بیماری سے ذہن پریشان
میں جسمانی تکالیف اور امراض میں مبتلا رہتی ہوں، پہلے مجھے بخار ہوا جو دو ماہ بعد جا کر ختم ہوا پھر دونوں ہاتھوں میں جلد ی مرض ہو گیا۔ وہ چار ماہ بعد جا کر بمشکل دور ہوا۔اب ایک د و سر ا جلدی مرض ظاہر ہو گیا ہے جس کا علاج کرا رہی ہو ں ، میں نما ز کی پابند ہوں اور یَاحَیُّ یَا قَیُّومُ کا ورد میں نے شروع کیا ہے۔ مسلسل بیماری نے مجھے ذہنی طور پر پریشان کیا ہواہے اور طرح طرح کے خدشات ستاتے رہتے ہیں۔ (شازیہ ، کرا چی)
جواب: صبح و شام پانی پر چھیاسٹھ مرتبہ بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِ، یَا اللّٰہُ، یا رَحِیمُ، یَا مُرِیدُدم کرکے پی لیا کریں ۔ فی الحال یَاحَیُّ یَا قَیُّومُ کا ورد نہ کریں صرف مذکورہ وظیفے پر عمل کریں۔ کم از کم تین ماہ عمل کیا جائے۔ انشاءاللہ ذہنی پریشا نیو ں اور امراض کی زیادتی سے اللہ تعالیٰ محفوظ فرمائیں گے ۔
نوکری کی تلاش
میں بی اے کے بعد دو سالوں سے نوکری کی کوشش کر رہا ہوں لیکن کامیابی نہیں ہوتی۔ شاید میرے پاس سفارش نہیں ہے۔ والد صاحب ضعیف ہیں اور گھر کی ذمہ داریاں مجھ پر آرہی ہیں لیکن انہیں ادا کرنے میں دشواریاں بڑھتی جارہی ہیں‘ ایک چھوٹی سی دکان ہے جس سے گھر کا گزارہ مشکل ہے۔ والد صاحب کی خواہش ہے کہ میں جلد نوکری پر لگ جاﺅں تاکہ مالی بوجھ ہلکا ہو جائے لیکن قسمت راضی نہیں ہے۔ایک جگہ درخواست دی ہوئی ہے لیکن کامیابی کی امید کم ہے۔ کئی وظا ئف پڑھے لیکن نوکری نہیںملی۔ ایک بزرگ نے بتایا کہ شاید نوکر ی تمہاری قسمت میں نہیں ہے ۔ویسے میرا ذہن بھی تیز نہیں چلتا یہ بھی بڑی مشکل ہے۔(فاروق میمن،ہالا)
جواب: نماز فجر کے بعد تین سو بار ”یَا بَاسِطُ“ اور نماز عشاءکے بعد 66بار ”اَللّٰہُ لَطِیف بِعِبَادِہِ یَرزُقُ مَن یَّشَآئُ وَ ہُوَالقَوِیُّ العَزِیزُ“ پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے فراخی رزق کیلئے دعا کریں۔کوئی نہ کوئی کام ضرور کرتے رہا کریں چاہے دکان سے متعلق ہی کیوں نہ ہو۔ اللہ تعالیٰ کسی نہ کسی ذریعے سے آپ کو مالی آسودگی فراہم کردیں گے‘ محض نوکری کو ذہن میںرکھنا درست نہیں ہے۔
وہم کا ہونا
میری دادی کا انتقال ہو گیا ہے، میری آنکھوں کے سامنے ان کا چہرہ آتا رہتا ہے اور ان کی باتیں بار بار ذہن میں آتی ہیں ان باتوں سے طبیعت خراب ہو جاتی ہے اور سر میں دردہونے لگتا ہے۔ آدھی رات کو آنکھ کھل جائے تو بھی ان کا چہرہ نگاہ کے سامنے آجاتا ہے۔ دوسری بات یہ ہے کہ مجھے وہم بھی بہت ہوتا ہے۔ اکثر یہ خیال آتا ہے میں جلد مرنے والا ہوں، ان سب باتوں کی وجہ سے میرے اندر اعتماد اور یقین کم ہو گیا ہے۔ (قمر الزمان، کراچی)
جواب: نماز عشاءکے بعد ایک تسبیح ”اَلعَظمُ لِلّٰہِ مَافِی السَّمَوٰاتِ“کی پڑھ کر ہاتھوں پر دم کرکے ہاتھ چہرے پر پھیر لیا کریں ۔اس وظیفے کو کم از کم چالیس روز پڑھیں۔ ان شا ءاللہ مذکورہ بالا تمام خیالات اور واہموں کا سدباب ہو جائیگا اور ذہن ایک نقطے پر مرکوز ہو جائے گا۔
رشتہ میں رکاوٹ
رشتے آتے ہیں لیکن بات آگے نہیں بڑھتی‘ میری شکل و صورت بھی اچھی ہے اور گھرانہ بھی اچھا ہے لیکن رشتہ طے ہونے میں ہمیشہ رکاوٹ آجاتی ہے۔ مجھ سے چھوٹے بھائی کی شادی ہو چکی ہے اور بہن کا نمبر ہے۔ میں کئی وظائف اب تک پڑھ چکی ہوں لیکن ابھی تک کوئی نتیجہ ظاہر نہیں ہوا ہے۔ (نورین شاہ، رانی پور)
جواب: نماز فجر اور نماز عشاءکے بعد چھیاسٹھ مرتبہ لَااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ اَلوَاسِعُ الوَدُودُ پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے فضل و کرم کی دعا کیا کریں اور کم از کم نوے دنوں تک اس وظیفے پر عمل پیرا ہوں۔ مجبوراً جو ایام ترک ہو جائیں وہ شمار کرکے بعد میں پورے کر لیں۔
بے دام غلام
ہمارا بھائی ایک لڑکی سے بہت متاثر ہے بلکہ اس کا بے دام غلام بن چکا ہے۔ ہماری نظروں میں وہ لڑکی اچھی نہیں ہے اور اپنا کام نکال رہی ہے۔ ہمارے والد بوڑھے ہیں اور بیمار رہتے ہیں۔ گھر کے حالات و معاملات میں بھائی کی توجہ کی ضرورت ہے لیکن وہ لڑکی اور اس کے گھر والوں کی خدمت میں لگا رہتا ہے اور ان کے کئی کام کر چکا ہے۔ اس لڑکی کی وجہ سے گھر میں آئے دن جھگڑا ہو جاتا ہے اور بھائی گھر والوں کیلئے نازیبا الفاظ استعمال کرتا ہے۔ ہمارے گھر کا حال بھی اچھا نہیں۔ کرائے کا مکان ہے اور بمشکل گزارا ہو رہا ہے۔ بہنوں کی شادیوں کی فکر سب کو کھائے جارہی ہے لیکن بھائی سب سے بے پروا ہو گیا ہے۔ (ظہیرخان، دیپالپور)
جواب: والدہ سے کہیں کہ وہ نصف رات گزرنے کے بعد ایک سو ایک باربِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیم ِپڑھ کر بیٹے کا تصور کریں اور دم کر دیا کریں۔ اگر کسی وجہ سے والدہ یہ عمل نہ کر سکیں تو کوئی بہن یہ عمل کرے۔ مستقل یہ عمل جاری رکھا جائے۔بھائی سے الجھنے اور لعنت ملامت کرنے سے گریز کریں تاکہ اس کے ذہن میں شدت پسندی نہ پیدا ہوا۔ اللہ تعالیٰ نے چاہا تو جلد نتائج ظاہر ہوں گے۔
سوتیلی والدہ کا ناروا سلوک
والد صاحب نے والدہ کی وفات کے بعد دوسری شادی کر لی۔سوتیلی والدہ کا سلوک روایتی سوتیلی ماﺅںوالا ہے۔ والدہ نے میرا نکاح اپنے ایک عزیز سے کر دیا جو پرلے درجے کا نکما اور آوارہ ہے اور جسے میں سخت ناپسند کرتی ہوں۔ یہ کام انہوں نے رشتہ داروں کی محبت اور جائیداد کیلئے کیا ہے۔ مجھے پڑھا لکھا کر بھی انہوں نے میرے ساتھ یہ سلوک کیا ہے۔ لوگوں کی نگاہیں میری جائیداد پر ہیں۔ کوئی ایسا شخص نہیں ہے جو میری طرف سے کچھ کہہ سکے۔ میرا دل دنیا سے اچاٹ ہوتا جارہاہے۔ (ش ، لاہور)
جواب: نماز فجر اور نماز عصر کے بعد ایک سو ایک بار یَااللّٰہُ یَا رَحمٰنُ یَا رَحِیمُ پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے اپنے مسائل پر خصوصی نظر کرم کی دعا کیا کریں۔ اس ورد کو اپنا معمول بنا لیں۔ انشاءاللہ آپ کیلئے بہتری کا راستہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے کوئی نہ کوئی سامنے آجائے گا۔ اللہ تعالیٰ پر یقین قائم رکھیں اور مایوس نہ ہوں۔
جسم پر لرزہ طاری ہو گیا
ایک بار نماز ادا کرنے مسجد گیا تو نماز کے دوران دل دھڑکنے لگا اور جسم پر لرزہ طاری ہو گیا۔ کوشش کے باوجود خود پر قابو نہ پا سکا اور یہ کیفیت بڑھتی گئی۔ بڑی مشکل سے نماز ادا کی۔ اس کے بعد سے جب بھی مسجد میں نماز باجماعت ادا کرنے کی کوشش کی، کامیاب نہ ہوا۔ امام صاحب کی قرات شروع کرتے ہوئے خوف سے بدن پر لرزہ طاری ہو جاتا ہے اور سانس تیز ہو جاتا ہے۔ اعصاب کھینچنے لگتے ہیں اور ٹانگیں جواب دینے لگتی ہیں۔ ویسے جسمانی صحت ٹھیک ہے اس بابت کوئی ورد و عمل بتائیں کہ یہ حالت ختم ہو جائے۔ اس بار حج کیلئے بھی جانا ہے اس لیے مزید پریشان ہوں۔(فضل حسین، فیصل آباد)
جواب: نماز فجر اور نماز عشاءکے بعدپانی پر ایک بار سورئہ فاتحہ اور ایک بار سورئہ فلق دم کرکے پی لیا کریں۔ رات کو سونے سے پہلے وضو کرکے بیٹھ جائیں۔ دعا کے اندازمیں ہاتھ اٹھا کر سات بار بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِ یَااللّٰہُ یَاحَفِیظُ یَا بَدِیعُ یَا بَدِیعَ العَجَائِب بِالخَیریَا بَدِیعُ پڑھ کر ہاتھوں پر دم کرکے ہاتھ چہرے پر پھیر لیا کریں۔ یہ عمل تین بار کیا جائے۔ انشاءاللہ بہت جلد اعصاب پر طاری ہونے والا خوف یا لرزہ ختم ہوجائے گا۔
حد سے زیادہ ڈرپوک
بچپن سے لیکر جوانی تک فضول اور لاحاصل زندگی گزار رہا ہوں۔ نہ دین کا رہا اور نہ دنیا کا ہو سکا۔ کئی سالوں سے بی اے میں مسلسل فیل ہو رہا ہوں۔ پڑھتا رہتا ہوں لیکن کوئی بات ذہن میں نہیں رکتی۔ معمولی سی بات سمجھ نہیں سکتا۔ سوچنے سمجھنے کی قوتیں مفلوج ہو گئی ہیں۔ کسی کام میں دلچسپی نہیں رہی۔ سستی کاہلی و بے عملی نے گھیر رکھا ہے۔ شادی شدہ اور صاحب اولاد ہوں لیکن حد سے زیادہ ڈرپوک ہوں۔ کسی سے اپنا حق بھی نہیں مانگ سکتا۔ لوگ میرا مذاق اڑاتے ہیں بے وقوف سمجھتے ہیں۔ والدین مجھ سے مایوس ہیں۔(حسن ،کشمیر)
جواب:نماز فجر‘ نماز ظہر اور نماز عشاءکے بعد سو مرتبہ بِحَولٍ وَّقُوَّةٍ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ المُہَیمِنُ العَزِیزُ الجَبَّارُ المُتَکَبِّرُ پڑھ کر دونوں ہاتھوں پر دم کرکے ہاتھ چہرے پر پھیر لیا کر یں ۔ انشاءاللہ ذہنی طور پر فعال ہو جائیں گے اور بہت سے معاملا ت میں آپ کو امداد یقینی حاصل ہوگی۔ قوت ارادی بھی پوری طر ح استعمال کرکے محنت اور کوشش سے کام لیا کریں۔
دل کی تکلیف
آج سے دو سال پہلے دل کی تکلف ہوئی۔ اس وقت میری عمر سترہ سال ہے۔ اب حال یہ ہے کہ دل پر بوجھ رہتا ہے یوں لگتا ہے کہ میرے اندر ہر طرف اندھیرا ہے۔ کبھی تکلیف میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔یوں لگتا ہے کہ شریانوں میں خون رک رہا ہے۔ مجھے یہ مرض پریشان و مضطرب رہنے کی وجہ سے لاحق ہوا ہے۔ میں آپریشن وغیرہ کرانے سے بہت ڈرتی ہوں۔(خانم بیگم ، لا ہو ر )
جواب: ضروری نہیں کہ آپ دل کے کسی مرض میں مبتلا ہوں۔ ذہنی دباﺅ اور اعصابی کمزوری سے بھی اس طرح کی کیفیات وارد ہو سکتی ہیں۔ اس کیلئے ماہر و مستند معالج سے معائنہ کرائیں اور اس کے مشورے پر پوری طرح عمل کریں۔ انشاءاللہ جلد صحت حاصل ہو جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ روزانہ رات کو سونے سے پہلے اور صبح بیدار ہونے کے بعد وضو کرکے بیٹھ جائیں اور ایک بار اسم ذات اللہ پڑھ کر قلب کے مقام پر انگشت شہادت سے یہ اسم لکھ دیں اور پھر دم کر دیں۔ علاوہ از یں صبح کے وقت ناشتہ سے قبل پانی پر چھیاسٹھ مرتبہ یَاحَیُّ قَبلَ کُلِّ شَیئٍ یَا حَیُّ بَعدَکُلِّ شَیئٍ دم کرکے پی لیا کریں۔
امتحان میں ناکامی
میںنے فرسٹ ایئر کا امتحان دیا اور پوری محنت کے باوجود پرچوں میں ناکام ہو گئی۔ مجھے فیل ہونے کی قطعاً امید نہ تھی۔ یہ صورت حال میرے لیے انتہائی پریشانی کا باعث بن گئی ہے اور کچھ سمجھ میں نہیں آتا۔ مجھے سال دوم میں داخلہ نہیں مل رہا ہے۔ سب لوگ کہہ رہے ہیں کہ سال اول کا امتحان دوبارہ دے دو لیکن میں پہلے ہی پوری محنت کے باوجود ناکام ہو چکی ہوں اور اس بات کو سب حیرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انہیں یقین نہیں آتا۔ اس سے پہلی جماعتوں میں میرا یہ حال نہ تھا(نو ر العین ۔ نو شہرہ)
جواب: نماز فجر کے بعد پانی پر ایک سو ایک بار یَا رَحِیمُ دم کرکے پیئں اور نماز عشاءکے بعد ایک سو ایک بار اَلمَلِکُ القُدُّوسُ پڑھ کر دعا کیا کریں۔ امتحان کا نتیجہ آنے تک ان دونوں وظائف پر عمل کریں۔
اعتماد اور یقین کی کمی
میری عمر چودہ سال ہے۔ میرے اندر اعتماد اور یقین بے حد کم ہے۔ زبانی امتحان کے وقت استاد کوئی سوال پوچھتی ہیں تو حالت یہ ہوتی ہے کہ رونا آجاتا ہے اور بہت کچھ جانتے ہوئے بھی کچھ بتانے سے قاصر ہو جاتی ہوں، کوئی ورد ایسا بتا ئیں کہ میں اس حالت پر قابوحاصل کر لوں۔ (بہا ر بی بی ،شیخو پورہ)
جواب:نماز فجر کے فوراً بعد کسی ایسی جگہ کھڑی ہو جائیں جہاں سے صبح کی ہلکی روشنی افق پر نظر آتی ہو۔ اس روشنی کو دس منٹ تک دیکھیں اور اس دوران اطمینان کے ساتھ اور مناسب رفتار سے سورئہ اخلاص پڑھتی رہیں۔ اس عمل کو کم از کم چالیس روزتک مستقل مزاجی سے کریں۔ ان شاءاللہ نروس ہونے کی مذکورہ کیفیت پر قابو حاصل ہو جائے گا۔
طلاق کی دھمکیاں
گھریلو حالات خراب ہیں۔ یہ حالات سالہال سے یوں ہی چلے آرہے ہیں ۔اس کی وجوہات میں آج تک سمجھ نہیں پائی ۔ شوہر مجھے سخت ناپسند کرتا ہے ۔میں اس کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتی لیکن اسے میری ہر بات بری لگتی ہے۔ بات بات پر بے عزت کر دیتا ہے۔ طلاق کی دھمکیاں دیتا ہے۔ میرا بڑا بیٹا جس کی عمر اٹھارہ سال ہونے والی ہے خراب ہوتا جارہا ہے۔ آوارگی اور نشہ کرنا اس کی عادت بن گئی ہے۔ اس کا نفسیاتی علاج بھی ہوا ہے۔ ہر طرح سے سمجھا کر دیکھ لیا ہے اور اپنی طر ف سے پوری کوشش کر لی ہے لیکن سب لاحاصل رہا۔ کئی لوگ کہتے ہیں کہ یہ جادو کے اثرات کی وجہ سے ایسا ہے۔(پروین، گوجرانوالہ)
جواب:آپ نماز عشاءکے بعد ایک سو ایک بار یَا جَلِیلُ پڑھ کر ہاتھوں پر دم کریں اور ہاتھ چہرے پر پھیر لیا کریں۔ گھریلو حالات اور بیٹے کی بے راہ روی میں جادو کا دخل نہیں ہے بلکہ یہ خراب گھریلو حالات ، والدین میں ذہنی ہم آہنگی نہ ہونے کی وجہ سے ہے ۔ بیٹے کیلئے صبح سورج نکلنے سے پہلے وضو کرکے پانی پر گیارہ بار یَا وَدُودُپڑھ کر دم کریں اور کسی بھی طرح بیٹے کو پلا دیا کریں۔
Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 614
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں