ان دو اسماء یَابَاسِطُ عَلَّامُ الْغُیُوْبِ کی برکت سے نسیان دور ہوتا ہے جو شخص کسی مہینہ کی چودھویں تاریخ کو چاندی کی انگوٹھی جس پر سونے کا طمع ہو اسم یَابَاسِطُکا مربع چہار ضرب چہار نقش کرکے پہنے۔ اس کے دل میں سرور پیدا ہوتا ہے اور رزق کشادہ ہوتا ہے اس اسم میں بہت سے اسرار ہیں جن کی شرح یہاں ممکن نہیں ہے۔
تجارت میں ترقی
ان دو اسماء کے ذکر سے رزق اور عمر میں ترقی ہوتی ہے ان کا ذاکر فقیر نہیں ہوتا۔ جو شخص ان دونوں اسماء کو عقیق کی انگشتری پر کندہ کرکے بائیں ہاتھ میں پہنے تو اس کو رزق آسانی سے ملے اور لوگوں کے دل اس کی طرف مائل ہوں اور جو شخص اس کے حروف کو کسر کرکے سونے یا چاندی یا زعفران سے شرف شمسی میں لکھ کر روپیہ کی تھیلی میں رکھے اور ان سے خرچ کرتا رہے تو روپے کبھی ختم نہ ہوں بشرطیکہ سب روپیہ ایک دم نہ نکال لے۔
حصول علوم وفنون اور حکمت کی نہریں
ان دو اسماء یَابَدِیْعُ عَلَّامُ الْغُیُوْبِ کا ذاکر جو کسی علم میں کوئی کتاب لکھنا چاہتا ہو ان کے ذکر سے یہ کلام اس پر آسان ہوتا ہے۔ خصوصاً یہ فن کل فنون سے مشکل ہے۔ جو شخص اسم یَابَدِیْعُ کا ورد رکھے اس کو بلاغت اور حافظہ حاصل ہوتا ہے۔ مباحثہ کرنے والوں کیلئے یہ ذکر بہت مناسب ہے جو شخص عَلَّامُ الْغُیُوْبِ کے ساتھ عَلِیْمٌ حَکِیْمٌ کا بھی خلوت میں ذکر کرے تو حکمت کی نہریں اس کے دل سے جاری ہوں گی۔ اگر چالیس دن تک ترک حیوانات کے ساتھ اسم عَلَّامُ الْغُیُوْبِ کا ورد کرے تو مخلوق کے کل احوال سے مطلع ہو اور غائب چیزوں کا علم ہو اس پر مداومت سے عجیب وغریب امور منکشف ہوتے ہیں اور ہم عصروں میں ممتاز ہو۔
فرحت وانبساط قلب کا عمل
یَابَاسِطُ کا ذاکر ہمیشہ خوش رہتا ہے اس کے دل سے گھٹن دور ہوجاتی ہے اور دل کو فرحت رہتی ہے اور اس کے غم اور پریشانیاں دور ہوجاتی ہیں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں