نے سوچا جب شیر جائے گا تو باہر نکل آؤں گا جب اس نے نیچے دیکھا کہ کنوئیں کے پانی کے اوپر ایک کالا ناگ تیرتا ہوا نظر آیا وہ اور پریشان ہوگیا اسے کنویں کی دیوار کے ساتھ کچھ گھاس نظر آئی اس نے سوچا کہ گھاس کے ساتھ لٹک جاتا ہوں نہ اوپر رہوں گا کہ شیر کھائے اورنہ نیچے کہ سانپ ڈسے‘ تھوڑی دیر بعد اس نےد یکھا کہ گھاس کو ایک کالا اور ایک سفید چوہا کاٹ رہا ہے اسے اور پریشانی ہوئی اس نے ادھر اُدھر دیکھا تو اسے شہد کی مکھیوں کا ایک چھتہ نظر آیا اس پر مکھیاں نہیں تھیں مگر وہ شہد سے بھرا ہوا تھا اُس نے سوچا کہ ذرا دیکھوں کہ شہد کیسا ہے؟ چنانچہ اس نے ایک ہاتھ سے گھاس کو پکڑا دوسرے ہاتھ سے شہد کھانے میں مشغول ہوگیا نہ اُسے شیر یاد رہا نہ ناگ نہ چوہے سو اس کا انجام کیا ہوگا۔ اے دوست! تیری مثال اسی انسان سی ہے ملک الموت شیرکی مانند تیرے پیچھے لگا ہوا ہے۔ قبر کا عذاب اس سانپ کی صورت میں تیرے انتظار میں ہے‘ کالا اور سفید چوہا یہ تیری زندگی کے دن رات ہیں۔ گھاس تیری زندگی ہے جسے چوہے کاٹ رہے ہیں اور یہ شہد کا چھتہ دنیا کی لذتیں جن سے لطف اندوز ہونے میں تو لگا ہوا ہے تجھے کچھ یاد نہیں سوچ کہ تیرا انجام کیا ہوگا۔ واقعی انسان دنیا کی لذتوں میں پھنس کر اپنے رب کو ناراض کرلیتا ہے کوئی کھانے پینے کی لذتوں میں پھنسا ہوا ہے اورکوئی اچھے عہدے اور شہرت میں ۔۔۔ یہی لذتیں انسان کو آخرت سے غافل کردیتی ہیں اس لیے جہاں ترک دنیا کا لفظ آئے گا اس سے مراد ترک لذت ہوگا۔
دل چار قسم کے ہیں:1۔ ایک تو صاف دل جو روشن چراغ کی طرح چمک رہا ہے۔ 2۔ دوسرے وہ دل جو غلاف میں آلودہ ہے۔ 3۔ تیسرے وہ دل جو الٹے ہیں۔ 4۔ چوتھے وہ دل جو مخلوط ہیں۔ پہلا دل مومن کا ہے جو پوری طرح نورانی ہے‘ دوسرا کافر کا دل جس پر پردے پڑے ہوئے ہیں‘ تیسرا منافق کا دل ہے جو جانتا ہے اور انکار کرتا ہے۔ چوتھا اُس منافق کا ہے جس میں ایمان اور نفاق دونوں جمع ہیں۔ ایمان کی مثال اس سبزے کی طرح ہے جو پاکیزہ پانی سے بڑھ رہا ہے اور نفاق کی مثال اس پھوڑے کی طرح ہے جس میں پیپ اور خون بڑھتا ہی جاتا ہے اب جومادہ بڑھ جائے وہ دوسرے پر غالب آجاتا ہے اس حدیث کی اسناد بہت ہی عمدہ ہیں۔ (تفسیر ابن کثیر)
ایک اللہ والے نے فرمایا کہ پہلے خوب نادم وشرمندہ ہوکر استغفار پڑھو تاکہ دل دھل جائے پھر محبت و عقیدت سے درود شریف پڑھیں تاکہ محبت ِرسول کریمﷺ جسم کے انگ انگ میں سما جائے۔

Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 161 reviews.