محترم قارئین! جنات کی دنیا بڑی عجیب ہوتی ہے‘ ان میں حسد‘ کینہ‘ بغض اور غصہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوتا ہے‘ چونکہ یہ آگ سے بنی مخلوق ہے اس لیے ان میں معاف کرنا اور درگزر کرنا نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔خاص طور پر غیرمسلم جنات جب کسی کے پیچھے پڑجائیں تو اس کی نسلوں تک کو برباد کرکے چھوڑتے ہیں اور ان سے بچنے کا صرف ایک ہی مؤثر ترین حل ہے کہ مسنون اعمال کو اپنا لیا جائے۔خود بھی پاک صاف رہیں اور جہاں رہ رہے ہیں اس جگہ کو بھی پاک صاف رکھیں‘ خبیث و ناپاک جنات چونکہ گندی وپلید جگہوںپر زیادہ رہتےہیں اس لیے جب بھی باتھ روم جائیں باتھ رو م جانے والی مسنون دعا اللھم انی اعوذ بک من الخبث والخبائث ضرور پڑھیں۔ یہ دعا واقعی خبیث جنات اور انسانوں کے درمیان آہنی دیوار ہے۔ اس دعا کے پڑھنے سے جنات بے بس ہوجاتے ہیں۔ کھانا ہمیشہ بسم اللہ پڑھ کر کھائیں‘ جوتا بسم اللہ پڑھ کر‘ اسی طرح کپڑے جب بھی پہنیں بسم اللہ شریف ضرور پڑھیں۔ حتیٰ کہ جو کام بھی آپ کرنے جارہے ہیں بسم اللہ الرحمٰن الرحیم پڑھنے کے بغیر ہرگز نہ کریں۔ قارئین! یہ چھوٹی چھوٹی باتیں ہیں مگر جب آپ کے سامنے ان کے فوائد کھلیں گے تو آپ حیران رہ جائیں گے۔ایک اور اہم چیز میں لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں جو کہ میری زندگی کا تجربہ ہے کہ جنات کو قید کرنے کی غلطی کبھی نہ کیجئے گا‘ اگر آپ کے پاس کوئی عمل یا چلہ ہے جس کے کرنے سے آپ جنات کو قید کرلیتے ہیں‘ وہ جن آپ کی غلامی میں تو آجائے گا ‘ آپ کی ہر بات مجبوری میں اسے ماننا بھی پڑے گی‘ مگر وہ جن جو آپ کا غلام ہوگا اس کے دل میں آپ کےلیے نفرت دن بدن بڑھتی جائے گی کیونکہ غلامی کسے پسند ہے اور اگر کسی کو زبردستی غلام یا قید کرلیا جائے تو وہ آپ کا اور آپ کی نسلوں کا دشمن بن جاتا ہے۔ میں نے بڑے بڑے عاملوں کی نسلوں کو ان کے غلام جنات کے ہاتھوں تباہ و برباد ہوتے دیکھا ہے‘ یہ غلام جنات عامل کے فوت ہونے کے بعد ان کی نسلوں سے خود پر ہوئے ظلم کا بدلہ لیتا ہیں اور جنات کا بدلہ بہت اذیت ناک اور خطرناک ہوتا ہے۔ لہٰذا میرا تو مشورہ یہی ہے کہ کبھی بھی کسی جن کو قید کرنے کا خیال بھی دل میں نہ لائیے۔ اسی طرح ایک خاتون راولپنڈی سے تشریف لائیں‘ اس نے بتایا کہ اس کا والد عامل تھا جو فوت ہوگیا ہے‘ میرے والد نے ایک جن قید کر رکھا تھا ‘ یہ جن سالہا سال میرے والد کی غلامی میں رہا‘میرے والد نے بے شمار لوگوں کے کام اس جن کے ذریعے کروائے اور خوب دولت کمائی۔ میرے والد کے فوت ہونے کے بعد اب وہ جن مجھ سے میرے والد کا بدلہ لےرہا ہے‘ کبھی کبھی یوں لگتا ہے کہ ایک آگ کا گولہ میرے کان میں گھس گیا ہے اور اتنا تیز درد شروع ہوجاتا ہے جو ناقابل برداشت ہوتا ہے۔ میری زندگی عذاب بنی ہوئی ہے۔ لگتا ہے کہ کافر جن ہے‘ نہ نماز پڑھنےدیتا ہے نہ قرآن کی تلاوت اور نہ روزے رکھنے دیتا ہے‘ سوتے ہوئے میرے اوپر اتنا زیادہ دباؤ ڈالتا ہے کہ میرا پیشاب نکل جاتا ہے‘ یہ مجھ سےمیرے والد کے ظلم کا چن چن کر بدلہ لے رہا ہے‘ اے کاش! میرے والد اسے قیدی نہ بناتے‘ میں چیخ چیخ کر اسے بتاتی ہوں میرا کیا قصور ہے؟ مجھ سے کیوں بدلہ لے رہے ہو تو مجھے قہقہوں کی آوازیں آتی ہیں‘ اس کافر جن نے میری زندگی جہنم بنادی ہے‘ مختلف عاملوں کے پاس جا جاکر تھک چکی ہوں‘ چند دن فرق پڑتا ہے اور دوبارہ وہی معاملہ شروع ہوجاتا ہے۔ میرا رنگ و روپ ختم ہوچکا ہے‘ جسم ہڈیوں کا ڈھانچہ بن چکا ہے‘ بس موت کا انتظار کررہی ہوں حالانکہ میری عمر ابھی صرف 38 سال ہے‘ میرے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں‘ لوگ مجھے پاگل سمجھنا شروع ہوگئے ہیں‘ بیٹھے بیٹھے اچانک ایسے لگتا ہے کہ جیسے کسی نے میری بازو کی ہڈی توڑ دی ہو‘ یا ٹانگ مروڑ دی ہو‘ یا پیٹ میں مکا مارا ہو۔ میری چیخیں نکل جاتی ہیں۔ قارئین! یہ صرف ایک داستان ہے جو میں نے آپ تک پہنچائی اس طرح کی ڈھیروں داستانیں میرے اردگرد بکھری پڑی ہیں۔میں نے اس خاتون کو شیخ الوظائف کے بتائے چند وظائف بتائے ہیں۔ ان شاء اللہ اس کی جان اس ناپاک جن سے چھوٹ جائے گی۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں