Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

میں نے’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ سے کیا فیض پایا...؟ حصہ4

ماہنامہ عبقری - جولائی 2014ء

صحابی بابا نے ہمت بندھائی
(پوشیدہ)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!میں عبقری رسالہ پچھلے ایک سال سے مسلسل پڑھ رہی ہوں۔میں مشکلات کی دلدل میں دن بدن دھنستی جارہی تھی‘ عبقری میرےلیے امید کی ایک کرن ثابت ہوا۔خاص طور پر علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں موجود وظیفہ یَاقَھَّارُ نے میری بہت سی پریشانیاں حل کی ہیں۔میں ہر طرف سے اتنا پریشان تھی کہ دل چاہتا تھا کہ خودکشی کرلوں‘ میری زندگی میں سکون نام کی چیز آئی ہی نہیں۔ ایک دن میں یَاقَھَّارُ پڑھتے پڑھتے سوگئی تو میرے خواب میں صحابی بابا تشریف لائے انہوں نے کہا کہ بائیں آنکھ بند کرکے ایک آنکھ سے دیکھو تمہیں پتہ چلے گا کہ تمہارے ساتھ کوئی طاقت ہے تم اکیلی نہیں ہو۔ الحمدللہ! اُس دن کے بعد مجھے واقعی پتہ چلتا ہے کہ میرے ساتھ کوئی ہے۔ اب میں پرسکون رہتی ہوں۔
 بے سکونی سکون میں بدل گئی
(ج،ر)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!ہم پریشانیوں میں گھرے ہوئے تھے‘ گھر میں عجب بے سکونی تھی‘ ہر وقت لڑائی جھگڑے‘ گھر سے کئی دفعہ میں نے خود تعویذات اٹھائے۔ گھر میں جاؤں تو دل نہیں لگتا‘ دل کرتا ہے اس گھر سے کہیں دور بھاگ جاؤں جب گھر سے باہر کسی کے گھر مہمان جاؤں تو دل میں بہت خوشی سی محسوس ہوتی ہے مگر جیسے ہی اپنے گھر جائیں تو اُسی وقت لڑائی جھگڑا شروع ہوجائے گا۔ میری والدہ کو تو اب با ت بات پر غصہ آتا۔ پھر مجھے کسی نے عبقری دیا‘ میں نے پڑھا مجھے امید کی کرن نظر آئی۔ اس میں علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں یَاقَھَّارُ کا وظیفہ پڑھا تو میں نے یہ وظیفہ اپنی والدہ کو بتایا‘ میری والدہ نےیَاقَھَّارُ کا وظیفہ پڑھنا شروع کیا۔ ابھی میں نے اور میری والدہ صرف دس دن ہی یَاقَھَّارُ کا وظیفہ کیا تھا کہ ہمارے دلوں میں جو بے سکونی تھی وہ بالکل ختم ہوگئی اور گھر میں عجب سکون سا ہوگیا۔ میری والدہ اب جتنی دعائیں آپ کو اور علامہ صاحب کو دیتی ہیں یہ اللہ تعالیٰ  بہتر جانتے ہیں یا میں۔۔۔!
فی سم الخیاط کا مراقبہ
(سعد اللہ خان قادری)
محترم علامہ لاہوتی پراسراری صاحب السلام علیکم! میں اپنے بچپن کے دوست کے گھر گیا تو انہوںنے میرا تعارف عبقری سے کروایا‘ میں نے پہلی مرتبہ دوست کے گھر ماہنامہ عبقری مئی 2010ء کا رسالہ پڑھا اور پھر میں نے پچھلے تمام رسالے پڑھے۔ آپ کی سلسلہ وار آپ بیتی کی تمام اقساط پڑھیں‘ بہت فائدہ ہوا۔ عبقری کا ہر ماہ شد ت سے انتظار رہتا ہے۔ جب پڑھ لیتا ہوں سکون سا آجاتا ہے۔ علامہ صاحب اس سلسلے میں میں کچھ لکھنا چاہتا ہوں علامہ لاہوتی حزب البحر کے عالم آپ کی سلسلہ وار آپ بیتی قسط نمبر 16 سے کچھ نام میں نے لیے ہیں جیسا کہ صحابی بابا‘حاجی صاحب اور باورچی جن بابا‘ حضرت احمدعلی لاہوری صاحب ؒ۔ آپ نے لکھا ہے کہ سرکش جن مکلی کی جیل سے نکل کر سیدھا سمندر کی طرف گیا ہے اور سمندر کی گہری تہہ میں بیٹھا ہوا ہے اس کو تلاش کیسے کیا جائے‘ آپ نے لکھا ہے کہ حضرت سلیمان کا ورد جو انہوں نے مجھے حالت مراقبہ میں بتایا تھا۔ میں محرم کی 8 تاریخ کو صبح فجر کی نماز کے بعد مراقبے میں بیٹھا اور یہی مراقبہ آپ نے عبقری میں لکھا تھا۔فِیْ سَمِّ الْخِیَاطِ (اعراف40)جب پڑھاتو پڑھتا ہی چلا گیا۔ مراقبے کی حالت میں رب العالمین نے مجھے وہی زمین دکھائی جو مکلی کی زمین وہ علاقہ دیکھا‘ مراقبہ ختم کیا تو میں نے رب العالمین کا شکر ادا کیا اور مجھے بہت خوشی ہوئی۔ محترم کی 9 تاریخ کو حضرت عبداللہ شاہ اصحابی بابا رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کےمزار پر بیٹھ کر مراقبہفِیْ سَمِّ الْخِیَاطِ (اعراف40) کیا۔
تو مجھے بہت انوارات ملے۔ مراقبہ ختم کرکے باہر نکلا تو کھانے پینے کی فکر تھی اچانک کچھ دور ایک آدمی نے آواز دے کر بلایا اور بٹھا لیا۔ دل میں سوچا کہ میں کھانا کہاں اور کیسے کھاؤں؟ اچانک اس آدمی کی چھوٹی سی بیٹی‘ چھوٹے سے تھیلے میں کھانا لے آئی جب اس آدمی نے وہ کھانا بڑے سے تھال میں ڈالا تو وہ اُوپر تک بھر گیا۔ کہنے لگا کہ آپ کھاؤ۔ میں نے جب کھانا شروع کیا تو وہ مجھے دیکھتا کا دیکھتا رہ گیا۔ بات یہ ہے کہ تھوڑے سے کھانے سے تھال کیسے بھر گیا۔ یہ رب العالمین کی مہربانی تھی۔ کھانا کھانے کے بعدپھر ایک اور درویش کی تربت پر حاضر ہوا اور یہی مراقبہ کیا وہاں سے بھی مجھے بہت فیوض و برکات نصیب ہوئیں۔ میرا دل نہیں کررہا تھا کہ وہاں سے واپس آؤں۔ اس خوشی میں ساری رات جاگتا رہا۔
نماز میں سرور
(پوشیدہ)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ تعالیٰ آپ کو تندرستی‘ صحت اور سلامتی دے‘ ایسا ایمان دے جو کبھی بھی اپنی جگہ سے نہ ٹلے اور مدینہ طیبہ کی مٹی آپ کا مقدر بنے۔ آمین۔ آپ کے مرشد اور آپ کے والدین کی قبروں کو اللہ نور سے بھر دے۔ آپ کی نسلیں تاقیامت متقین کی امام بنتی رہیں۔ میرے بھائی بیٹے جو جہاں جہاں سے ‘ جس جس طریقے سے عبقری اور تسبیح خانہ کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں کریم قیامت کے دن ان کو بغیر حساب کتاب کے جنت الفردوس میں داخل کردے۔ محترم حکیم صاحب! اللہ آپ کو اتنی جزائے خیر دے جتنی اس کی عطاؤں کی حد نہیں ہے۔ آمین ثم آمین۔میں عبقری رسالہ کی شروع سے قاری ہوں۔ خاص طور پرعلامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں بڑے شوق سے پڑھتی ہوں۔ اس میں موجود موتی مسجد کا عمل پڑھ کر میں موتی مسجدمیں نوافل ادا کرنے گئی۔ نفل پڑھنے کے بعد محسوس ہوا جیسے ہی میں گھر واپس داخل ہوئی تو جسم پر پانی کے قطرے گرنے شروع ہوگئے جسے پھوار محسوس ہوتی ہے۔یہ عمل کرنےکے دوران یعنی نوافل کے دواران بھی مجھ پر پھوار گرتی رہی۔الحمد للہ تب سے طبیعت بہت ہلکی پھلکی محسوس ہوتی ہے نماز میں بہت سرور ملتا ہے۔
یَاقَھَّارُسے روزگار ملا
(والدہ محمد زین)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!میرے شوہر نے مجھے کہیں سے عبقری رسالہ لاکر دیا‘ اللہ آپ کو دن دگنی رات چوگنی ترقی دے‘ ہم سب آپ کیلئے بہت دعا کرتے ہیں۔ محترم حکیم صاحب !میرے شوہر بے روزگار تھے جس کی وجہ سے ہم سب بہت پریشان تھے‘آپ کے رسالہ میں علامہ لاہوتی صاحب کے مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں سے یَاقَھَّارُ کا وظیفہ میں اور میرے شوہر نے کھلاپڑھا۔ اللہ نے ان کو بہترین روزگار عطا کیا ہے۔
یَاقَھَّارُ کا فیض
(پ،ج)
محترم علامہ لاہوتی صاحب السلام علیکم! اللہ تعالیٰ آپ کی زندگی میں برکتیں عطا فرمائے اور امت کو آپ جیسے محسن سے ہمیشہ مستفید فرمائے۔ آمین!میں آپ کا مضمون عبقری میں شروع سے پڑھ رہا ہوں۔ ہر دفعہ بے چینی لگتی رہتی ہے کہ کب اس ماہ کا مضمون آئے گا اور میں پڑھوں گا۔ بہت مزہ آتا ہے اور رہنمائی ملتی ہے اور زبردست قسم کے وظائف  ملتے ہیں جو کہ اس آسانی کے ساتھ اس دور میں ملنے مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہیں۔ میں نے آپ کے مضمون میں سے دیکھ کر بہت سے اعمال کیے لیکن مجھے یَاقَھَّارُ سے بہت فائدہ ہوا ہے۔میں نے یہ وظیفہ صبح و شام گیارہ گیارہ سو مرتبہ اول و آخر گیارہ مرتبہ درود کے ساتھ پڑھا۔ میری معاشی حالت بہت خراب تھی جو کہ یَاقَھَّارُ کے عمل کی وجہ سے دن بدن بہتر ہورہی ہے۔
یَاقَھَّارُ پڑھیں جلد شادی کروائیں
(مسزغزالہ ریحان‘ لاہور)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!امید ہے کہ بفضل اللہ تعالیٰ بخیریت ہوں گے‘ اللہ تعالیٰ آپ جیسے نیک بزرگوں کا سایہ ہمارے سروں پر ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔ میں عبقری میگزین میں ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ بہت ذوق و شوق سے پڑھتی ہوں۔ میگزین کا مجھے ہر مہینے بہت شدت سے انتظار رہتا ہے اور اس میں آپ کے بتائے وظائف بھی پرھتی ہوں۔ ان سے مجھے بہت فائدہ ہوتا ہے بلکہ میری کزن کی شادی نہیں ہورہی تھی اس نے یَاقَھَّارُ کا وظیفہ پڑھا۔اسں نے یہ وظیفہ صبح و شام گیارہ گیارہ سو مرتبہ اول و آخر گیارہ مرتبہ درود کے ساتھ پڑھا۔ اس کی شادی بہت جلدی اور اچھی جگہ ہوگئی اور آج کل وہ دبئی میں اپنے شوہر کے ساتھ ہوتی ہے۔
بیماری سے شفاء
(محمد جاوید اختر‘ راولپنڈی)
محترم جناب حکیم صاحب السلام علیکم!اچند ماہ سے عبقری پڑھنا شروع کیا ہے‘ بے حد مفید ہے‘ آپ نے جو سلسلہ شروع کیا ہے اس سے بہت سے لوگوں کو جسمانی اور روحانی فوائد مل رہے ہیں۔ اللہ آپ کو اس کوشش کا اجر دونوں جہانوں میں عطا فرمائے۔ آمین!میرا مسئلہ یہ تھا کہ میری ناک سےہر وقت خون بہتا رہتا تھا جس کی وجہ سے میں بہت پریشان تھا اور دن بدن کمزور ہوتا جارہا تھا‘ بہت علاج کرائے مگر فرق نہیں پڑا۔ آپ کے رسالے میں موجود علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ کا وظیفہ یَاقَھَّارُ میں نے پڑھنا شروع کیا صبح و شام گیارہ گیارہ تسبیح پڑھتا اور باقی سارا دن کھلا پڑھتا رہتا۔ الحمدللہ !جس دن سے یہ پڑھنا شروع کیا ہے میری ناک سے خون آنا بند ہوگیا ہے۔
صحابی بابا سے ملاقات
(ش،غ۔حسن ابدال)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ تعالیٰ آپ کی عمر میں مال و دولت میں‘ اولاد میں‘ صحت و عزت میں تاقیامت برکتیں جاری رکھے اور اللہ تعالیٰ آپ کا سایہ اور دست شفقت میرے شوہر اور میرے بیٹے اور ہماری تمام اولاد پر ہمیشہ ہمیشہ قائم و سلامت رکھے اور اللہ تعالیٰ آپ کی برکتوں سے ہمیں مستفید ہونےا ور آپ کی نسبت سے جڑے رہنے کی بابرکت سعادت ہمیشہ قائم رکھے۔ محترم حکیم صاحب! عبقری رسالہ نے میری زندگی میں بہت آسانیاں پیدا کردی ہیں۔ میری بہت سی پریشانیاں ختم ہوگئی ہیں‘ عبقری میرے لیے کڑکتی دھوپ میں ٹھنڈی چھاؤں ہے۔ خاص طور پر علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کے مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ نے تو مجھے نئی زندگی دی ہے۔ اس میں موجود وظائف میں کرتی رہتی ہوں اور ان کا ثواب صحابی بابا کو ہدیہ کرتی ہوں۔ میری اکثر صحابی بابا سے ملاقات ہوتی رہتی ہے۔ میری ان سے بات اس طرح ہوتی ہے کہ آنکھیں بند کرتی ہوں تو سامنے دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے ایک دفعہ مجھے فرمایا تھا کہ تم مجھے بیٹیوں کی طرح عزیز ہو اور جب بھی کوئی پریشانی ہو تین دفعہ آیۃ الکرسی پڑھ کر اپنے دائیں کندھے پر پھونک مارنا میں جہاں بھی ہوا تم سے بات کرلوں گا۔ محترم حکیم صاحب! انہوں نے مجھے بہت تسلی دی اور ہمیشہ تاکید کرتے رہے کہ تم صرف بیعت کی تسبیحات صبح و شام پابندی سے پڑھتی رہو تو تمہارا رابطہ تمہارے مرشد سے روحانی طور پر مضبوط رہے گا اور اللہ کی مدد ساتھ رہے گی۔ صحابی بابا نے یہ بھی فرمایا تھا کہ تمہارا دل جتنا صاف ہے تمہاری نیت جتنی خالص ہے تم دیکھنا اللہ کی مدد اتنی ہی تمہارے ساتھ رہے گی اور تمہیں تمہارا حق مل کر رہے گا اور میرے محترم آپ کی دعاؤں اور صحابی بابا کی توجہ و مہربانی سے اللہ تعالیٰ نے مجھے میرے شوہر کو واپس دے دیا ہے۔
کالے جادو سے نجات
(پوشیدہ)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! تقریباً ایک سال سے میں باقاعدگی سے عبقری سے وابستہ ہوں۔ عبقری میں موجود علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ مجھے بہت پسند ہے۔ محترم حکیم صاحب! ہم پرکسی نے جادو کیا ہوا ہے‘ ہمارے گھر ہر روز خون کے چھینٹے گرتے ہیں جس کی وجہ سے ہم بہت پریشان ہیں۔ میں نے ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں موجود یَاقَھَّارُ کا وظیفہ اس مقصد کیلئے کرنا شروع کیا۔ صبح و شام گیارہ سو مرتبہ 91 دن کیا جس سے خون کے چھینٹوں میں سترفیصد کمی ہوگئی ہے۔ ابھی وظیفہ جاری ہے اور گھر میں بھی کافی سکون آگیا ہے‘ مشکلات بھی دن بدن کم ہوتی نظر آرہی ہیں۔ حکیم صاحب! آپ جو کارخیر کررہے ہیں اللہ آپ کو اجر عظیم عطا فرمائے۔ آمین۔ محترم حکیم صاحب! میرا نام شائع ہرگز نہ کیجئے گا۔
مشکلات کا حل
(محمد مصدق‘ اسلام آباد)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!میں رسالہ عبقری چند ماہ سے مسلسل پڑھ رہا ہوں اور اس سے بھرپور فیض اٹھا رہا ہوں۔ خاص کر علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کے مضمون ’’جنات کاپیدائشی دوست‘‘ تو ہم سب گھر والوں کو بہت پسند ہے۔ میں بہت سی مشکلات میں گھرا ہوا تھااور ان مشکلات کے حل کیلئے میں نے یَاقَھَّارُ گیارہ سو مرتبہ صبح اور گیارہ سو مرتبہ شام کو پڑھنا شروع کردیا اور سارا دن کھلا پڑھتا اور اس وجہ سے ہمارے حالات دن بدن بہتر ہونے شروع ہوگئے ہیں۔
موتی مسجد میں سجدے
(ث،خ)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! آپ کا عبقری رسالہ بڑے شوق سے پڑھتی ہوں اور آپ لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے اعمال بتاتے ہیں‘ اللہ آپ کو اس کا اجرعظیم دے گا۔ عبقری رسالے میں علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کے مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ سے میں نے موتی مسجد کا عمل پڑھا۔ میں اپنے شہر سے خصوصی طور پر موتی مسجد میں نفل ادا کرنے کیلئے بڑے شوق سے گئی۔ میں نے نماز اور اس کے بعد میں نے وہاں نوافل پڑھے تو جیسےعلامہ صاحب نے طریقہ بتایا تھا کہ اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ پر تکرارکرنی ہے تو میں نے جب ویسے کیا تو میرا سرخودبخود دائیں طرف گیا جیسے کسی نے پکڑ کر کیا ہو ‘ پھر خودبخود سیدھا کروایا گیا‘ پھر میں نے دوسری رکعت میں تکرار کی پھر ایسے ہی ہوا۔نوافل کے بعد کسی چیز نے مجھ سے تین مرتبہ سجدہ کروایا ‘ سجدہ کے بعد مجھے سبز سی کوئی چیز گول دائرے میں نظر آتی رہی پھر غائب ہوگئی۔ اس کے بعد میرے کندھوں میں درد رہا جو کہ ایک ہفتہ کے بعد ٹھیک ہوگیا۔ اس واقعہ کے بعد میرا بڑا دل کرتا کہ میں موتی مسجد میں جاؤں کیونکہ موتی مسجد میں مجھے وہ سکون ملا جو شاید پہلے کبھی نہیں ملا تھا۔ میں اس کے بعد موتی مسجد میں جا تو نہ سکی مگر میں نے گھر میں ہی موتی مسجد کا تصور کیا اور کھڑے ہوکر نوافل ادا کیے توایسے لگا مجھے کوئی آہستہ آہستہ سجدے میں لے کر جارہا ہے۔ آہستہ آہستہ میرے ہاتھ کھلتے گئے اور سجدے میں کوئی چیز مجھے لے کر گئی‘ دو تین بار میں نے ایسے ہی تصور کرکے کیا تو ایسے ہی کوئی سجدے میں لے کر جاتا ہے۔ میں جو کچھ بھی پڑھتی ہوں وہ میں صحابی بابا کو ہدیہ کرتی ہوں۔ الحمدللہ! میری بہت سی پریشانیاں ختم ہورہی ہیں۔
جلد رشتہ کیلئے
(ل۔ب)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ تعالیٰ آپ کو اور آپ کی فیملی کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔محترم حکیم صاحب ! میری کچھ ناگزیر وجوہات کی بنا پر منگنی ٹوٹ گئی ایسے لگتا تھا جیسے سب کچھ ختم ہوگیا ہے۔ پھر میرا تعارف میری دوست کی وجہ سے عبقری سے ہوا۔عبقری میں موجود وظیفوں نے تو میری زندگی ہی بدل دی‘ زندگی کا اصل مقصد مجھے اب سمجھ آنے لگا ہے۔ عبقری میں موجود علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘میں موجود موتی مسجد کا عمل پڑھا اور نوافل پڑھنے کیلئے موتی مسجد گئی۔ میرا سب سے بڑا مسئلہ رشتے کا تھا۔میں نے موتی مسجد میںنوافل ادا کرکے رو رو کر اللہ سے دعا مانگی۔ کچھ ہی دنوں کے بعد ایک ہی رشتہ پلٹ پلٹ کر آتا رہا‘ آخر مجھے اور میرے گھر والوں کولگا کہ اسی میں اللہ کی بہتری ہےاور میرا ایک بار پھر رشتہ ہوگیا۔
موتی مسجد کا عمل اور شاندار رزلٹ
(عثمان یاسر)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!میں عبقری رسالہ کافی عرصہ سے پڑھ رہا ہوں۔میں نے علامہ صاحب کے مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں موتی مسجد کا عمل پڑھا۔ میرے پیپر ہوچکے تھے اور مجھے معلوم تھا کہ کچھ خاص نہیں ہوئے۔ میں نے موتی مسجد میں جاکر نوافل ادا کیے اور اللہ سے دعا کی کہ میں بوڑد کے پیپر میں اچھے نمبروں سے پاس ہوجاؤں۔ الحمدللہ ! جب رزلٹ آیا تو میں حیران ہوگیا کہ میرے اتنے اچھے نمبرز کیسے آگئے۔ یہ سب موتی مسجد میں نوافل ادا کرنے کی برکت ہے۔
موتی مسجد نے مسائل حل کردئیے
(پوشیدہ)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میرا عبقری سے تعلق ابھی بالکل نیا ہے‘ میں اپنے شوہر کے کاروبار اور بیٹے کی بیماری کے سلسلے میں بہت پریشان تھی اورکچھ دنوں بعد میرے بیٹے کے پیپرز بھی تھے۔ میری ہمسائی نے مجھے موتی مسجد کے عمل کا بتایا اور ساتھ ایک عدد عبقری رسالہ دیا۔ میں اپنے شوہرکے ساتھ موتی مسجد میں چند دن مسلسل گئی اور نفل حاجت پڑھے اور گڑگڑا کر اللہ سے فریاد کی۔ اللہ نے میری دعا قبول فرمائی۔ اب الحمدللہ! میرا بیٹا بھی صحت یاب ہوگیا ہے اور شوہر کا کاروبار بھی کافی بہتر ہے۔ ابھی چند دن پہلے ہی میں نے موتی مسجد میں جاکر شکرانے کے نوافل پڑھے ہیں اور حسب توفیق مٹھائی بھی تقسیم کی ہے۔
بیٹے کو ملازمت مل گئی!
(ایک ماں)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میں عبقری رسالہ دو سال سے مسلسل پڑھ رہی ہوں‘ اس رسالے نے میری بہت سی مشکلات آسان کردی ہیں۔ میرا بیٹا کافی عرصہ سے بیروزگار تھا‘ لاکھ کوشش کے باوجود اسے نوکری نہ ملتی۔ میں نے علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کے مضمون میں سے موتی مسجد کا عمل پڑھا اور نوافل کی ادائیگی کیلئے موتی مسجد حاضر ہوگئی۔ میرا تعلق میرپورآزادکشمیر سے ہے‘ میں ایک لمبا سفر طے کر کے اور پورے یقین کے ساتھ موتی مسجد گئی تو اللہ پاک نے میری دعا کو قبول فرمایا۔ اللہ نے میرے بیٹے کو سرکاری ملازمت عطا کی۔ میں دوبارہ موتی مسجد گئی اور جاکر شکرانے کے نوافل ادا کیے۔
رشتوں کے مسائل ختم
(غ،ش)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میں نے اب تک صرف ایک ہی عبقری رسالہ پڑھا ہے۔ میری عبقری سے ملاقات میری ایک رشتہ دار کی وجہ سے ہوئی۔ ہم سعودی عرب میں رہائش پذیر ہیں اور آج کل پاکستان میں کچھ عرصہ کیلئے آئے ہوئے ہیں۔ ہمارے خاندان میں کافی عرصہ سے رشتوں کا مسئلہ تھا اور اس میں بہتری نظر نہیں آرہی تھی اور کافی پریشانی بھی تھی پھر مجھے میری رشتہ دار نے بتایا کہ آپ شاہی قلعہ لاہور میں موتی مسجد ہے وہاں جاکر نفل حاجت کی نیت سے پڑھیں انشاء اللہ آپ کے معاملات بہتر ہوجائیں گے اور اللہ تعالیٰ آپ کو اس پریشانی سے نجات دیں گے چنانچہ ہم نے کچھ دن موتی مسجد میں جاکر نوافل پڑھے اللہ سے مانگا۔ ہمیں یقین نہیں آیا کہ اتنی جلدی ہماری دعائیں قبول ہوئیں۔ ہمارے خاندان میں جو رشتوں کےمعاملات تھے اللہ پاک نے حل فرمادئیے‘ اب ہم واپس سعودی عرب جارہے ہیں۔ دوبارہ جب پاکستان آئیں گے تو موتی مسجد ضرور حاضر ہونگے۔
بے اولاد کو اولاد ملی!
(عرفان علی)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میں کافی عرصہ سے عبقری رسالہ کا قاری ہوں اور خاص طور پر علامہ لاہوتی پراسراری کے مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ بڑے شوق سے پڑھتا ہوں۔ میرے ایک رشتہ دار جو کہ بے اولاد تھے اور تقریباً ان کی شادی کو آٹھ سال کا عرصہ ہوچکا تھا۔ میں نے ان کو علامہ صاحب کے بتائے موتی مسجد کے عمل کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے موتی مسجد میں جاکر حاجت کے نوافل ادا کیے اور رو رو کر اللہ سے اولاد مانگی۔ آج موتی مسجد کے عمل کی برکت سے اللہ نے انہیں بیٹے سے نوازا ہے۔
موتی مسجد کا عمل اور زیارت رسولﷺ
(م۔ر۔ا)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!میں عبقری رسالہ بڑے شوق سے پڑھتی ہوں‘ـ ہر ماہ شدت سے انتظار رہتا ہے۔خاص کر علامہ لاہوتی صاحب کا کالم ’’جنات کا پیدائشی دوست‘ـــــــــــــــــــــــ‘ـ تو میں سب سے پہلے اور باربارپڑھتی ہوں۔ میں نے اسی کالم میں موتی مسجد کا عمل پڑھا۔ میں موتی مسجد میں نوافل حاجت کے ادا کرنے کیلئے گئی۔ اُسی رات کچھ جنات میرے خواب میں آئے اور انہوں نے بتایا کہ ہم موتی مسجد سے آئے ہیں اور انہوں نے مجھے دوبارہ موتی مسجد میں آـنے کی دعوت دی‘ اسی طرح مسلسل دو ماہ وہ میرے خواب میں آتےاور مجھے موتی مسجد میں آنے کی دعوت دیتے۔ پھر ایک مرتبہ خواب میں تمام جنات حضور نبی اکرم ﷺ کو ساتھ لیکر آتے ہیں۔ آپ ﷺ فرماتے ہیں کہ(م) یہ تمہیں اتنے پیار سے بلارہے ہیں تم کیوں نہیں جاتی ہو؟اس طرح موتی مسجد کے جنات نے مجھے حضور نبی اکرم ﷺ کی زیارت کروادی۔
علامہ صاحب کے نام خط
(مشتاق احمد‘ـ تلہ گنگ)
محترم جناب علامہ لاہوتی پراسراری صـاحب السلام علیکم! آپ نے جس انداز ‘سادگی اور سخاوت کے ساتھ دکھی انسانیت اور پریشان حال لوگوں کے مسائل کا حل سوچا ہے وہ انتہائی قابل تحسین اور آفرین ہے۔ روحانیت کے نام نہاد عاملوں نے جس طرح اس کو پیچیدہ بنادیا ہے کہ عام لوگ ان کے محتاج بن کر رہ گئے ہیں۔ آپ نے نہایت سادہ انداز میں بالکل آسان طریقہ سے مسائل کا حل اپنے کالم میں پیش کیا ہے۔ اللہ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائیں۔ انہی چند الفاظ میں اعتراف حقیقت کرتا ہوں۔

Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 889 reviews.