Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

نفسیاتی گھریلو الجھنیں اورآزمودہ یقینی علاج

ماہنامہ عبقری - اکتوبر 2015ء

اجنبی سے لگتے ہیں: میں نے ایم اے کیا اور کالج میں پڑھانے لگی، گھر والوں کو میری شادی کی فکر ہوئی اور انجانے لوگوں میں رشتہ ہوگیا۔ شوہر مقامی کمپنی میں جاب کرتے ہیں جبکہ میں نے مکمل طور پر گھر میں رہنے کا ارادہ کرلیا ہے۔ شروع میں تو وہ بہت خوش مزاج معلوم ہوئے لیکن اب آفس سے آکر خاموش ہوجاتے ہیں۔ میں نے فون سنا تو وہ اپنی کسی پریشانی کا ذکر اپنے دوست سے کررہے ہیں۔ مجھے بہت احساس ہوا کہ بیوی بھی تو دوست ہوتی ہے، آخر مجھ سے سب کچھ چھپانے کی کیا ضرورت ہے مگر میں نے بھی ان سے بات کرنا ترک کردی۔ ہم دونوں ایک گھر میں رہتے ہوئے بھی اجنبی سے لگتے ہیں۔ (ثمن۔ راولپنڈی)
جواب: ابھی آپ کی نئی شادی ہوئی ہے، شوہر آپ کو اپنی پریشانی کے بارے میں بتاکر کسی الجھن کا شکار نہیں بنانا چاہتے ہوں گے۔ سوچیں اگر وہ ہر روز آپ سے اپنے مسائل کا رونا روتے رہیں تو آپ بیزار ہوجائیں گی۔ اگر ان کے معاملات کو سمجھنا اور انہیں اطمینان دلانا چاہتی ہیں تو بات کرنا ترک نہ کریں، اپنے رویے اورگفتگو سے یہ ثابت کریں کہ آپ ان کی اچھی دوست اور سچی ہمدرد ہیں۔ وہ کبھی کچھ کہیں گے تو آپ اطمینان سے سنیں گی۔ گھر میں جب بھی کبھی کھچائو یا تنائو کی کیفیت پیدا ہو تو ساتھ بیٹھ کر معاملات پر بات کرنی چاہیے۔ ایک دوسرے کی ذہنی حالت کا خیال کرتے ہوئے صاف، سیدھی اور پرخلوص گفتگو کرنی چاہیے۔
آنکھیں روشن ہیں : 2005ء میں آنے والے پاکستان کی تاریخ کے بدترین زلزلے میں بہت سے لوگ متاثر ہوئے تھے، ہمارے رشتہ داروں میں ایک لڑکی کی دونوں ٹانگیں ناکارہ ہوگئیں لیکن وہ ہے بہت خوبصورت، مہینوں کے علاج کے بعد اب وہ وہیل چیئر پر اپنے کام کرتی ہے۔ ایک روز میں نے اس کی ڈائری پڑھ لی اور میں اس کی تحریر سے بے حد متاثر ہوا، میں نے سوچا کیوں نہ اسے شریک زندگی بنالوں لیکن یہ بات میں اپنے گھر میں کسی سے نہیں کہہ سکتا۔ سب ناراض ہوجائیں گے کہ ایک معذور لڑکی سے شادی کیسے ممکن ہے، لیکن میں کسی اور کے بارے میں سوچتا بھی نہیں کیونکہ میں نے اس پر اپنا ارادہ ظاہر کیا تو اس کی آنکھیں امید اور خوشی سے ستاروں کی طرح چمکنے لگیں۔ اگر میں نے وعدہ پورا نہ کیا تو وہ حساس لڑکی نہ جانے کیا کر بیٹھے کیونکہ وہ تو پہلے ہی معذوری کے سبب احساس کمتری کا شکار ہے۔ (یوسف۔ مظفر آباد)
جواب: آپ نے نیک ارادہ کرلیا ہے تو اس کی تکمیل کرنی چاہیے، گھر والوں سے بات کریں، آپ کے ارادے کی مضبوطی اور مزاج کی سنجیدگی سے وہ لوگ سمجھ سکتے ہیں کہ آپ اس کے علاوہ کسی اور سے شادی کرنا نہیں چاہتے۔ یہ فیصلہ کرتے ہوئے اس بات کو ضرور مدنظر رکھیں کہ آپ خود بھی اس کی معذوری کو زندگی کی خوشیوں میں رکاوٹ نہیں سمجھیں گے۔ بہت برداشت اور کشادہ ذہن سے زندگی میں آنے والے ہر چیلنج کا سامنا کریں گے۔ اس طرح کے فیصلے وقتی اور جذباتی سہارا نہیں ہوتے بلکہ عمر بھر ساتھ نبھانا ہوتا ہے۔ اگر آپ نے اس لڑکی سے شادی کرلی اور اسے خوش رکھا تو وہ معذوری کے باعث ہونے والے احساس کمتری سے باہر آسکتی ہے اور آپ بھی لوگوں کیلئے اچھی مثال بن جائینگے۔
احساس تنہائی بھی ہے : میں نے اپنے بچوں کو ان کے بہتر مستقبل کی خاطرملک سے باہر بھیج دیا۔ ایک بیٹی تھی اس کی شادی کردی، شوہر آج کل گائوں اپنی پہلی بیوی کے پاس گئے ہوئے ہیں۔ مجھے لگتا ہے باقی عمر وہیں گزاریں گے، احساس تنہائی، محبت اور توجہ سے محرومی، بڑھاپے کی بیماری اور مالی تنگی کا احساس یا خدشہ مجھے ہر وقت تنگ کرتا ہے۔ صحت مند رہ کر بھی بیماروں جیسی زندگی گزار رہی ہوں جبکہ بچے دور رہ کر بھی میرا خیال رکھتے ہیں مگر میں ہر دن خود کو پہلے سے زیادہ کمزور محسوس کرنے لگی ہوں۔ (نسیم سحر۔ سیالکوٹ)
جواب: خود کو کمزور محسوس کرنے والے کمزور ہونے لگتے ہیں جبکہ بیمار لوگ بھی خودکو بہتر محسوس کریں تو ان کی صحت میں بہتری آنے لگتی ہے۔ آپ تو ٹھیک ہیں، بچوں کے مستقبل کے فیصلے آپ کی مرضی سے ہوئے، لہٰذا ان پر اطمینان ہونا چاہیے۔ وہ آپ کا خیال رکھتے ہیں، یہ بات اور زیادہ خوشی کی ہے۔ آپ کا بڑا مسئلہ تنہائی ہے، اگر اچھے عزیز و اقارب اور دوست خواتین سے ملنا شروع کردیں تو یہ مسئلہ بھی نہ رہے گا۔ اچھی زندگی گزارنے میں اچھے مشاغل بہت مدد گار ہوتے ہیں۔ آپ اچھی کتابیں پڑھیں، اپنے بچوں کو خط لکھیں حالانکہ اب خط لکھنا تقریباً ختم ہوگیا ہے کیونکہ فون پر ہی تفصیلی باتیں ہوجاتی ہیں مگر خط لکھنے کا اپنا ایک الگ احساس ہے۔ اس طرح انسان زیادہ اطمینان سے دلی کیفیات کا اظہار کردیتا ہے، جب بھی ذہن میں کوئی خدشہ، وسوسہ یا تکلیف دہ خیال آئے تو اپنے اور بچوں کے حق میں بہتری کی دعا کریں۔ دعائیں بھی قلبی و ذہنی سکون کا باعث ہوتی ہیں۔
موسم بہار کا احساس عجیب : کسی دلکش منظر کو دیکھ کر مجھے رونا آجاتا ہے، مثلاً کمروں کی دیواروں پر جو سینریاں آویزاں ہوتی ہیں، ان میں شام کا منظر ، پرندے، موسم بہار میں ہرے بھرے درخت وغیرہ جیسے مناظر مجھے غمگین کرڈالتے ہیں۔ کسی سکول یا ہسپتال وغیرہ کی تصویر دیکھ کر بھی طبیعت پریشان ہوجاتی ہے، مجھے خود پتہ نہیں چلتا کہ یہ رونا‘ آنکھوں کا نم ہوجانا، دل کا بیٹھنا، گھبرانا کیسا ہے، بچپن میں منگنی ہوچکی ہے، لڑکی خوبصورت ہے مگر شادی کیلئے دل نہیں مانتا۔ اس کا خیال آتے ہی چکر آنے لگتے ہیں اور یوں محسوس ہوتا ہے جیسے زندگی تھوڑی رہ گئی ہے (شاہ سکندر۔ اٹک)
جواب: جب انسان کو اچھی چیزیں بھی اچھی نہ لگ رہی ہوں تو اسے سمجھ لینا چاہیے کہ اس کے ذہن پر مایوسی کا غلبہ ہے، آپ کو دلکش مناظر دیکھ کر رونا آرہا ہے، شادی کی بات پر خوشی نہیں ہورہی، بلا سبب گھر میں اذیت محسوس ہوتی ہے اور اب گھر چھوڑنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں، یہ سب اداسی، پژمردگی یا ’’ڈیپریشن‘‘ ہی کی علامات ہیں۔ عام طور پر اس کیفیت سے گزرنے والوں کو یہ نہیں معلوم ہوتا ہے کہ ان کے ساتھ یہ سب کیوں ہورہا ہے جبکہ اہل خانہ ان سے نارمل رویے کی امید رکھتے ہیں اور یہ وہی مایوس کن رویہ اختیار کئے رہتے ہیں، بالکل اسی طرح جیسا کہ آپ کے ساتھ ہورہا ہے۔ اگر آپ نے اپنی مایوسی کی کیفیت پر قابو نہیں پایا تو گھر چھوڑ کر بھی اداس رہیں گے۔

Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 107 reviews.