نظام انہضام تباہ ہوچکا :میری عمر 25 سال ہے طالب علم ہوں، چند ماہ سے میرے پیٹ میں تکلیف ہے، ہر وقت پیٹ بھرا بھرا رہتا ہے، بھوک نہیں لگتی، زبردستی کھانا کھاتی ہوں، پیٹ میں گیس بنتی ہے اور بعض دفعہ سخت درد ہوتا ہے، اکثر قے بھی آجاتی ہے، کئی دوائیاں کھائیں مگر وقتی طور پر آرام آتا ہے، پھر وہی تکلیف، مجھے کوئی مشورہ دیجئے میں دوائیاں نہیں کھانا چاہتی، غذا سے صحیح ہونا چاہتی ہوں۔ (س۔ر)
مشورہ: آپ نے کھانے پینے میں جو بے اعتدالیاں کی ہیں ان کا نتیجہ آپ کے سامنے ہے، نوجوان عجلتی کھانوں (فاسٹ فوڈ) کے دیوانے ہیں، آپ لوگ بھنی مرغی اور تکے کباب شوق سے کھاتے ہیں، شاید آپ کو علم نہیں کہ مرغیوں کو کیا خوراک دی جاتی ہے اور ان کے مابعد اثرات کیا ہیں، یہ انسانی صحت کو تباہ کردیتی ہے، اب آپ بازار کے کھانے چھوڑدیں، گھر میں سادہ غذا بنائیے، آپ کے لیے گھیا بہت اچھا ہے، گوشت میں پکا کر کھائیں نیز اس کی بھجیایا پھر دہی میں رائتہ بناکر کھائیں، دن میں ایک بار گھیا ضرور کھائیں، ناشتے میں دلیہ لیں، اس میں ایک بڑا چمچ شہد ملا لیں، دلیہ جوکا ہو، تو زیادہ بہتر ہے۔ ادرک کا رس آدھا چمچ، لیموں کا رس ایک چمچ، پودینے کا پانی ایک چمچ اور ایک چمچ شہد ملاکر رکھ لیں، ان سب کو ملاکر آہستہ آہستہ چاٹ لیں، دن میں دو بار لیں، یہ نسخہ گوشت، مرغن، تلے ہوئے کھانوں سے پیدا شدہ بدہضمی کیلئے مفید ہے، دوسری بیماریاں بھی دور کرتا ہے، دن میں تین بار بھی لے سکتے ہیں، ادرک کے بہت سے فائدے ہیں، ادرک کا چھوٹا سا ٹکڑا کاٹ کر پانی میں ابالیں، جب خوب جوش آجائے تو آپ چائے کی پتی ڈال کر دم کریں، یہ چائے نزلہ زکام اور سردی میں بے حد مفید ہے، آپ پرہیز کریں اور ادرک کا رس استعمال کریں، ان شاء اللہ دو چار ہفتوں میں صحت یاب ہوجائیں گے۔
میرے گھر کے امرود:ہمارے گھر میں امرود کے دو درخت ہیں، امرود لگتے تو ہیں، مگر اتنے میٹھے نہیں، مجھے لال رنگ کے امرود پسند ہیں، آپ مجھے امرود کے بارے میں بتائیں، اس کے کیا فائدے ہیں، یا ویسے ہی ہم لوگ ذائقہ کیلئے کھاتے ہیں۔ (نازیہ ملک‘ لاہور)
مشورہ: امرود بہت اچھا اور غذائیت سے بھرپور پھل ہے، جن لوگوں کو دل کا عارضہ ہو، دل تیز تیز دھڑکتا ہوں بلند فشار خون ہوتو امرود کھانے سے افاقہ ہوجاتا ہے، کچھ لوگوں کو بھوک نہیں لگتی، وہ کھانے کے بعد ایک دو امرود کھالیں تو ان کی بھوک بڑھ جاتی ہے، اسی طرح جن کا نظام انہضام ٹھیک نہ ہو، قبض رہتا ہو، آنتوں میں خشکی ہوتو ناشتے میں پیٹ بھر کر امرود کھائیں، کالی مرچ اور ذرا سا نمک چھڑک سکتے ہیں، چند روز نہار منہ امرود کھانے سے قبض دور ہوجائے گا، اسی طرح بخار کے بعد منہ کا ذائقہ خراب ہوجاتا ہے، امرود کی چاٹ بناکر کھائیں، منہ کا ذائقہ ٹھیک ہوجائے گا، کھانسی میں کچا امرود جلاکر کھانے سے آرام آتا ہے امرود کے بیج بھی کھانے چاہئیں، آنتوں میں جو فاسد مادے رکے ہوتے ہیں، خارج ہوتے ہیں، امرود کا شربت بھی بنتا ہے جو ہاضم اور مزیدار ہوتا ہے۔ مجھے بھی امرود اچھے لگتے ہیں جب تک اپنا گھر تھا، امرود کا پیڑ رہا، ہم قربانی کا خون امرود کے پودوں کی جڑوں میں ڈالتے تھے اور پھول آنے سے پہلے جڑ کے پاس زمین کھود کر چاروں طرف گڑ بھی کوٹ کر ڈالتے، اس عمل سے امرود لال اور میٹھے ہوتے تھے، جب وہ گھر چھوڑا تو سب سے زیادہ امرود کے درخت کا افسوس ہوا، سارے محلے میں امرود بانٹتے تھے۔
دھوئیں کی ناگوار بدبو:ہمارے گھر کے پیچھے لکڑی اور کاغذ وغیرہ کا کام ہوتا ہے، یہ لوگ جب ردی کاغذ جلاتے ہیں تو گھر میں ناگوار بو پھیل جاتی ہے جو بہت بری لگتی ہے، اکثر دم گھٹنے لگتا ہے، اسی طرح اگر کوئی مہمان گھر میں سگریٹ پئے تو اس کا دھواں اچھا نہیں لگتا، آپ اس بارے میں ضرور لکھیں کہ دھوئیں کی بدبو سے کیسے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ (س ۔ر)
مشورہ: دھوئیں کی بدبو واقعی برداشت نہیں ہوتی، دھوئیں سے سانس رکنے لگتا ہے، پھر گلا بھی خراب ہوجاتا ہے، جیسے ہی دھوئیں کی بدبو محسوس ہو آپ چھوٹے چھوٹے پیالوں میں دو تین جگہ سرکہ بھر کر رکھ دیں، تھوڑی دیر میں دھوئیں کی بدبو نہیں رہےگی، اس طرح اگر کوئی مہمان سگریٹ پئے تو اس کے دھوئیں کی بدبو دور کرنے کیلئے کمرے میں کسی جگہ موم بتی جلادیں، موم بتی جلنے کے بعد سگریٹ کی بدبو نہیں آئے گی، اسی طرح غسل خانہ میں سگریٹ پیاجائے اور بدبو ہوتو آپ ماچس کی چار پانچ تیلیاں جلائیں، بدبو بہت ہوتو موم بتی چند منٹ کیلئے جلادیں، بدبودور ہوجائے گی، اگر ناک اور منہ میں دھوئیں کی وجہ سے خراش ہویا گلا بند ہونے لگے تو ایک چمچ چینی منہ میں ڈال کر چوسیے، زیادہ ہی دھواں لگا ہوتو دو چمچ چینی ایک گلاس پانی میں ڈال کر آہستہ آہستہ پی لیں، سکون ملے گا۔
سرچکراتا ہے :میرا سر چکراتا ہے، اس کیلئے آپ بتائیے کیا کرنا چاہئے؟۔ (راحیلہ، لاہور)
مشورہ: لگتا ہے آپ کی نیند پوری نہیں ہوتی، آپ جلدی سوئیے تاکہ نیندپوری ہو، رات کو آپ سات بادام پیس کر دودھ میں ملاکر پئیں، آملے کا مربہ منگواکر رکھئے، ایک آملہ لے کر چاندی کا ورق لپیٹ کر نہار منہ کھائیے، چکر نہیں آئیں گے۔
چڑچڑاپن:پچھلے آٹھ ماہ سے میرے شوہر چڑچڑے ہوگئے ہیں، سب سے اہم بات یہ کہ انہوں نے دوسرے کمرے میں سونا شروع کردیا ہے، مجھ سے کوئی بات نہیں کرتے، ان کی عمر چالیس سال سے زائد ہے، ان کی وجہ سے بہت پریشان ہوں کمزور ہوتے جارہے ہیں، علاج بھی نہیں کراتے، اصل میں ہماری آمدن محدود ہے، مشکل سے گزارہ کرتی ہوں، آپ ان کیلئے کوئی آسان سا نسخہ بتائیے، جس سے ان کی کمزوری دور ہوجائے، ہمارے دو بچے ہیں۔ (ایک پریشان بیگم)
مشورہ: آپ بازار سے چھوہارے خریدیں، آپ شام کو پانچ چھوہارے دھوکر ایک پیالہ پانی میں بھگودیں، رات کو ایک پائو دودھ میں یہ چھوہارے اور پانی ملاکر پکائیے، جب ایک پیالہ دودھ رہ جائے تو اتار کر ٹھنڈا کرکے کسی ٹھنڈی جگہ رکھ دیجئے، صبح کے وقت آپ سب سے پہلے اپنے شوہر کو کھجوروں والا دودھ دیجئے، ان سے کہیں کہ کھجور کھالیں اور دودھ پی لیں۔ پانچ چھ ہفتے میں ان کی کمزوری دور ہوجائے گی، جسم میں چستی اور توانائی کا احساس ہوگا، کھجور میں بہت طاقت ہوتی ہے، اس میں غذائی ریشہ کے ساتھ ساتھ بے پناہ حیاتین بھی شامل ہیں۔ یہ دل اور اعصاب کو تقویت دے گی، کہنے کو تو پانچ چھوارے معمولی بات لگتی ہے مگر آپ آزماکر دیکھئے، یہ خاطر خواہ فائدہ دیں گے، چھوہارے پرانے اور کالے نہ ہوں۔ اچھی بات ہے کہ آپ سفید پوشی کا بھرم رکھتی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ شوہر پر بھی بھرپور توجہ دیجئے، ہر بات کا خیال رکھیں، وہ بھی انسان ہیں، پیسہ نہ ہونے سے ویسے ہی پریشانیاں پیدا ہوتی ہیں، ایسے میں بیوی ساتھ نہ دے تو مسئلہ بن جاتا ہے، وہ آپ لوگوں کیلئے محنت کرتے ہیں اور آپ کا فرض ہے کہ ان کا خیال رکھیں، ان کا ساتھ دیں۔
بچوں کے پیشاب کا مسئلہ
ہمارے قارئین اکثر و بیشتر بچوں کے پیشاب کا مسئلہ پیش کرتے ہیں، پچھلے دنوں ایک پریشان ماں نے فون کیا، ان کی تیرہ سالہ بچی رات کو پیشاب کردیتی ہے، ان کو ایک ماہر نفسیات ہومیولیڈی ڈاکٹر کے پاس بھیجا، جہاں اس کا علاج جاری ہے، ہمارے ایک محترم بھائی قاری صاحب نے ایبٹ آباد سے لکھا ہے کہ شہد کی شفابخشی کا ذکر قرآن میں اور کلونجی کا حدیث نبویﷺ میں ہے، ایک چھٹانک کلونجی اچھی طرح صاف کرکے پیس لیں اور ایک پائو خالص شہد میں ملاکر رکھ لیں، بچوں کو آدھا چمچ سے لے کر ایک چمچ تک صبح شام عمر کے حساب سے کھلائیں، میرے تجربے کے مطابق یہ نسخہ کامیاب رہا ہے، آپ بھی ایسے مریضوں کو استعمال کرائیے۔ جدید تحقیق سے معلوم ہوا ہے، کلونجی بیماریوں کے خلاف مدافعت بڑھاتی ہے، کلونجی سے سرطان کا علاج بھی دریافت کیا گیا ہے، یہ الرجی، کھانسی، نزلہ، بخار اور دمہ میں بھی مفید ہے، کلونجی بیکٹیریا بھی ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اسے شہد اور مکھن کے ساتھ استعمال کرنے سے بہت سی بیماریوں سے تحفظ ملتا ہے، ہمارے ہاں جو بچے قرآن پاک حفظ کرتے تھے، انہیں صبح چٹکی بھر کلونجی کھلائی جاتی تھی، آپ لوگ بھی کلونجی اور شہد کا استعمال کرائیے فائدہ ہوگا، سمن آباد میں ایک میڈیکل سٹور کے مالک معدے کے امراض میں مبتلا تھے، انہوں نے ہر طرح کی دوائیاں استعمال کیں، وقتی فائدہ ہوتا پھر وہی حال، کسی نے انہیں شہد اور کلونجی کے فوائد بتائے، کلونجی پیس کر شہد میں ملاکر صبح و شام کھانے سے ڈیڑھ ماہ میں ان کی ساری تکالیف دور ہوگئیں، اب کبھی کبھی وہ شہد اور کلونجی کھالیتے ہیں، گھروں میں کیڑے مکوڑے ہوجائیں تو کوئلوں پر کلونجی ڈال کر دھونی دینے سے سب کیڑے ختم ہوجاتے ہیں، پہلے زمانے میں زچہ کے کمرے میں شام کے وقت کلونجی اور حرمل کی دھونی باقاعدگی سے دی جاتی تھی، اس سے زچہ بچہ بہت سی تکالیف سے محفوظ رہتے تھے۔
ناک کا مسئلہ
میری عمر 30 سال ہے، مجھے ناک چھدوانے کا شوق ہے، میرے شوہر کو بھی ناک میں کیل اچھی لگتی ہے، کیا اس عمر میں ناک چھدوا سکتی ہوں، مجھے ضرور بتائیے، یہ میری بڑی خواہش ہے۔ (فریحہ)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔: فریحہ! آپ ضرور ناک چھدوائیے، اپنا شوق پورا کریں، میں نے خواتین کو تو ادھیڑ عمر میں کانوں میں چار چار سوراخ کراتے دیکھا ہے، اب تو تکلیف بھی نہیں ہوتی، سُن کردیتے ہیں، سردی کا انتظار کیوں کررہی ہیں، اپنا جواب پڑھتے ہی کسی اچھی جگہ سے ناک چھدوالیجئے، آپ کے شہر میں بہت سی جگہ پر ناک چھیدے جاتے ہیں۔
گھونسلے کے تنکے
ہمارا گھر پرانی وضع کا ہے، روشن دان بھی پرانی طرز کے ہیں، چڑیوں نے بڑا تنگ کررکھا ہے، گھونسلے کے تنکے کمرے میں گرتے رہتے ہیں، صاف کرکرکے تھک جاتی ہوں، چڑیوں کے بچے بھی ہیں، کوئی ایسا ٹونکا بتائیے جس سے چڑیاں گھونسلا نہ بنائیں اور ہمارا گھر صاف ستھرا رہے۔ (امینہ)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔: فیصل آباد میں میرے ایک ملنے والے کا بھی یہی مسئلہ تھا، میں ان کے گھر گئی، تین منزلہ گھر تھا، دوسری منزل پر ان کی رہائش تھی، باورچی خانہ میں جھاڑ جھنکار تنکے پڑے تھے، چھت پر جاکر دیکھا، ابھی چڑیا نے انڈے نہیں دیے تھے، ایک چھوٹی سی پلاسٹک کی کھلونا بطخ لے کر ڈوری باندھ کر چھت سے گھونسلے کے سامنے لٹکادی، چڑیا آئی اور بطخ دیکھ کر واپس چلی گئی۔ شام تک چکر لگاتی رہی مگر گھونسلے میں نہ آئی۔ آپ بھی کوئی پرانا کھلونا لے کر روشن دان میں رکھ دیں۔ چڑیا گونسلا نہیں بنائے گی، بعد میں مجھے افسوس بھی ہوا کہ خومخواہ چڑیا کو گھونسلا بنانے سے روک دیا، مگر گھر والے بہت خوش تھے کہ تنکے اب نہیں گرتے تھے، آج بھی دیہاتوں میں کپڑے کی کترنوں سے پتلا بناکر کھیت میں بانس یا لکڑی کے ساتھ لٹکادیتے ہیں تو پرندے فصل خراب نہیں کرتے۔
بواسیر کی تکلیف
میری عمر 30 سال ہے جب میں رفع حاجت کیلئے جاتا ہوں تو اتنی شدید تکلیف ہوتی ہے کہ بیان نہیں کرسکتا، بعض دفعہ مسّے پھول جاتے ہیں، ڈاکٹری علاج سے وقتی فائدہ ہوتا ہے، مجھے مشورہ دیجئے کیا کرنا چاہئے، سخت پریشانی کے عالم میں خط لکھ رہا ہوں۔ (مجیب عالم)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔: ہمارے ہاں! انجیر عام مل جاتی ہے، اس کی بہت سی خوبیاں ہیں، بواسیر میں بھی کام آتی ہے، آپ انجیر تین دانے لے کر گرم پانی سے دھولیں تاکہ ساری کثافت نکل جائے اور تنکے وغیرہ دور ہوجائیں۔ ایک گلاس تازہ پانی میں انجیر بھگوئیے، صبح نہار منہ کھائیے، اب تین دانے پانی میں بھگوکر شام کو کھائیے، چار سے پانچ ہفتہ آپ انجیر کھائیے ان شاء اللہ تعالیٰ آپ کی بواسیر دور ہوجائے گی۔ انجیر آپ شیشے کے گلاس میں بھگوئیے، سٹیل یا مٹی کے برتن میں نہیں، آپ نے انجیر کا پانی بھی پینا ہے، پھینکنا نہیں، کھانےمیں قدرے احتیاط کریں، تازہ کچی پکی سبزیاں، پھل، دہی وغیرہ کھائیے۔ سلاد کی ایک رکابی آپ نے کھانے کے ساتھ ضرور لینی ہے۔ انجیر آپ کا نظام انہضام درست کرے گی اور آپ کی قبض دور ہوجائے گی۔ آپ کے کانوں میں کوئی تکلیف ہوگی تو وہ بھی ختم ہوجائے گی، ذہنی اور جسمانی تکان دور ہوگی اور آپ نئی توانائی سے کام کرسکیں گے، بیماری سے صحت یاب ہونے والوں کیلئے انجیر مقوی دوا کا کام کرتا ہے۔
فرنیچر کی صفائی کیلئے
فرحانہ بی بی نے پوچھا ہے فرنیچر کس طرح صاف کرنا چاہئیے، گندا فرنیچر اچھا نہیں لگتا، کمرا بھدا لگتا ہے۔ (فرحانہ بی بی)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔: فرحانہ بی بی! نئے فرنیچر پر ہلکا سازیتون کا تیل لگاکر پانچ چھ گھنٹے کیلئے چھوڑدیں، پھر ململ کے پرانے کپڑے سے صاف کرلیں، اس طرح لکڑی یا چپ بورڈ پھٹنے سے محفوظ ہوجائیں گے۔ بچے میز پر پانی، شربت وغیرہ گراتے رہتے ہیں جس سے فرنیچر خراب ہوتا رہتا ہے، پانی گرتے ہی صاف کردینا چاہئے، سپرٹ، تارپین کا تیل اور تلوں کا تیل ہموزن لیں اور کسی لکڑی سے یکجا کرکے رکھ لیں۔ آدھے پونے گھنٹے کے بعد کسی کپڑے سے فرنیچر پالش کریں، روغنی لکڑی کا فرنیچر السی کے تیل سے صاف کریں، کچھ سگھڑ خواتین چائے کی پتی پھینکتی نہیں بلکہ اسے دھوپ میں خشک کرکے رکھ لیتی ہیں، پتی کو ہاتھ سے باریک کرکے ململ کے کپڑے میں رکھ کر پوٹلی بنائیے، دس قطرے رائی کا تیل کپڑے کی پوٹلی پر لگاکر فرنیچر پر ہلکے ہلکے ہاتھ سے رگڑیے، فرنیچر چمک جائے گا، اس طرح بچے بعض اوقات فرنیچر پر گہرے نشان ڈال دیتے ہیں جو برے لگتے ہیں۔ بچوں کے رنگین مومی چاک فرنیچر کے رنگ کے لے کر نشان میں بھردیں، بازار سے وارنش اور سپرٹ مل جاتی ہے، آپ کسی برتن میں دونوں چیزیں ملاکر ململ کے کپڑے میں لگا کر فرنیچر صاف کریں، چمک جائے گا، کچھ خواتین ناریل کا تیل آدھا چمچ لے کر تھوڑا پانی ملاکر کپڑے سے فرنیچر صاف کرتی ہیں، اس سے بھی چمک آجاتی ہے۔
کھانسی
میرا بچہ دو سال کا ہے، اسے کھانسی ہوتی ہے تو بہت مشکل سے ٹھیک ہوتی ہے، رات کو بہت تنگ کرتا ہے، اس کیلئے کیا کرنا چاہئیے۔ (عمارہ خان)
بچے کو ٹھنڈے مشروبات خصوصاً کولابالکل نہ دیں، گھریلو نسخوں میں سب سے بہتر شہد ہے، ایک چمچ شہد سوتے وقت بچوں کو دینے سے بہت فرق پڑجاتا ہے، شہد اصلی ہونا چاہئے، سانس کی نالی کی چھوت (infection) کیلئےشہد صدیوں سے کامیابی سے استعمال ہورہا ہے، اس کے مابعد اثرات نہیں، یہ حلق کی سوزش کو دور کرتا ہے، سکون دیتا ہے۔ بڑے بچوں کو تھوڑی سی پسی ہوئی کالی مرچ شہد میں ملاکر دن میں تین بار چٹانے سے آرام آتا ہے، ادرک کا رس شہد میں ملاکر چاٹنے سے بھی کھانسی میں فرق پڑ جاتا ہے۔ سردیوں کے موسم میں مائوں کو چاہئے کہ بچوں کو مچھلی کے تیل کے کیپسول ضرور کھلائیں مگر صرف دسمبر اور جنوری تک۔ اس سے بھی نزلہ، زکام اور کھانسی سے بچائو ہوتا ہے، اسی طرح بڑے بچوں کو ملٹھی کا ٹکڑا چوسنے کو دیں، ان شاء اللہ فائدہ ہوگا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں