Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

آپکا خواب اور روشن تعبیر

ماہنامہ عبقری - دسمبر 2014ء

دشمن پر نظر رکھیں

خواب: میں نے دیکھا کہ ہمارے گھر میں جس بیڈ پر میں سوتی ہوں اس کے نیچے سے سب سے پہلے سیاہ بھورا پھر بھورے سیاہ دھبوں والے سانپ نکلتے ہیں جنہیں دیکھ کر میں بے اختیار چلاتی ہوں کہ ہمارے گھر میں سانپ ہیں لیکن کوئی میری بات نہیں سنتا۔ ان میں سے سفید رنگ والے سانپ کو تو میں ہاتھ میں بھی پکڑتی ہوں لیکن وہ مجھے کچھ بھی نہیں کہتا بلکہ فرمانبردار سا ہے۔ باقی سانپ بھی مجھے کچھ نہیں کہتے‘ میں ان میں سے صرف سفید پر سیاہ دھبوں والے سانپ سے خوفزدہ ہوں۔ بہرحال جب میں چلاتی ہوں تو وہ ڈر کر واپس بیڈ کے نیچے چلے جاتے ہیں۔ (افشین‘ کوئٹہ)۔
تعبیر: خواب کے مطابق تو آپ کی کیفیت اچھی نہیں ہے‘ دشمن آپ کے ساتھ ساتھ ہے‘ اپنے حالات کی فکر کریں اور دشمن پر نظر رکھیں۔ ایسا نہ ہو کہ آپ کو بعد میں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے‘ رشتے کے سلسلے میں پریشان نہ ہوں‘ اپنے بڑوں کے فیصلوں پر عمل کریں۔ حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں۔

خوشحالی نصیب ہوگی

خواب:دیکھا کہ میرا پیٹ بہت موٹا ہوگیا ہے‘ سانس بھی بڑی مشکل سے نکالا جاتا ہے‘ پتہ نہیں اس میں ہوا بھر گئی ہے یا کیا ہوا ہے۔ چلنے میں بھی دشواری ہوتی ہے‘ میں بڑی مشکل سے چل کر جاتا ہوں‘ تھوڑا سا چلتا ہوں پھر بیٹھ جاتا ہوں‘ ایک دو چھوٹے چھوٹے پہاڑ آتے ہیں میں ان کے قریب بیٹھ جاتا ہوں‘ پھر تھوڑا سا چلتا ہوں پھر بیٹھ جاتا ہوں‘ بڑی مشکل سے چل کر اپنے ڈیرے پر (جہاں بھینسیں باندھی جاتی ہیں) جاتا ہوں‘ وہاں پہنچ کر بھی میرا سانس بڑی مشکل سے نکلتا ہے۔ میرے چچازاد نے انگلی میرے حلق میں ماری جس سے مجھے قے آئی اور کچھ آرام آیا۔ (محمد ندیم‘ اوکاڑہ)۔
تعبیر: خواب بہت اچھا ہے‘ پریشانی کی بات نہیں‘ مال میں اضافے کا اشارہ ہے‘ تھوڑی سی کوشش کے بعد مال میں اضافہ ہوگا اور خوشحالی نصیب ہوگی۔

مراد پوری ہوگی

خواب: میں نے دیکھا کہ میں (الف) کے گھر میں موجود ہوں اور الف کا چالیسواں ہے۔ (حقیقت میں الف کا انتقال چند روز قبل ہوچکا ہے) سب لوگ ایک کمرے میں قرآن خوانی کررہے ہیں۔ ایک سپارہ میں بھی پڑھ رہی ہوں پھر دیکھا کہ الف کی امی پاؤں پھیلاتی ہیں جیسے تھک گئی ہوں‘ میں ایک ہاتھ سے ان کی ٹانگیں دباتی ہوں وہ کہتی ہیں کہ الف بھی ایسے ہی میری خدمت کرتا تھا‘ میں بولتی ہوں ہاں! میں جانتی ہوں الف بہت نیک بندہ تھا۔ منظر بدلتا ہے الف کے والد آتے ہیں اور کہتے ہیں کچن سے کس چیز کی بو آرہی ہے میں جاکر دیکھتی ہوں تو وہاں دو لڑکے موم پکارہے ہیں میں ان سے پوچھتی ہوں کہ یہ موم آپ پکارہے ہیں وہ بولتے ہیں ہاں! میں واپس پلٹنے لگتی ہوں تو وہ پوچھتا ہے آپ ہیں کون؟ میں بولتی ہوں میں الف کی ہونے والی بیوی تھی (حقیقت میں الف اور میں ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے اور شادی کرنے والے تھے)۔ پھر میں منہ ہی منہ میں الف کی بخشش کیلئے درود شریف پڑھ رہی ہوں۔ جب میری آنکھ کھلتی ہے تو تب بھی میں درود شریف ہی پڑھ رہی ہوتی ہوں۔ پھر میں امی سے کہتی ہوں کہ الف کیلئے دعا کروائیں اس کو دعا کی ضرورت ہے‘ پھر اس کی امی سے بھی بولتی ہوں تو وہ کہتی ہیں کہ اچھا ٹھیک کہ ختم قرآن کروالیتے ہیں۔ (ث،پشاور)۔
تعبیر: خواب اچھا ہے‘ نیک اعمال کی برکت سے آپ کی مراد پوری ہوگی اور اچھے محبت کرنے والے لوگ ملیں گے۔ آپ مرحوم کو ایصال ثواب کریں اور اپنی عزت کا خیال رکھیں۔ ایسا نہ ہو کہ آپ کی کسی بات سے آپ کو ہی نقصان ہوجائے۔

خوشی نصیب ہوگی

خواب: میری والدہ نے خواب دیکھا کہ وہ کچھ رشتے دار عورتوں کے ساتھ کسی شادی میں جارہی ہیں‘ پیدل سفر کررہی ہیں‘ گھر سے تھوڑی دور جانے کے بعد سامنے سے بارات آتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔ میری والدہ کہتی ہیں جلدی چلو‘ بارات تو آگئی ہے۔ پھر آگئے پانی آجاتا ہے‘ میری والدہ اس پانی سے گزرنے لگتی ہیں تو ان کے کپڑے خراب ہوجاتے ہیں کیونکہ وہ پانی سیاہ رنگ کا ہوتا ہے‘ میری والدہ پانی سے باہر نکل آتی ہیں‘ تھوڑی دور صاف پانی ہوتا ہے جس سے وہ اپنے کپڑے دھو لیتی ہیں پھر انہیں ایک باغ نظر آتا ہے جس میں شہتوت‘ امرود اور زیتون کے درخت لگے ہوئے ہیں۔ میری والدہ کہتی ہیں چلو پھل کھاتے ہیں‘ جیسے ہی آگے بڑھتی ہیں تو ان کی آنکھ کھل جاتی ہے۔
ایک اور خواب میں نے دیکھا کہ جس لڑکی سے میری منگنی ہوئی ہے وہ اور میں ایک باغ میں ہیں‘ باغ میں بہت سے پھول لگے ہوئے ہیں ان میں سے میں ایک پھول توڑتا ہوں جس کی خوشبو بہت پیاری ہوتی ہے تو میری منگیتر ضد کرتی ہے کہ مجھے بھی یہ پھول دو میں بھی اس کی خوشبو سونگھنا چاہتی ہوں میں وہ پھول اس کو دے دیتا ہوں۔

(الطاف بھٹی‘ شیخوپورہ)
تعبیر: خواب کے مطابق تو آپ کی والدہ کو خوشی نصیب ہوگی مگر اس خوشی کو حاصل کرنے کیلئے ان کو بہت کوشش کرنا ہوگی اور بعد کی زندگی بہت خوشحال گزرے گی۔  آپ کا خواب بھی بہت مبارک ہے‘ آپ کی شریک حیات بہت اچھے اخلاق کی مالک ہونگی اور آپ کی ازدواجی زندگی بہت اچھے انداز سے گزرے گی‘ اللہ آپ کو بہت فرمانبردار اولاد بھی عطا کرے گی۔

کثرت سےشکر ادا کریں

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں ایک جگہ سے گزر رہی ہوں اور میرے ساتھ ایک خاتون اور ایک لڑکی بھی ہے‘ میرے ہاتھوں میں زیورات ہیں جو کہ شاید اس خاتون کے ہیں‘ ان میں سے کچھ زیور زمین پر گرجاتا ہے تو وہ خاتون مجھے کہتی ہیں کہ یہ لو اور احتیاط سے پکڑو‘ میں وہ زیور پکڑ لیتی ہوں پھر کچھ دیر بعد میں دیکھتی ہوں کہ میرے ہاتھوں سے سونا قطروں کی شکل میں زمین پر گررہا ہے حالانکہ میں نے اپنے ہاتھوں کو بہت زور سے بند کررکھا ہے میں ہاتھ کھول کر دیکھتی ہوں تو زیور اسی طرح میرے ہاتھوں میں موجود ہوتا ہے پھر میں زمین کی طرف دیکھتی ہوں تو وہ سونے کے قطرے جو میرے ہاتھوں سے ٹپک کر زمین پر گرتے ہیں وہ چمکدار ہیروں کی شکل میں زمین میں جڑ جاتے ہیں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ (عطیہ‘ لاہور)۔
تعبیر: آپ کے حق میں خواب بہت مبارک ثابت ہوگا‘ آپ کو بہت خوشحال زندگی ملے گی اور آپ کی وجہ سے کئی لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ آپ کثرت سے اللہ رب العزت کا شکر ادا کریں۔

Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 781 reviews.