(یہ صفحہ خواتین کے روز مرہ خاندانی اور ذاتی مسائل کے لیے وقف ہے۔ خواتین اپنے روز مرہ کے مشاہدات اور تجربات ضرور تحریر کریں۔ نیز صاف صاف اور صفحے کے ایک طرف مکمل لکھیں چاہے بے ربط ہی کیوں نہ لکھیں۔ ام اوراق)
دانتوں کی تکالیف
٭میں دانتوں کی وجہ سے بہت پریشان ہوں۔ میل جم گیا ہے اور منہ سے بو آتی ہے۔ پچھلے سال دندان ساز سے دانت صاف کرائے تھے، برش بھی روزانہ کرتا ہوں۔ میری بیوی کے دانت بھی علاج کے باوجود خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ آپ اس کا مناسب علاج بتایئے اور کوئی ایسا نسخہ بتائیے جس سے بو ختم ہو جائے۔ مجھے سردی بہت زیادہ لگتی ہے۔ نارمل صحت اور قوت برداشت کے لئے بھی کچھ بتایئے۔ (عارف رضا، کراچی )
مشورہ:عارف صاحب: دانتوں کی تکالیف اب عام ہوتی جا رہی ہیں۔ آج سے بیس برس پہلے یہ حال نہیں تھا ہر طرح کے ٹوتھ پیسٹ بازار میں ہیں پھر بھی چھوٹے چھوٹے بچوں کے دانت خراب ہوجاتے ہیں۔ پہلے زمانے میں کیکر کا کوئلہ جلا کر اس پر بادام کے چھلکے رکھ دیئے جاتے تھے۔ وہ جل جاتے تو نمک، کالی مرچ، پھٹکری وغیرہ ملا کر منجن پیس لیا جاتا۔ صبح وشام یہی منجن کیا جاتا اس سے دانت خراب ہوتے نہ بدبو آتی۔ دانت پر میل کیسا جمع ہوا ہے؟ سفید ہے یا کالا؟ ماہنامہ عبقری کے دفتر سے سچا منجن منگو اکر استعمال کریں۔ یہ بدرجہا بہتر ہے ۔صفائی نہ کرنے سے دانتوں میں خوراک کے ذرات رہ جاتے ہیں جو گل سڑ کر بدبو پیدا کرتے ہیں۔ بڑا گوشت بھی بہت کھایا جاتا ہے۔ مسوڑھوں اور دانتوں کے لئے گائے، بھینس کا گوشت مضر ہے۔ رات کو سونے سے پہلے ضرور دانت صاف کیجئے، اس سے بہت فرق پڑیگا۔ آم، ٹماٹر، سوئے کا ساگ کھانے سے وٹامن سی کی ضرورت پوری ہو جاتی ہے۔ سبزیاں، دودھ، دہی صحت کے لئے ضروری ہیں۔
نیم یا کیکر کی تازہ مسواک آپ کے لئے بہت اچھی ہے۔ مسواک کر نے سے دانتوں کا میل بھی آہستہ آہستہ دور ہو جائے گا۔ آج کل سویا مل جاتا ہے گھر میں پالک، ساگ، سویا ہر ہفتے پکوائیے۔ سلاد میں روزانہ لیموں شامل کیجئے۔ لیموں، ہری مرچ، پودینہ، پیاز، ٹماٹر کی سلاد خود بھی کھایئے، بیوی بچوں کو بھی کھلایئے۔ فی الحال آپ ایک لیموں کا رس ایک گلاس پانی میں نچوڑ کر دن میں دوبار غرارے کیجئے۔ وٹامن سی 500 ملی گرام کی ایک گولی روزانہ چوسیں ۔نیم کے آٹھ دس پتے لیکر ایک ڈیڑھ گلاس پانی میں ابال کر رات کو سوتے وقت غرارے کیجئے۔
برص کے داغ بہت برے لگتے ہیں
٭ میں نے برص کا علاج بہت کیا مگر مرض بڑھتا جا رہا ہے۔ جلد کے مشہور ڈاکٹروں سے علاج کراتی رہی اپنا زیور تک بیچ دیا مگر آرام نہیں آیا۔ سب لوگ مذاق اڑاتے ہیں۔ زندگی سے کٹ کر رہ گئی ہوں۔ دس سال پرانی بیماری ہے۔ چہرے اور بازو پر بڑے بڑے داغ ہیں آپ کا بتایا ہوا نسخہ استعمال کرنے سے رنگ بدلا ہے کیا اس مرض کا علاج ممکن ہے۔ (ر ۔س ۔کراچی)
مشورہ:برص کا علاج ابتداءمیں ہو جائے تو کچھ لوگ صحت یاب ہو جاتے ہیں۔ آپ کا مرض دس برس پرانا ہے۔ ہمارے پیارے رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک بہت پیاری دعا بتائی ہے: ”اے ہمارے رب میں تجھ سے پناہ مانگتا ہوں غرقابی سے، آگ میں جلنے سے اور برص سے اور کوڑھ سے اور کسی عمارت کے نیچے آجانے سے اور ان تمام بیماریوں سے جو اذیت ناک ہیں۔“ آپ بھی یہ دعا پڑھا کیجئے نماز پڑھنے کے بعد عربی میں پڑھ لیجئے۔
تو روٹی پکانے والا اچھی طرح صاف کر کے اس پر تھوڑی سی کلونجی ڈال کر جلایئے اور پیس کر پھلوں کے سرکہ میں ملا کر صبح وشام لگایئے۔ صبح لگا کر دس پندرہ منٹ دھوپ کے سامنے بیٹھیں تاکہ داغوں کو دھوپ لگ جائے۔ آپ کھانا کھانے کے بعد خشک انجیر کے دو چار دانے کھایا کیجئے۔ مچھلی اور بڑا گوشت نہ کھایئے۔ لیموں کی ترشی آپ کے لئے مضر ہے اور نماز پابندی سے پڑھیں۔ لوگوں کے مذاق کی فکر نہ کیجئے، ورنہ آپ ذہنی طور پر بیمار ہو جائیں گی۔ اللہ تعالیٰ شفا دینے والا ہے، پریشان رہنا چھوڑ دیجئے۔ آپ چہرے کے داغوں اور ہاتھوں پر جو بھی کریم یا دوا لگائیں اس کو ہتھیلی پر رکھ کر سورہ فاتحہ پڑھ کر انگلی سے کریم کو ملا کر لگایئے۔ انشاءاللہ آپ کے داغ کم ہو جائیں گے ۔چھ ہفتے مسلسل یہ عمل کر نے کے بعد لکھیں۔
قے اور پیشاب کے داغ
٭چھوٹے بچے سردی کے موسم میں احتیاط کے باوجود قالین یا چادر پر پیشاب کر دیتے ہیں دوسرے یہ کہ ٹھنڈ لگ جائے تو چھوٹے بچے بہت قے کرتے ہیں اس کے داغ کیسے دور کئے جائیں۔(رضیہ پروین)
مشورہ: بچے قے کر دیں تو اسی وقت ہی کپڑے دھو لینے چاہئیں کیونکہ ان کی ناگوار بدبو سارے گھر میں پھیل جاتی ہے۔فوراً نہ دھو سکیں تو پھر متاثرہ حصے کو ہلکے گرم پانی میں ایک بڑا چمچ نمک ڈال کر بھگو دیجئے اور پھر اسے خوب ملکر صاف کر کے صابن سے دھو لیجئے۔ تیز دھوپ میں کپڑے سکھایئے۔ بچوں کے پیشاب کو فوراً کسی سوکھے کپڑے یا اسفنج سے دبا دبا کر خشک کر لیجئے۔ ایک بڑا اسفنج خرید کر رکھئے۔ ٹشو پیپر یا پرانے تولئے سے بھی آپ جذب کر سکتی ہیں۔ اب آپ سادے پانی میں اسفنج بھگو کر اس سے داغ صاف کیجئے۔ بازار میں گھریلو ایمونیا کیمسٹ کی دکان سے مل جاتا ہے۔ دو چمچ ایمونیا کے ایک کپ پانی میں ملا کر اس سے متاثرہ جگہ کو اسفنج سے صاف کر لیجئے۔ نئے دھبے دور ہو جاتے ہیں، اگربچے دودھ کا فیڈر یا چائے قالین پر گرا دیں تو فوراً اسفنج سے صاف کر کے نمک چھڑک دیجئے اور تھوڑی دیر بعد صاف کر لیجئے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں