محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میری خدا سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو دنیا و آخرت کی تمام نعمتیں عطا فرمائے اور مخلوق کی خدمت کرنے کا جو بیڑہ آپ نے اٹھایا ہے اس کا اجر اللہ جنت الفردوس کی صورت میں عطا فرمائے اور آپ کے درجے اور علم میں اضافہ فرما کر ہم جیسے غریب اور بے بس لوگوں کو مزید مستفید فرمائے۔ آمین!ماہنامہ عبقری جیسا کارآمد رسالہ اس سے پہلے کبھی پڑھنے میں نہیں آیا ۔ عبقری ہمارے گھر باقاعدگی سےآتا ہے اور پھر ہم پڑھ کر اپنے چچا کے گھر بھجوادیتے ہیں۔ اس رسالے سے ہم نے بہت فیض اٹھایا ہے۔ سب سے بڑا فیض تو گھر میں مجھے ملا ہے اس رسالے میں موجود روحانی محفل نے میری ڈگمگاتی زندگی کو ڈگر پر
ڈال دیا ہے۔ میں آپ کو آج اپنی کہانی تفصیل سے بتاتی ہوں‘ میری عمر 32 سال ہے‘ میری عمر جب 26 سال تھی تو میری نسبت میرے خالہ کے بیٹے سے طے ہوئی‘ کافی لڑائیوں کے بعد شادی طے ہوئی‘ ہمارے کچھ رشتہ دار اس شادی کے سخت خلاف تھے اور انہوں نے میری خالہ کو بھی بڑھکانا شروع کردیا۔ آخرکار وہ کامیاب ہوگئے کچھ کمال اس میں کالے جادو کا بھی تھا جو ان سب نے مل کر کروایا اور آخرکار عین بارات والے دن لڑکے نے شادی سے انکار کردیا اور یوں میرا رشتہ ختم ہوگیا‘ میں شروع سے الحمدللہ نماز، قرآن، تہجد اور پردہ کی پابند ہوں۔ مجھے اس رشتہ کے ٹوٹنے کا کوئی دکھ نہ تھا‘ نہ ہے اور نہ رہے گا کیونکہ جو کرتا ہے اللہ کرتا ہے اور اللہ جوکرتا ہے وہ بہتر ہی کرتا ہے اورواقعی میرے حق میں سب کچھ بہتر ہوا کیونکہ وہ لڑکا بہت بگڑچکا تھا اور رحمٰن کے راستے کو چھوڑ کر شیطان کے راستے پر چل رہا ہے اور یہ باتیں ساری بعد میں ہم پر کھلیں۔ انہی دنوں ہمارے گھر عبقری آنا شروع ہوا۔ میں نے ہر ماہ کی روحانی محفل باقاعدگی سے کرنا شروع کردی۔ دو سال میں مسلسل روحانی محفل کرتی رہی۔ پانچ وقت کی نماز کے ساتھ ایک تسبیح درود ابراہیمی کی پڑھتی‘ سارا دن یااللہ یارحمن یارحیم پڑھتی۔ مجھے بہت خوبصورت خواب آنا شروع ہوگئے۔ روزانہ صلوٰۃ الحاجت پڑھ کر اللہ سے گڑگڑا کر کہتی کہ اگر تو نے میرا جوڑ کہیں بنایا ہے تو اسے اپنی چاہت اور محبت کرکےمجھے عطا کرنا کیونکہ مجھے تیری چاہت اور محبت چاہیے نہ کہ اپنی چاہت اور محبت۔ کچھ ہی عرصہ میں میرے ماموں کابیٹا جو کہ یورپ سے تعلیم حاصل کرکے واپس آیا‘ یورپ میں رہنے کے باوجود وہ پانچ کا نمازی اور تہجد گزار ہے‘ اس میں کسی قسم کی کوئی برائی نہ ہے حیرت کی بات اس نے آتے ہی اپنے والدین کومیرے گھر بھیجا اور میرا رشتہ مانگا۔ میرے والدین نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے ہاں کردی۔ میری شادی بالکل سادگی کے ساتھ ہوئی۔ مسجد میں نکاح ہوا۔ آج میں ایک خوشگوار زندگی گزاررہی ہوں۔ میرے شوہر ایک بڑی کمپنی میں منیجر ہیں۔ انتہائی بااخلاق‘ نمازی اور میرا بہت زیادہ خیال رکھنے والے ہیں۔ الحمدللہ! روحانی محفل نے مجھے زندگی بھر کا سکون دے دیا۔ میں اب بھی ہر ماہ روحانی محفل باقاعدگی سے کرتی ہوں اور خوب سکون پاتی ہوں۔ (ث۔ضیا، لاہور)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں