اب ہمارا حال یہ ہے کہ ہم اپنے ہی گھر میں گروی رہ رہے ہیں‘ میری تمام قارئین سے گزارش ہے کہ خدارا کسی پر اتنا اعتماد مت کریں کہ وہ آپ کا سب کچھ تباہ وبرباد کردے اور سود جیسی لعنت سے دور رہیں اور اگر کوئی ایسی غلطی ہوگئی ہے تو جلدازجلد اس سے نکل آئیں
آنکھوں میں درد اور ماں کے قدم
ایک شخص نے مجھے بتایا کہ مجھے شوگر کی وجہ سے آنکھوں میں بہت درد رہتا تھا۔ بہت علاج کروایا کچھ فائدہ نہ ہوا۔ بس کسی نے ماں کی عظمت دل میں ڈال دی‘ پھر روزانہ کا میرا معمول یہ ہوتا تھا کہ ماں کے قدموں کو اپنی آنکھوں پر رکھتا تھا تو درد ختم ہوجاتا تھا۔ بس ایک دن ایساآیا کہ ماں کا انتقال ہوگیا اب کہاں سے لاؤں وہ قدم جو میرے درد کو مٹائیں۔ اب درد ہوتا تو پریشان رہتا ہوں۔ یہ ہے ماں کے قدموں کی قیمت۔ اللہ تعالیٰ قدر کی توفیق عطا فرمائے۔ (سلیم اللہ سومرو‘ کنڈیارو)
اندھے اعتماد نے سب کچھ برباد کردیا
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!میرا یہ خط کوئی سنی سنائی داستان نہیں بلکہ ایک سچی کہانی ہے جو کہ میں عبقری میں اس لیے شائع کرانا چاہتی ہوں تاکہ تمام لوگوں کو اس سے سبق حاصل ہوسکے۔ میرے میاں اور میرے جیٹھ کا اکٹھا کاروبار تھا جو کہ میرے سسر نے سولہ سال تک سعودیہ میں رہ کر اور پائی پائی جمع کرکے اپنے دونوں بیٹوں کیلئے شروع کیا لیکن افسوس یہ سب سود کی نذر ہوگیا۔ میرے جیٹھ جو کہ سب کاروبار کے کرتا دھرتا تھے انہوں نے بغیر کسی کے علم میں لائے بینک سے سود پر قرض لے لیا جس کی وجہ سے تمام کاروبار ختم ہوگیا اور ہم پائی پائی کے محتاج ہوگئے نہ صرف یہ کہ بلکہ اس کے بعد انہوں نے ہم سب سے چوری گھر کی رجسٹری بھی بینک میں رکھوا دی ہمارا گھر جو لاہور کے مہنگے ترین علاقہ میں دس مرلہ پر مشتمل تھا‘ آج کسی اور کی ملکیت بن چکا ہے۔ گھر کی اس پریشانی کی وجہ سے میری ساس کو دل کا دورہ پڑا اور وہ انتقال کرگئیں اور اب میرےسسر بھی دن رات اسی پریشانی میں بیمار رہتے ہیں۔ میرے خاوند اور جیٹھ مل کر کاروبار کرتے تھے لیکن میرے جیٹھ نے میرے خاوند کو کسی بات کی ہوا نہیں لگنے دی اور اتنے بڑے قدم اٹھالیے ہمیں تو پتہ اس وقت چلا جب سب کچھ ختم ہوچکا تھا‘ پہلے دکان بک گئی اور پھر گھر بھی بیچنے کی نوبت آپہنچی ان کے کیے کی سزا ہمیں بھی بھگتنا پڑرہی ہے جب انسان پر مشکل پڑتی ہے تو سب اپنے پرائے ساتھ چھوڑ جاتے ہیں‘ ہمارے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا ہے۔ میری تو دعا ہے کہ اللہ کبھی بھی کسی مسلمان کو اس سود جیسی لعنت میں رسوا نہ کرے ۔
قصہ مختصر یہ کہ ہم بینک کےقرض تلے دبتے گئے اور سود بڑھتا گیا اور نوبت یہاں تک آگئی کہ بینک کاگھر نیلام کرنے کا وقت آن پہنچا لیکن بڑی مشکل سے ہم نے کسی عزیز سے منت سماجت کرکے گھر ان کو فروخت کیا اور اس سود جیسی لعنت سے نکل آئے۔ آدھی رقم تو بینک میں جاچکی ہے اور آدھی رقم کے ہم پانچ حقدار ہیں‘ یعنی تین میری نندیں اور دو بھائی‘ بینک کےعلاوہ بھی اور بہت سے قرض تھے جو کہ اتار کر اب اتنی رقم بھی نہیں بچی کہ ہم اپنا گھر خرید سکیں‘ اب ہمارا حال یہ ہے کہ ہم اپنے ہی گھر میں گروی رہ رہے ہیں‘ میری تمام قارئین سے گزارش ہے کہ خدارا کسی پر اتنا اعتماد مت کریں کہ وہ آپ کا سب کچھ تباہ وبرباد کردے اور سود جیسی لعنت سے دور رہیں اور اگر کوئی ایسی غلطی ہوگئی ہے تو جلدازجلد اس سے نکل آئیں اس سے پہلے کہ سب ختم ہوجائے۔ (پوشیدہ‘ لاہور)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں