Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔ --

روحانی بیماریوں کا روحانی علاج

ماہنامہ عبقری - اگست 2012

 سوتے ہوئے خوف محسوس ہوتا ہے
میں جو کچھ پڑھتی ہوں بہت جلد ذہن سے نکل جاتا ہے‘ اگر کوئی بات سمجھ میں آجائے تو وہ کسی کے سامنے بالعموم اور استاد کے سامنے بالخصوص بیان نہیں کرسکتی‘ بات ذہن سے نکل جاتی ہے۔ دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ رات سوتے ہوئے ڈر‘ خوف محسوس ہوتا ہے۔ ذرا سی آہٹ محسوس ہو تو دل لرز کر رہ جاتا ہے۔ طرح طرح کے خدشات اور اوہام سر اٹھانے لگتے ہیں۔ فون کی گھنٹی بج جائے تو بھی یہی حال ہوجاتا ہے۔

جواب: مندرجہ ذیل باتوں پر عمل کریں: روزانہ چند عمدہ کھجوروں‘ چھوہاروں پر ایک سو ایک یَارَبَّ الرَّحِیْم دم کرکے کھالیا کریں۔
2۔ نماز فجر کے فوراً بعد کسی پرسکون اور ہوادار جگہ پر سات بار آہستگی کے ساتھ گہری سانسیں لیں اور نکالیں اور پھر ذہنی یکسوئی کے ساتھ چلتے پھرتے دل ہی دل میں اسم یااللہ کا ذکر دس سے پندرہ منٹ تک کریں۔
3۔ رات سونے سے پہلے باوضو ہوکر ایک بار سورۂ فاتحہ اور چاروں قل پڑھ کردونوں ہاتھوں پر دم کرکے ہاتھ چہرے پر پھیر کرسوجائیں۔ یہ عمل صرف اکیس دنوں تک کیا جائے۔
میرے میاں شک کرتے ہیں

میری شادی کو گیارہ سال ہوگئے ہیں۔ شادی کے پہلے دن سے لے کر آج تک میرے میاں مجھ پر شک کرتے ہیں۔ بات بے بات پر جھگڑے کرتے ہیں‘ کبھی پیار سے بات نہیں کی۔ میں ان کو کتنا ہی خوش کرنا چاہوں لیکن وہ اور خفا ہوجاتے ہیں انہیں غیرعورتیں بہت اچھی لگتی ہیں۔ ایک رشتے دار عورت کے سامنے میری بے عزتی کرتے ہیں۔
جواب: سب کاموں سے فارغ ہونے کے بعد رات کو سونے سے پہلے 41مرتبہ سورۂ فاتحہ پڑھ کر بات کیے بغیر بستر پر چلی جائیں۔ آنکھیں بند کرکے شوہر کا تصور کریں اور تصور کرتے کرتے سوجائیں۔ نماز فجر کے بعد سورۃ النساء کی پہلی آیت پڑھ کر دونوں ہاتھوں پر دم کرکے ہاتھ چہرے پر پھیر لیا کریں۔
مجھے ترقی چاہیے

میں گزشتہ پانچ سال سے ایک ہی پوسٹ پر کام کررہا ہوں‘ میں پوری توجہ‘دھیان اور ایمانداری سے اپنا کام سرانجام دیتا ہوں مجھ سے سینئر میری تعریف بھی بہت کرتے ہیں لیکن میری ترقی کی طرف کوئی دھیان نہیں دیتا‘ میں نے لاکھ کوشش کی کہ میری ترقی ہوجائے لیکن پتا نہیں کیا وجہ ہے کہ میری ترقی نہیں ہورہی۔ براہ مہربانی کوئی وظیفہ بتائیں کہ میری ترقی ہوجائے۔ (محمدعاصم‘ کراچی)
جواب: رات کو جلدی سوجائیں۔ گھڑی میں الارم لگادیں۔ صبح ایسے وقت بیدار ہوجائیں کہ فجر کی اذان میں کم از کم پندرہ منٹ باقی ہوں۔ وضو کرکے شمال رخ کھڑے ہوکر دعا کی طرح ہاتھ باندھ لیں۔ سیدھے ہاتھ میں تسبیح پکڑ کر ایک سو ایک بار یَاوَہَّابُ پڑھ کر ہاتھوں پر دم کریں اور ہاتھ تین مرتبہ چہرے پر پھیر کر بیٹھ جائیں۔ اذان ہونے تک درود شریف پڑھتے رہیں۔ جب اذان ہوجائے تو حالات سازگار ہونے‘ کاروبار میں ترقی‘ ملازمت کے حصول اور پریشانیوں سے نجات کیلئے دعا کریں اور نماز فجر پڑھ کر دوسرے کاموں میں مشغول ہوجائیں۔
ہر قسم کے اثرات کا خاتمہ

سردرد کی مریضہ ہوں اور کئی سالوں سے علاج ہورہا ہے۔ کبھی فائدہ ہوجاتا ہے اور کبھی تکلیف دوبارہ شروع ہوجاتی ہے۔ نیند کی گولیاں بھی استعمال کرتی ہوں اب تو نیند کی گولیوں کی عادی ہوچکی ہوں۔ دل میں بھی درد محسوس ہوتا ہے۔ طبی طور پر دل کی تکلیف نہیں ہے۔ پھیپھڑے بھی ٹھیک ہیں۔ طبیب خون کی کمی اور اعصابی کمزوری بتاتے ہیں۔ میں مسلسل بیماری سے تنگ آچکی ہوں پہلے میرے بال لمبے اور گھنے تھے اب بہت کم ہوگئے ہیں۔ مختلف لوگ مختلف باتیں بتاتے ہیں جس سے میں کوئی نتیجہ نہیں اخذ کرسکتی۔ ہمارے گھر کی حالت یہ ہے کہ ہر شخص کا دل گھر میں گھبراتا ہے۔ اکثر مجھے بھی خوف محسوس ہوتا ہے۔ ہمارے گھر کی چھت سے کئی بار نقش‘ تعویذات اور پوٹلی میں مختلف چیزیں بندپائی گئیں جس میں سوئیاں‘ ہلدی اور ایک کاغذ جس پر آدھی ترچھی لکیریں بنی ہوئی تھیں۔ گھر کا ماحول انتشار اور مسائل کی آماجگاہ بن گیا ہے۔ والدہ بیمار رہتی ہیں اور والدین میں عدم اتفاق ہے۔ مالی حالات اگرچہ خراب نہیں ہیں لیکن خرچ بہت زیادہ ہونے لگا ہے ان تمام مسائل نے بھی ذہن پر دباؤ ڈالا ہوا ہے۔
جواب: علی الصباح گھر کے کسی فرد سے کہیں کہ وہ وضو کرکے آپ کو سامنے بٹھائے اور اسم ذات اللہ ایک بار پڑھ کر انگشت شہادت پر دم کرکے اس اسم کو آپ کے سر پر انگلی سے لکھ کر پھر دم کردے۔ اس طرح سات بار کرے۔ عمل کی مدت اکیس روز ہے۔ رات سونے سے پہلے سورۂ فاتحہ پانی پر دم کرکے پی لیا کریں‘ انشاء اللہ جسمانی تکالیف اور سردرد سے نجات مل جائے گی۔ غذا کا خیال رکھیں۔ زیادہ نمک‘ چکنائی سے پرہیز کریں اور متوازن غذا کا طبیب کے مشورے سے استعمال کریں۔ گھر کے دیگر معاملات میں اپنے گھر والوں کی ذہنی ہم آہنگی اور اتفاق کا مشورہ دیں اور ان سے کہیں کہ وہ اپنی قوت ارادی استعمال کرتے ہوئے اختلافات سے پرہیز کریں اور صبح شام پانی پر تین بار سورۂ فلق دم کرکے پی لیا کریں۔ اطمینان رکھیں انشاء اللہ ہر قسم کے اثرات کا خاتمہ ہوجائے گا۔
رشتہ جوڑنے کو تیار نہیں

میری دو بیٹیاں ہیں بڑی کی عمر تقریباً 32 سال اور چھوٹی کی عمر 28 سال ہے۔ اللہ کے کرم سے دونوں بیٹے بیرون ملک برسر روزگار ہیں‘ ہمارے یہاں خاندان میں رشتے کرنے کا رواج ہے لیکن خاندان میں لڑائی جھگڑوں کی وجہ سے اب کوئی بھی ہماری لڑکیوں سے رشتہ جوڑنے کو تیار نہیں ہے۔ ہم نے خاندان سے باہر بچیوں کا رشتہ کرنے کی بہت کوششیں کیں لیکن ابھی تک کوئی بات نہیں بنی‘ لوگ آتے ہیں بات چلتی ہے مگر رشتہ طے نہیں ہوتا‘ ہم میاں بیوی پریشانی میں مبتلا ہیں کوئی مناسب حل بتائیں۔(فاطمہ‘ سیالکوٹ)
جواب: رات کو ایک نیند لے کر آدھی رات کو بیدار ہوجائیں۔ دو رکعت ادا کریں پھر اس کے بعد اول آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 21 مرتبہ سورۂ اخلاص اور 20 مرتبہ سورۂ فاتحہ پڑھ کر بیٹیوں کی اچھی جگہ رشتے طے ہونے کی شادی کیلئے دعا کریں۔ دعا کے الفاظ کو بار بار دہرائیں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔ ہر ہفتے کوئی بھی دن مقرر کرکے کچھ صدقہ خیرات کردیا کریں۔
ذہنی طور پر بچہ

میرا بیٹا جس کی عمر 26 سال ہے وہ جسمانی طور پر نوجوان نظر آتا ہے لیکن ذہنی طور پر بالکل بچہ ہے۔ اپنے ہم عمر لوگوں کے ساتھ رہنے کے بجائے چھوٹے بچوں کے ساتھ رہنا اور ان کے ساتھ کھیلنا اسے زیادہ پسند ہے۔ کپڑے میلے ہوجاتے ہیں لیکن اسے صفائی ستھرائی کا خیال نہیں رہتا۔ اتنی عمر ہونے کے باوجود اس کا بچپن ختم نہیں ہورہا ہے براہ کرم اس مسئلے کے حل کے لیے کوئی علاج تجویز کردیں۔ (ر۔ س‘ راولپنڈی)
جواب: اکیس اکیس مرتبہ ہُوَاللہُ الْخٰلِقُ الْبَارِیُٔ الْمُصَوِّرُلَہُ الْاَسْمَآءُ الْحُسْنٰی یُسَبِّحُ لَہٗ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ وَ ہُوَ الْعَزِیْزُ الْحَکِیْمُ ( الحشر  24 )اول وآخر تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کرایک پیالی پانی پر دم کرکے صبح و شام پلائیں۔ بیٹے سے کہیں کہ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے اسم الٰہی یَاقَوِیُ کا ورد کرتے رہا کریں۔
یادداشت بہت کمزور ہے

میں اکنامکس میں ماسٹر کررہا ہوں پچھلے سال میرے تین پیپر رہ گئے تھے اب دوبارہ امتحان ہونے والے ہیں‘ میرا مسئلہ یہ ہے کہ میری یادداشت بہت کمزور ہے یادداشت کی کمزوری سے میرے تعلیمی کیریئر پر بہت برے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ امتحان کے دوران کچھ یاد نہیں رہتا حالانکہ میں سال کے پہلے دن سے تیاری شروع کردیتا ہوں۔ یہی حالت رہی تو شاید میرا تعلیمی کیریئر تباہ ہوجائے گا۔ دماغی کمزوری اتنی زیادہ ہے کہ معمول کے کاموں میں بھی بہت زیادہ دشواری کا سامنا رہتا ہے اور میں اکثر بھول کا شکار ہوجاتا ہوں۔ (محمدعمران‘ سوات)
جواب: تعلیم سے دل اچاٹ ہوجانے‘ دماغی کمزوری اور فہم فراست میں کمی دور کرنے کے لیے صبح و شام سورۂ یٰسین کی آیت ایک تا چار۔ اول و آخر گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ٹیبل اسپون شہد پر دم کرکے چاٹیں‘ اپنے اوپر دم کرلیا کریں اور دعا کریں۔
کسی نے بندش تو نہیں کروادی

میرے چار بیٹے اور تین بیٹیاں ہیں۔ میرا کاروبار بہت اچھا چل رہا تھا لیکن چند ماہ سے کاروبار بالکل ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے‘ کئی اچھے سودے بالکل آخری وقت پر ہاتھوں سے نکل گئے ان معاشی مشکلات کی وجہ سے اہلیہ سے بھی ان بن رہنے لگی ہے۔ میرے دوست احباب میں حاسدین بھی بہت ہیں مجھے شک ہے کہ ان میں سے کسی نے میرے کاروبار پر کوئی بندش وغیرہ تو نہیں کروادی ہے۔ (شاکر‘ لاہور)
جواب: دن میں جس وقت آپ دکان پر جائیں دکان کھول کر کام کے آغاز سے پہلے گیارہ مرتبہ سورۂ فلق اور گیارہ مرتبہ سورۂ ناس پانی پر دم کریں اس کے بعد اکتالیس مرتبہ یَااَللہُ یَاحَفِیْظُ یَاسَلَامُ یَاغَفَّارُ پڑھ کر پانی پر دم کریں اور یہ پانی اپنی دکان کے اندرونی چاروں کونوں میں چھڑک دیں۔ یہی عمل شام کے وقت بھی کم از کم اکیس روز تک کریں۔ اس کے علاوہ حسب استطاعت صدقہ کردیں۔
گھریلو نااتفاقی

ہمارے گھر میں گزشتہ دو ڈھائی برس سے بہت زیادہ لڑائی جھگڑا رہنے لگا ہے‘ کبھی والدہ اور والد صاحب میں لڑائی رہتی ہے تو کبھی والدہ ہم بہن بھائیوں سے اور کبھی ہم بہن بھائی آپس میں جھگڑتے رہتے ہیں۔ والدہ صاحبہ بھی اکثر چھوٹی چھوٹی باتوں پر ہم لوگوں کو بددعائیں دینے لگتی ہیں پہلے ہمارے والد صاحب بہت حلیم مزاج بلکہ خوش مزاج تھے ہم بچوں کے ساتھ ان کا برتاؤ بالکل دوستوں کی طرح تھا اب انہیں نجانے کیا ہوگیا ہے؟ ہم بھائیوں میں عجیب ناانصافی حسد اور جلن رہنے لگی ہے۔(پوشیدہ)
جواب: عشاء کی نماز کے بعد 110مرتبہ سورۂ کہف آیت نمبر 10 اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر سب گھر والوں کے مزاج میں اعتدال اور آپس میں ذہنی ہم آہنگی کے لیے دعا کریں عمل کی مدت چالیس روز ہے۔
بیٹے کی نعمت

میری شادی کو تقریباً پانچ سال کا عرصہ ہوچکا ہے۔ اس دوران اللہ تعالیٰ نے دو بیٹیوں سے نوازا مگر ساس اور شوہر کو بیٹے کی بہت تمنا ہے۔ براہ کرم مجھے کوئی وظیفہ بتادیں اور دعا کریں کہ اللہ مجھے بیٹے کی نعمت عطا فرمائیں۔  (شگفتہ‘ چیچہ وطنی)
جواب: میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو صحت مند‘ صالح اور خوبصورت فرزند عطا فرمائیں آمین۔ آپ رات سونے سے قبل اکتالیس مرتبہ سورۂ ابراہیم آیت 38 تا 40 اول و آخر گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیں اور دعا کریں۔ حکماء کے مطابق بندگوبھی کا استعمال مرد میں اولاد نرینہ کے جرثوموں کو تقویت دینے کیلئے مفید ہے۔ آپ کچھ عرصہ روزانہ بند گوبھی کچی پکی کسی بھی حالت میں استعمال کریں۔ مذکورہ بالا دعا حمل سے چند ماہ پہلے شروع کریں اور حمل قرار پانے کے ایک ماہ بعد تک پڑھی جائے۔
کرائے کا مکان

ہم نے آج سے دو سال پہلے اپنے مکان کا اوپر والا حصہ کرایہ پر دیا کرایہ دار اپنے دو بچوں اور بیوی کے ساتھ رہتا ہے۔ شروع میں تو اس نے کرایہ پابندی سے دیا پھر معاشی تنگی کے سبب چھ ماہ بعد تین ماہ کا کرایہ ایک ساتھ ادا کیا۔ اس کے بعد تین ماہ پابندی سے کرایہ دیا۔ اب تقریباً ایک سال ہونے کو ہے وہ کرایہ ادا نہیں کرتا اور کہتا ہے کہ کرایہ زیادہ ہے میں کورٹ میں اسے چیلنج کروں گا۔ اب پتا چلا ہے کہ اس کا تعلق اچھے لوگوں سے نہیں ہے میرے شوہر شریف آدمی ہیں‘ لڑائی جھگڑے سے دور رہتے ہیں۔ اسے مکان خالی کرنے کا کہا تو وہ بھی نہیں کرتا‘ اب ہم کیا کریں۔
جواب: آپ روزانہ رات سونے سے قبل تین مرتبہ سورۂ انشقاق کی آیت نمبر 4 اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے حضور خشوع و خضوع سے مکان خالی ہونے کی دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس یا زیادہ سے زیادہ نوے روز تک جاری رکھیں۔ آپ اور شوہر چلتے پھرتے کثرت سے اسمائے الٰہی یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ کا ورد کرتے رہا کریں۔

Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 075 reviews.