محترم حکیم صاحب السلام علیکم! عبقری اور آپ سے تعلق سے پہلے مجھے ایک شخص فقط ایک شخص کے جنونی عشق نے دین‘ دنیا‘ رشتوں اور حتیٰ کہ والدین سے بھی دور کردیا تھا‘ میں تو اس کی مجبوری سمجھ کر کہ اس کے والدین کی مرضی میرے لیے نہیں تو پیچھے ہٹ گیا اور اپنے 13 سال کے عشق کی قربانی دی‘ مگر نہ چین تھا‘ نہ سکون اور نہ ہی میری زندگی اور نہ عبادات میں برکت۔۔۔ دن رات روتا تھا‘ اکیلا رہتا تھا اور تین تین چار چار گھنٹے جہاں بیٹھا ہوں وہیں سوچوں میں گم بیٹھا رہتا تھا‘ نہ میری ملازمت ٹھیک طریقے سے چلتی تھی اور نہ ہی میں اپنی تعلیم مکمل کرسکا تھا‘ والدین بہت پریشان تھے اور اپنی جگہ میری یہ حالت دیکھ کر روتے تھے‘ اور کہتے تھےاس کی زندگی گئی‘ اب یہ برباد ہوا۔۔۔ مگر محترم حکیم صاحب اللہ آپ کو اور آپ کی نسلوں کو اس کا اجر دے کہ مجھے آپ کا رسالہ ماہنامہ عبقری ملا‘ مجھے بہت اچھا لگا اور میں اسے ہر ماہ خرید کر پڑھنے لگا۔ پچھلے سال اس میں ایک اعلان لگا کہ ’’رمضان حضرت حکیم صاحب کے ساتھ گزاریں‘‘ میں نے جب پڑھا تو دل میں خیال آیا کیوں نہ یہ رمضان حکیم صاحب کے ساتھ گزارا جائے‘ شاید میری زندگی سنور جائے۔ محترم حکیم صاحب! رمضان تسبیح خانہ میں گزار کر جب واپس گھر آیا تو میرے تمام بگڑے ہوئے حالات درست ہونا شروع ہوگئے‘ آپ کی نگاہ اور اللہ کریم کے خاص فضل سے میں جب گھر پہنچا تو میرے چہرے کے تاثرات سے ہی والدین اور دیگر خاندان کے لوگوں نے اندازہ لگالیا کہ یہ اب ٹھیک ہوگیا ہے۔ میں نے جب تسبیح خانہ کے معمولات روز و شب‘ آپ کے دروس اور عبقری کے بارے میں سب کو بتانا شروع کیا اور یقین اعظم کے ساتھ یہ کہنا شروع کردیا کہ مجھے دیکھو مجھ پر اللہ نے کتنا کرم کیا ہے‘ روحانی و جسمانی دونوں اعتبار سے شفایاب ہورہا ہوں تو سب خوش ہوئے اور مجھ سے آپ کا‘ عبقری کا‘ دروس کا پتہ لینا شروع کردیا۔۔۔!
اب الحمدللہ! میری ایک نماز بھی ضائع نہیں ہوتی‘ دو انمول خزانہ نمبر1 ہر نماز کے بعد اور دن میں ایک بار اکیس مرتبہ درودشریف اول و آخرگیارہ مرتبہ پڑھتا ہوں۔ تین تسبیحات ذکر نفی اثبات روز کرتا ہوں۔ دوانمول خزانہ نمبر دو ہروقت کھلا پڑھتا ہوں اور اس وقت تک تقریباً ایک لاکھ پانچ ہزار پڑھ لیا ہے۔ باقی تمام مسنون دعائیں اور اعمال کی پابندی کرنے کی ہرممکن کوشش کرتا ہوں اور اللہ کریم و مہربان توفیق بخشتا ہے۔۔۔ برکت والی تھیلی پر پہلے دوبار مگر اب دن میں ایک بار 129 بار سورۂ کوثر پڑھتا ہوں۔۔ کبھی خالی نہیں ہوئی۔ محترم حکیم صاحب! الحمدللہ اب میرے حالات پہلے سے بہت بہتر ہورہے ہیں میں نے آپ کا ایک وظیفہ حم لاینصرون جو کہ ہروقت کھلا پڑھنا ہے جس کسی کو بھی دیا اور وہ مجھے کچھ عرصہ کے بعد جب بھی ملا مجھے دعائیں ہی دیں۔ بہت سے لوگ دو انمول خزانہ اور حم لاینصرون سے مستفید ہورہے ہیں۔ الحمدللہ
(ابرارسرور عباسی‘ مظفرآباد)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں