حضرت مفتی صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے رسالہ میں بسم اللہ کے بعض خواص مجربہ تحریر فرمائے ہیں جو افادہ عوام کیلئے انہی کے الفاظ میں پیش کیے جارہے ہیں۔ امید ہے کہ مسلمان ان سے فائدہ اٹھائیں گے۔
ہرمشکل اور حاجت کیلئے: جو شخص بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمکو بارہ ہزار مرتبہ اس طرح پڑھے کہ ہر ایک ہزار پورا کرنے کے بعد درود شریف کم از کم ایک مرتبہ پڑھے اور اپنے مقصد کیلئے دعا مانگے‘ پھر ایک ہزار اور اسی طرح پڑھ کر دعا کرے اور اسی طرح بارہ ہزار کردے تو انشاء اللہ ہر مشکل آسان اور حاجت پوری ہوگی۔
جو شخص بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم کے اعداد کے موافق کہ وہ 786 بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمکو متواتر سات روز تک پڑھے اور اپنے مقصد کیلئے دعا کرے انشاء اللہ مقصد پورا ہوگا۔
تسخیر قلب کیلئے:جو شخص بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم کو چھ سو مرتبہ لکھ کر اپنے پاس رکھے تو لوگوں کے دلوں میں اس کی عظمت و عزت ہوگی کوئی اس سے بدسلوکی نہ کرسکے گا۔
آفات سے حفاظت:جو شخص محرم کی پہلی تاریخ کو ایک سو تیرہ مرتبہ پوری بسم اللہ الرحمن الرحیم کاغذ پر لکھ کر اپنے پاس رکھے گا ہر طرح کی آفات و مصائب سے محفوظ رہے گا۔ مجرب ہے۔
چوری اور شیطانی اثرات سے حفاظت:سونے سے پہلے اکیس مرتبہ پڑھے تو چوری اور شیطانی اثرات سے اور اچانک موت سے محفوظ رہے گا۔
ظالم پر غلبہ:کسی ظالم کے سامنے پچاس مرتبہ پڑھے تو اللہ تعالیٰ اس کو مغلوب کرے گا اور اسے غالب کردیں گے۔
ذہن اور حافظے کیلئے:786مرتبہ پانی پر دم کرکے طلوع آفتاب کے وقت پیے تو ذہن کھل جائے اور حافظہ قوی ہوجائے۔
حب (محبت کیلئے):786 مرتبہ پانی پر دم کرکے جس کو پلائے اس کو گہری محبت ہوجائے (ناجائز کاموں میں استعمال کرے گا تو وبال کا خطرہ ہے)
اولاد کی حفاظت کیلئے:جس عورت کے بچے زندہ نہ رہتے ہو‘ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم کو اکسٹھ مرتبہ لکھ کر تعویذ بنا کر اپنے پاس رکھے تو بچے محفوظ رہیں گے‘ مجرب ہے۔
کھیتی کی حفاظت اور برکت کیلئے:ایک سو ایک مرتبہ کاغذ پر لکھ کر کھیت میں دفن کردے تو کھیتی تمام آفات سے محفوظ اور اس میں برکت ہو۔
حکام کیلئے:بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم کسی کاغذ پر پانچ سو مرتبہ لکھے اور اس پر ڈیڑھ سو مرتبہ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمپڑھے‘ پھر اس کاتعویذ اپنے پاس رکھے تو حکام مہربان ہوجائیں۔
درد سر کیلئے:اکیس مرتبہ لکھ کر درد والے کے گلے میں یا سر پر باندھ دیں تو درد سر جاتا رہے‘ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم کی خصوصیات اور برکات بہت زیادہ ہیں ان میں سے چند بقدر ضرورت لکھی گئیں۔
بسم اللہ کی بعض حرکات:حدیث شریف میں تصریح ہے کہ گھر کا دروازہ بند کرتے وقت اسی طرح چراغ گل کرتے وقت نیز کھانا کھانے سواری پر سوار ہونے‘ اترنے‘ برتن ڈھانکنے کے وقت بسم اللہ کہو‘ اس سے تسمیہ کی برکت کا بخوبی علم ہوتا ہے۔
تفسیرابن کثیر میں لکھا ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام ایک قبرستان سے گزرے‘ آپ کو معلوم ہوا کہ قبر میں مدفون شخص کو عذاب ہورہا ہے پھر کچھ عرصہ بعد وہاں سے گزر ہوا تو معلوم کہ وہ شخص نہایت آرام میں ہے‘ جب حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے عذاب ٹل جانے کی وجہ پوچھی تو اس نے کہا کہ میرے انتقال کے وقت میری اہلیہ امید سے تھی اس کو اللہ تعالیٰ نے لڑکا عطا فرمایا جب وہ بڑا ہوا تو اس نے دین پڑھانے کیلئے اس کو بھیجا۔ یہ بچہ اپنی توتلی زبان میں بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم پڑھتا تھا۔اللہ تعالیٰ نے فرمایا تیرا بچہ مجھے رحمان اور رحیم کہتا ہے مجھے شرم آتی ہے کہ میں تجھے عذاب دوں۔ لہٰذا میں تجھے نجات دیتا ہوں اب تم جنت میں عیش سے رہو۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں