مجھے ڈھائی ماہ سے نیند کا مسئلہ درپیش ہے۔ رات کو دو تین بجے سوتی ہوں، مگر ایسا لگتا ہے کہ میرا دماغ جاگ رہا ہے۔ نیند مکمل نہیں ہوتی۔ صبح سکول جانے میں دیر ہو جاتی ہے۔ پھر سارا دن سردرد رہتا ہے۔ مجھے میٹھا کھانا بہت پسند ہے اس کی وجہ میرا وزن بھی بڑھ رہا ہے۔ مجھے ایسی دوا بتائیے جو میری ساری تکلیفیں دور کردے۔ میں بہت چڑچڑہوگئی ہوں سکول میں بھی لڑتی ہوں۔ مجھے آپ کے جواب کا انتظار رہے گا۔ (پ ۔ن، پشاور)
مشورہ:بی بی! آپ نے نیند کا مسئلہ خود پیدا کیا ہے۔ بہرحال نماز عشاء پڑھ کر بستر پر لیٹے اور جو مسنون دعائیں، استغفار یاد ہو پڑھیے۔ آپ جب رات کے تین بجے بستر پر لیٹیں گی تو کب نیند آئے گی؟ یوں صبح بروقت اٹھ کر سکول کی تیاری کرنا بہت مشکل ہے۔ ہمارے ہاں یہ رواج بن گیا ہے کہ رات کو دیر تک ٹی وی ‘ موبائل استعمال کیا اور پھر سویا جاتا ہے۔ یہ عادت صحت کے لیے اچھی نہیں۔ آپ ابھی طالبہ ہیں، پڑھائی پر زور نہیں دیں گی تو کامیابی کیسے پائیں گی؟ نماز فجر پڑھ کر اگر آپ اپنا سبق صرف ایک دفعہ دہرالیں، تو وہ یاد رہتا ہے اور ہاں زیادہ میٹھا کھانا بھی صحیح نہیں اسی لیے آپ کا وزن بڑھ رہا ہے۔ میٹھا زیادہ کھانے سے بعد میں نقصان ہوتا ہے۔ اب آپ رات کو دس بجے بستر پر لیٹنے کی عادت ڈالیے۔ نیند پوری ہوگی تو چڑچڑاپن بھی دور ہو جائے گا نیز پڑھائی بھی اچھی ہوگی۔ مجھے تو آپ کے گھر والوں پر حیرانی ہے کہ وہ آپ کو اتنی دیرجاگنے کی اجازت کیسے دیتے ہیں۔ والدین کو چاہیے کہ وہ جوان ہوتے بچے بچیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ ان کے اٹھنے بیٹھنے ‘ ملنے جلنےکا خیال رکھیں تاکہ وہ اپنی پڑھائی پر مکمل توجہ دے سکیں۔ یہ عمر تعلیم پر توجہ دینے کی ہے جاگنے کی نہیں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں