گزشتہ سال 14 اگست کی شام کو اپنے صحن میں زمین پر بیٹھ کر میں چنے کی دال پیس رہی تھی‘ اچانک ایک بڑی چھپکلی میری طرف لپکی‘ جب میرے قریب آئی تو اچانک میری نظر اس پر پڑی‘ وہ میرے ڈرانے پر بالکل بھی نہ ڈری اور باقاعدہ مجھ پر حملہ کردیا‘جیسے ہی وہ میری طرف لپکی میری چیخ نکل گئی اور میں اٹھ کر اندر کی طرف بھاگی۔ وہ چھپکلی چھلانگ کر میری ٹانگ پر چڑھ دوڑی مجھے اپنے اوپر رینگتی ہوئی محسوس ہوئی۔ میں مسلسل چیخیں مار رہی تھی اور اس کو اپنے جسم سے علیحدہ کررہی تھی‘ میرے ہاتھ مارنے پر وہ میرے جسم سے علیحدہ ہوگئی اور صحن میں پڑے گملوں کے پیچھے چھپ گئی۔ اپنے اس صحن کے بارے میں میں بتانا چاہوں گی کہ وہاں مجھے اکثر خواب میں کسی بزرگ کی قبر نظر آتی ہے معلوم نہیں وہ بزرگ انسان ہیں یا جن ہیں۔میں ڈرتے ڈرتے صحن سے برآمدہ میں آگئی تو ایک اور چھپکلی بالکل اسی سائز کی صحن کی طرف بھاگی میں نے اونچی آواز میں کہا کہ اگر آپ جن ہیں تو یہاں سے چلے جائیں ورنہ ہم آپ کو مار دیں گے۔ میری بات ابھی پوری بھی نہ ہوئی تھی کہ وہ بھاگ گئی۔کوئی ایک گھنٹے کے بعد صحن میں سے عجیب وغریب آوازیں آنا شروع ہوگئیں جس پر بچے بہت زیادہ خوفزدہ ہوئے۔مجھے کئی محلے داروں نے بتایا تھا کہ آپ کے پچھلے صحن میں رات دو سے اڑھائی بجے کے درمیان آری چلنے کی بہت تیز آواز آتی ہے‘ اسی رات میری بیٹی نے بھی وہی آواز سنی۔ میرے شوہر گئے تو وہاں کچھ بھی نہ تھا۔ ہم آکر لیٹ گئے تواچانک بہت تیز آندھی چلنے لگ گئی‘ ہم نے پرواہ نہ کی اور سوگئے۔ رات کو خواب دیکھا کہ میرے شوہر مجھ سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں اور مجھے بازار سے کھانا اور دودھ کھوئے والا لانے بھیج دیتے ہیں جو اصل میں ناممکن ہے‘ میں دکان پر گئی توایک آدمی بہت قد آور گلاس میں دودھ ڈال دیتا ہے۔ میرے سسر مجھے دکان پر دیکھ کر حیران ہوتےہیں۔ ان کے پیچھے ایک بزرگ کھڑے ہیں وہ بزرگ کہتے ہیں کہ آپ کے شوہر کو کوئی چیز پلادی گئی ہے جس کی وجہ سے وہ اس طرح کا سلوک کررہا ہے۔ آپ عبقری کے رسالے سے جادو توڑنے والا کوئی عمل پڑھ کر اپنے شوہرکا علاج کرو۔ میری آنکھ کھلی تو میں نے تہیہ کرلیا کہ میں عبقری کا عمل ضرور کروں گی۔ اس وقت نماز فجر کا وقت تھا اور میری زبان پر افحسبتم اور اذان والا عمل تھا اور میں نے وہ نماز فجر کے بعد پڑھ کر اپنے شوہر پر دم کردیا۔ مسلسل تین دن میں نے دن تین سے پانچ مرتبہ یہ عمل کرکے اپنے شوہر پر دم کیا۔ اللہ پاک بہتری فرما رہے ہیں۔ (ت،ن۔ لاہور)
گیلری میں بچے نے پیشاب کیا اور تباہی آگئی
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! آپ کا رسالہ ماہنامہ عبقری بہت شوق سے پڑھتا ہوں اور اسے پڑھنے کے بعد خواہش ہوئی کہ میں بھی ایک عبرتناک واقعہ قارئین عبقری کیلئے لکھوں۔ میں ایک معذور لڑکا ہوں اور میری یہ معذوری صرف مجھ میں ہی نہیں بلکہ میری دو پھپھیوں اور میری بہن میں بھی ہے اور یہ مسائل ہم میں دو مختلف واقعات کے بعد شروع ہوئے۔ پہلا واقعہ یہ ہوا کہ میرے والد کے ساتھ بھائی تھے ایک دن وہ کھیل رہے تھے کہ اچانک ان کی گیند ایک ایسے گھر میں گئی جو برسوں سے خالی تھا جب وہ اسے اٹھانے گئے تو نامعلوم کیا ہوا کہ وہ بے ہوش ہوگئے۔ اس کے بعد ایک دن ہمارے پرانے گھر کی گیلری میں میری دادی اماں نے میرے چچا کو پیشاب کروا دیا اس گیلری میں سایہ تھا جو سالہا سال سے رہ رہا تھا اور گھر میں سے کسی کو بھی کچھ نہیں کہتا تھا لیکن میری دادی نے اپنے بیٹے کو جب پیشاب کرایا تو وہ اس وقت وہاں عبادت کررہے تھے۔ ان دو واقعات کے بعد میرے سات چچا ایک ایک کرکے اپنی جوانی میں ہی وفات پاگئے اور اس کے بعد جو بھی اولاد ہوئی وہ معذور پیدا ہوئی۔ آج بھی ہمارے گھرمیں جھولے کا خودبخود جھولنا اور نلکے کا خودبخود چلنا اور بند ہونے جیسی باتیں ہوتی ہیں۔ میری قارئین سے گزارش ہے کہ جنات کوئی قصے کہانیوں والی بات نہیں ۔ گھر میں اعمال نبوی لائیں‘ ہمیشہ گھر میں صفائی اور پاکی کا خیال رکھیں‘ بچوں کو جب بھی بیت الخلاء یا کہیں بھی پیشاب کروائیں بیت الخلاء کی مسنون دعا ضرور پڑھیں۔
اگر گھر میں کسی جگہ کامعلوم ہو کہ یہاں واقعی جنات کی رہائش ہے تو وہاں ہرگز پیشاب یا کسی قسم کی گندگی نہ پھینکیں بلکہ اس جگہ کو صاف ستھرا رکھیں اور خوشبو کا اہتمام کریں تاکہ وہ آپ کو تنگ نہ کریں۔ شکریہ!
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں