Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

روحانی بیماریوں كا روحانی علاج

ماہنامہ عبقری - اپریل 2013ء

بچوں کا مستقبل…؟؟؟

میرا تعلق ایک متوسط گھرانے سے ہے۔ اللہ کے فضل سے شادی ہوئی اور رفیقہ حیات بھی اچھی ملی۔ اللہ نے دو بیٹے اور ایک بیٹی عطا کی لیکن نہ جانے کیا بات ہے کہ ہماری اچھی تربیت کے باوجود بچوں کے اندر بعض بری عادات پیدا ہوگئی ہیں۔ بچے کہنا نہیں مانتے اور معمولی باتوں پرلڑنے لگتے ہیں۔ میں نے بچوں کی عادات کے بارے میں ان کی والدہ سے کئی بار بات کی اور ہم نے کوشش بھی کی لیکن یہ عادات بدستور ان کے اندر راسخ ہیں۔ بچوں کی یہ حالت دیکھ کر دلی سکون ختم ہوگیا ہے اور مستقبل کی طرف سے سخت متفکر ہو گیا ہوں۔ (محمدجہانگیر‘ راولپنڈی)
جواب: گھر کے ماحول میں یا بچے گھر سے باہر جس ماحول میں وقت گزارتے ہیں ضرور کوئی نہ کوئی کمی یا کمزوری ہے جس کی وجہ سے بچوں میں نافرمانی اور لڑنے جھگڑنے کی عادات پیدا ہورہی ہیں اور یہ بات آپ لوگوںکے ذہنوں میں غیراہم ہے۔ بہت غور کے ساتھ تمام باتوں کو دیکھیں تو ضرور بعض وجوہات سامنے آجائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ عمل کریں کہ بچے سونے کیلئے جو تکیے استعمال کرتے ہیں ان پرروزانہ رات کو ایک بار سورۂ کوثر دم کردیا کریں۔

ہر کام میں رکاوٹ ہے

والدین کا سایہ سر پر نہیں ہے سکون و تحفظ کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ کوئی بات دل کو اچھی نہیں لگتی۔ کسی کام میں دلچسپی محسوس نہیں ہوتی۔ لوگوں کی بعض باتیں سن کر دلبرداشتہ ہوگئی ہوں۔ وقت گزرتا جارہا ہے لیکن کوئی رشتہ ابھی تک نہیں آیا ہے۔ والدین ہوتے تو شاید اس معاملے میں سرگرمی دکھاتے۔ میرے ہر کام میں رکاوٹ ہوتی ہے اور مجھے مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے۔ جس کام کو پورا کرنا چاہتی ہوں پورا نہیں ہوتا۔ (رخشندہ)
جواب: اللہ تعالیٰ نے مایوسی سے منع فرمایا ہے اور اللہ پر توکل کے ساتھ ثابت قدم رہنے کی تلقین فرمائی ہے۔ اللہ تعالیٰ قادر مطلق ہیں لیکن اللہ کی مشیت اور حکمت میں بعض کاموں کیلئے وقت کا تعین بھی ان کی حکمت کا ایک جزو ہے۔ روزانہ کتنے ہی واقعات اس بات کی شہادت دیتے ہیں۔ لہٰذا اللہ پر یقین کے ساتھ اس کی طرف متوجہ رہیں‘ انشاء اللہ ضرور حالات میں تبدیلی واقع ہوگی۔ نماز فجر اور نماز عشاء کے بعد سورۂ توبہ کی آخری آیت گیارہ گیارہ بار پوری توجہ سے پڑھیں اور ترجمہ و معانی ذہن میں رکھیں۔ بعدازاں دعا کریں۔

بلڈپریشر اور پھر فالج

والد صاحب تین سالوں سے بیمار ہیں۔ انہیں بلڈپریشر ہوا اور پھر فالج کا حملہ ہوا۔ بائیں طرف کا جسمانی حصہ متاثر ہوا ہے۔ چلنے پھرنے سے معذور ہوگئے ہیں۔ تمام ضروریات کیلئے سہارے کی ضرورت پڑتی ہے۔ علاج ہورہا ہے لیکن طبیعت ابھی تک نہیں سنبھلی۔ ان کی بیماری نے سب گھر والوں کو پریشان کردیا ہے۔
جواب: علاج اور ضروری احتیاط کے ساتھ صبح شام رات پانی پر ایک سو ایک بار یَااَللّٰہُ یَارَبُّ رَّحِیْمُ دم کرکے والد صاحب کو پلادیا کریں۔ والد صاحب سے کہیں کہ وہ جس قدر آسانی سے ہو سکے دل میں یَاحَفِیْطُ یَاسَلَامُ کا ورد کیا کریں۔

زندگی کا سنہرا دور بے کار

میرا سب سے بڑا مسئلہ صحت سے متعلق ہے۔ جسمانی طور پر انتہائی کمزور ہوں۔ گال پچکے ہوئے ہیں اور کلائیاں پتلی ہیں۔ جوانی میں سر اورڈاڑھی کے بال سفید ہوگئے ہیں۔ نوجوانی کی غلطیوں کا خمیازہ بھگت رہا ہوں۔ نماز میں کوتاہی ہوجاتی ہے۔ مایوسی کی تصویر بن گیا ہوں۔ کسی سے بات نہیں کرتا لیکن کرنی پڑجائے تو دل و دماغ کی عجیب حالت ہوجاتی ہے۔ دل و دماغ پر ہروقت برے خیالات کا غلبہ رہتا ہے‘ رات کو نیند نہیں آتی۔ گرمیوں میں بھی ہاتھ سرد رہتے ہیں۔ آنے والے حالات کا خیال کرکے دل ڈوبنے لگتا ہے‘جسم پر تھکاوٹ طاری رہتی ہے۔ نزلے کی رطوبت سے پریشان رہتا ہوں۔ کسی علاج سے مطمئن نہیں ہوتا اور چند دنوں تک عمل کرنے کے بعد دل اچاٹ ہوجاتا ہے اور علاج چھوڑ دیتا ہوں۔ زندگی کا سنہرا دور بے کار اور بے عمل رہ کر گزار رہا ہوں۔
جواب: آپ نے صحت کا جو مسئلہ بیان کیا ہے وہ اپنی جگہ لیکن آپ جسمانی کمزوری کے ساتھ ساتھ ذہنی طور پر بھی انتشار کا شکار ہیں جو زیادہ بڑا مسئلہ ہے۔ آپ کے معکوس خیالات مایوسی‘ غیرمستقل مزاجی‘ آج کے تمام احوال پر اثر انداز ہورہی ہے۔ آپ نے جن جسمانی کمزوریوں کا تذکرہ کیا ہے وہ علاج سے دور ہوجاتی ہیں لیکن آپ مستقل مزاجی سے علاج بھی نہیں کراتے۔ یہ بات بھی ذہن نشین کرلیں کہ آپ نے جن باتوں کا تذکرہ کیا ہے ان کا نوجوانی کی کسی غلطی سے تعلق نہیں ہے۔ آپ کی ذہنی الجھنوں نے آپ کی ذہنی و جسمانی صحت کو متاثر کیا ہے۔ آپ قوت ارادی استعمال کرکے اپنے ذہنی رجحانات میں تبدیلی پیدا کریں۔ مایوسی اور ناامیدی سے قطعی طور پر ذہنی کنارہ کشی اختیار کرلیں۔ متوازن غذا استعمال کریں۔ نماز فجر اور نمازمغرب کے بعد پندرہ بیس منٹ چلتے پھرتے دل ہی دل میں یَااَللہُ یَارَحْمٰنُ کا ورد کریں۔ نماز فجر کے بعد خالی پیٹ گہری سانس لیں اور نکالا کریں۔

ذہنی تناؤ کا مریض

میں چند پریشانیوں کی وجہ سے ذہنی تناؤ اور گھبراہٹ کامریض بن گیا ہوں۔ چند دوستوں کو رقم دی جو واپس نہیں کررہے ہیں۔ لڑائی جھگڑوں کی نوبت آگئی ہے۔ (اسلم‘ کراچی)
جواب: روزانہ رات سونے سے پہلے بسم اللہ شریف مکمل اکتالیس بار پڑھ کر دونوں ہاتھوں پر دم کرکے ہاتھ چہرے پر پھیر لیا کریں۔ نمازفجر کے بعد پانی پر ایک بار یَاوَدُوْدُ دم کرکے پئیں۔ نیز سورۂ اخلاص اور آیۃ الکرسی سات سات بار پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے خیروبرکت کی دعا کیا کریں۔ علاوہ ازیں کسی بھی فلاحی کام میں عملی طور پر یا مالی معاونت کے ذریعے شریک ہوں۔ ضرورت مند افراد کی مدد کیا کریں جس قدر بھی آپ کی استطاعت ہو۔

الجھا ذہن

میرا ذہن الجھا رہتا ہے۔ کثیف و ناپسندیدہ خیالات کا غلبہ رہتا ہے۔ نہ چاہتے ہوئے بھی ایسے خیالات آتے ہیں کہ دل پر بوجھ محسوس کرتی ہوں۔ دل چاہتا ہے کہ اپنے ذہن کو تباہ و برباد کردوں۔ خیالات میں پاکیزگی ختم ہوگئی ہے۔ ذہنی کارکردگی اور حافظہ بھی زوال پذیر ہیں۔ (سمعیہ‘ راولپنڈی)
جواب: ان خیالات کو اپنے خیالات سمجھ کر دل پر بوجھ قبول نہ کریں۔ روزانہ رات سونے سے پہلے اندھیرے میں بیٹھ کر سورۂ فاتحہ دس منٹ تک آہستگی کے ساتھ پوری توجہ سے پڑھا کریں۔ بعدازاں خاموش دس منٹ تک بیٹھی رہیں۔ نماز فجر کے فوراً بعد چلتے پھرتے دس منٹ تک یَااَللہُ یَارَحِیْمُ کا دل ہی دل میں ورد کیا کریں۔ انشاء اللہ فائدہ ہوگا۔

اوہام اور خیالات کی بھرمار

اوہام اور پریشان خیالات کی بھرمار رہتی ہے۔ زندگی ویران اور افسردہ لگتی ہے۔ خوف کی زیادتی ہے۔ ایک سال شدید ذہنی دباؤ میں رہی ہوں۔ کبھی کبھی لگتا ہے کہ جیسے دل اچانک بند ہوجائے گا۔ سوتے سوتے اچانک بلاوجہ آنکھ کھل جاتی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ زندگی مایوس کن ہوتی جارہی ہے۔ (سونیا‘ قصور)
جواب: نماز فجر کے بعد چلتے پھرتے پندرہ بیس منٹ تک دل ہی دل میں اسم ذات اللہ اللہ کا ورد دل ہی دل میں پوری توجہ سے کریں۔ رات سونے سے پہلے سورۂ فاتحہ اور سورۂ فلق تین تین بار پڑھ کر دونوں ہاتھوں پر دم کرکے ہاتھ چہرے پر پھیرلیاکریں۔ انشاء اللہ خوف کا خاتمہ ہوجائے گا۔

بے حد ناپاک خیالات

عرصہ دو سال سے مجھے الجھے ہوئے خیالات آرہے ہیں‘ اکثر مقدس ہستیوں کے بارے میں بھی گستاخانہ و باغیانہ خیالات آتے ہیں۔ خود کو حد درجہ مشکل میں محسوس کررہی ہوں۔ کبھی لگتا ہے کہ جلد مرجاؤنگی‘ قوت ارادی نے تو جواب دیدیا ہے نماز اور وضو کے دوران تو بے حد ناپاک خیالات آنے لگتے ہیں۔ (سعدیہ‘ وزیرآباد)
جواب: روزانہ رات کو 66 مرتبہ اِنَّ اللہَ عَلٰی کُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ پڑھ کر ہاتھوں پر دم کرکے ہاتھ سر سے لے کر پورے چہرے پر پھیرلیاکریں۔ اس عمل کو گیارہ دنوں تک کیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ غذا میں بھی چند ترامیم کریں۔ نمک کی زیادتی اور کھٹی اشیاء کے استعمال سے پرہیز کریں۔ پھل اور سبزیاں زیادہ کھائیں‘ مصالحے اور گوشت بہت کم کھائیں‘ ہر نماز کے بعد سو بار یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ دو ماہ تک پڑھیں‘ انشاء اللہ بہت جلد خیالات میں موجود الجھاؤ ختم ہوجائیگا۔

ہر اعتبار سے مطمئن زندگی

میںہر اعتبار سے ایک مطمئن زندگی گزار رہی ہوں اس لیے کہ بہت سی نعمتیں اور سہولتیں مجھے حاصل ہیں لیکن جب بھی کوئی شے مجھے میری پسند کی ملتی ہے کوئی خواہش پوری ہوتی ہے تو مجھے کوئی خاص خوشی نہیں ہوتی اور نہ اطمینان ہوتا ہے میں بہت جلد گھبرا جاتی ہوں اور کسی سے اپنے دل کی بات کرنا چاہتی ہوں تو بھی نہیں کرسکتی‘ کسی کے سوال کا بڑی مشکلوں سے مختصر جواب دے پاتی ہوں اپنی حالت پر بعد میں کئی کئی دنوں تک پریشان رہتی ہوں۔(تہمینہ‘ لاہور)
جواب: روزانہ نماز فجر کے بعد لیکن سورج نکلنے سے پہلے گیارہ بار یَاوَدُوْدُ پڑھ کر ہاتھوں پر دم کرکے ہاتھ چہرے پر پھیرلیں اور پھر ایک بار یہی اسم پانی پر دم کرکے پی لیا کریں۔ کم از کم دو ماہ تک عمل کریں اور جو ایام مجبوری کی وجہ سے ترک ہوجائیں وہ شمار کرکے بعد میں پورے کرلیے جائیں۔

خوف کی حالت

میں جو کچھ پڑھتی ہوں کچھ ہی دیر میں ذہن سے نکل جاتا ہے اگر کچھ یاد بھی ہوجائے تو کسی کے سامنے بالخصوص استاد کے سامنے بیان کرتے ہوئے ذہن سے نکل جاتا ہے۔ دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ رات کو سوتے ہوئے ڈر بہت محسوس ہوتا ہے ذرا سی آہٹ ہوجائے تو سخت خوفزدہ ہوجاتی ہوں‘ بہت سی دعائیں پڑھ کرسوتی ہوں لیکن ابھی تک خوف کی حالت ختم نہیں ہوئی ہے۔ (نورین‘ کراچی)
جواب: مندرجہ ذیل باتوں پر عمل کریں:۔
1۔ روزانہ چند عمدہ کھجوروں پر سو بار یَارَبُّ رَّحِیْمُ دم کرکے کھالیا کریں۔2۔ غذا میں تیز نمک‘ کھٹی اور مصالحے دار چیزوں کے استعمال سے پرہیز کریں۔
3۔ رات سونے سے پہلے مناسب ہوا دار جگہ پر آہستگی سے گہرائی میں سانس اندر لیں اور باہر نکالیں‘ یہ عمل گیارہ بار اطمینان و سکون کے ساتھ کیا جائے اور کھانے کے تقریباً تین گھنٹے بعد کیا جائے‘ کم از کم دو ماہ تک اس پروگرام پر عمل پیرا رہنے سے انشاء اللہ ذہنی کمزوری اور خوف سے نجات مل جائے گی۔

عجیب طرح کا مزاج

ہم دو بہنیں ہیں اور ہم دونوں میں بہت سی باتیں مشترک ہیں ہم دونوں نماز کی پابند ہیں لیکن نماز کی ادائیگی میں بہت سستی ہو جاتی ہے‘ وضو کرنے میں بھی کافی وقت صرف ہوجاتا ہے اور پانی بھی کثرت سے استعمال کرتے ہیں۔ نماز کے دوران طرح طرح کے خیالات پریشان رکھتے ہیں‘ مزاج بھی عجیب طرح کا ہوگیا ہے۔ وہم اتنا زیادہ ہوگیا ہے کہ کپڑے پر ذرا سا پانی لگ جائے تو دھونا شروع کردیتے ہیں‘ پہلے ہمارا یہ حال نہ تھا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ صورتحال بگڑتی جارہی ہے گھر والے سمجھاتے ہیں لیکن ہمارا حال وہی ہے۔ (ن‘ ملتان)
جواب: آپ دونوں بہنوں کے اندر وہم کا عنصر بڑھ گیا ہے کسی اچھے معالج سے یا ماہر نفسیات سے مشورہ کرلیں۔ غذامیں نمک بہت کم استعمال کریں اور پھل زیادہ استعمال کریں‘ غیر ضروری خوف سے دور رہیں انشاء اللہ طبیعت متوازن ہوجائے گی۔ رات کو سونے سے پہلے گیارہ بار

یَاحَفِیْظُ      تین بار یَابَدِیْعُ‘ تین بار یَابَدِیْعُ الْعَجَائِبِ بِالْخَیْرِ یَابَدِیْعُ

پڑھ کر ہاتھوں پر دم کرکے ہاتھ چہرے پر پھیرلیا کریں۔ یہ عمل چالیس دن تک کریں۔

Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 612 reviews.