Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

شہادت کی انگلی پر 786 کا نشان٭

ماہنامہ عبقری - فروری 2018ء

786 کا نشان:میں نے دیکھا کہ میری سابقہ منگیتر اپنے نومولود بیٹے کے ساتھ چارپائی پر بیٹھی ہے۔ میں بھی اسی چارپائی پر اس کے ساتھ بیٹھ جاتا ہوں، وہ موٹے مار کر سے اپنے بائیں ہاتھ پر انگوٹھے اور شہادت کی انگلی کے درمیان والی جگہ پر 786 لکھ رہی ہوتی ہے۔ میں پوچھتا ہوں کہ یہ کیوں لکھا تو وہ جواب دیتی ہے کہ بچے کے کام وغیرہ کرنے ہوتے ہیں نا تو اس لئے بہتر ہے۔ تو میں کہتا ہوں کہ لکھنا ہی ہے تو دائیں ہاتھ پہ لکھو۔ بائیں پر مناسب نہیں۔ تو وہ کہتی ہے کہ یہ بھی ٹھیک ہے تم خود ہی لکھ دو۔ پھر میں اس کے دائیں ہاتھ پہ اسی جگہ 786لکھ دیتا ہوں اور کہتا ہوں ، اب یہ مٹنا نہیں چاہیے۔(شاکر‘اندرون سندھ)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کی سابقہ منگیتر کے ہاں آئندہ اولاد نرینہ ہونے کی امید ہے اور ممکن ہے کہ مزید اولاد کا سلسلہ بھی جاری رہے۔
نوٹوں کا ملنا: میں نے دیکھا کہ میں گھر میں کمرے سے نکل کر گیلری میں آتی ہوں تو وہاں فرش پر پانچ ہزار ، ایک ہزار کے نوٹ پڑے ہوتے ہیں۔ میں وہ پیسے فوراً اٹھا لیتی ہوں۔ میرے ابو بھی قریب کھڑے ہوتے ہیں۔ میں ابو سے پوچھتی ہوں کہ آپ کے پیسے تو گم نہیں ہوئے؟ ابو اپنے پیسے اور چیزیں چیک کرتے ہیں۔ پھر میری آنکھ کھل گئی۔ اس سے پہلے بھی میں نے خواب میں دیکھا تھا کہ میں گلی میں جارہی ہوں اور مجھے پیسے ملتے ہیں وہ بھی ہزار اور پانچ سو کے اصلی نوٹ ہوتے ہیں، میں انہیں فوراً اٹھالیتی ہوں۔(سویرابشیر‘لاہور)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ اچانک کوئی خوشی کی خبر آپ کو ملنے والی ہے اور اس خبر کا تعلق آپ سے اور آپ کے گھر والوں سے ہوگا۔ واللہ اعلم۔
کالج کا منظر: دیکھا کہ میں کالج میں کافی دنوں کے بعد جاتی ہوں۔ میری تمام ساتھی مجھے مل کر بہت خوش ہوتی ہیں اور ہم سب گپ شپ کرتی ہیں۔ پھر منظر بدلتا ہے میں کسی جگہ پر ہوتی ہوں، وہاں پر بہت ہجوم ہوتا ہے۔ تھوڑی دیر بعد میں اپنی دوست سے کہتی ہوں کہ مجھے باتھ روم جانا ہے پھر مجھے کوئی ساتھ لے کر جاتا ہے‘ وہاں ایک قطار میں بہت سے باتھ روم بنے ہوتے ہیں جو کوئی بھی میرے ساتھ ہوتا ہے، وہ مجھے پہلے باتھ روم کا دروازہ کھول کر دیتا ہے مگر میں دیکھتی ہوں کہ باتھ روم تو بہت گندا ہے تو میں اندر جانے سے انکار کردیتی ہوں، اسی طرح تین، چار باتھ روم جو گندے ہوتے ہیں، میں وہاں جانے سے انکار کردیتی ہوں۔ پھر مجھے اسی قطار میں ایک صاف باتھ روم دکھائی دیتا ہے تو میں اشارہ کرکے اسے بتاتی ہوں کہ وہ باتھ روم صاف ہے، میں وہاں جائوں گی۔ پھر میری آنکھ کھل گئی۔(ج، سیالکوٹ)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اندیشہ ہے کہ کسی تکلیف دہ بیماری کا آپ کو سامنا کرنا پڑے گا، تاہم تین چار جگہ سے علاج کے بعد فائدہ پہنچ پائے گا۔
فوت شدہ دادی کے ساتھ پکنک:میں اور میری دادی جان (جو فوت ہوگئی ہیں) ہم کسی آبشار کے پاس سیر کرنے گئے ہیں۔ وہاں پانی چشمے کی صورت میں بہت تیز بہہ رہا ہے کہ اس میں ایک شخص بہہ گیا۔ وہاں بہت سے لوگ پکنک منارہے ہیں۔ میں گیلی ریت پر کچھ لکھتی ہوں، اچانک دیکھتی ہوں کہ آبشار کا پانی کم ہوکر ایک چھوٹے سے چشمے کی صورت میں بہہ رہا ہے۔ میں دادی سے کہتی ہوں آپ یہاں سے ہاتھ دھولیں۔ ان کے ہاتھ پر کچھ لگا ہوتا ہے۔ پھر ہم باہر آجاتے ہیں، میں کسی سے اس آبشار کا نام پوچھتی ہوں ، وہ کہتا ہے کہ دیوار پر لکھا ہوا ہے۔ پھر ہم آگے جاتے ہیں ایک بوڑھا آدمی شیشے کی بوتلیں بیچ رہا ہوتا ہے۔ وہاں کچھ لوگ اور بھی بیٹھے ہوتے ہیں۔ میری دادی کہتی ہیں کہ یہ لیمن کی بوتلیں ہیں۔ میں ان سے پوچھتی ہوں کہ آپ کو پینی ہے؟ پھر میں اپنے ہاتھ میں پکڑے پیسوں میں سے 10 روپے کا نوٹ نکال کر آدمی کو دیتی ہوں اور بوتل دادی کو دیتی ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل گئی۔(عالیہ‘ قصور)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کو پریشانیوں اور مشکل حالت سے نجات مل سکے گی اور نہ صرف خوشی و خوشحالی ملے گی بلکہ خاندان کے اور افراد بھی فائدہ اٹھائیں گے۔ واللہ اعلم۔
سیڑھیوں میں سانپ: میں نے دیکھا کہ ایک سانپ سیڑھیوں میں میرا راستہ روک کر بیٹھا ہے۔ پھر میرے جرأت کرنے پر بھاگ جاتا ہے۔ پھر دوسرے خواب میں بھی ایک سانپ دیکھا، میں اس کی زبان کاٹ رہا ہوں لیکن وہ بچ جاتا ہے۔ پھر دیکھا کہ کالی بھینسیں مجھے مارنے کے لئے آرہی ہیں لیکن میں بچ جاتا ہوں، اس کے علاوہ میں اکثر خواب میں گندگی دیکھتا ہوں۔(محمد ندیم‘ ملتان)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ دنیاوی اغراض اور اس کی طلب سانپ بن کر اللہ کے راستے سے روکے ہوئے ہیں اور چاہتی ہیں کہ مزید آلودہ کئے جائیں۔ آپ استغفار کثرت سے پڑھا کریںا ور پنج وقتہ نماز کی پابندی کی کوشش کریں اور ہر نماز کے بعد گڑ گڑا کر اللہ کے حضور دعا گو ہوں۔ ہوسکے تو کسی اللہ والے متبع سنت و شریعت بزرگ سے اپنا اصلاحی تعلق بھی قائم فرمالیں۔ واللہ اعلم
میرا بیٹا تیل بیچ رہا ہے: میں نے دیکھا کہ میرا بیٹا تیل بیچ رہا ہے۔ ایک گاہک اسے کہتا ہے کہ پہلے والا تیل دینا۔ میں آواز دیتا ہوں کہ یہ وہی ہے۔ پھر میں نیچے آکر خود چیک کرتا ہوں۔ اتنے میں میرا بھائی آکر پوچھتا ہے کتنا تیل بیچا ہے۔ میں اسے جواب دیتا ہوں کہ یہ سب میرے بیٹے کو پتا ہے۔(حاکم‘صادق آباد)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ ایمان داری اور راست گوئی تجارت میں برکت کے سنہری اصول ہیں اور جو رزق رازق نے مقدر میں لکھ دیا ہے وہ مل کر رہنا ہے۔ خواہ ہم جائز طریقے سے حاصل کریں یا ناجائز ذرائع سے۔
لمبی سڑک اور پٹرول ختم:میں نے دیکھا ایک بہت بڑا صحرا ہے اور میں گاڑی میں بیٹھی ہوں۔ ہماری گاڑی کا شاید پٹرول ختم ہو جاتا ہے، ہم لینے کے لئے نیچے کی طرف جاتے ہیں۔ وہ سڑک بہت لمبی اور گہری ہوتی ہے۔ پھر ہماری گاڑی ایک چائے کے چھابے کے پاس پہنچ جاتی ہے، وہاں پر لوگ ایک سیاست دان کے بارے میں منفی باتیں کررہے ہوتے ہیں۔ ہم اپنی گاڑی دائیں جانب موڑ لیتے ہیں تاکہ پٹرول لے سکیں۔ پھر دیکھا کہ میں کہیں جارہی ہوں، راستے میں ایک موٹا سا شخص مجھے روک دیتا ہے اور آگے جانے نہیں دیتا۔ میں اسے برا بھلا کہتی ہوں تو وہ شخص کہتا ہے اچھا یہ بات ہے تو لو میں نے تمہارے جسم کا بند باندھ دیا ہے، اب تم کچھ نہیں کرسکو گی۔ میں پریشان ہوکر اس سے معافی مانگتی ہوں تو وہ کہتا ہے اچھا جائو میں نے تمہیں معاف کیا۔ پھر دیکھا کہ حرمین شریفین میں ہوں اور اللہ کی کاریگری اور وہاں کے حسن پر سبحان اللہ پڑھ رہی ہوںکہ اللہ نے کیا سفید اور سیاہ کا امتزاج بنایا ہے (سفید اور سیاہ ماربل کا فرش تاحد نگاہ ہے) بہت حسین منظر ہوتا ہے۔
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ جس طرح پہلے اللہ کی مدد آپ کے ساتھ تھی، اب ابھی اسی طرح سے ہےاور بڑی بڑی مشکلات اور پریشانیوں کے پہاڑ آپ کو نقصان پہنچانے سے قاصر رہے، تاہم مایوسی کو اپنے قریب نہ آنے دیں اور ہر وقت اللہ کا ذکر اور اس کا شکر ادا کرتی رہیں۔ انشاء اللہ آپ اللہ کے گھر کی زیارت ضرور کریں گی۔ آپ کلمہ طیبہ کثرت سے پڑھا کریں۔ واللہ اعلم۔

 

Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 442 reviews.