سانس کی نالیوں میں بلغم
مسئلہ یہ ہے کہ میرے معدے اور سانس کی نالیوں میں بلغم جمی ہے۔ تمام نالیاں اٹی پڑی ہیں اور حلق میں ریشہ گرتا ہے اور مسوڑھے بالکل گل گئے ہیں۔ براہ کرم مجھے ایسی دوا بتائیں کہ تمام بلغم وغیرہ پاخانے کے ذریعے خارج ہو جائے اورمیرا جسم زکام، بلغم سے چھٹکارا حاصل کرسکے۔ (عبدالودود ، نو شہرہ )
جواب: بھائی ! آپ یہ نسخہ مستقل 2ماہ استعمال کریں۔ بلغم کو نکالنے، ریشہ ختم کرنے اور پھر نہ بننے میں یہ نسخہ بہترین چیز ہے۔ملٹھی100گرام،سونف 100گرام، ہلدی 100گرام، ریوند چینی 100گرام، کوٹ پیس کو سفوف بنائیں۔ نصف چمچ دن میں 3 یا 4بار پانی کے ہمراہ استعمال کریں۔ کھٹی، ٹھنڈی، بادی چیزوں سے مکمل پرہیز کریں۔ چارٹ سے غذا نمبر 2 استعمال کریں ۔ ان شا ءاللہ فائدہ ہو گا۔
اعصابی کمزوری
میرا مسئلہ یہ ہے کہ مجھے شروع سے Tention ہے، بہت زیادہ حساس ہوں۔ کوئی زیادتی کر جائے تو کئی دنوں تک اس پر کڑھتی رہتی ہوں۔ چھوٹی چھوٹی باتوں پر گھبرا جاتی ہوں۔ ھوک ختم ہو جاتی ہے۔ ہر وقت افسردہ اور پریشان رہتی ہوں۔ گھر کا ماحول بھی اس قسم کا ہے۔ میری عمر 35سال ہے، چار بچے ہیں۔بڑی بچی 18سال کی ہے۔ اعصابی کمزوری ہے، پٹھے کمزور ہیں، معدہ خراب ہے، تیزابیت بہت ہے، معدے اور آنتوں میں سوزش ہو جاتی ہے، وزن بہت کم ہے، ہر وقت تھکاوٹ رہتی ہے۔ رنگ زرد ہے، کام کرنے سے ہاضمہ بالکل خراب ہو جاتا ہے۔ ان سب بیماریوں کا ہر طرح کا علاج کروایا ہے لیکن افاقہ نہیں ہوتا۔ براہ مہربانی کوئی حل بتائیں۔(طاہرہ رفیق۔ لا ہو ر)
جواب: بہن! آپ مندرجہ ذیل نسخہ استعمال کریں، نہایت مفید ہے۔ آپ کی تمام بیماریاں انشاءاللہ ختم ہو جائیں گی۔
جوارش شاہی، خمیرہ گاﺅ زبان سادہ، شربت عناب،مفرح شیخ الرئیس.... کسی اچھے دواخانہ سے لے کر لکھی ہوئی ترکیب کے مطابق استعمال کریں۔ مصالحہ دار، تلی ہوئی چیزوں سے مکمل پرہیز کریں۔چارٹ سے غذا نمبر5,4,3 استعمال کریں۔
پیٹ بڑھ گیا ہے
میرا پیٹ باقی جسم کی نسبت بڑھا ہوا اور بہت بھدا لگتا ہے۔ لیکوریا بھی ہے۔ آپ نے محترمہ شہناز اقبال کو ان کے مسئلہ کیلئے جو سفوف بتایا ہے، کیا وہ میں استعمال کر سکتی ہوں۔ جس میں ملٹھی‘ ہلدی اور ریوند خطائی وغیرہ کا استعمال ہے۔ کھانے سے پہلے یا کھانے کے بعد استعمال کی جائے اور کیا مخصوص ایام میں بھی دوا استعمال کر لی جائے۔ مجھے ماہانہ ایام کا کوئی مسئلہ نہیں۔ میری ایک ممانی اور بہن کا بھی یہی مسئلہ ہے۔ انہیں بہت عرصے سے بہت زیادہ لیکوریا ہے، کمر اور ٹانگوں میں بھی درد رہتا ہے۔ ممانی کی عمر 30سال ہے اور بہن کی عمر 17سال۔(کلثوم ، مظفر گڑھ)
جواب: جی بہن! آپ اور دیگر خواتین یہ نسخہ مستقل مزاجی سے استعمال کریں۔ نہایت مفید اور مو ¿ثر بلکہ کم قیمت ہے۔ ورموں، پیٹ بڑھنے، پرانے لیکوریا کیلئے نہایت اکسیر ہے۔ مستقل مزاجی، توجہ اور با پرہیز استعمال کریں۔ کھٹی بادی چیزو ں سے پرہیز کریں۔چارٹ سے غذا نمبر 4,3 استعمال کریں۔
ٹانکوں کے نشان
بچپن میں گرنے کی وجہ سے ہونٹ پر چوٹ لگ گئی تھی، اوپر والے ہونٹ کے دونوں حصے ایک دوسرے سے الگ ہو گئے تھے۔ جسے بعد میں ٹانکوں کی مدد سے جوڑا گیا تھا لیکن ٹانکوں کے نشان اب تک باقی ہیں۔ جس کی وجہ سے بہت پریشان ہوں۔ اس سے پہلے کوئی علاج نہیں کروایا۔ کوئی ایسی دوا تجویز کر دیں جس سے یہ نشان ختم ہو جائیں۔ دوسرا مسئلہ: میرے چہرے پر بہت تل ہو گئے ہیں اور ناک کے اوپر چھائی بھی ہے۔ ان مسائل کیلئے نسخہ تجویز کر دیں۔(حنا۔ کراچی)
جواب:آپ نشان کی جگہ شہد روزانہ صبح و شام لگائیں۔ کم از کم 3ماہ تک یہ نسخہ استعمال کریں۔مزید آپ چہرے پر تلوں کیلئے مصالحہ دار‘ گرم تلی ہوئی چیزوں سے مکمل پرہیز کریں۔ اکثر بہنیں دوائی تو کھاتی ہیں لیکن چٹ پٹی اور تلی ہوئی چیزوں سے کوئی پرہیز نہیں کرتیں لہٰذا آپ مکمل پرہیز کریں اور مزید معجون عشبہ اطریفل منڈی 3ماہ استعمال کریں۔ نہایت مفید اور آزمودہ ہے۔چارٹ سے غذا نمبر 6,5 کو مستقل مزاجی سے کچھ عرصہ استعمال کریں ۔
پیٹ کے کیڑے
میں ہشتم کا طالب علم ہوں مگر پڑھائی میں دل نہیں لگتا۔ میری خواہش ہے کہ اعلیٰ تعلیم حاصل کروں لیکن اب معلوم نہیں مجھے کیا ہو گیا ہے براہ کرم میری مدد کریں۔ دوسرا مسئلہ بالوں کا ہے۔ بال بہت کھردرے ہیں،کنگھی کرنا مشکل ہے۔ کوئی ایسی دوا بتائیں جس سے میرے بال ملائم، چمکدار اور سیاہ ہو جائیں۔ میں یہ بھی بتاتا چلوں کہ میرے پیٹ میں کیڑے ہیں ، الٹرا ساﺅ نڈ سے معلوم ہوا ہے کہ کیڑے بہت باریک ہیں(ہا شم خان۔بھکر )
جواب: آپ مندرجہ ذیل نسخہ استعمال کریں، ضرور افاقہ ہو گا ۔ باداموں کی گریاں 21عددکو رات کے وقت بھگو دیں اور صبح چھیل کر ایک ایک گری کھائیں،90دن کھائیں۔
اطریفل دیدن کسی اچھے دواخانے کی لے کر استعمال کریں، ایک ماہ تک بادی چیزیں اور مصالحہ دار چیزوں سے مکمل پرہیز کریں۔چارٹ سے غذا نمبر 8 استعمال کریں ۔
آنکھوں کے اوپر بوجھ
میرا مسئلہ یہ ہے کہ مجھے سات آٹھ سال سے چھینکوں کی بیماری ہے۔ زیادہ گرمی ہو یا سردی ،دھوئیں،ڈسٹ، پرانے کپڑوں کی بُوسے بھی چھینکیں آتی ہیں۔ خوشبو سے اسی وقت سر میں درد شروع ہو جاتا ہے۔ ناک کی ایک سائیڈ سے چھینکیں آئیں تو اسی طرف کی کنپٹی میں درد ہوتا ہے۔ سر ہر وقت بھاری رہتا ہے۔آنکھوں کے اوپر بوجھ رہتا ہے۔ یادداشت بہت کمزور ہے۔ سب کچھ بھول جاتا ہوں۔ کندھے اور پٹھوں میں کھچاﺅ پیدا ہو جاتا ہے۔ زیتون کے تیل سے مالش کرتا ہوں پھر بھی افاقہ نہیں ہوتا ہے۔ زکام کی وجہ سے بلڈ پریشر لو رہتا ہے۔ (قدرت اللہ لو دھی ۔ سندھ)
جواب: بھائی جان! یہ الرجی ہے اور اگر آپ اس کا مستقل علاج چاہتے ہیں تو یہ نسخہ دو ما ہ مستقل استعمال کریں۔
ھو الشا فی :پودینہ خشک اور اجوائن دیسی ہموزن پیس کر سفوف تیار کریں۔ نصف چمچ دن میں 4بار پانی کے ہمراہ استعمال کریں۔ کھٹی، ٹھنڈی چیزوں سے مکمل پرہیز کریںاور چارٹ سے غذا نمبر 7,6,5 کو استعمال کریں اور چند دنو ں کے بعد آپ خود بخود فرق محسو س کریں گی ۔
داغ اور گڑھے
ہم تین بہنوں کے منہ پر چھائیاں اور کیل بہت زیادہ ہیں۔ چہرے پر کالے داغ ہیں اور گڑھے بنے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے چہرہ بدنما لگتا ہے۔ بہت سی کریمیں اور ٹوٹکے استعمال کیے ہیں لیکن کوئی فرق نہیں پڑا۔دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ میری بہن کے گلے میں کیرا گرتا ہے، یہ پانچ چھ سال پرانا ہے۔ اس کیلئے بھی دوائی بتائیں۔(نور العین۔ ایبٹ آباد )
جواب: بہن! آپ لگانے سے زیادہ کھانے کی ادویات، یعنی غذائی ادویات اور پرہیز کی طرف توجہ دیں۔ اس سے فائدہ زیادہ ہو گا۔معجون عشبہ، اطریفل منڈی، جوارش جالینوس اوپر لکھی ہوئی ترکیب کے مطابق مستقل استعمال کریں اور مستقل 3ماہ تک استعمال کریں۔آپ چا رٹ سے غذا نمبر 8,6 استعما ل کریں ۔ ان شاءاللہ فائدہ ہو گا ۔
آپ کی بہن کیلئے: ”اطریفل اسطخدوس“ ایک چمچ صبح و شام مستقل استعمال کریں انشاءاللہ افاقہ ہوگا۔
اپنی بہن کو چارٹ سے غذا نمبر 7,6 کو مستقل استعمال کرائیں۔ ان شاءاللہ چند یوم میں ہی فرق محسو س ہو نا شروع ہو جائے گا ۔
Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 505
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں