ہر ماہ توحید و رسالت سے مزین مشہور عالم کتاب کشف المحجوب سبقاً حضرت حکیم صاحب مدظلہٗ پڑھاتے ہیں اور مراقبہ بھی کرواتے ہیں۔قارئین کی کثیرتعداد اس محفل میں شرکت کرتی ہے۔ تقریباًدو گھنٹے کے اس درس کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔
حلقہ کشف المحجوب کا سبق 'معرفت و شریعت' ہے۔ شیخ پیر علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ نے ا پنی کتاب کشف المحجوب کا ایک عنوان لکھا ہے یہ عنوان 'معرفت و شریعت' ہے۔ انسان کو امورِ الٰہی اور معرفت کا علم ہونا ضروری ہے اور انسان پر مصلحت وقت کا علم بھی فرض ہے جو علم وقتِ ضرورت اسکے کام آتا ہے۔ اس کا ظاہر و باطن دو قسم کا ہے۔ ایک علمِ اصول اور دوسرا علمِ فروع۔ علمِ اصول کا ظاہر حکم شہادت ہے اور باطن معرفتِ الٰہی کی تحقیق۔ اور علمِ فروع کا ظاہر معاملاتِ دینی کو عمل میں لانا اور اسکا باطن نیت کا صحیح کرنا ہے۔
حضور سرورِکونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا جس نے یہ جان لیا کہ اللہ اس کا رب ہے اور میں اس کا نبی ہوں۔اللہ نے اس کا کا گوشت اور خون آتشِ دوزخ پر حرام کر دیا۔لیکن علمِ ذات ِالٰہی کی شرط یہ ہے کہ عاقل بالغ انسان یہ اچھی طرح جان لے کہ اللہ جل شانہ بذاتِ خود ہمیشہ سے تھا، ہمیشہ سے ہے اور رہے گا۔ نہ اللہ کی ابتداء ہے، نہ انتہاء۔ وہ کسی خاص مکان اور جہت میں نہیں۔ اسکی ذات آفت و نقص سے پاک، مخلوق میں اس کی مانند کوئی نہیں، نہ بیوی نہ بچے، جو کچھ تمہارے وہم و عقل میں متصور ہوتا ہے ،ان سب کا پیدا کرنے والا ،ان سب کا قائم رکھنے والا، مالک صرف اللہ ہی ہے۔ ارشاد ہوتا ہے کہ بلاشبہ وہ سینوں کے بھیدوں کو خوب جانتا ہے۔ لیکن اسکے افعال کے علم کے صورت یا اسکے مطلب کیلئے یہ شرط ہے کہ تم یہ جانو کہ اللہ جل شانہ تمام مخلوقات اور اسکے افعال کا پیدا کرنے والا ہے۔ شریعت کے احکام کے اثبات کی دلیل یہ ہے کہ یہ یقین جانو کہ اللہ جل شانہ کی طرف سے ہمارے پاس اسکے رسول خارق عادات (خلاف عادت )معجزات لے کے آئے۔ جو کچھ حضور سرورِکونینﷺ نے ظاہر اور پوشیدہ امور کے متعلق ہمیں خبر دی وہ حق ہے اور شریعت کا رکن اول کتاب ِالٰہی ہے۔ میری امت گمراہی پر متفق نہیں ہو گی۔ تم پر اہل حق کی سب سے بڑی جماعت کی پیروی لازم ہے۔ الغرض حقیقت کے احکام اتنے ہیں اگر کوئی شخص ان سب کو جمع کرنا چاہے بھی تو نہیں کر سکتا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں