پریشانیاں جلد دور
خواب: دیکھتی ہوں کہ ایک بزرگ پیر صاحب کے ہاں کچھ عورتیں بیٹھی ہیں۔ وہ بزرگ لوگوں کے مسائل سن رہے ہیں۔ وہاں تین لڑکے موجود ہوتے ہیں۔ ان میں سے ایک مجھے عجیب نظروں سے دیکھتا ہے تو میں وہاں سے بھاگ جاتی ہوں مگر وہ لڑکا پیر صاحب سے کہتا ہے کہ اس کا مسئلہ حل کردیں۔ (عائشہ‘ سکھر)۔
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کو اس بات کی شہادت دی گئی ہے کہ انشاء اللہ آپ کی پریشانیاں جلد دور ہوں گی۔ آپ نماز کی پابندی کریں۔ دو انمول خزانہ ہرنماز کے بعد تین بار پڑھ کر دعا کرلیا کریں۔
پرانے اثرات
خواب: 8 سال سے اب تک ایک خواب بہت دیکھ رہی ہوں کہ میرے چاروں طرف چھپکلیاں ہی چھپکلیاں ہیں۔ میرے گھر کی دیواروں‘ فرش غرض کہ ہر طرف صرف چھپکلیاں ہیں اور وہ منہ کھولے میری طرف بڑھ رہی ہیں اور خوف سے میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ کبھی دیکھتی ہوں کہ بندر نما چھوٹے چھوٹے جانور ہیں جو میرے پیچھے بھاگ رہے ہیں اور میں بھاگ کر پلنگ پر چڑھ جاتی ہوں وہ اتنے چھوٹے ہیں کہ پلنگ پر نہیں چڑھ سکتے۔ کبھی دیکھتی ہوں میں چھت سے گرکر مرجاؤںگی‘ کبھی دیکھتی ہوں میں نے پسا ہوا کانچ کھالیا ہے جس کی وجہ سے منہ سے خون نکل رہا ہے‘ کبھی دیکھتی ہوں کہ میں بہت سارے کتوں میں پھنس گئی ہوں۔ اسی خوف سے میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ کبھی دیکھتی ہوں میرا بچہ اوپر سے گر کر مرگیا ہے‘ کبھی دیکھتی ہوں کہ میرے شوہر نے چھری مار کر میرے بچے کی آنکھ نکال دی ہے۔ (سنیہ بشیر‘ سیالکوٹ)۔
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ پر بہت پرانے اثرات ہیں جس کی وجہ سے آپ کے رکے ہوئے کاموں میں رکاوٹ یا بندش لگ جاتی ہے۔ آپ فوری طور پر مٹھی بھر قیمہ کا صدقہ بلی یا چیل کوؤں کو کھلائیں اور روزانہ 125 مرتبہ آیۃ الکرسی پانی پر دم کرکے پی لیا کریں اور اپنے اوپر دم کرلیا کریں یہ عمل کم از کم 90 روز تک کرنا ہوگا۔ ناغہ کے دن بعد میں پورے کرلیں۔
اہم کامیابی
خواب: میں نے دیکھا کہ ایک لڑکی ’’ص‘‘ (جو حقیقت میں میرے ساتھ 13 سال پہلے پڑھتی تھی) میرے سامنے بیٹھی ہے۔ مجھے دیکھ کر حیرت اور خوشی سے میرا نام لیتی ہے اور میں بھی خوش ہوتا ہوں۔ دوسرے خواب میں میں نے دیکھا کہ میں ’’ص‘‘ کے والد اور دو بھائیوں سے باری باری ہاتھ ملارہا ہوں۔ منظر بدلتا ہے اورمیں نے دیکھا کہ میں اسی سکول میں ہوں جس میں ہم دونوں پڑھتے تھے۔ وہ مجھے میرے کسی امتحان کا رزلٹ دیتی ہے جس میں میری پرسنٹیج 87 فیصد لکھی ہوتی ہے اور رینک 8 لکھا ہوتا ہے۔ (اشتیاق احمد‘ پشاور)۔
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کو کسی اہم کامیابی کا اشارہ دیا گیا ہے جس کا تعلق آپ کی معاشی سرگرمیوں سے ہوگا۔ نیز آپ کو خوشحالی اورمعاشرے میں عزت کی زندگی گزارنے کا بھی اشارہ ہے۔ ’’ص‘‘ نامی لڑکی فی الحقیقت وہی لڑکی نہیں بلکہ فہم و فراست کے حصول کا اشارہ ہے۔ آپ یَافَتَّاحُ ہر نماز کے بعد ایک تسبیح پڑھ کر دعا کرلیا کریں۔
گھریلو اختلافات
خواب: میں نے تین دن تک لگا تار اپنے سسرال کے حوالے سے خواب دیکھے۔ پہلے دن میں نے اپنی نند کو دیکھا جو میرے پاس پیسے دیکھتی ہے تو بولتی ہے کہ تمہارے پاس اتنے سارے پیسے ہیں تھوڑے مجھے بھی دو۔ میں اسے بیس ڈالر نکال کردیتی ہوں تو وہ کہتی ہے کہ نہیں مجھے اور پیسے دو‘ دوسرے دن کا خواب مجھے بس تھوڑا یاد ہے کہ میں اپنی اسی نند کے شوہر کو قتل ہوتے دیکھتی ہوں اور ان کے قتل کی خبر میں اپنے سسرال سے چھپاتی ہوں۔ تیسرے دن کا خواب میں دیکھتی ہوں کہ میں گھر کی خریداری کررہی ہوں مجھے سٹور میں اپنی جیٹھانی ملتی ہے میں ایک پیکٹ جھینگوں کا خریدتی ہوں اور اپنی جیٹھانی کو لے کر گھر آتی ہوں۔ میرا ارادہ ہوتا ہے میں جیٹھانی کیلئے جھینگے پکالوں لیکن جب میں پیکٹ کھولتی ہوں تو اس میں سے جھینگوں کے بجائے کیڑے نکلتے ہیں اوروہ بھی زندہ جو پیکٹ کھولنے پر باہر نکلنے لگتے ہیں اور سارے گھر میں پھیل جاتے ہیں۔
(ناصرہ یاسمین‘ بلجیم)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اندیشہ ہے کہ گھریلو اختلافات کی وجہ سے آپ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے‘ نیز مالی پریشانی کا بھی اندیشہ ہے تاہم آپ تیسرے کلمہ اور استغفار کی کثرت کریں اور ہوسکے تو روزانہ کسی وقت ایک ہی نشست میں یَاعَظِیْمُ ایک ہزار بیس مرتبہ بلا کمی بیشی تعداد کے اور اول وآخر درود شریف تین تین مرتبہ پڑھ کر تمام مقاصد کیلئے دعا کرلیا کریں۔ پابندی سے یہ عمل کرتی رہیں تو انشاء اللہ کوئی پریشانی نزدیک نہیں آئے گی۔
جنات کی قوم کا ساتھ
خواب: میں آٹھویں کلاس کی طالبہ ہوں اور نماز پابندی سے پڑھتی ہوں‘ میں ایک ہی طرح کا خواب مسلسل تین سال سے دیکھ رہی ہوں کہ ایک بہت خوبصورت سا لڑکا ہر دفعہ کالے رنگ کے کپڑوں میں نظر آتا ہے‘ وہ میرے ساتھ گھومتا رہتا ہے‘ مگر اس نے کبھی مجھ سے بات نہیں کی۔ کبھی مجھے نظرانداز بھی کردیتا ہے۔ اکثر ریگستان میں ملتا ہے تو ہاتھ پکڑ کر بھگا لے جاتا ہے‘ مندر اور پرانے کھنڈرات میں بھی ملتا ہے۔ بعض اوقات بڑی خوبصورت جگہوں کی سیر کرواتا ہے‘ ایک دفعہ مجھے میلے میں لے گیا جہاں اس نے مجھے انگوٹھی دی جو میرے ہاتھ سے گرگئی۔ ان خوابوں کی وجہ سے میں بہت خوفزدہ ہوں۔ (ج، اسلام آباد)۔
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ پر آسیبی اثرات معلوم ہوتے ہیں جو کافی عرصہ سے آپ کے ساتھ ہیں۔ یہ جنات کی قوم میں سے کوئی ہے تاہم اگرچہ کہ وہ آپ کو تنگ نہیں کریں گے لیکن اگرآپ اس سے اپنا پیچھا چھڑانا چاہتی ہیں تو سورۂ جن اور سورۂ رحمٰن روزانہ ایک بار پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیا کریں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں