Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

قارئین کی خصوصی اور آزمودہ تحریریں

ماہنامہ عبقری - مارچ 2013

ایک چھوٹے سے وظیفے کا کمال

تقریباً ایک سال قبل ماہنامہ عبقری کے ذریعے آپ کا تعارف ہوا ناممکن روحانی مشکلات لاعلاج جسمانی بیماریوں کا پڑھ کر قلم اٹھانے کا حوصلہ ملا۔ میں نے اپنی دو بیٹیوں کی بیماری اور روحانی مشکلات کے متعلق لکھا تھا جس کے جواب میں بندش جادو آسیب کیلئے یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ بِرَحْمَتِکَ اَسْتَغِیْثُ کا وظیفہ ارسال فرمایا تھا۔ وظیفہ تقریباً دو دفعہ سوا لاکھ کرنے پر اچانک اونگھ آئی اور کیا دیکھتا ہوں کہ ایک ماربل کی خوبصورت دیوار ہے اس پر نورتجلیات پڑ رہی ہیں اور نور ہی نور نظر آتا ہے۔ منظر بدلا کہ یہ کیا چیز ہے اور کہاں تک جاتا ہے لیکن اس نورانیت کے آگے پیچھے کچھ نظر نہیں آتا تھا۔ میں نے اس اندھیرے میں محسوس کیا کہ کافی دور جاکر اس کے اندر جانے کا راستہ ہے اس سے مجھے کافی امید افزا حوصلہ ملا کہ میری منزل میں کافی اندھیرے اور خاصے فاصلے ہیں لیکن میں انشاء اللہ حضرت صاحب کی رہنمائی اور ان کی شفقت سے اس کو حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہوجاؤں گا۔ اس امید پر وظیفہ جاری رکھا اور مریضہ جنہیں دمہ اور الرجی کی شکایت تھی۔ گیس‘ دھواں اور قدرتی آفات سے الرجی تھی۔ مریضہ کو لاہور حکیم صاحب سے علاج کیلئے پہنچے۔
حکیم صاحب سے ملاقات ہوئی‘ دوران ملاقات حکیم صاحب نے فرمایا کہ مریضہ پر تقریباً 16 سال سے اور اس کی والدہ پر 41 سال سے جادو ہے۔ یہ 20 مئی 2012ء کا واقعہ ہے دوائی کیساتھ مزید وظیفہ کیلئے عرض کی لیکن حضرت نے فرمایا وہی وظیفہ جاری رکھیں۔ پچھلے دنوںتقریباً سولہ جولائی 2012ء کی رات کو سورہا تھا کہ خواب میں مرغی کا انڈہ نظر آیا۔ میں اسے اٹھانے کیلئے گیا تو منظر بدل گیا اور کافی تعداد میں انڈے گرنے لگے جیسے کسی نے گٹو (بوری) کا منہ کھول دیا ہے گرنے والے انڈوں میں سے چوزے نکل کر دوڑ رہے تھے اتنے میں میری آنکھ کھل گئی۔
ظاہراً تو وہ منظر نظر نہیں آرہا تھا لیکن میرے دل و دماغ پر چھایا ہوا تھا۔ سوچا کہ کسی نیک شخص سے اس کی تعبیر پوچھوں گا کہ دوسرے دن اطلاع ملی کہ میری بیٹی کے سسرال والے اسے لینے آرہے ہیں۔ میری بیٹی کو انہوں نے بڑے ظلم‘ تشدد کے بعد گھر سے نکال باہر کیا تھا اور لوگوں میں پھیلا رہے تھے کہ اس کو ہم نے طلاق دے دی ہے ہم اسے نہیںلائیں گے۔میری بیٹی تین بچوں کی ماں ہے اس پر اس کے خاوند نے دوسری شادی رچالی ہے۔ مجھے کہا گیا تھا کہ آپ اپنی بیٹی لے جائیں میں اس کو نہیں رکھتا۔ دو دن بعد تین آدمی آئے جن میں میری بیٹی کا خاوند بھی تھا میری بیٹی کو باعزت طور پر گھر لے گئے اس طرح میری بیٹی اپنی اولاد یعنی بچوں کوحاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی یہ اللہ کا خاص کرم ہے اس نے مجھ جیسے گنہگار انسان کو عزت دی۔ یہ بھی وضاحت کیے دیتا ہوں میںمعمولی پنشنر ہوں اور مدمقابل کروڑ پتی ہیںغالباً پانچ ملوں کے مالک ہیں۔ میاں چنوں میں نئی مل خریدنے کی بات چیت چل رہی ہے۔
اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتا ہوں کہ جس نے مجھ جیسے غریب بے سہارا کو اتنی عزت بخشی ہے اور ساتھ حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی صاحب کا جتنا شکریہ ادا کروں وہ کم ہے بلکہ مجھے الفاظ ہی نہیں ملتے کہ جن کے ذریعے ان کا شکریہ ادا کیا جائے۔ حضرت صاحب نے کمال شفقت‘ مہربانی اور خصوصی توجہ سے ہماری مدد فرمائی اور ساتھ ہی ماہنامہ عبقری جو مجھ جیسے غریب‘ نادار اشخاص کی رہنمائی اور مدد فرما رہا ہے۔ مجھ جیسے زمانے کے ستائے ہوئے پڑھ کر اپنی حاجات پوری کرتے ہیں۔ 41 سال سے میں نے پریشانی‘ مصیبت‘ جھوٹےعامل حضرات کے جھوٹے دعوے اتنے دیکھے ہیں اور اتنے غریب بے بس اور مصیبت زدہ لوگوں کو لوٹتے اور اجڑتے دیکھا ہے کہ انسانیت ہی کی تذلیل ہے۔ اللہ تعالیٰ ہر کسی کو جھوٹے عامل حضرات کے مکرہ فریب سے بچائے۔ پھر میں حضرت صاحب کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے وظیفہ دے کرہماری صلح کروائی بلکہ دکھی انسانیت کی بے لوث رہنمائی فرمارہے ہیں۔

چار چیزوں میں خیروبرکت اور شفاء ہے

(حکیم ریاض حسین مکڑوال‘ میانوالی)
ابن جریر میں حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ کا فرمان ہےکہ جب تم میں سےکوئی شفاء چاہے تو قرآن کریم کی کسی آیت کو صحیفے (کاغذ) پر لکھ لے اور بارش کے پانی سے دھولے اور اپنی بیوی کے مال (مہر) سے اس کی رضامندی سے پیسے لےکر شہد خرید لے اور اُسے پی لے‘ پس اس سے شفاء آجائے گی۔ قرآن کریم کے بارے میں اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:۔ترجمہ:اور ہم قرآن میں اتارتے ہیں وہ چیز جو ایمان والوں کے لئے شفا اور رحمت ہے(بنی اسرائیل 82)‘‘ایک اور جگہ اللہ نے فرمایا:’’ ترجمہ:اور ہم نے آسمان سے برکت والا پانی اتارا(ق9) ‘‘ایک اور جگہ فرمان عالیشان ہے ’’ترجمہ:پھر اگر وہ اپنے دل کی خوشی سے مہر میں سے تمہیں کچھ دے دیں تو اسے کھاؤ رچتا پچتا(نساء 4) ‘‘شہد کے بارے میں فرمان اللہ تعالیٰ ہے ’’ترجمہ: شہد میں لوگوں کے لیے شفاء ہے(نحل69)‘‘
ابن ماجہ میں ہے کہ حضور اکرم ﷺ فرماتے ہیں جو شخص ہر مہینے میں تین دن صبح کو شہد چاٹ لے اسے کوئی بڑی بلا نہیں پہنچے گی۔ (تفسیر ابن کثیر)
فائدہ: چار چیزوں میں خیروبرکت اور شفاء ہے۔
قرآن کریم‘ بارش کا پانی‘ شہد‘ بیوی کا مہر۔ علماء نے لکھا ہے کہ جب کوئی شخص کاروبار کرے تو اپنی بیوی کے مہرمیںسے کچھ رقم کاروبار میں لگائے انشاء اللہ کاروبار میں فائدہ ہوگا۔ مہر کی رقم طرفین کیلئے خیروبرکت کی چیز ہے۔
امتحان میں کامیابی کیلئے مجرب عمل
فَاِنَّ حَسْبَکَ اللہُ ہُوَ الَّذِی اَیَّدَکَ بِنَصْرِہٖ وَبِالْمُؤْمِنِیْنَ (انفال 62)ترجمہ:’’تو بیشک اللّٰہ تمہیں کافی ہے وہی ہے جس نے تمہیں زوردیا اپنی مدد کا اور مسلمانوں کا ‘‘فتح اور کامیابی کیلئے یا امتحان میں آسان پرچوں کے لیے جانے سے پہلے سات دفعہ یہ آیت پڑھیں۔
طریقہ استخارہ اور اس کے فوائد
آپ فوری طور پر کسی کے متعلق استخارہ کرکے بتا سکتے ہیں کہ اس معاملے میں آپ کیلئے خیر ہے یا شر ہے۔ دو رکعت نماز استخارہ پڑھیں دوران نماز جب اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ پر پہنچیں تو اس آیت کو بار بار پڑھیں حتیٰ کہ خیر کی صورت میں چہرہ خودبخود دائیں طرف مڑجائے گا شر کی صورت میں بائیں طرف مڑجائے گا اس کے بعد اپنی باقی نماز مکمل کریں۔میں نے اپنے بچے کو کالج میں داخل کروانا تھا‘ میں نے اور بچے نے مختلف اداروں کے متعلق استخارہ کیا۔ ڈگری کالج میانوالی کے بارے چہرہ خودبخود مڑجاتا تھا جب کالج میں داخلہ کے لیے گئے تو کالج کے عملہ نے خوب استقبال کیا اور آسانی سے داخلہ مل گیا۔ بچے کی رہائش کے بارے استخارہ کیا توہاسٹل میں رہائش طے پائی وہاں کے سپرنٹنڈنٹ مہربانی سے پیش آئے اور 19نمبر کا کمرہ طلباء مانگ رہے تھے مگر انہوں نے نہیں دیا میرے بچے کو بغیر کسی مطالبہ کے دے دیا اور سارے طلباء میرے بچے سے انتہائی مہربانی وشفقت کرتے ہیں اور سفر ہو یا کوئی معاملہ ہو میں اس طرح استخارہ کرلیتا ہوں ہر کام میں آسانی ہوجاتی ہے اور پریشانی سے بچ جاتا ہوں۔

یادداشت بڑھانےکا زبردست آزمایا نسخہ

(مسز سید اعجاز شبیر بخاری‘ تلہ گنگ)
میں عبقری کو کافی عرصہ سے پڑھ رہی ہوں‘ ماشاء اللہ عبقری میں روحانی اور طبی نسخے تعریف کے لائق ہیں۔ میرے گھر میں میرے بزرگوں کی بہت پرانی طب کی کتب ہیں جن سے ہم سب استفادہ کرتے ہیں سوچا کیوں نہ اپنے عبقری کو بھی کچھ مہیا کرکے خدمت خلق کرکے اللہ کی رضا حاصل کرلوں۔
قوت حافظہ بڑھانے‘ نسیان‘ دماغی رطوبتوں کو پاک کرنے‘ فالج‘ پٹھوں کی طاقت اور بالخصوص چھوٹے بچے جو بولنے میں دیر لگاتے ہیں یا بولنے میں جن کو دشواری ہو ایک بہترین چیز جو کہ پنساریوں کیلئے اس کو اپنے پنسار سٹور میں رکھنا اور صحیح ایمانداری سےیہی چیز بیچنا مخلوق خدا سے عظیم نیکی ہے۔ وہ کیا چیز ہے؟ ایک جڑی بوٹی کی گرہ دار جڑ ہے جس کی موٹائی ہاتھ کی انگلی کے برابر ہے اس میں نشاستہ کی کثیرمقدار اور ٹےنین کی بہت خفیف مقدار پائی جاتی ہے۔ یہ دوسرے درجہ پر گرم اور خشک ہے مقوی باہ‘ جالی‘ منفی دماغ‘ کاسر ریاح‘ فاسد مادوں کو زائل کرتی ہے۔ چٹکی بھر چھوٹے بچوں کو شہد میں ملا کر چٹانے سے بچہ جلد بولنےپر قادر ہوجاتا ہے۔
کمزوری دماغ کیلئے ایک منفرد اور نادر چیز ہے۔ برسوں کی بھولی باتیں یاد آنےلگتی ہیں۔ اس کا جوشاندہ خون حیض اور پیشاب کی رکاوٹ دور کرتا ہے۔ اس کو کھانے سے دماغ اس قدر قوی ہوجائیگا کہ تمام عمر جو سنیں گے ذہن میں نقش ہوجائیگا۔ خوراک اس کی ایک سے تین ماشہ ہے۔ مصری پیس کر اور ورچھ کو بھی پیس کر ایک ماشہ سفوف صبح گائے کےدودھ کے ہمراہ لیں۔اس کا نام ورچ کے علاوہ وج۔بج بھی ہے انگلش نام Sweet Flag Root ہے۔
اتنی مہنگی نہیں صرف پچاس روپے کی لے کر پیس کر رکھیں۔ گھر والوں کیلئے کافی ہوجائے گی۔ اس کا رنگ سرخی مائل سفید ہے۔ ذائقہ تلخ اوربو ذراخراب ہے۔
خود ہم گھر میں استعمال کرتے ہیں میرا پوتا پونے تین سال کا تھا اشاروں میں بات کرتا تھا۔ جونہی اس کو چٹکی بھر کچھ دن شہد میں ملا کر کھلائی تو ماشاء اللہ اب بہت باتیں کرتا ہے اور پرانی بات بالکل یاد رکھتا ہے چونکہ یہ آزمائی ہوئی چیز ہے اس لیے عبقری کی نذر کررہی ہوں۔

چند قطرے اور درد ختم

(حافظ ارشاد حسین‘ لانڈھی شریف)
یہ نسخہ مجھے ایک دیہاتی سے ڈاڑھ درد کیلئے ملا۔ میں نے پہلی ہی بار نسخہ تیار کرکے تیل کو چھان رہا تھا تو ایک آدمی ڈاڑھ درد کی جھاڑ پھونک کیلئے آستانہ عالیہ لانڈھی شریف پر فقیر گل محمد مہر سے دم کروانے کیلئے آیا۔ فقیر صاحب کسی کام سے گئے ہوئے تھے میں نے پوچھا کیا بات ہے؟ اس نے کہا بھائی ڈاڑھ میں بہت شدید درد ہے۔ رات کو نیند نہیں آئی‘ میں نے پہلی ہی بار اس پر تجربہ کیا میں نے چند قطرے تیل کے ڈاڑھ میں ڈالے چند سیکنڈ بعد پوچھا تو اس نے کہا فرق ہے۔ بعد میں میں نے چند قطرے روئی پر رکھ کر ڈاڑھ پر رکھے اور پوچھا تو اس نے کہا ابھی فرق ہے اور درد لے کر آیا تھا اور خوشی لے کر چلا گیا۔ایک اور آدمی آیا اس کو نیچے اور اوپر دونوں ڈاڑھوں میں درد تھا میں نے چند قطرے روئی پر لگا کر پہلے اوپر والی ڈاڑھ پھر نیچے والی ڈاڑھ پر رکھا اللہ کی مہربانی سے دونوں ڈاڑھوں میں آرام آگیا۔
ایک اور آدمی آیا جس کو موٹرسائیکل چلاتے وقت اس کا کپڑا پھنس گیا پاؤں میں چوٹ لگ گئی اس کو یہ تیل مالش کیلئے دیا چند مرتبہ استعمال کرنے سے وہ بالکل ٹھیک ہوگیا۔ میں ایک سال سے یہ تیل تیار کرکے استعمال کررہا ہوں۔ ڈاڑھ درد کیلئے کبھی خطا نہیں پایا۔ بہت سارے لوگ اس تیل کیلئے میرے پاس آتے ہیں۔ چوٹ‘ پھوڑے پھنسی‘ کانٹا چبھنا‘ عورتیں جو زیورات کیلئے ناک‘ کان چھدواتی ہیں اس کا تریاق کہاجائے تو بجا ہے۔المختصر جو صاحب اس تیل کو تیار کرے گا وہ شخص ہی اس تیل کی خوبیوں سے صحیح طور پر واقف ہوسکے گا۔آپ کی دریا دلی کی وجہ سے یہ نسخہ حاضر خدمت ہے۔
ہتھیلی پر سرسوں جمانے والا تیل
ھوالشافی: تیل سرسوں خالص ایک کلو گرام‘ آک کے پھول تازہ 250 گرام‘ کالی جیری 40 گرام‘ لونگ 20 گرام۔
ترکیب تیل: تیل کو کسی بڑے دیگچے میں ڈال کر آک کے پھول‘ کالی جیری‘ لونگ ثابت ڈال دیں۔ نیچے ہلکی آگ دیں‘ جب ادویات اور آک کے پھول جل جائیں تو دیگچے کو اتار لیں‘ ٹھنڈا ہونے پر چھان کر محفوظ رکھیں۔
ڈاڑھ درد‘ چوٹ‘ پھوڑے پھنسی‘ کانٹا چبھنا‘ ناسور جو عورتیں ناک کان چھدواتی ہیں اس کیلئے اکسیر ہے۔
احتیاط: اس تیل کوکسی بڑے دیگچے میں تیار کریں کہ اوپر سے آگ نہ لگ جائے۔

گٹھی دینے کا طریقہ

(زینب بی بی)
کچھ مہینے پہلے میرے ایک عزیز کے ہاں بچہ کی ولادت ہوئی اور بچہ کے باپ نے مجھے درخواست کی کہ آپ میرے بیٹے کو گٹھی دیں اور جب میں ہسپتال جارہی تھی پھر فون آیا کہ آپ جلدی پہنچیں بچہ کی حالت ٹھیک نہیں۔ واقعی جب میں نے جاکر دیکھا بچہ نیلا ہورہا تھا اور ساتھ سانس بھی مشکل سے لیتا تھا اور بچے کی کراہنے کی آوازیں آرہی تھیں۔ بہرحال میں نے تعوذ تسمیہ پڑھ کر چھوہارا اپنے منہ میں لیکر اچھی طرح چبا کر اپنے دائیں ہاتھ کی شہادت کی انگلی سے چھوہارے کا مواد بمعہ لعاب بچے کے تالو میں لگادیا۔
پھر میں نے تعوذ‘ تسمیہ اور سورۂ فاتحہ چاروں قل شریف اور آیت الکرسی بمعہ اول آخر درود شریف پڑھ کر بچے پر دم کردیا۔ بفضل خدا بچہ فوراً نارمل ہوگیا۔ وہیں کچھ ہماری رشتہ دار جو وہاں موجود تھیں جن کو وہاں میرا آنا خاص طور پر گٹھی کیلئے پسند نہیں تھا انہوں نے خود لوگوں کے سامنے اقرار کیا کہ بچہ گٹھی اور دم کی وجہ سے ٹھیک ہوا ورنہ پہلے ہم بہت پریشان تھے۔ یہ سنت رسول ﷺ کی چشم دیدہ کرامت تھی‘ ہم سب کو کاش اللہ تعالیٰ ہر کام سنت رسول ﷺ کے مطابق کرنے کی توفیق اور اخلاص عمل خدا کی رضا کیلئے نصیب ہو۔ آمین۔

Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 570 reviews.