استخارے کا آسان ترین طریقہ:اگر خواب میں کسی کام کی اچھائی یا برائی معلوم کرنا چاہتا ہے تو اس کیلئے بعد نماز عشاء باوضو اول گیارہ بار درود شریف پڑھے اس کے بعد یہ آیت ایک سو ایک مرتبہ پڑھے اور آخر میں گیارہ مرتبہ درود شریف پڑھ کر دائیں کروٹ پاک بستر پر سوجائے۔ ان شاء اللہ خواب میں اس کام کی اچھائی یا برائی معلوم ہوجائے گی۔ وہ آیت یہ ہے:۔ سُبْحٰنَکَ لَا عِلْمَ لَنَآ اِلَّا مَا عَلَّمْتَنَا اِنَّکَ اَنْتَ الْعَلِیْمُ الْحَکِیْمُ(﴿البقرہ۳۲﴾)
کبھی تشخیص غلط نہ ہوگی:فجر کی نماز کے بعد بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ اِفْتَحْ اِفْتَحْ اِفْتَحْ سو مرتبہ پڑھ کر آنکھیں بند کرلیں اور اللہ تعالیٰ سے مدد طلب کریں۔ اس وقت جو بھی قلب پر وارد ہو وہی مرض سمجھیں۔ ان شا ء اللہ کبھی تشخیص غلط نہ ہوگی۔
ادائے قرض کیلئے: اگر کوئی شخص قرض میں جکڑگیا ہو اور قرض اترنے کا نام ہی نہ لیتا ہو تو اس کے اتارنے اور اس کی ادائیگی کیلئے نماز فجر کی دو رکعت سنت پڑھ کر اول گیارہ بار درود شریف پڑھیں‘ اس کے بعد اکتالیس بار سورۂ فاتحہ بوصل میم رحیم و لام الحمد(بسم اللہ الرحمٰن الرحیم الحمد للہ رب العالمین آخر تک) پڑھیں آخر میں گیارہ مرتبہ درود شریف پڑھ کردعا کریں۔ اس کے بعد رات کو بعد نماز عشاء سوتے وقت باوضو پاک بستر پر بیٹھ کر اول تین مرتبہ درودشریف اس کے بعد یہ دعا تین مرتبہ پڑھیں‘ آخر میں تین مرتبہ درودشریف پڑھیں‘ وہ دعا یہ ہے:۔اَللّٰھُمَّ رَبَّ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِیْنَ وَ رَبَّنَا وَرَبَّ کُلِّ شَیْ ءٍ خَالِقَ الْحَبِّ وَالنَّویٰ مُنَزِّلَ التَّوْرَاۃِ وَالْاِنْجِیْلِ وَالْقُرْاٰنِ اَعُوْذُبِکَ مِنْ شَرِّکُلِّ ذِیْ شَرٍّ اَنْتَ الْاَوَّلُ فَلَیْسَ قَبْلَکَ شَیْ ءٌ وَاَنْتَ الْاٰخِرُ فَلَیْسَ بَعْدَکَ شَیْءٌ وَالظَّاھِرُ فَلَیْسَ فَوْقَکَ شَیْ ءٌ وَالْبَاطِنُ فَلَیْسَ دُوْنَکَ شَیْ ءٌ اِقْضِ عَنِّی الدَّیْنَ وَاَغْنِنِیْ مِنَ الْفَقْرِ۔
درد دل کیلئے: اگر کسی کے دل میں درد رہتا ہو تو وہ اپنے علاج کے ساتھ ساتھ مندرجہ ذیل آیت باوضو ایک کاغذ پر لکھ کر موم جامہ کرکے مریض کے گلے میں ڈال دے اور تعویذ کو دھاگے وغیرہ سے اس طرح باندھے کہ تعویذ دل کے اوپر رہے۔ وہ آیت یہ ہے:۔ اَلَا بِذِکْرِ اللہِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوْبُ ﴿الرعد۲۸﴾
ناف ٹل جانا: اگر کسی کی ناف جگہ چھوڑ دے اور اپنی جگہ نہ رہے تو اس کے سبب کمر میں اکثر درد رہتا ہے‘ بعض مرتبہ پیٹ میں مروڑ اور دست یا پیچش شروع ہوجاتی ہے اس کیلئے مندرجہ ذیل دو آیات باوضو کاغذ پر لکھ کر موم جامہ کرکے ناف کے اوپر باندھ دیں‘ تعویذ ناف سے ہٹنے نہ پائے ورنہ جدھر تعویذ ہوگا ادھر ہی ناف بھی سرک جائے گی لہٰذا اس بات کا خاص دھیان رکھا جائے ورنہ فائدہ نہ ہوگا۔ وہ آیات یہ ہیں:۔ذٰلِکَ تَخْفِیْفٌ مِّنْ رَّبِّکُمْ وَرَحْمَۃٌ (بقرہ178) اِنَّ اللہَ یُمْسِکُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ اَنْ تَزُوْلَاۚوَلَئِنْ زَالَتَآ اِنْ اَمْسَکَہُمَا مِنْ اَحَدٍ مِّنْۢ بَعْدِہٖ اِنَّہٗ کَانَ حَلِیْمًا غَفُوْرًا(فاطر41)
اولاد‘ بیوی اور شوہر محبت سے پیش آئیں گے: اگر کسی شخص کی بیوی یا اولاد محبت سے پیش نہ آتی ہو یا کسی کا شوہر ظلم کرتا ہو اس کیلئے مندرجہ ذیل تعویذ باوضو تین عدد لکھے اور ایک تعویذ تین دن متواتر پانی میں گھول کر پلائے (یعنی ایک تعویذ کو پانی میں گھول کر رکھ لے اور اس پانی کو تین دن پلادے) پھر تین دن بعد دوسرا گھول کر تین دن متواتر پلائے‘ ان شاء اللہ تعالیٰ محبت پیدا ہوجائے گی۔ وہ تعویذ یہ ہے:۔
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
لَاحَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیْمِ
حاسد ظلم سے باز نہ آتا ہو: اگر کوئی دشمن ایسا ہو جو ظلم سے باز نہ آتا ہو اور طرح طرح سے ظلم کرتا ہو تو اس کی مقہوریت کیلئے بعد نمازمغرب تین سوبائیس بار یہ کلمات پڑھیں۔ اول وآخر تین تین بار درودشریف باوضو پڑھیں ناغہ نہ کریں۔ رَبِّ اِنِّیْ مَغْلُوْبٌ فَانْتَصِرْ ﴿القمر۱۰﴾
برائے حفاظت اطفال (نظربد‘ ڈرنے سے حفاظت): اگر کسی بچے کو بہت زیادہ نظر لگتی ہو یا وہ سوتے میں بار بار چونکتا ہو یا روتا رہتا ہو اس کیلئے مندرجہ ذیل کلمات باوضو لکھ کر موم جامہ کرکے اس کے گلے میں ڈال دیں۔ وہ کلمات یہ ہیں:۔ اعوذبکلمات اللہ التامات من شرکل شیطان و ھامۃ و عین لامۃ تحصنت بحصن الف الف لَاحَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیْمِ
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں