محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں عرصہ دراز سے ہائی بلڈپریشر کی مریضہ تھی‘ چونکہ آج کل ڈیپریشن زدہ زندگی ہے ہر تیسرا شخص بلڈپریشر کا مریض ہے مجھے بھی اس کی شکایت ہوگئی ‘ طبیعت کی زیادہ خرابی پر ڈاکٹر کے پاس گئی۔ ڈاکٹر صاحب نے مکمل چیک اپ کے بعد تین دن کیلئے دوائی دی‘ تین دن دوا کھانے کے بعد جب چوتھی دن خوراک نہ کھائی تو بلڈپریشر پھر ہائی ہوگیا۔ پھر بھاگم بھاگ ڈاکٹر صاحب کے پاس پہنچی‘ انہوں نے چیک کیا تو پریشان ہوگئے کہ اتنا ہائی بلڈپریشر۔ انہوں نے فوراً زبان کے نیچے گولی رکھوائی اور اپنے نسخہ پر ایک گولی لکھ دی کہ آپ مستقل طور پر اس گولی کو روزانہ کھائیں۔ آپ اب بلڈپریشر کی مریضہ بن چکی ہیں لہٰذا یہ گولی آپ کو ہمیشہ کھانی ہی پڑے گی۔
میں نے اس گولی کے پتے میڈیکل سٹور سے لے لیے‘ اسے کھا لیتی تو بی پی لو ہو جاتا مگرگھر کا کوئی کام نہ کرسکتی‘ سارا دن غنودگی میں پڑی رہتی اگر کوئی اور دوا لیتی تو اس سے بلڈ پریشر کو فرق نہ پڑتا۔ آخر کار ایک کتاب میں ’’چھوٹی چندن‘‘ کے بارے میں پڑھا۔ بازار سے منگوائی، گرائنڈ کرکے ڈائنگ ٹیبل پر رکھ لی۔ پہلے ایک ہفتہ صبح و شام چنے کے دانے کے برابر پانی کے ساتھ کھائی۔ اس کے بعد ایک ہفتہ صرف صبح کے وقت کھائی، اس کے بعد ایک دن چھوڑ کر ایک دن کھاتی رہی۔ ہفتے کے بعد صورتحال مزید بہتر ہوگی پھر یہ کیا کہ جب سر میں درد وغیرہ محسوس کرتی تو لے لیتی ورنہ نہیں۔یہ دوائی گرم اور خشک ہوتی ہے پیاس زیادہ لگتی ہے۔
گرمیوں کے دنوں میں چونکہ پانی زیادہ پیا جاتا ہے تو بعض اوقات مہینہ مہینہ گزر جاتا ہے‘ چھوٹی چندن کھانے کی ضرورت نہیں پڑتی البتہ سردیوں میں کیونکہ خون گاڑھا ہو جاتا ہے اس لیے تین چار دن کے بعد کھا لیتی ہوں۔ بہترین دوائی ہے، کڑوی بہت ہے لیکن آدھے گھنٹے میں بلڈپریشر نارمل کردیتی ہے۔اس کا استعمال اعتدال کے ساتھ کریں کیونکہ اگر بلڈپریشر نارمل ہو اور مزید’’ چھوٹی چندن‘‘ کھالیں تو بلڈپریشر کم ہو جائے گا، اس سے بلڈپریشر زیادہ ہونے کی صورت میں ہی کھائیں۔ احتیاط کریں۔
بہت ہی سستی ہے، میں نے 100روپے کی چھوٹی چندن منگوائی تھی تقریبا ً 2 سال گزر گئے، بہت سے لوگوں کو بھی دیتی رہی ہوں (فی سبیل اللہ) ابھی تک ختم نہیں ہوئی۔ گرم مزاج کے لوگ اس میں چھوٹی الائچی یا صندل بھی پیس کر شامل کرسکتے ہیں تاکہ طبیعت پر بار نہ بنے۔میرا یہ ذاتی آزمودہ تجربہ ہے جو میں قارئین عبقری خاص طور پر جو ہائی بلڈپریشر کے ہاتھوں عاجز آچکے ہیں ان کیلئے ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں