Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

میں نے’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ سے کیا فیض پایا...؟ حصہ2

ماہنامہ عبقری - جولائی 2014ء

موتی مسجد میں اقامت
(ع،ا)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! جب سے عبقری میں ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ پڑھ رہا ہوں اور موتی مسجد والا عمل سامنے آیا ہے تو اور بھی دل میں شوق‘ محبت اور عظمت بڑھ گئی ہے۔ ایک واقعہ عرض کروں میں شاہی قلعہ گیا تو موتی مسجد بند تھی‘ ظہر کے بعد گیا تھا تو میں دوسری جو بہت پرانی مسجد ہے وہاں چلا گیا‘ وہاں جاکر مسجد کی صفائی کی اور جھاڑو وغیرہ دے کر دو رکعات نفل پڑھے اور موتی مسجد والا عمل وہاں کیا اور دل میں دعا کی کہ یااللہ کسی جن سے میری بھی دوستی کروادے تو جب میں نفل ادا کررہا تھا‘ دوپہر کا وقت تھا‘ گرمی بہت زیادہ تھی‘ اچانک اتنی تیز ہوا چلی اور میرے اردگرد بھگولے سے اڑنے لگے اور ہوا کی تیزی کی وجہ سے میں پورا ہل گیا ۔ میں نفل پڑھ رہا تھا تب مجھے لگا کہ میرے پیر کی انگلی کو کوئی دبا رہا ہے اور میں انگلی اٹھا رہا ہوں مگر وہ اُٹھ نہیں رہی اور میں دل میں حیران ہورہا ہوں اور سکون اتنا مل رہا ہے کہ جس کی کوئی حد نہیں۔ نہ مجھے ڈر لگا اور ڈر مجھے ویسے بھی نہیں لگتا کیونکہ میرا اللہ میری شہ رگ سے زیادہ قریب ہے۔ خیر مجھے نہیں معلوم کوئی جن میرا دوست بنا بھی کہ نہیں۔۔۔! لیکن محسوس سب کچھ ہوا‘ پھر میں نے نفل پڑھ کر دوبارہ نفل پڑھے اور اب دعا کی یااللہ موتی مسجد کھل جائے کیونکہ وہ نماز سے پہلے کھولتے نہیں‘ بس نماز کے وقت کھولتے ہیں۔ میں نے وہی موتی مسجد والا عمل کیا اور دل میں دعا کی موتی مسجد کھل جائے مجھے ایسے لگا کہ موتی مسجد کھل گئی۔ میں نے نفل پڑھ کر سلام پھیرا اور واپس آیا تو موتی مسجد کھل چکی تھی۔
درواز کھلا پڑا تھا‘ بہت خوش ہوا اندر گیا‘ سلام کیا‘ کوئی بھی نہیں تھا۔ پھر بعد میں لوگ آنا شروع ہوگئے۔ میں نے آدھی مسجد میں سجدے کیے کہ شاید میرا سجدہ بھی اُس جگہ پر ہوجائے۔ اب اللہ بہتر جانتا ہے کہ سجدہ ہوا کہ نہیں اور نفل پڑھے‘ موتی مسجد والا عمل کیا اور عصر کا وقت ہوگیا۔ اللہ کا مجھ پر فضل دیکھیں میں نے اذان دی‘ عصر کی نماز کیلئےلوگ آنا شروع ہوگئے اور پھر باجماعت میں نے موتی مسجد میں عصر کی نماز پڑھائی‘ خدا کا شکر ادا کیا کہ یااللہ تو نے مجھ جیسے گناہ گار کو توفیق دی کہ موتی مسجد میں نماز باجماعت ادا کروائی اور مجھ سے امامت کروائی۔ دعا کے بعد پتہ نہیں کیا ہوا‘ لوگ میری طرف ایسے آئے جیسے پتہ نہیں کیا ہوگیا ہو‘ سب مجھ سے سلام کرنے لگے‘ کوئی کندھے پر ہاتھ لگارہا ہے‘ کوئی شاباش دے رہا ہے‘ بہت رونا آیا کہ عبدالمعیز یہ تو ہے۔۔؟؟؟ اللہ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے کہ مجھ جیسے گناہ گار کے ساتھ یہ سب کچھ ہوا۔
ہرمعاملے میں غیب سے مدد
(پ ۔ش)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میں عبقری رسالے کی 2006ء سے قاری ہوں‘ میرے پاس عبقری کے تمام سابقہ شمار ے ہیں اور میں وقتاً فوقتاً ان کا مطالعہ کرتی رہتی ہوں۔ محترم حکیم صاحب! آپ کے اور علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کے قدر دان ماشاء اللہ دن بدن بڑھ رہے ہیں۔ لوگ آپ دونوں کو اپنا مسیحا سمجھتے ہیں۔ آپ دونوں کے ہوتے ہوئے بڑی سےبڑی پریشانی ‘ بیماری‘ دکھ‘ درد‘ تکلیف سے نہیں گھبراتے۔ اس دور میں آپ دونوں کا وجود کل عالم کیلئے اللہ کی رحمت اور اس کا خاص انعام ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ دونوں کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔آمین
عرض یہ ہے کہ مئی 2012ء میں ماہنامہ عبقری رسالے میں محترم علامہ پراسراری لاہوتی صاحب نے کچھ وظائف عطا فرمائے تھے‘ اُن وظائف میں ایک وظیفہ  وَلَسَوْفَ یُعْطِیْکَ رَبُّکَ فَتَرْضٰی﴿والضحیٰ۵﴾  تھا جو ہر مشکل کیلئے اور زندگی کو دکھوں پریشانیوں اور بیماریوں سے محفوظ رہنے کا تھا۔ میں نے اس وظیفے کو لاکھوں کی تعداد میں کھلا پڑھنا شروع کردیا۔ اس وظیفے نے میرے بے شمار سالوں کے اٹکے ہوئے کام دنوں میں کردئیے‘ میری ہر معاملے میں غیب سے مدد ہوئی۔ الحمدللہ
یاقھار کے عمل سے کمردرد ٹھیک
(عابد حسین‘جہلم)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!میرا آپ سے اور ماہنامہ عبقری سے زیادہ پرانا تعارف نہیں ہے۔ میری کمر میں ہر وقت شدید درد رہتا تھا جس کی وجہ میں بہت پریشان تھا‘ ہماری مسجد کے امام صاحب نے مجھے ایک دفعہ یَاقَھَّارُ  کا عمل بتایا اور ساتھ عبقری رسالے کا تعارف کروایا‘ میں نے اس میں سے پڑھ کر  یَاقَھَّارُ کاتھال والا عمل کیا۔میں نےٹھنڈا پانی ایک پرات یا تھال میں لے کر اس میں پاؤں ڈبو کر روزانہ صبح و شام وقت اور جگہ ایک ہونا چاہیے۔گیارہ دن گیارہ سو مرتبہ اول و آخر 21 مرتبہ درود پاک پڑھنا شروع کیا تو تیسرے روز خواب میں ایک کتا میری طرف دم ہلاتا ہوا آیا اور میرے ہاتھ میں چیز تھی چھیننے کی کوشش کی یہاں تک کہ اس نے میرا دایاں ہاتھ پکڑلیا‘ میری آنکھ کھل گئی اس دن کے بعد سے کمردرد ٹھیک ہوگیا ہے۔
اللہ ہے اور اللہ اپنی پوری طاقت کیساتھ ہے
(ایک بہن)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! مجھے عبقری رسالہ بہت پسند ہے‘ پورا مہینہ اس کے آنے کا انتظار کرتی ہوں اور جب رسالہ آتا ہے تو سب سے پہلے ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ پڑھتی ہوں۔ حکیم صاحب ! علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کے مضمون نے مجھے جینے کا نیا ڈھنگ دیا ہے۔ ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ کی ایک قسط میں جس کا نمبر مجھے یاد نہیں جس میں علامہ لاہوتی پراسراری صاحب سورۂ مزمل کے ایک چلے کیلئے قبرستان میں تھے‘ جہاں قبر کھلنے کے بعد وہ اندرچلے گئے تھے اور وہاں اندر جو مخلوق ان کو ملی تھی انہوں نے اللہ تعالیٰ کے بارے میں بہت زیادہ اور زبردست باتیں کی تھیں‘ ان کا اللہ پر بہت زیادہ یقین تھا ‘وہ قسط بہت متاثر کن تھی‘ اس میں انہوں نےا یک جملہ کہا تھا ’’اللہ ہے اور اللہ اپنی پوری طاقت کے ساتھ ہے‘‘ ایک دفعہ میں کچن میں کام کررہی تھی مجھے بہت الٹے ‘ سیدھے خیالات آرہے تھے بہت زیادہ۔۔۔ ! اچانک میں نے یہی کہہ دیا ’’اللہ ہے اور اللہ اپنی پوری طاقت کے ساتھ ہے‘‘ بس یہی کہا پھر مجھے بھول ہی گیا کہ میں کیا الٹا سیدھا سوچ رہی تھی ایسا لگا جیسے کوئی الٹا سیدھا میرے دماغ میں ڈال رہا تھا اور وہ چلا گیا۔
حکیم صاحب! یہ میرا آزمودہ ہے مجھے جب بھی کوئی الٹا سیدھا خیال آئے میں فوراً اندر ہی اندر یہ جملہ بولتی ہوں‘ وسوسے ایسے جاتے ہیں باقاعدہ میں بالکل ہی بھول جاتی ہوں کہ میں کیا سوچ رہی تھی؟
’’کہف‘‘ کے کمالات:حکیم صاحب ! گزشتہ رمضان میں میرے بھائی ضد کررہے تھے کہ روم کولر اوپر کمرے میں رکھنا ہے میں بضد تھی کہ نہیں رکھنا‘ پہلے ہی کھچڑی پکی ہوئی ہے اور راستہ بند ہوجائے گا اور تم لوگ ہر جگہ کیچڑ کر کے رکھو گے۔ یو۔ پی۔ ایس پر ہی گزارہ کرو۔ اگر میں کسی کام سے منع کروں تو میرے بھائی ضد میں آکر وہ کام ضرور کرتے ہیں۔ اس نے نیچے جاکر کولر کو چیک کرنا شروع کیا کہ ٹھیک چلا ہے یا نہیں؟ مجھے فکر پڑگئی‘میں نے اوپر والے پورشن سے سات مرتبہ ’’کہف‘‘ پڑھ کر کولر پر پھونک ماری کہ یااللہ کولر چلے ہی نہ ۔۔۔ آخر کار بھائی نے کولر ٹھیک کرلیا اور کولر بالکل ٹھیک چل گیا۔ میں نے کہا یہ کیا ہوگیا؟ اب ہوا یہ کہ کولر تو صحیح چل گیامگر آپ یقین کریں کولر وہیں کا وہیں پڑا ہے۔ کوئی اس کو وہاں سے ہلا نہیں سکا۔ چھوٹی عید آئی گزر گئی‘ بڑی آئی گزر گئی اور اب سردی آرہی ہے کولر کی ضرورت ہی نہیں رہی۔
ہم نے سرگودھا سلائی کیلئے دس عدد سوٹ بھیجے(مردانہ)‘ وہ ہم نے بس میں بک کروائے تھے اب جتنا ٹائم سرگودھا جانے میں لگتا ہے اس سےکافی زیادہ وقت ہوگیا وہ سوٹ نہیں پہنچے۔ ہم پریشان کہ ہزاروں کے سوٹ ہیں۔ میں اور امی کہتے تھے کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ سوٹ ادھر اُدھر ہوجائیں کیونکہ ہم نے ان کے اوپر سات مرتبہ’’ کہف‘‘ پڑھا تھا۔ ہم نے سوٹ اپنے بھائی کے پاس بھیجے تھے وہ فون پر کہہ رہے تھے کہ سوٹ ابھی تک نہیں پہنچے۔ پھر کافی دیر کے بعد پتہ چلا کہ گاڑی کا کوئی شاید مسئلہ بن گیا تھا اس لیے سوٹ دیر سے پہنچے ۔ کچھ ہی گھنٹوں بعد سوٹ بخیرو عافیت بھائی تک پہنچ گئے۔
یاقہار اور بوڑھی چڑیل
(محمدعباس‘ بھکر)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ رب العزت آپ کو صحت‘ تندرستی سے رکھے۔ ہم آپ کے رسالہ عبقری کے جنوری 2011ء سے قاری ہیں‘ جتنا آپ کے رسالے میں چاشنی ہے شاید ہی دنیا کے کسی اور رسالہ میں ہو۔ ہر مہینے کے شروع میں بڑی شدت سے عبقری کا انتظار رہتا ہے جب مل جاتا ہے تو جان میں جان آجاتی ہے۔
محترم حکیم صاحب! ہم عرصہ 18 سال سے جادو کی لپیٹ میں ہیں‘ کتنی بار دل میں تمنا پیدا ہوئی کہ محترم حکیم صاحب سے بذریعہ خط ملاقات ہوجائے لیکن دل و دماغ خیالات میں گم ہوجاتے‘ آج اللہ پاک نے توفیق عطا کی کہ قلم اٹھانے کی ہمت ہوئی (الحمدللہ)۔ حضرت جی ہماری شادی کو تقریباً 18 سال ہوچکے ہیں لیکن ان ظالم جنات نے ہم کو ناکوں چنے چبوائے‘ پھر ہم مختلف عاملوں کے ہتھے چڑھے رہے لیکن پیسے کے نقصان کے علاوہ کچھ بھی حاصل نہ ہوا۔ ابھی آپ کے رسالہ ماہ جون 2013ء میں علامہ لاہوتی پراسراری دامت برکاتہم کے بیان کردہ اعمال ’’ یَاقَھَّارُ‘‘ کو ہم دونوں میاں بیوی نے ماہ رمضان میں شروع کیا۔ بندہ ناچیز صبح و شام گیارہ سو مرتبہ اور بعد نماز ظہر پانی میں پاؤں رکھ کر پہلے گیارہ سو مرتبہ لیکن اب تقریباً چار پانچ دن ہوئے کہ میں نےپندرہ سو مرتبہ پڑھنا شروع کردیا اور میری اہلیہ نے صرف رات کو گیارہ سو مرتبہ اور بعدازنماز ظہر گیارہ سو مرتبہ پانی میں پاؤں رکھ کر شروع کیا ہوا ہے۔ ایک رات میری بیوی کہنے لگی کہ دو عورتیں ہیں ان میں سےا یک بوڑھی ہے جو چیخ چیخ کر کہہ رہی ہے اسے مت پڑھو اور اس کے ساتھ دوسری عورت جو ذرا جوان سی ہے وہ کہہ رہی ہے کہ مت پڑھو ہم جلد چلے جائیں گے‘ چلے جائیں گے۔
لیکن لگتا ہے کہ وہ ابھی تک موجود ہیں کیونکہ میری بیوی کا ایک آدھ روٹی کھاتے ہی دانتوں میں درد شروع ہوجاتا ہے‘ کھانا جہاں ہوتا ہے وہیں رہ جاتا ہے‘ درد کی ترتیب یہ ہے کہ اوپر نیچے آدھے دانتوں میں کبھی داہنی طرف اور کبھی بائیں طرف درد شروع ہوجاتا ہے اور درد بھی ایسا کہ برداشت سے باہر تو پھر میں  یَاقَھَّارُ کا ذکر بلند آواز سے شروع کردیتا ہوں اور  یَاقَھَّارُ والے تعویذ کے پانی سے چھینٹے مارتا ہوں تو پھر کافی فرق پڑجاتا ہے۔ الحمدللہ  یَاقَھَّارُ کا ذکر جاری ہے۔
یاقہار نے ناامیدی کو امید میں بدل دیا
(شہناز ذکی‘ لاہور)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! سمجھ میں نہیں آرہا کہ میں کیسے بات شروع کروں‘ میں کسی عالم دین کی تلاش میں آزمائش پر آزمائش کرتے کرتے مایوسیوں کے اندھیروں میں بھٹک رہی تھی کہ عبقری رسالہ کے ذریعے  یَاقَھَّارُ کا وظیفہ اور موتی مسجد کے نوافل پڑھنےسے جو مجھے روحانی خوشی اور کامیابی کی ہلکی سی کرن نے میری مایوسیوں کوکامیابی کی امید میں بدل دیا۔ میری آنکھوں کے سامنے ہروقت ایک باریش‘ عمررسیدہ سی ایک ایسی ہستی رہنے لگی جو مجھے میری دنیا و آخرت کی کامیابی سے ہمکنار کرسکتی تھی‘ اللہ تعالیٰ نے عبقری کو سبب بنادیا۔ مگر جب آپ کا درس سنا اور آپ کا دیدار کیا تو میں حیران رہ گئی۔۔۔! آپ تو میرے بچوں کے ہم عمر لگے۔ سبحان اللہ! اتنی کم عمری میں اللہ تعالیٰ نے آپ کو دکھیوں کے دکھوں کا مداوا بنادیا۔ سبحان اللہ!
پہلے میں اپنا واقعہ سناتی ہوں۔ عرصہ ایک سال سے مجھے ہارٹ پرابلم ہوا‘ مگر علاج چلتا رہا۔ چھ ماہ بعد مجھے تکلیف ہوئی‘ پنجاب کارڈیالوجی سنٹر میں داخل ہوئی تو ڈاکٹر نے شبہ ظاہر کیا کہ مجھے یقیناً ہارٹ اٹیک آیا ہے۔ میں مالی مسائل کی وجہ سے اپنا علاج یعنی آپریشن کروانا نہیں چاہتی تھی۔ مگر گھر والے بضد تھے کہ وہ مل کر سب سنبھال لیں گے مگر میں کسی طرح کسی بہن‘ بھائی کی مدد نہیں چاہتی تھی۔ بڑی ہی پریشان تھی کہ عبقری رسالہ میں علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا دیا ہوا وظیفہ  یَاقَھَّارُ کھلاپڑھنا شروع کردیا اور ایک ہی لگن تھی کہ یااللہ تو میرے پیر صاحب کو بھی ملا دے۔ پھر موتی مسجد کو ڈھونڈا اور دو نفل پڑھ کراِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ  والا وظیفہ بھی پڑھا۔ تھک کر میں نڈھال ہوگئی اور مختصر دعا کے بعد میں گھر لوٹ آئی۔ دو دن میں خوب وظیفہ پڑھتی رہی۔ پھر ہسپتال داخل ہوئی‘ گھر والے دعائیں کررہے تھے۔ انجیوگرافی ہوئی تو ڈاکٹر پریشان ہوگئے کہ تجھے ایسی کوئی پرابلم نہیں تھی جس کا وہ شبہ کررہے تھے۔ سب حیران رہ گئے کہ شہناز کا وظیفہ قبول ہوا۔ پھر میں نے عبقری دواخانہ ڈھونڈا اور آپ تک پہنچی۔
سورۂ و الضحیٰ کا فیض
(سہیل احمد سلفی‘ لاہور)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!بندہ عرصہ ایک سال سے عبقری کا قاری ہے‘ فیکٹری میں ملازم ہوں‘ ایک مرتبہ کسی ملازم کو بس اڈے پر چھوڑنے کیلئے گیا تو وہاں عبقری ملا اٹھا کر پڑھا تو پڑھتے ہی عبقری کاپرستار بن گیا۔ بندہ کی فطرت میں خدمت خلق کوٹ کوٹ کربھرا ہے۔ بندہ نے فیکٹری میں مبلغ 8000 روپے کا فنڈ رکھا ہوا ہے‘ مزدوروں کو ادھار دیتا ہے کسی کو پانچ سو‘ کسی کو چار سو وغیرہ اور دعائیں لیتا ہے۔ بندہ نے مکان کا بیعانہ دے رکھا تھا‘ ڈیڑھ لاکھ روپے کم تھے‘ کئی لوگوں سے ادھار لینے کی بات کی لیکن کوئی بھی راضی نہ تھا مجھے ڈر تھا کہ میرے بیعانہ کی رقم بھی نہ ڈوب جائے۔ پھر میں نے عبقری رسالہ میں ’’جنات کے پیدائشی دوست‘‘ کالم میں  وَلَسَوْفَ یُعْطِیْکَ رَبُّکَ فَتَرْضٰی﴿والضحیٰ۵﴾ سارا دن کھلا پڑھا۔ وظیفہ کی برکت سے ان لوگوں نے روپے ادھار دے دئیے جو پہلے انکار کرچکے تھے۔ مختلف کتابوں اور عبقری کے نسخہ جات بنا کر مناسب قیمت پر دے رہا ہوں‘ اللہ شفا دے رہا ہے۔ مثلاً جوڑ درد کیلئے سونٹھ‘ ریوند چینی‘ میٹھا سوڈا ہموزن ایک چمچ صبح و شام بنا کر لوگوں کو دے رہا ہوں اللہ نے شفا دی۔
موتی مسجد میں بزرگ نظر آئے
(محمد عمران)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!میں عبقری رسالے کا تقریباً دو سال سے مسلسل قاری ہوں۔محترم حکیم صاحب! پچھلے تین سالوں سے مشکلات میں مسلسل گھرا ہوا ہوں۔ گزارش یہ ہے کہ میرا ایک بچہ پہلے اللہ کو پیارا ہوچکا ہے اب یہ میرا دوسرا بچہ محمد آنش ہے جس کو ہر ڈاکٹر ایک علیحدہ مرض تشخیص کررہا ہے کوئی ڈاکٹر گردوں کا مسئلہ کہتا ہے کوئی گردوں کی نالی میں مسئلہ بتاتا ہے‘ ہر جگہ دعا بھی کروائی ہے کسی مرض کی تشخیص نہیں ہورہی۔ میں نے عبقری رسالہ میں علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کے کالم میں موتی مسجد کاعمل پڑھا میں نے وہاں جاکر دو نفل حاجت پڑھ کر اللہ سے دعا مانگی‘ رو روکر اللہ سے التجائیں کیں۔ موتی مسجد میں جانے سے پہلے جب بھی میں سوتا میرے سرہانے ہروقت ایک عورت کھڑی رہتی تھی مگر جب سے موتی مسجد میں نوافل ادا کیے ہیں وہ عورت اب میرے سرہانے کھڑی نہیں ہوتی اور ایک نہایت نورانی بزرگ ظاہر ہوئے ہیں۔ جب سے وہ ظاہر ہوئے ہیں میرا بیٹابہتر ہورہا ہے اور مجھے امید ہے کہ اب میرا بیٹا ٹھیک ہوجائے گا ۔
موتی مسجد میں ملا روحانی سکون
(صبیحہ یاسمین‘ گوجرانوالہ)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میں تقربیاً اڑھائی سال سے رسالہ عبقری پڑھ رہی ہوں اور میرا دل کرتا ہے کہ میں دنیا کے تمام کاموں کو چھوڑ کر بس رسالہ ہی پڑھتی رہوں‘ میرا اس دنیا میں کوئی بھی نہیں ہے اور اسی رسالے کو پڑھنے سے مجھے میرے رشتے ملے‘ جو مجھ سے کہیں گم ہوچکے تھے۔ میرا ایک ہی بیٹا ہے جو قرآن پاک حفظ کررہا ہے۔ وہ ایک دفعہ اچانک ہی کھیلتے کھیلتے بیمار ہوگیا تھا‘ اسے عجیب سا دورہ پڑا اور اسے جھٹکے لگنے شروع ہوگئے تھے‘ منہ میں سے جھاگ نکلنا شروع ہوگئی تھی‘ اس کا چیک اپ بھی کروایا تھا لیکن رپورٹس بالکل ٹھیک آئی ہیں۔ اس کے بعد سے بیمار تو نہیں ہوا لیکن آئے دن سر‘کمر میں درد رہتا ہے۔ کوئی کہتا ہے کہ حفظ کرنے کی وجہ سے چیزیں تنگ کرتی ہیں‘ کوئی کچھ کہتا ہے اور کوئی کچھ۔۔۔! نہ جانے اسے کیا ہے؟ میں نے جب رسالے میں ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ مضمون میں موتی مسجد کے بارے میں پڑھا تو اپنے بیٹے کی صحت یابی کیلئے گئی اور وہاں جاکر نوافل ادا کیے اور جس مسجد کی چھت نہیں ہے وہاں بھی نوافل ادا کیے اور پھر نماز ظہر بھی ادا کی‘ وہاں جاکر بہت سکون اور دل میں سہارا ملا‘ واپس آنے کو دل نہیں چاہتا تھا جب وہاں سے واپس آئی تو ایک دن چھوڑ کر اگلی رات خواب میں دیکھتی ہوں کہ موتی مسجد کی نورانی چیزیں ہیں جو مجھے بار بار تنگ کررہی ہیں کہ اور کہہ رہی ہیں کہ نماز ادا کرو جب یَوْمَ یَقُوْمُ الْحِسَابُ پر پہنچتی ہوں تو وہ مجھے گھوما دیتی ہیں کہ دوبارہ نماز ادا کرو اور التحیات میں کھڑی ہوکر ہی پڑھ رہی ہوں اور جب ان کو پکڑنے کی کوشش کرتی ہوں تو وہ نرم ہوتے ہیں اور ہاتھ سے نکل جاتے ہیں‘ کبھی وہ میرے آگے ہوتےہیں اور میں پیچھے اور کبھی میں آگے اور وہ پیچھے لیکن وہ پکڑے نہیں جاتے۔ ایک اور بات کہ جس دن مجھے موتی مسجد جانا تھا تو اسی رات میں خدا کے خوف سے ڈرتی رہی کہ وہاں خدا کے گھر میں اُس کے حضور کس طرح پیش ہونگی۔میں علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی کہ ان کے موتی مسجد کے عمل کی وجہ سے مجھے اس قدر روحانی سکون ملا۔ الحمدللہ میرے بیٹے کی طبیعت بھی اب پہلے سے کافی بہتر ہے۔
فیض پیدائشی دوست
(ناہید سلیم)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ رب العزت آپ کے درجات بلند کرے‘ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ جس نے مجھے آپ جیسے انسان سے ملا دیا۔ اللہ تعالیٰ عبقری کو تاقیامت سلامت رکھے‘ اس کے دشمن بھی اس کےد وست بن جائیں اور یہ رسالہ سدا کارخیر کا ذریعہ بنا رہے۔ خاص طور پر علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کو اتنا اچھا سلسلہ چلانے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ میں دل سے ان کی عقیدت مند ہوں‘ عبقری کے ساتھ ساتھ ہر انسان و جنات پر اللہ اپنی برکات نازل فرمائے۔ میرے کچھ تجربات و مشاہدات ہیں جو میں نے عبقری اور علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کے مضمون سے حاصل کرکے لوگوں پر آزمائے اور کامیاب رزلٹ ملے۔ایک یتیم لڑکی کا رشتہ نہیں ہورہا تھا اس کو میں نے ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں سے سورۂ اخلاص کا وظیفہ پڑھ کر بتایا کہ سورۂ اخلاص کو ہر وقت کھلا پڑھو اور اس کےعلاوہ عشاء کے بعد 111 مرتبہ اور جمعہ کے دن جمعہ کی نماز کےبعد سنتیں مکمل کرکے ہزاروں کی تعداد میں یَااَحَدُ یَاحَفِیْظُ یَاوَدُوْدُ  پڑھنے کو کہا۔ اس نے ایسا ہی کیا اللہ کا کرم ہوگیا اور تقریباً تین ماہ بعد اس کا اتنا اچھا رشتہ طے ہوگیا ہے۔ یہ سب حضرت حکیم صاحب اور علامہ لاہوتی پراسراری کی نظر کرم کی وجہ ہے۔ وہ بچی اتنی دعائیں دے رہی ہے۔ اصل دعاؤں کے حق دار تو حکیم صاحب اور علامہ لاہوتی پراسراری صاحب ہیں۔ایک لڑکی امید سے تھی‘ میں نے تیسرے مہینے اس کو درود شریف کے ساتھ یَامُصَوِّرُ اور اپنے خاوند کے ساتھ دعا کرنے کو کہا کہ بچے کا نام ’’محمد‘‘ رکھیے گا۔ اللہ کا شکر ہے کہ اس کے گھر بیٹا پیدا ہوا اور انہوں نے اس کا نام ’’محمد‘‘ رکھا۔میں نے ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں سے یَاقَھَّارُکا وظیفہ پڑھ کر اپنی سہیلی کو یہ وظیفہ بتایا۔ اس پر جادو تھا‘ اس نے صبح و شام گیارہ گیارہ سو مرتبہ یَاقَھَّارُ پڑھا۔یہ پڑھنے کے بعد اس کا جسم بالکل ہلکا پھلکا ہوگیا۔ اس کی جسمانی اور ذہنی آسودگی ہوئی ہے۔ میری بیٹی عزہ جس کی عمر 15 سال ہے۔ نویں کلاس کے اچھے رزلٹ آنے کیلئے ہروقت یَارَحْمٰنُ مدد پڑھتی رہی اور سورۂ الم نشرح اور یَاحَسِیْبُ بھی ساتھ پڑھتی رہی۔ اللہ کا شکر ہے اس کا رزلٹ بہت اچھا آیا ہے۔ علامہ لاہوتی پراسراری کے نام: جناب اللہ آپ کی عمر دراز کرے‘ آپ نے غریب لوگوں ‘ گنہگار لوگوں کو اللہ کے ذکر پر لگایا‘ اس کی مخلوق جنات کے بارے میں جو غلط فہمی تھی ختم کرکے ان کیلئے بھی دعا کرنے کو دل چاہتاہے۔ اللہ کی نیک مخلوق کے بارے میں بتایا‘ موتی مسجد کے نوافل بتائے ورنہ ہم کب اتنی مقدس جگہ پر جاسکتے تھے۔ پہلے سیر کرنے جاتے تھے اب نفل کا ثواب لینے جاتے ہیں۔ اللہ کی نیک مخلوق سے دعا کروانے جاتے ہیں۔ اللہ ہم سب کو نیک ہدایت نصیب فرمائے اور ہماری تمام مشکلات دین و دنیا کی حل کردے۔ آمین!۔

Ubqari Magazine Rated 5 / 5 based on 887 reviews.